Category Archives: یادیں

کیا ہِٹلر نے خود کُشی کی تھی ؟

میں نے بچپن میں بزرگوں سے سُن رکھا تھا کہ ہِٹلر نے خود کُشی نہیں کی ۔ وہ بہت دلیر آدمی تھا ۔ والد صاحب کا کاروبار دوسری جنگِ عظیم کے دوران قاہرہ مصر میں تھا ۔ اُن کا واسطہ برطانوی فوج کے میجر اور کرنل عہدے کے افسروں سے رہتا تھا ۔ اُنہوں نے بتایا تھا ”ایک دن برطانوی میجر شام کو میرے پاس آیا ۔ وہ آتے ہی بولا ۔ کچھ سُنا تم نے ؟ کہتے ہیں جنرل رَومیل افریقہ آ رہا ہے (جرمن جنرل رَومیل یورپ کا بہت سا علاقہ فتح کر چکا تھا) ۔ والد صاحب نے اُسے کہا ”جرمن تو پڑوس میں پہنچ چکے ہیں ۔ تُم نے نہیں سُنا کہ فلاں ریلوے سٹیشن پر بم گرایا ہے جس سے ریلوے لائن اُڑ کر 2 کلو میٹر دور جا کر گری ہے“۔ والد صاحب یہ کہہ کر چائے کا بندوبست کرنے گئے ۔ جب واپس آئے تو میجر بولا’Where is your bathroom. My bloody tummy.’ جنرل رومیل کے قریب پہنچنے کی خبر سُن کر میجر کو اسہال ہو گیا تھا ۔ والد صاحب کہتے تھے ”ہِٹلر بہت دلیر اور حاضر دماغ آدمی تھا ۔ وہ اِن کے ہاتھ نہیں آیا اور اپنی خِفّت مٹانے کیلئے اِنہوں نے مشہور کر دیا کہ خود کُشی کی یعنی ہِٹلر بُزدل تھا

اتحادیوں جن کیلئے ہِٹلر ایک قہر سے کم نہ تھا کی شائع کردہ رپورٹ کے مطابق ایڈولف ہِٹلر (Adolf Hitler) 30 اپریل 1945ء کو زیرِ زمین پناہ گاہ (Under ground Bunker) میں اپنے سر میں گولی مار کر اور اُس کی بیوی اِیوا براؤن (Eva Braun) نے زہر کی گولی (cyanide pill) کھا کر خود کُشی کر لی تھی پھر اُن کے سٹاف نے اُن کی لاشوں کو باہر لا کر نظرِ آتش کر دیا تھا اور زمین میں دبا دیا تھا

کیا بیسویں صدی کے سب سے دلیر حکمران ایڈولف ہِٹلر نے جو اتحادیوں کیلئے ایک ڈاؤنا خواب بن چکا تھا واقعی 1945ء میں خود کُشی کی تھی ؟ کبھی کسی نے دلیر آدمی کو خود کُشی کرتے سُنا ؟

ہفِنگٹَن پوسٹ ۔برطانیہ (Huffington Post, UK) میں چھپنے والی ارجنٹِینا (Argentina) کی یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے تاریخ دان عبدالباسط کی رپورٹ کے مطابق امریکہ نے ایک معاہدے کے تحت ہِٹلر کو جنوبی امریکہ بھاگنے میں مدد دی تھی تاکہ ہِٹلر سوویٹ یونین کے ہتھے نہ چڑھ جائے ۔ اسی طرح امریکہ نے بہت سے سائنس دانوں ۔ فوجیوں اور خُفیہ اداروں کے افراد کو بھی فرار میں مدد دی تھی جنہیں بعد میں سوویٹ یونین کے خلاف استعمال کیا گیا

تاریخ دان عبدالباسط جس نے ہِٹلر کے متعلق بہت کچھ لکھا یہ دعوٰی بھی کیا کہ برلن کی چانسلری (Chancellery in Berlin) کے نیچے بنی سرُنگ (Under ground Tunnel) کے ذریعہ ہِٹلر Tempelhof Airport ایئر پورٹ پہنچا ۔ وہاں سے ہیلی کاپٹر پر ہسپانیہ (Spain) گیا جہاں سے Canary Islands اور وہاں سے U-boat (Sub-marine) میں ارجنٹینا پہنچا ۔ ارجنٹینا میں 10 سال کے قریب رہا پھر Paraguay چلا گیا جہاں 3 فروری 1971ء کو فوت ہوا ۔ اُسے city of Asuncion میں ایک زیرِ زمین پناہ گاہ (Under ground Bunker) میں دفن کیا گیا جہاں اب ایک اب ایک عالی شان ہوٹل ہے ۔ اُس کی تدفین میں 40 لوگ شریک ہوئے تھے

امریکی سی آئی اے کے تجربہ کار ایجنٹ بوب بائر (veteran CIA agent Bob Baer) کی رپورٹ بھی تاریخ دان عبدالباسط کے مؤقف کی تائید کرتی ہے

مقتول امریکی صدر جان ایف کینیڈی کے قتل کے حوالے سے وائٹ ہائوس کی جانب سے جاری کردہ خفیہ دستاویزات کے مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کو اس کے ایک مخبر جس کا Code Name تھا Cimelody-3 نے بتایا تھا کہ جرمنی کے آمر ایڈولف ہٹلر نے دوسری جنگ عظیم کے اختتام پر خود کشی نہیں کی تھی بلکہ وہ فرار ہو کر لاطینی امریکہ کے ملک کولمبیا میں روپوشی کی زندگی گزار رہے تھے ۔ نیویارک پوسٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہٹلر نہ صرف زندہ تھے بلکہ 1950ء کی دہائی میں نازی پارٹی کے سابق ارکان کے ساتھ کولمبیا میں روپوشی کی زندگی گزار رہے تھے

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سٹرون کو اس کے ذریعے نے بتایا تھا کہ جرمنی کے سابق حکمران نہ صرف زندہ تھے بلکہ نازی پارٹی کے مسلح ونگ Waffen SS کے ایجنٹ سٹرون ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے اور کولمبیا کے شہر Tunja میں ان کے رابطے ہوتے تھے ۔ سٹرون نے مُخبر کو بتایا کہ انہوں نے سابق نازیوں کی ایک کالونی ریزادینسیاس کولونیالس میں ایک ایسے شخص کو دیکھا ہے جو ہو بہو ایڈولف ہٹلر جیسا ہے ۔ لوگ اسے دار فیورہر کہہ کر پکارتے ہیں اور اسے نازی سیلوٹ بھی کرتے ہیں ۔ وافن ایس ایس کے سابق ایجنٹ سٹرون کے پاس اپنی وہ فوٹو بھی تھی جس میں وہ ایک شخص کے ساتھ بیٹھا ہے جو ہو بہو ہٹلر جیسا ہے ۔ سٹرون کے مطابق ایڈولف ہٹلر نے بعد میں اپنا نام تبدیل کرکے ایڈول شریٹمیئر رکھا تھا ۔ سی آئی اے کی خفیہ یاد داشتیں (Secret Memos) دیکھ کر یہ واضح ہوتا ہے کہ سی آئی اے کو شک تھا کہ ہٹلر زندہ ہے ۔ یاد داشتوں میں لکھا ہے کہ سی آئی اے کو مُخبر نے بتایا کہ ہٹلر ایک Shipping Company میں ملازمت کر رہا ہے
سی آئی اے کیلئے یہ یاد داشتوں کی فائل (Memos File وینزویلا کے دارالحکومت کراکس میں تعینات بیورو چیف ڈیوڈ برکسنر نے لکھی تھی جسے سٹرون اور ہٹلر کی تصویر کے ساتھ 1955ء میں واشنگٹن ارسال کیا گیا تھا

چائے کی پیالی ۔ ایک منفرد واقعہ

پندرہ فوجی ایک میجر کی کمان میں ہمالیہ ک برف پوش چوٹی پر بنی پوسٹ پر ڈیوٹی کیلئے برف سے لدے دشوار گزار پہاڑ پر چڑھ رہے تھے ۔ چوکی پر اُنہوں نے 3 ماہ ڈیوٹی دینا تھی ۔ مزید برف باری وقفے وقفے سے جاری تھی ۔ نامساعد حالات کے ساتھ مکّار دُشمن کی چھیڑ خانی ۔ خاصی مُشکل ڈیوٹی تھی

متواتر 2 گھنٹوں سے وہ چڑھتے جا رہے تھے ۔ میجر نے دِل ہی دِل میں سوچا ” ایسے میں اگر گرم چائے کی ایک پیالی مل جائے تو کیا بات ہے“۔ پھر میجر خود ہی اپنے آپ پر ہنس دیا کہ کیسی بیوقوفانہ خواہش ہے ۔ وہ چڑھتے گئے ۔ مزید ایک گھنٹہ گزر گیا ۔ رات کا اندھیرا چھا چکا تھا کہ ایک شکستہ حال کمرہ نظر پڑا جو چائے کی دکان لگتا تھا ۔ قریب گئے تو دروازے پر تالا پڑا تھا ۔ میجر نے کہا ”جوانو ۔ قسمت نے یاوری نہیں کی ۔ چائے نہیں ملے گی ۔ لیکن آپ سب تھک گئے ہوں گے ۔ یہاں کچھ دیر آرام کر لیتے ہیں“۔

ایک سپاہی بولا ” سر ۔ چائے کی دکان ہے ۔ ہم خود چائے بنا لیں گے ۔ بس تالا توڑنا پڑے گا“۔
میجر مخمصے میں پڑ گیا ۔ تجویز غیر اخلاقی تھی ۔ دوسری طرف یہ بھی حقیقت تھی کہ چائے کی ایک پیالی تھکاوٹ سے چُور سپاہیوں میں نئی رُوح پھُونک دے گی ۔ بادلِ نخواستہ اُس نے اجازت دے دی ۔ سپاہیوں نے تالا توڑا تو اندر چائے بنانے کا پورا سامان موجود تھا اور بسکٹ بھی تھے ۔ اُنہوں نے چائے بنائی ۔ سب نے دو دو بسکٹ کے ساتھ گرم گرم چائے پی اور پھر چلنے کیلئے تیار ہو گئے

میجر نے سوچا کہ اُنہوں نے بغیر مالک کی اجازت کے چائے پی ۔ بسکٹ کھائے اور تالا بھی توڑا ۔ وہ مُلک و قوم کے محافظ ہیں ۔ کوئی چور ڈاکو تو نہیں ۔ چائے ۔ بسکٹ اور تالے کے علاوہ بھی کچھ معاوضہ دینا چاہیئے ۔ میجر نے اپنے بٹوے سے 1000 روپے کا نوٹ نکالا ۔ کاؤنٹر پر رکھا اور اُس پر چینی دانی رکھ دی تاکہ دکان والے کو فوراً نظر آ جائے ۔ اس طرح میجر کے ذہن پر بوجھ ہلکا ہو گیا ۔ سپاہیوں نے دکان کا دروازہ بند کیا اور چل پڑے

چوکی پر پہنچ کر وہاں موجود دستے کو فار غ کر کے اُن کا کام سنبھال لیا ۔ گاہے بگاہے دُشمن کے فوجی اور تربیت یافتہ دہشتگرد حملے کرتے رہے ۔ 3 ماہ گزر گئے لیکن خوش قسمتی سے اُن کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا ۔ ڈیوٹی نئے دستے کے حوالے کر کے واپسی کا سفر اختیار کیا ۔ راستے میں اُسی چائے کی دکان پر رُکے ۔ دن کا وقت تھا ۔ دکان کھُلی تھی اور اُس کا مالک موجود تھا جو بوڑھا تھا ۔ وہ اکٹھے 16 مہمانوں کو دیکھ کر خوش ہوا اور بخوشی چائے پیش کی ۔ میجر نے اُسے اپنے تجربات کا پوچھا ۔ وہ اپنے قصے سنانے لگا ۔ ہر قصے میں وہ الله کی موجودگی کا بار بار ذکر کرتا ۔ ایک سپاہی نے کہا ”بابا ۔ اگر الله ہر جگہ موجود ہے تو آپ کا یہ حال کیوں ہے ؟

بوڑھا دکاندار نے بڑے جوش سے کہا ” ایسے مت کہیئے صاحب ۔ الله ہر جگہ موجود ہے ۔ میرے پاس اس کا تازہ ثبوت ہے ۔ 3 ماہ قبل مجھے بہت مُشکلات کا سامنا تھا ۔ دہشتگرد میرے اکلوتے بیٹے سے کچھ معلومات حاصل کرنا چاہتے تھے جس کی وجہ سے میرے بیٹے کو بہت زد و کوب کیا ۔ میں نے دکان بند کی اور بیٹے کو شہر میں ہسپتال لے گیا ۔ کچھ دوائیاں خریدنا تھیں اور میرے پاس رقم نہ تھی ۔ دہشتگردوں کے ڈر سے کوئی قرض دینے کو بھی تیار نہ تھا ۔ میں نے اپنے الله سے مدد کی استدعا کی ۔ میں دکان پر آیا تو تالا ٹوٹا دیکھ کر دِل دھک سے رہ گیا کہ جو میری پونجی تھی وہ بھی کوئی تالا توڑ کر لے گیا ۔ اچانک میری نظر کاؤنٹر پڑی ۔ الله نے میری دکان میں چینی دانی کے نیچے 1000 روپے رکھ دیئے تھے ۔ وہ رقم میرے لئے سب کچھ تھی ۔ صاحب ۔ الله ہر جگہ ہے اور سب کچھ دیکھتا اور سُنتا ہے“۔

پندرہ کے پندرہ سپاہیوں کی کی نظریں اپنے کمانڈر (میجر) کی طرف اُٹھیں ۔ میجر کی آنکھیں اُنہیں کہہ رہی تھیں ”خبر دار ۔ خاموش ۔ ایک لفظ نہیں بولنا“۔

میجر اُٹھا ۔ بِل ادا کیا ۔ بوڑھے دکاندار سے بغل گیر ہوا اور بولا ”ہاں ۔ بابا جی ۔ میں جانتا ہوں ۔ الله ہر جگہ موجود ہے ۔ اور ہاں ۔ چائے بہت عمدہ تھی”۔

چلتے ہوئے سپاہیوں نے دیکھا کہ اُن کا کمانڈر کہ کبھی بُرے سے بُرے وقت میں جس کی آنکھیں نَم نہیں ہوئی تھیں ۔ اُن آنکھوں سے آنسو بہہ نکلے تھے

یومِ فضائیہ پاکستان

7 ستمبر کا دن پاکستان میں بجا طور پریوم فضائیہ کے نام سے موسوم کیا جاتاہے ۔M M Alam 7 ستمبر 1965ء کو پاکستان کے شاہینوں نے دنیا کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرتے ہوئے جارح بھارت کی ہوائی فوج کو اپاہج بنا دیا تھا ۔ بالخصوص اسکورڈن لیڈر محمد محمود عالم المعروف ایم ایم عالم نے دشمن کے9 جنگی طیارےمار گرائے جن میں 5 لڑاکا طیارے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں تباہ کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ۔ کمال یہ کہ بھارت کے 2 انجنوں والے کینبرا طیاروں کے مقابلہ میں ایم ایم عالم چھوٹا سا ایک انجن والا سَیبر ایف 86 (Sabre F 86) طیارہ اُڑا رہے تھے ۔ ایم ایم عالم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے زندہ دِلانِ لاہور نے گلبرگ (لاہور) کی ایک شارع عام کو ان کے نام سے منسوب کر دیا

محمد محمود عالم 6 جولائی 1935ء کو کلکتہ (اب کولکتہ) میں پیدا ہوئے ۔ پاکستان بننے پر ان کا خاندان ہجرت کر کے مشرقی پاکستان میں آباد ہوا ۔ اکتوبر 1953ء میں پاک فضائیہ میں بطور فائٹر پائلٹ کمیشن حاصل کیا ۔ بہادری کے صلے میں انہیں 2 بار ستارہ جرات سے نوازاگیا ۔ 1982 میں ایئر کموڈور کے عہدے پر ریٹائر ہوئے ۔ اپنی شجاعت کے باعث عوام میں لِٹل ڈریگن (Little Dragon) کے لقب سے مشہور ہوئے

ریٹائرمنٹ کے بعد ایم ایم عالم کی زندگی مطالعہ کرنے میں گزری ۔ ان کا جذبہ اورپیشہ ورانہ مہارت پاک فضائیہ کے جوانوں کے لئے مشعل راہ ہے ۔ پاک فضائیہ کو بجا طور پر اپنے اس سپوت پر ہمیشہ فخر رہے گا ۔ اسکورڈن لیڈر محمد محمود عالم 18 مارچ 2013ء کو اس دنیا سے رحلت کر گئے لیکن ان کے کارنامے زندہ و جاوید اوریوم فضائیہ کا خاصہ رہیں گے

یومِ دفاع پاکستان

بھارتی فوجوں نے 6 ستمبر کو نمازِ فجر کے وقت سے پہلے اچانک لاہور اور سیالکوٹ کی سرحدوں پر بھرپور حملے کر دیئے ۔ صدرِ پاکستان جنرل محمد ایوب خان سلِیپنگ سُوٹ ہی میں جی ایچ کیو کے آپریشن رُوم پہنچ گئے
اُنہوں نے 6 ستمبر کی صبح تقریر کی جس میں واقع بتانے کے بعد کہا ”وہ نہیں جانتے کہ اُنہیں کس قوم سے واسطہ ہے ۔ پاکستان کے فوجی جوان جن کے لَبوں پر کلمہ لَا إِلَٰهَ إِلَّا اللَّهُ کا ورد ہے سرحدوں کی حفاظت کیلئے روانہ ہو چکے ہیں“۔
جب 1965ء میں بھارت نے پاکستان پر حملہ کر دیا تو آزاد جموں کشمیر کے میرپور سیکٹر میں جنگی حکمتِ عملی جنرل محمد یحٰی خان نے تیار کی تھی جس کے مطابق پہلے کمان جنرل اختر ملک نے کرنا تھی اور پھر جنرل محمد یحٰی خان نے کمان سنبھال لینا تھی ۔ جب جنرل محمد یحٰی خان کمان سنبھالنے گئے تو جنرل اختر ملک کمان اُس کے حوالے کرنا نہیں چاہتے تھے ۔ اس طرح چند اہم دِن ضائع ہو گئے
جنرل اختر ملک (مرزائی) اور جنرل یحٰی کے درمیان کمان کی تبدیلی کے متعلق جنگ کے دوران چھمب جوڑیاں میں موجود چند آفیسران کا کہنا تھا کہ جنرل اختر ملک کی کمان کے تحت پاکستان کے فوجی توی کے کنارے پہنچ گئے تھے اور توی عبور کر کے اکھنور پر قبضہ کرنا چاہتے تھے مگر انہیں کمانڈر (جنرل اختر ملک) کی طرف سے اکھنور سے پہلے توی کے کنارے رُک جانے کا حُکم دیا گیا تھا ۔ اگر پیش قدمی جاری رکھی جاتی تو بھارت کو دفاع کا موقع نہ ملتا اور پاکستانی فوجی کٹھوعہ پہنچ کر جموں کشمیر کو بھارت سے ملانے والے واحد راستہ پر قبضہ کر لیتے جس کے نتیجہ میں جموں کشمیر پاکستان میں شامل ہو گیا ہوتا
کمان ہیڈ کوارٹر میں موجود ایک آفیسر کا کہنا تھا کہ جنرل یحٰی کمان ہیڈ کوارٹر پہنچ کر 2 دن جنرل اختر ملک کا انتظار کرتے رہے کہ وہ آپریشن اس کے حوالے کرے لیکن وہ غائب تھے ۔ الله جانے کہ کون غلطی پر تھا ۔ ہمارے ملک میں کوئی اپنی غلطی نہیں مانتا

جنگِ ستمبر 1965ء اور دسمبر 1971ء کی جنگوں میں ہموطنوں کا کردار
ستمبر 1965ء
جب ميں نے سب پاکستانيوں کو جذبہ جہاد ميں سرشار ديکھا تھا
جب لاہوريئے پلاؤ کی ديگيں پکوا کر محاذ پر اپنے فوجی بھائيوں کو پہنچاتے تھے
جب گورنر کے صرف ايک بار کہنے پر گوالوں نے دودھ ميں پانی ملانا چھوڑ ديا تھا اور بازاروں ميں تمام اشيائے ضرورت اَرزاں نرخوں پر ملنے لگيں تھیں
جب ميں خندق کھودنے لگا تو کارکنوں نے مجھے پکڑ ليا اور کہا ”آپ کا جو کام ہے وہ ہم نہيں کر سکتے ۔ يہ کام ہم کر سکتے ہيں ہميں کرنے ديں“۔
خطرے کا سائرن بجنے پر کارکن ورکشاپوں سے باہر نہ نکلے ۔ میں نے اندر جا کر اُنہیں باہر نکلنے کا کہا تو جواب ملا ”سر مرنا ہوا تو باہر بھی مر جائیں گے ۔ ہمیں کام کرنے دیں ہماری فوج کو اسلحے کی ضرورت ہے“۔
جب اپنے مُلک کے دفاع کيلئے ميں نے 15 يوم دن رات کام کيا تھا اور اس دوران روزانہ صرف ايک وقت کھانا کھايا تھا اور میں اکیلا نہیں تھا
جب ہر پاکستانی صرف پاکستانی تھا ۔ نہ بنگالی ۔ نہ مہاجر ۔ نہ سندھی ۔ نہ بلوچ ۔ نہ پٹھان ۔ نہ پنجابی بلکہ صرف اور صرف پاکستانی

پھر ناجانے کس کی بُری نظر یا جادو کام کر گیا اور ۔ ۔ ۔
ملک میں ایک جاگیردار وڈیرے نے مزدروں کو روٹی کپڑا اور مکان کا لالچ دے کر ایسا اُبھارا کہ دُنیا بدل گئی
خاکروبوں نے سرکاری کوٹھیوں پر نشان لگانے شروع کئے کہ یہ میری ہو گی یہ تیری ہو گی
سکول کالج کے اساتذہ اور سرکاری محکموں کے افسروں کی بے عزتی کرنا آزادی کا نشان بن گیا
کالجوں میں داخل لڑکوں نے پڑھائی پر جلوسوں کو ترجیح دی ۔ ٹوٹی ٹریفک لائیٹس ۔ سٹریٹ لائیٹس اور گھروں یا دکانوں کے شیشے اُن کی گذرگاہ کا پتہ دیتے

جنگِ دسمبر 1971ء
دسمبر 1971ء میں بھارت نے پھر پاکستان پر حملہ کر دیا
کارکنوں کے ساتھ مل کر خندقیں کھودنے کی پیشکش کی تو جواب ملا ”آپ خود کھودیں یا ٹھیکے پر کھدوائیں ۔ یہ ہمارا کام نہیں ہے”۔
دوسرے دن صبح اکثر کارکنوں نے یہ کہہ کر کام کرنے سے انکار کر دیا کہ اُن کی جان کو خطرہ ہے ۔ اُنہیں سمجھانے کی کوشش کی تو ان کا ایک نام نہاد نمائندہ بولا ”افسر دولتمند ہیں ۔ مر جائیں گے تو بیوی بچوں کو کوئی پریشانی نہیں ہو گی ۔ ہم مر گئے تو ہمارے بچوں کا کیا بنے گا ۔ آپ کام کریں ہم ورکشاپ کے اندر نہیں جائیں گے“۔

فی زمانہ تو حالات مزید دِگرگوں ہو چکے ہیں
يا الله ۔ وہ ستمبر 1965ء والے دن پھر سے لادے
یا الله ۔ میرے ہموطنوں کو عقلِ سلیم عطا فرما دے
يہ تيرے اس کمزور بندے ہی کی نہيں تيرے بہت سے بندوں کی التجاء ہے ۔ یا خالق و مالک ۔ ہماری التجاء قبول فرما

کیا یاد کرا دیا

یکم جون 2017ء کو جوائنٹ اِنوَسٹی گیشن ٹیم کو اپنا بیان قلمبند کرانے کے بعد حسین نواز نے میڈیا کے سامنے ایک ایسی بات کہہ دی جو اُس کی پاکستان کی تاریخ سے واقفیت کا مظہر تھی ۔ حسین نواز نے کہا تھا ”حسین شہید سہروردی صاحب کے بعد یہ سب کچھ ہمارے ساتھ ہوتا آ رہا ہے

میں نے 24 نومبر 2011ء کو ”بھولے بسرے واقعات ۔ پہلا سوال“عنوان کے تحت ایک تحریر لکھی تھی اُس میں سے ایک مختصر اقتباس نقل کر رہا ہوں

آپ کا پہلا سوال
جہاں تک ميرا عِلم اور ياد داشت کام کرتی ہے پاکستان بننے کے فوری بعد مشرقی پاکستان ميں کسی مطالبے نے جنم نہيں ليا تھا ۔ اگر ايسا ہوتا تو حسين شہيد سہروردی صاحب جو خالص بنگالی تھے پاکستان کا پہلا آئين منظور ہونے کے بعد ستمبر 1956ء ميں پاکستان کے وزيرِ اعظم نہ بنتے
خيال رہے کہ حسين شہيد سہروردی صاحب اُس عوامی ليگ کے صدر تھے جس ميں شيخ مجيب الرحمٰن بھی تھا
بنگاليوں کا دُشمن دراصل بنگالی بيوروکريٹ سکندر مرزا تھا جو غلام محمد کا منظورِ نظر ہونے کی وجہ سے بیوروکریٹ سے حکمران بن بیٹھا تھا
حسين شہيد سہروردی صاحب نے مشرقی پاکستان (جو کراچی کے سيٹھوں کے زيرِ اثر تھا) کو اس کا مالی حق دينے کی کوشش کی جسے روکنے کے لئے سکندر مرزا (جو اُس وقت صدر تھا) نے حسين شہيد سہروردی صاحب پر اِتنا زیادہ دباؤ ڈالا کہ اس ڈر سے کہ اُنہيں برخاست ہی نہ کر ديا جائے حسين شہيد سہروردی صاحب اکتوبر 1957ء ميں مستعفی ہو گئے تھے

يہ تھا وہ وقت جب مشرقی پاکستان ميں نفرت کی بنياد رکھی گئی

اس سے قبل محمد علی بوگرہ صاحب جو بنگالی تھے 1953ء ميں وزيرِ اعظم بنے تھے اور انہيں بھی سکندر مرزا نے 1955ء ميں برخواست کيا تھا
محمد علی بوگرہ صاحب سے قبل 1953ء ميں خواجہ ناظم الدين صاحب کی کابينہ کو اور 1954ء ميں پاکستان کی پہلی منتخب اسمبلی کو غلام محمد نے برخواست کر کے پاکستان کی تباہی کی بنياد رکھی تھی

مشرقی پاکستان ميں بنگالی بھائيوں کے دُشمن وہی تھے جو مغربی پاکستان ميں پنجابيوں ۔ سندھيوں ۔ پٹھانوں اور بلوچوں کے دشمن رہے ہيں يعنی بيوروکريٹ خواہ وہ سادہ لباس ميں ہوں يا وردی ميں

بارہویں سالگرہ

الحمد للہ آج اس بلاگ کی عمر اللہ کی مہربانی سے 12 سال ہو چکی ہے ۔ یہ بلاگ میں نے 5 مئی 2005ء کو اللہ کے نام سے شروع کیا تھا ۔ 5 مئی 2005ء سے قبل میں اپنے بلاگ ” Reality is Often Bitter . حقيقت اکثرتلخ ہوتی ہے“ پر ہی اُردو بھی لکھتا رہا ۔ اُردو کا بلاگ الگ شروع کرنے کے بعد میں نے پہلے بلاگ کو انگریزی کیلئے مخُتص کر دیا

شُکر اُس ذاتِ اعلٰی و ارفع کا جس نے صرف مجھے ہی نہیں کُل کائنات کو پیدا کیا اور اس کا نظام چلا رہا ہے ۔ اُس رحمٰن و رحیم نے مجھے توفیق دی کہ میں اس بلاگ کو جاری رکھوں ۔ میں نے 12 سال میں 2485 تحاریر لکھیں ۔ جب میں نے یہ بلاگ شروع کیا تھا تو اُمید نہ تھی کہ یہ ایک سال بھی پورا کر سکے گا ۔ دوسرے بلاگرز کا تجربہ مزید حوصلہ پست کرتا تھا ۔ یہ بھی خیال تھا کہ میں خُشک باتیں لکھتا ہوں اسلئے شاید ہی اسے کوئی پڑھے مگر اللہ کی ذرہ نوازی دیکھیئے کہ
میرے اُردو بلاگ کو اس وقت تک 405225 مرد و خواتین پڑھ چکے ہیں
میری 2 تحاریر کم از کم 57550 بار پڑھی جا چکی ہے
9 تحاریر کم از کم 14200 بار پڑھی جاچکی ہیں
23 تحاریر کم از کم 11250 بار پڑھی جاچکی ہیں
40 تحاریر کم از کم 7050 بار پڑھی جا چکی ہیں
58 تحاریر کم از کم 6000 بار پڑھی جا چکی ہیں
100 تحاریر کم از کم 5000 بار پڑھی جا چکی ہیں
200 تحاریر کم از کم 3150 بار پڑھی جا چکی ہیں
300 تحاریر کم از کم 2700 بار پڑھی جا چکی ہیں
400 تحاریر کم از کم 2500 بار پڑھی جا چکی ہیں
500 تحاریر کم از کم 2350 بار پڑھی جا چکی ہیں
600 تحاریر کم از کم 2250 بار پڑھی جا چکی ہیں
700 تحاریر کم از کم 2150 بار پڑھی جا چکی ہیں
900 تحاریر کم از کم 1950 بار پڑھی جا چکی ہیں