Category Archives: منافقت

16 مارچ 2011ء جب انصاف کا جنازہ نکلا

امریکی ایجنٹ Raymond Devis نے حال ہی میں شائع ہونے والی سنسنی خیز آپ بیتی ” The Contractor“ میں اپنی گرفتاری، مختلف اداروں کی جانب سے تفتیش، مقدمے، اور بالآخر رہائی کا ذکر کیا ہے۔ اس دوران سب سے ڈرامائی دن مقدمے کا آخری دن تھا جب لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قائم کردہ خصوصی سیشن کورٹ میں ریمنڈ ڈیوس پر قتل کی فردِ جرم عائد ہونا تھی۔ ڈیوس لکھتا ہے کہ اُسے گزشتہ رات نیند نہیں آئی تھی

عدالت میں پنجرہ
اُس دن عدالت میں غیر معمولی بھیڑ تھی ۔ عدالت میں ریمنڈ ڈیوس کو فولادی پنجرے میں بند کر کے جج کے سامنے پیش کیا گیا۔ وہ لکھتا ہے ”مجھے معلوم نہیں تھا کہ اس کا مقصد مجھے لوگوں سے بچانا ہے یا پھر لوگوں کو مجھ سے محفوظ رکھنا“۔ اس دوران وہاں موجود لوگوں کے رویئے سے اُسے لگا جیسے وہ سبھی لوگ جج کی جانب سے اس کے قصوروار ہونے کا فیصلہ سنائے جانے کے منتظر ہیں تاکہ اس کے بعد وہ اُسے گھسیٹ کر کسی قریبی درخت سے لٹکا کر پھانسی دے دیں
ڈیوس کو عدالت میں ایک حیران کُن بات یہ نظر آئی کہ اس دن وکیلِ استغاثہ اسد منظور بٹ غیر حاضر تھے جنھوں نے اس سے قبل خاصی سخت جرح کر رکھی تھی اور ان کا دعویٰ تھا کہ ڈیوس نے فیضان حیدر کو بغیر کسی وجہ کے ہلاک کیا
بعد میں منظور بٹ نے بتایا کہ جب وہ اس صبح عدالت پہنچے تو انہیں پکڑ کر کئی گھنٹوں تک قید رکھا گیا اور کارروائی سے دُور رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنے موکلین (clients) سے بھی ملنے نہیں دیا گیا
کتاب کے مطابق یہ معاملہ اس قدر اہمیت اختیار کر گیا کہ 23 فروری 2011ء کو پاکستانی اور امریکی فوج کے سربراہان جنرل کیانی اور ایڈمرل مائیک ملن کے درمیان عمان میں ایک ٹاپ سیکرٹ ملاقات ہوئی جس کا بڑا حصہ اس بات پر غور کرتے ہوئے صرف ہوا کہ پاکستان عدالتی نظام کے اندر سے کیسے کوئی راستہ نکالا جائے کہ کسی نہ کسی طرح ڈیوس کی گلو خلاصی ہو جائے

موبائل فون پر مسلسل رابطہ
16 مارچ 2011ء کی دوپہر کو جب عدالت کی کارروائی شروع ہوئی تو جج نے صحافیوں سمیت تمام غیرمتعلقہ لوگوں کو باہر نکال دیا۔ لیکن ایک شخص جو کارروائی کے دوران کمرۂ عدالت میں موجود رہے اور وہ تھے پاکستانی خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے اس وقت کے سربراہ جنرل شجاع پاشا ۔ اُس وقت ڈیوس کو معلوم نہیں تھا لیکن اس دوران پسِ پردہ خاصی سرگرمیاں ہو رہی تھیں۔ ان سرگرمیوں کے روحِ رواں جنرل پاشا تھے جو ایک طرف امریکی سی آئی اے کے سابق سربراہ لیون پنیٹا سے ملاقاتیں کر رہے تھے تو دوسری جانب اسلام آباد میں امریکی سفیر کیمرون منٹر سے رابطے میں تھے
ڈیوس لکھتا ہے کہ عدالت کی کارروائی کے دوران جنرل صاحب مسلسل کیمرون منٹر کو لمحہ بہ لمحہ کارروائی کی خبریں موبائل فون پر میسج کر کے بھیج رہے تھے

شرعی عدالت
عدالتی کارروائی چونکہ اُردو میں ہو رہی تھی ۔ ڈیوس کو پتہ نہیں چلا لیکن درمیان میں لوگوں کے ردِ عمل سے پتہ چلا کہ کوئی بڑی بات ہو گئی ہے۔ ڈیوس کے ایک امریکی ساتھی پال وکیلوں کا پرا توڑ کر پنجرے کے قریب آئی اور کہا کہ جج نے عدالت کو شرعی عدالت میں تبدیل کر دیا ہے
”یہ کیا کہہ رہی ہو؟ میری کچھ سمجھ میں نہیں آ رہا “ ڈیوس نے حواس باختہ ہو کر اُسے کہا
کتاب کے مطابق مقدمے کو شرعی بنیادوں پر ختم کرنے کے فیصلے کے منصوبہ سازوں میں جنرل پاشا اور کیمرون منٹر شامل تھے۔ پاکستانی فوج بھی اس سے آگاہ تھی
ڈیوس لکھتا ہے کہ جنرل پاشا کو صرف 2 دن بعد یعنی 18 مارچ کو ریٹائر ہو جانا تھا اس لئے وہ سرتوڑ کوشش کر رہے تھے کہ یہ معاملہ کسی طرح نمٹ جائے۔ اور جب یہ معاملہ نمٹا تو ان کی مدتِ ملازمت میں ایک سال کی توسیع کر دی گئی اور مارچ 2011ء کی بجائے مارچ 2012ء میں ریٹائر ہوئے
کتاب کے مطابق یہ جنرل پاشا ہی تھے جنہوں نے سخت گیر وکیل استغاثہ اسد منظور بٹ کو مقدمے سے الگ کرنے میں اہم کردار ادا کیا جو یہ مقدمہ مفت لڑ رہے تھے

گن پوائنٹ پر
ریمنڈ ڈیوس لکھتا ہے کہ جب دِیّت کے تحت معاملہ نمٹانے کا فیصلہ کیا گیا تو اس میں ایک اڑچن یہ آ گئی کہ مقتولین کے عزیزوں نے اسے ماننے سے انکار کر دیا چنانچہ 14 مارچ 2011ء کو آئی ایس آئی کے اہلکار حرکت میں آئے اور اُنہوں نے تمام 18 عزیزوں کو کوٹ لکھپت جیل میں بند کر دیا ۔ اُن کے گھروں کو تالے لگا دیئے گئے اور اُن سے موبائل فون بھی لے لئے گئے
کتاب میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جیل میں لواحقین کے سامنے 2 راستے رکھے گئے ۔ وہ ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر کا خون بہا قبول کریں ورنہ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کتاب میں لکھا ہے کہ عدالتی کارروائی کے دوران لواحقین کو عدالت کے باہر گن پوائنٹ پر رکھا گیا تھا اور انہیں کہا گیا تھا کہ وہ میڈیا کے سامنے زبان نہ کھولیں
یہ لواحقین ایک ایک کر کے خاموشی سے جج کے سامنے پیش ہوتے، اپنا شناختی کارڈ دکھاتے اور رقم کی رسید لیتے رہے۔
یہ بات بھی خاصی دلچسپ ہے کہ یہ رقم کس نے دی؟ کیونکہ اس وقت کی امریکی وزیرِ خارجہ ہلیری کلنٹن نے اس بات سے صاف انکار کیا تھا کہ یہ خون بہا امریکہ نے ادا کیا ہے۔ تاہم بعد میں خبریں آئیں کہ رقم آئی ایس آئی نے دی اور اس کا بل امریکہ کو پیش کر دیا۔
جونہی یہ کارروائی مکمل ہوئی، ریمنڈ ڈیوس کو ایک عقبی دروازے سے نکال کر سیدھا لاہور کے ہوائی اڈے پہنچایا گیا جہاں ایک سَیسنا طیارہ رن وے پر اُس کا انتظار کر رہا تھا

اور یوں پاکستان کی عدالتی، سفارتی اور سیاسی تاریخ کا یہ عجیب و غریب باب بند ہوا

بشکریہ ۔ بی بی سی اردو

اخلاقی قدریں جو نفرت میں گل سڑ گئی ہیں

جب بھی سفاکیت کے مظاہر دیکھنے میں آتے ہیں ۔ اس کی زجر و توبیخ کرنے کی بجائے یہ کہہ کر توثیق کر دی جاتی ہے کہ سیاست کے سینے میں دل نہیں ہوتا ۔ مانا کہ سیاست کے سینے میں دل نہیں ہوتا لیکن دماغ میں تعفن زدہ خیالات کے سبب اُٹھ رہے بدبو کے بھبھوکے سماجی آلودگی میں اضافے کا سبب نہ بنیں ۔ اس کا اہتمام اور بندوبست تو کیا جا سکتا ہے۔ اگر نفرت کے تیزاب میں گل سڑ جانے والی اخلاقیں قدریں آلائشوں میں تبدیل ہوچکی ہیں تو انہیں ٹھکانے لگانے کی تدبیر کرناچاہیئے اور اگر باوجوہ یہ بھی ممکن نہیں تو جابجا قے کرنے سے گریز کریں تاکہ معاشرہ آپ کے دماغ کی غلاظت سے محفوظ رہ سکے

ممکن ہے آپ عمران خان کے چاہنے والے ہوں یا پھر محمود اچکزئی کے مداح ۔ ہو سکتا ہے آپ جماعت اسلامی کے کارکن ہوں یا پھر آپ کا تعلق جے یو آئی(ف) سے ہو ۔ عین ممکن ہے آپ بھٹو کے جیالے ہوں یا پھر نوازشریف کے متوالے ۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ آپ بانی ایم کیو ایم کو اپنا قائد مانتے ہوں یا پھر باچا خان کے پیروکار ہوں مگر اس وابستگی کا ہرگز یہ مطلب نہیں آپ مخالفین کو نیچا دکھانے کے لئے انسانیت کی بنیادی قدروں کو ہی روند ڈالیں

بھٹو کیخلاف پی این اے کی تحریک عروج پر تھی تو ایک روز وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو جماعت اسلامی کے بانی سید ابوالاعلیٰ مودودی سے ملنے ان کی رہائشگاہ اچھرہ پہنچے۔ دونوں ایک دوسرے کے بدترین مخالف تھے ۔ پی این اے کی تحریک میں جماعت اسلامی ہر اول دستے کا کردار ادا کررہی تھی لیکن نہ تو بھٹو نے یہ سوچا کہ مودودی کے در پر حاضر ہونے سے میری شان میں کوئی کمی آجائے گی اور نہ ہی مولانا مودودی نے آدابِ مہمان نوازی سے پہلو تہی کی

بینظیر کے ہاں بختاور کی پیدائش ہوئی تو نوازشریف وزیراعظم تھے۔ دونوں میں سیاسی محاذ آرائی عروج پر تھی لیکن نواز شریف نے بینظیر کو نہ صرف مبارکباد دی بلکہ گلدستہ بھی بھجوایا۔ آصف زرداری جیل میں تھے تو ان کی بینظیر بھٹو سے ملاقاتوں پر کبھی کوئی پابندی نہیں لگائی گئی۔ اسی طرح 27 دسمبر 2007ء کو جب بینظیر بھٹو شہید ہوئیں تو نواز شریف انتخابی مہم ترک کرکے ہاسپٹل پہنچے اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو پُرسا دیا۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ بینظیر بھٹو نے بھی شہادت سے چند منٹ قبل ناہید خان کو کہا تھا کہ نوازشریف سے رابطہ کریں کیونکہ اس روز مسلم لیگ (ن) کی ریلی پر فائرنگ سے چند کارکن مارے گئے تھے

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان انتخابی مہم کے دوران گر کرزخمی ہوگئے تو تمام تر سیاسی مخالفت کے باوجود نواز شریف ان کی عیادت کرنے گئے اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ مجھے نہیں یاد کہ کسی سیاسی کارکن نے عمران خان کی بیماری کا مذاق اُڑایا ہو یا پھر شکوک و شہبات کا اظہار کرتے ہوئے یہ کہا ہو کہ جو اتنی بلندی سے گرا ہو، وہ تو اُٹھ کر نہیں بیٹھ سکتا

لیکن گزشتہ چند برس کے دوران ہمارے ہاں ایسی بیہودگی کو فروغ دیا گیا کہ حزن و ملال کی گھڑی میں بھی بدبودار سیاست سے گریز نہیں کیا جاتا اور سیاسی مخالفین کی بیماری کو ڈھونگ کہہ کر کنفیوژن پیدا کردی جاتی ہے۔ نوازشریف کے پلیٹ لیٹ سیل کم ہونے کی خبر ملنے پر انہیں اسپتال لے جایا گیا تو ایک حکومتی ترجمان نے ایسا بیان دیا کہ اسے دہرایا بھی نہیں جا سکتا۔ کئی لوگوں نے براہ راست بات کرنے کی بجائے معنی خیز انداز میں کہا کہ پلیٹ لیٹ سیلز ایک لاکھ سے کم ہونے پر لوگ بیہوش ہو جاتے ہیں، چالیس ہزار سے کم ہونے پر زندہ رہنا ممکن نہیں ہوتا تو نوازشریف پلیٹ لیٹ سیلز 16000کی کم ترین سطح پر آجانے کے باوجود خود گاڑی سے اتر کر اسپتال کیسے پہنچے؟

آپ کتنے ہی رجائیت پسند کیوں نہ ہوں مگر ان سوالات سے مثبت نتائج اخذ نہیں کئے جا سکتے اور صاف معلوم ہوتا ہے کہ سوال کرنے والے کے دماغ میں کہیں نہ کہیں یہ بات موجود ہے کہ میاں صاحب ٹھیک ٹھاک ہیں اور یہ سب ناٹک ہے۔ مجھ سے بھی یہ سوال کیا گیا تو عرض کیا، یہ ٹیسٹ سرکار کی زیر نگرانی میں اسی پرائیویٹ لیبارٹری میں کئے گئے ہیں جس نے نواز شریف کی رپورٹ پر ایک نہایت قابل اعتراض جملہ لکھ دیا تھا اگر کسی قسم کا کوئی شک ہے تو دوبارہ ٹیسٹ کروایا جا سکتا ہے۔ اس سے پہلے کلثوم نواز صاحبہ کی علالت سے متعلق بھی اسی نوعیت کی بیہودہ باتیں کی گئیں اور انہیں اپنی بیماری کا ثبوت دینے کے لئے مرنا پڑا ۔ نواز شریف کا لندن میں بائی باس آپریشن ہوا تو تب بھی کہنے والوں نے اسی انداز میں سوالات اُٹھائے

ہاں البتہ بعض افراد کو استثنیٰ حاصل ہے اور ان کی نیت پر کسی قسم کے شک و شبے کا اظہار نہیں کیا جاتا۔ پرویز مشرف نے کہا کہ ان کی کمر میں درد ہے تو سب نے مان لیا۔ ان کی رقص کرنے کی وڈیو سامنے آنے کے باوجود کسی کو کوئی سوال اُٹھانے کی ہمت نہ ہوئی۔ چند ماہ قبل جب سپریم کورٹ نے حاضر ہونے کا آخری موقع دیا تو بتایا گیا کہ انہیں دنیا کی خطرناک ترین بیماری ہے اور وہ سخت علالت کے باعث سفر کرنے سے قاصر ہیں مگر کوئی یہ پوچھنے کی جسارت نہیں کرتا کہ بستر مرگ پر پڑا بیمار آدمی انٹرویو دینے کے لئے کیسے تندرست ہو جاتا ہے
تحریر ۔ محمد بلال غوری

منافق ہر دِلعزیز ہوتا ہے

اپنے انگریزی بلاگ پر 28 ستمبر 2004ء کی تحریر کا اُردو ترجمہ پیشِ خدمت ہے
منافق (انگریزی ۔ hypocrite) بالعموم ہر دِل عزیز ہوتا ہے اور اس کے احباب کا دائرہ بہت وسیع ہوتا جو اُس کے دوغلے کردار کا مرہونِ منت ہوتا ہے
منافق زبانی زبانی دوست ۔ خیر خواہ اور ہمدرد سب کچھ ہوتا ہے لیکن در حقیقت نہیں ہوتا
با اصول آدمی وعدہ کرنے سے پہلے چند لمحے سوچتا ہے کیونکہ اُس نے وعدہ نبھانا ہوتا ہے
البتہ ضرورت کے وقت فوری وعدہ بہت اہم ہوتا ہے ۔ فوری وعدہ منافق دے سکتا ہے کیونکہ پورا کرنے کا ارادہ نہیں ہوتا چنانچہ ضرورتمند منافق کا غلام بن جاتا ہے

احسان اللہ احسان کا اعتراف

پاکستان میں دہشتگردی کے خلاف آپریشن کو اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے بھارتی نیوی کے افسر اور بھارتی ایجنسی ” را “ کے ایجنٹ کل بھوشن یادیو کی بلوچِستان سے گرفتاری کے بعد دوسری کامیابی عطا فرمائی ہے

آپ خبروں میں پڑھ یا سُن چکے ہوں گے کہ احسان اللہ احسان جو کچھ عرصہ تحریک طالبان پاکستان کا ترجمان بھی رہا اُس نے کچھ دن قبل اپنے آپ کو پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے حوالے کر دیا تھا

احسان اللہ احسان کے بیان نے ثابت کر دیا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان بھی بھارتی حکومت کی چلائی ہوئی ہے اور بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی ” را “ اور افغانستان کی ایجنسی ” این ڈی ایس“ کے ماتحت چل رہی ہے جو دہشتگردی کے ہر واقعہ کے بدلے ڈالرز دیتی ہیں

سیاستدانوں کے نام

رُلاتا ہے تمہارہ نظارہ پاکستانیوں مجھ کو
عبرت خیز ہے یہ ا فسانہ سب فسانوں میں
چھپا کر آستین میں بجلیاں رکھی ہیں غیروں نے
رہنما قوم کے غافل ۔ لڑتے ہیں دونوں ایوانوں میں
وطن کی فکر کرو نادانوں ۔ مصیبت آنے والی ہے
تمہاری بربادیوں کے مشورے ہیں دُشمنوں میں
نہ سمجھو گے تو مٹ جاوگے اے پاکستان والو
تمہاری داستاں تک نہ ہوگی پھر داستانوں میں

محبت ہی سے پائی ہے شفا بیمار قوموں نے
کِیا ہے اپنے بختِ خُفتہ کو بیدار قوموں نے
محبت کے شَرَر سے دل سراپا نُور ہوتا ہے
ذرا سے بیج سے پیدا ریاضِ طور ہوتا ہے

پاکستان کے دُشمنوں سے
دیارِ مغرب کے رہنے والو خدا کی بستی دُکاں نہیں ہے
کھرا جسے تم سمجھ رہے ہو ۔ وہ اب زر کم عیار ہوگا
تمہاری تہذیب اپنے خنجر سے آپ خود کشی کرے گی
جو شاخِ نازک پہ آشیانہ بنے گا ۔ وہ نا پائیدار ہو گا

”پہلی بار ؟ ؟ ؟“۔

ایک شخص کا اقرار
والدہ سے آخری بار بلند آواز سے بات کئے کئی برس بیت گئے ۔ تب ابا جی نے ایک جملہ کہا تھا جس کے بعد میری آواز گلے میں ہی کہیں دب گئی
کہنے لگے ”بیٹا اگر اتنا پڑھ لکھ کر بھی یہ نہ سیکھ پائے کہ بزرگوں سے بات کیسے کرنی ہے تو کل سے کالج نہ جانا ۔ جو تعلیم اچھا انسان نہ بنا پائے اس کا مقصد ہی کیا ہے ۔ کمائی تو سنیارے کی دکان کے باہر گندی نالی سے کیچڑ چھاننے والا اَن پڑھ بھی کئی پڑھے لکھوں سے زیادہ کر لیتا ہے“۔

اسی طرح پہلی اور آخری بار روزگار کا خوف تب ختم ہو گیا تھا جب ہم انتہائی سخت حالات کا شکار تھے ۔ چند ہزار کی ایک ملازمت کے دوران کسی نے ایسی بات کر دی جو برداشت نہ کر پایا ۔ دفتر سے ہی ابا جی کو مشورہ کے لئے فون کیا
کہنے لگے ”ملازمت چھوڑنے کے لئے مجھے فون تب کرنا جب خدا پر اعتبار نہ ہو ۔ اس مالک نے رزق کا وعدہ کیا ہے نا تو پھر اس کے وعدے پر یقین بھی رکھو ۔ یا پھر اسے مالک تسلیم کرنے سے انکار کر رہے ہو ؟ یہاں ملازمت کے لئے دل نہیں مانتا تو ایک لمحہ کی بھی تاخیر نہ کرنا“۔

میں نے فون بند کیا اور اسی وقت استعفٰی لکھ دیا ۔ چار دن میں بے روزگار رہا ۔ ان چار دنوں میں جتنا فکر مند رہا ابا جی اتنے ہی مطمئن نظر آئے ۔ پانچویں دن مجھے ایک ایسے ادارے سے فون کال آ گئی جہاں میں نے ایک سال قبل ایک دوست کے کہنے پر مذاق مذاق میں سی وی بھیجی تھی اور مجھے اب یاد تک نہ تھا ۔ تنخواہ کا پیکج پہلی ملازمت سے تین گنا تھا

اس کے بعد سے یہی ہوتا آیا ہے ۔ جب بھی خدا کے بھروسے کسی ملازمت سے استعفی دیا اللہ نے پہلے سے بڑھ کر نواز دیا ۔ رب کی مہربانیوں کی طویل داستانیں ہیں جن کا عینی شاہد ہوں ۔ ایک بار صورت حال یہ تھی کہ جب ابا جی اپنا گھر تعمیر کر رہے تھے تو ٹائلوں کے لئے لگ بھگ ڈیڑھ لاکھ کم پڑ گئے ۔ ہم سب قدرے پریشان تھے تو ایک دن ابا جی کہنے لگے ”بیٹا ۔ میں ساری عمر حرام سے بچا ہوں اور تم سب کو بچایا ہے ۔ مجھ سمیت میرے خاندان کے کسی فرد نے کسی کا حق نہیں کھایا تو یہ کیسے ممکن ہے مجھے ضرورت ہو اور رب عطا نہ کرے“۔

تب عجیب سا لگا ۔ نہ کوئی وسیلہ ۔ نہ کہیں سے امید ۔ ابا جی کی ملازمت کے آخری ماہ تھے ۔ اچانک خبر ملی کہ ابا جی کو پنجاب کا بیسٹ آفسر قرار دیا گیا ہے ۔ وزیراعلی کی جانب سے ایوارڈ کے ساتھ ساتھ کیش انعام بھی تھا ۔ اس انعام کے باوجود ابھی بھی پچاس ہزار کم تھے ۔ ابا جی کہنے لگے ”میں مقابلے کی دوڑ میں شامل نہیں ہوا ۔ صرف اپنا فرض ادا کرتا رہا ہوں ۔ اللہ نے اس انعام کا حق دار قرار دلا کر یہ رقم دلوا دی ہے تو باقی رقم کا انتظام بھی وہی کر دے گا ۔ میں اس کے علاوہ کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلائوں گا“۔

اسی ہفتے اگلی خبر یہ ملی کہ محکمہ کی جانب سے بھی بہترین آفیسر قرار دیتے ہوئے کیش انعام دیا جا رہا ہے ۔ ہمیں جتنی رقم کی ضرورت تھی اس سے زیادہ رقم عزت کے ساتھ آ گئی تھی ۔ اس دن سے ایمان پختہ ہو گیا ۔ ہم کسی کا حق نہ ماریں تو خدا ہمارا خیال رکھتا ہے ۔ ابا جی کی زندگی ایسے ہی معجزوں سے بھری ہوئی ہے ۔ ان بظاہر عام سی باتوں سے میں نے بہت کچھ سیکھا ہے ۔ سو اب ڈر نہیں لگتا۔ نہ کسی سے ہارنے کا اور نہ ہی رزق کی کمی کا ۔ میں گھر میں سب سے زیادہ نکما ہوں ۔ جب سب تہجد کے لئے اٹھتے ہیں تب سوتا ہوں لیکن رب مجھے بھی میری سوچ سے زیادہ نواز دیتا ہے