Category Archives: خبر

نوسَر بازوں سے ہوشیار رہیئے

جمعہ 17 جنوری 2014ء کو جب میں اسلام آباد میں تھا تو میرے ساتھ ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا ۔ سوچا کہ اسے عام کر دیا جائے تاکہ سادہ لوح جوان کہیں نقصان نہ اُٹھا لیں ۔ سہ پہر کے وقت مجھے بتایا گیا کہ باہر کوئی شخص آیا ہے ۔ میں گھر کے دروازہ سے نکل کر گیٹ کی طرف روانہ ہوا ۔ وہ شخص مجھے دیکھ کر بے تکلفی سے گیٹ کھول کر میری طرف چل پڑا ۔ میں نے قریب پہنچ کر سلام کیا تو بولا
اجنبی ”آپ نے پہچانا نہیں ؟“۔
میں ”نہیں“
اجنبی ”آپ کہاں سے ریٹائر ہوئے تھے ؟“
میں ”کیوں تمہارا تعلق واہ سے ہے ؟“
اجنبی ”میں کریم داد کا بیٹا ہوں“

اجنبی نے بال کالے اور داڑھی مہندی رنگ کی ہوئی تھی اور اُس کی عمر ساٹھ سال یا زیادہ تھی ۔ پاکستان آرڈننس فیکٹری میں ایک ڈرائیور کریم داد تھا ۔ اُس کا بیٹا اتنی زیادہ عمر کا نہیں ہو سکتا تھا ۔ لیکن اصل بات یہ تھی کہ کیا یہ اُسی کریم داد کی بات کر رہا ہے ؟ اگر ہے بھی تو میرا اُس سے کیا تعلق ؟ مجھے پی او ایف چھوڑے ہوئے بھی 19 سال سے زیادہ ہو چکے ہیں ۔ خیر ۔ میں نے نظرانداز کرتے ہوئے پوچھا
”کیسے آئے ہیں ؟“
اجنبی نے مزید قریب ہو کر مدھم آواز میں رازداری کے انداز میں کہا ”بیٹی کے ہاں بچہ ہونے والا ہے جو آپریشن سے ہو گا ۔ ہسپتال میں پیسے جمع کرانے ہیں ۔ بھائی گاؤں چلا گیا ہے ۔ کل صبح آ جائے کا ۔ میری وقتی ضرورت ہے کل صبح واپس کر دوں گا“

نہ جان نہ پہچان ۔ میں تیرا مہمان ۔ میرے پاس رقم ہو تو میں بغیر کسی واسطے کے مدد کرنے کا عادی ہوں لیکن میرے پاس اُس وقت فالتو رقم نہ تھی
میں نے کہا ”میرے پاس اس وقت پیسے نہیں ہیں“
اجنبی بڑے قربت کے انداز میں بولا ”گھر سے پتہ کر لیں ۔ اتنے زیادہ نہیں ہیں نکل ہی آئیں گے ۔ میں صبح سویرے واپس کر دوں گا“
میں ” میرے پاس پیسے نہیں ہیں ۔ گھر سے کیا مطلب ؟ میں گھر میں شامل نہیں ؟“

اسکے بعد میں واپس آ گیا ۔ وہ واپس چلا گیا ۔ اُس کے چہرے پر مجھ سے بات کرنے سے قبل اور ناکام واپس جاتے ہوئے کسی قسم کی پریشانی یا فکر کے تاءثرات نہیں تھے

مقامِ توبہ

اگر کسی بڑے پر مصیبت آئے ۔ خواہ وہ اپنا دُشمن ہی کیوں نہ ہو ۔ تو توبہ کرنا چاہیئے اور اللہ سے معافی طلب کرنا چاہیئے کیونکہ کچھ عِلم نہیں ہوتا کل کو کیا ہونے والا ہے

غداری کا مقدمہ چلانے کیلئے اسلام آباد میں قائم خصوصی عدالت سابق سربراہ فوج اور سابق صدر کو یکم جنوری 2014ء کو عدالت میں پیش ہونے کا کہا تھا لیکن حاضر نہیں ہوئے تھے جس پر 2 جنوری 2014ء کو خصوصی عدالت کے سامنے پیش ہونے کی تاکید کی گئی تھی
آج صبح جب اُن کیلئے سکیورٹی فورسز کی بہت بھاری نفری کے درمیان وہ گھر سے چلے تو راستہ میں اُنہیں دل کا دورہ پڑا ۔ اُنہیں عدالت پہنچانے کی بجائے ہسپتال پہنچانا پڑا ۔ خبر کچھ یوں ہے

عدالت نے پرویز مشرف کے وکیل انور منصور خان سے دریافت کیا کہ پر ویز مشرف کہاں ہیں؟
انور منصور خان نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی سے معلوم کیا جائے
خصوصی عدالت کے استفسار پر ڈی آئی جی سیکیورٹی اسلام آباد جان محمد کا نے بتایا کہ پر ویزمشرف راستے میں تھے انھیں دل کی تکلیف ہوئی اور انہیں آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (اے ایف آئی سی ) منتقل کر دیا گیا ہے

ذرائع کے مطابق سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی اہلیہ بیگم صہبامشرف اے ایف آئی سی پہنچ گئی ہیں اور ان کی بیٹی کو بھی کراچی سے اسلام آباد بلا لیاگیا۔ سابق صدر اب تک ہوش میں نہیں آئے ہیں۔ ڈاکٹرز کی ٹیم ان کا طبی معائنہ کررہی ہے جس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ انہیں بیرون ملک منتقل کیا جائے یا پاکستان میں ہی علاج کیا جائے

سدا نہ مانیئے حُسن جوانی ۔ ۔ ۔ سدا نہ صحبت یاراں
سدا نہ باغِیں بُلبُل بولے ۔ ۔ ۔ سدا نہ رہن بہاراں
دُشمن مرے تے خوشی نہ کریئے ۔ ۔ ۔ سجناں وی ٹُر جانا

بجلی چور ہوشیار باش

صدر ممنون حسین نے ایک آرڈیننس کی منظوری دی ہے جس کے تحت پورے ملک میں گھریلو اور تجارتی صارفین کو بجلی چوری کے الزام میں 10 لاکھ سے ایک کروڑ (ایک ملین سے 10 ملین) روپے جرمانہ اور 2 سے 7سال قید بامشقت کی سزا دی جائے گی ۔ آرڈیننس کا مسودہ وزارت پانی و بجلی نے تیار کیا تھا۔ صدر نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر آرڈیننس کی منظوری دی ہے ۔ ملک میں بجلی چوروں کو سزا دینے کے لئے پہلی بار قانون نافذ کیا گیا ہے

ہم سا ہو تو سامنے آئے

ساری عمر سُنتے آئے تھے
نئیں رِیساں شہر لاہور دِیاں
ایہہ کندھاں کہن پشور دیاں

لیکن پشور (پشاور) نے تو وہ کر دیا ہے جو کیا لاہور کیا کراچی کیا کوئٹہ نہ کر سکا ہے نہ کرنے کا سوچ سکتا ہے ۔ عمران خان صاحب کی تائید کرتے ہوئے وزیرِ اعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے ایک خط وزیرِ اعظم کو اور دوسرا وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ آصف کو لکھے ہیں کہ بجلی کی پیداوار ۔ ترسیل اور تقسیم (Generation, Transmission and Distribution) کا مکمل کنٹرول خیبر پختونخوا کی حکومت کے حوالے کیا جائے جس کی (ہماری من پسند) 11 شرائط ہوں گی
ان شرائط کا ترجمہ نیچے لکھ رہا ہوں (مکمل متن یہاں کلک کر کے پڑھا جا سکتا ہے)
خلاصہ یہ ہے کہ پچھلا اور آئیندہ 7 سال تک ہونے والا نقصان اور قرضے وفاقی حکومت ادا کرے ۔ منافع خیبر پختونخوا کی حکومت لے اور جو چاہے سو کرے

1 ۔ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے ذمہ اس وقت جتنے قرضے و دیگر واجبات ہیں وہ وفاقی حکومت ادا کرے اور اگر ماضی میں کوئی اس کی ترقی میں کوئی کمی رہی ہے تو اسے بھی پورا کرے
2 ۔ خیبر پختونخوا کی حکومت جب تک پیسکو کے موجودہ 56 فیصد نقصانات کو 18 فیصد تک کم نہیں کرتی جس میں کم از کم 5 سال لگیں گے تمام نقصابات وفاقی حکومت برداشت کرے
3 ۔ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا میں بجلی کی پیداوار کرنے والے تمام پلانٹ فوری طور پر بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر بنائے
4 ۔ اس وقت چلنے والے تمام توسیعی منصوبوں کے موجودہ اور مستقبل کے تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے
5 ۔ سردیوں میں پن بجلی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے کم از کم 7 سال تک دوسرے ذرائع سے بننے والی کم از کم 1000 میگا واٹ بجلی وفاقی حکومت مہیاء کرے
6 ۔ تھرمل ذرائع سے بجلی بنانا شروع کرنے کیلئے وفاقی حکومت فوری طور پر یومیہ 200000000 سٹینڈرڈ مکعب فٹ گیس مہیاء کرے
7 ۔ ماضی میں خیبرپختونخوا میں بجلی کے سیکٹر میں جو مالی کمی رہی اُسے وفاقی حکومت اگلے 5 سال تک پورا کرے
8 ۔ بجلی کے پیداوار ۔ ترسیل اور تقسیم کرنے والے اداروں کو چلانے میں خیبرپختونخوا کی حکومت کو مکمل آزادی ہو ۔ جسے چاہے ملازم رکھے جسے چاہے فارغ کر دے اور جو ملازمین فارغ کئے جائیں اُنہیں وفاقی حکومت متبال نوکریاں خیبرپختونخوا سے باہر مہیاء کرے
9 ۔ بجلی کے سلسلے میں خیبرپختونخوا میں نیپرا کا عمل دخل بالکل ختم کر دیا جائے
10 ۔ خیبرپختونخوا کی حکومت کو بجلی کا مکمل اختیار دینے کیلئے قوانین میں تبدیلیاں کی جائیں
11 ۔ این ایف ۔ سی سی آئی وغیرہ نے جو سفارشات کی ہوں وہ تمام رقوم خیبرپختونخوا کی حکومت کو فوری طور پر ادا کی جائیں

لو اور سُنو

یہ تو سُنا تھا کہ مُجرم کی بجائے کسی دوسرے کو مُجرم کہہ کر پکڑ لیا مگر یہ پہلے کبھی نہ سُنا تھا

کراچی میں امن وامان سے متعلق اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف کے سامنے سیکریٹری داخلہ سندھ نے انکشاف کیا کہ سندھ کی جیلوں میں 41 جعلی قیدیوں کی نشاندہی ہوئی ہے ۔ یہ قیدی کسی دوسرے افراد کی جگہ بند کئے گئے ۔ جعلی قیدیوں کی نشاندہی نادرا کے ریکارڈ کے ذریعے ہوئی

پاسباں مل گئے کعبے کو صنم خانے سے

یہاں کلک کر کے پڑھیئے نظامِ دنیا کے خد و خال کی چند مثالیں

کسی نے سچ کہا ہے
مدعی لاکھ بُرا چاہے تو کیا ہوتا ہے
وہی ہوتا ہے جو منظورِ خدا ہوتا ہے

اللہ کا فرمان تو اٹل ہے

سُورۃ آل عِمْرَان ۔ آيۃ 26 و 27
قُلِ اللَّھُمَّ مَالِكَ الْمُلْكِ تُؤْتِي الْمُلْكَ مَنْ تَشَاءُ وَتَنْزِعُ الْمُلْكَ مِمَّنْ تَشَاءُ وَتُعِزُّ مَنْ تَشَاءُ وَتُذِلُّ مَنْ تَشَاءُ ۖ بِيَدِكَ الْخَيْرُ ۖ إِنَّكَ عَلَی كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ

‏اور کہیئے کہ اے خدا (اے) بادشاہی کے مالک تو جس کو چاہے بادشاہی بخش دے اور جس سے چاہے بادشاہی چھین لے اور جس کو چاہے عزت دے اور جسے چاہے ذلیل کرے ہر طرح کی بھلائی تیرے ہی ہاتھ ہے (اور) بیشک تو ہرچیز پر قادر ہے

چھوٹی چھوٹی باتیں ۔ بوقتِ ضرورت

پہلے تازہ خبر ۔ میں اور میری بیگم صبح سوا آٹھ بجے گھر سے نکلے اور حلقہ 48 کا ووٹ ڈال کر پونے نو بجے گھر واپس پہنچ گئے ۔ اسلام آباد میں سکول بند ہیں لیکن سرکاری اداروں میں آج ووٹ ڈالنے کیلئے ایک بجے بعد دوپہر چھٹی ہو جائے گی

اگر کوئی تمہیں اپنی ضرورت کے وقت یاد کرتا ہے
تو
پریشان مت ہونا بلکہ فخر کرنا
کہ
اُسے اندھیروں میں روشنی کی ضرورت ہے
اور
وہ تم ہو

قول علی رضی اللہ عنہ