ہم اِتنے بے عِلم کیوں ؟

ناجانے ہمارے مُلک میں کِس کا زَور چلتا ہے کہ تاریخ کو مَسَخ کیا جاتا ہے ۔ حقائق کو بدل دیا جاتا ہے ۔ آج اِس کی ایک مثال پیشِ خدمت ہے

ایک صاحب جنہوں نے اپنا قلمی نام عاشُور بابا رکھا ہے لکھتے ہیں
سقوطِ ڈھاکہ کے بعد جب عوامی نیشنل پارٹی کے راہنماؤں کو پاکستان میں حراست میں لیا گیا تو ایک ایسا شخص تھا جو بہت ہی خستہ حال تھا ۔ اس کو گرفتار کر کے حیدرآباد جیل لایا گیا ۔ جیلر نے اس پریشان حال شخص کو دیکھا اور حقارت سے کہا ”اگر تم عبدالولی خان کے خلاف بیان لکھ کر دے دو تو ہم تم کو رہا کر دیں گے ورنہ یاد رکھو اس کیس میں تم ساری عمر جیل میں گلتے سڑتے رہو گے اور یہیں تمہاری موت ہو گی“۔
یہ سُن کر اس شخص نے جیلر کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالیں اور مسکرا کر کہا ” جیلر صاحب ۔ جیل میں تو شاید میں چند برس زندہ بھی رہ لوں لیکن اگر میں نے یہ معافی نامہ لکھ دیا تو شاید چند دن بھی نہ جی پاؤں“۔

اصولوں اور عزم و ہمت کی اس دیوار کا نام حبیب جالب تھا اور اس کو جیل میں بھیجنے والا اپنے وقت کا سب سے بڑا لیڈر ذوالفقار علی بھٹو تھا
میں کل سے حیرت کا بُت بنا بیٹھا ہوں جب سے میں نے بلاول زرداری کو ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر حبیب جالب کا کلام پڑھتے دیکھا اور کلام بھی وہ جو اس نے بھٹو کے دور میں لکھا تھا ۔ آپ کو یہ سن کر شاید حیرت ہو کہ بھٹو دور میں حبیب جالب نے عوامی نیشنل پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا اور الیکشن ہارنے کے بعد وہ بھٹو کے ظلم و ستم کا نشانہ بنے رہے ۔ ان کو جیل میں ڈال دیا گیا اور ضیاء الحق کے مارشل لاء کے بعد ان کو اس کیس سے بری کیا گیا تھا
کاش کہ بلاول کو تاریخ سے تھوڑی سی بھی آگہی ہوتی تو ان کو معلوم ہوتا کہ عظیم انقلابی شاعر حبیب جالب کا بیشتر کلام بلاول کے نانا ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف تھا جس میں سے ایک مشہور نظم پیش خدمت ہے

میں پسرِ شاہنواز ہوں ۔ میں پدرِ بے نظیر ہوں
میں نِکسَن کا غلام ہوں ۔ میں قائد عوام ہوں
میں شرابیوں کا پِیر ہوں ۔ میں لکھ پتی فقیر ہوں
وِہسکی بھرا اِک جام ہوں ۔ میں قائد عوام ہوں
جتنے میرے وزِیر ہیں ۔ سارے بے ضمیر ہیں
میں اِن کا بھی امام ہوں ۔ میں قائد عوام ہوں
دیکھو میرے اعمال کو ۔ میں کھا گیا بنگال کو
پھر بھی میں نیک نام ہوں ۔ میں قائد عوام ہوں

کل جب بھٹو کی برسی پر بلاول حبیب جالب کا کلام پڑھ رہے تھے تو بھٹو دور میں ہونے والے مظالم میری آنکھوں کے سامنے آ گئے۔ حبیب جالب پر اتنا ظُلم ایوب خان اور ضیاءالحق جیسے آمروں کے دور میں نہیں ہوا جتنا ظُلم قائد عوام اور جمہوری لیڈر بھٹو کے دور میں ہوا ۔ جس دن بھٹو نے حبیب جالب کو گرفتار کروایا تھا اس دن جالب کے بیٹے کا سوئم تھا اور وہ چاک گریبان کے ساتھ جیل میں گئے تھے اور اُن کی اپنے بیٹے کی یاد میں لکھی نظم ایک تاریخی انقلابی نظم ہے

کاش کوئی یہ سب باتیں جا کر بلاول کو بتائے کہ رَٹی رَٹائی تقریریں کر لینا بہت آسان ہے لیکن بہتر ہو اگر آپ ان باتوں کا تاریخی پسِ منظر بھی جان لو ۔ جیسی جاہل یہ قوم ہے ویسے ہی جاہل اور تاریخی حقائق سے نابلد اِن کے لیڈر

اُسی دَور میں حبیب جالِب نے یہ اشعار بھی پڑھے تھے مگر 1988ء میں یا اِس کے بعد میڈیا نے اِن اشعار کو ضیاء الحق سے منسُوب کر دیا تھا

دِیپ جس کا محلات ہی میں جلے
چند لوگوں کی خوشیوں کو لے کر چلے
وہ جو سائے میں ہر مصلحت کے پَلے
ایسے دستُور کو ۔ صبح بے نور کو
میں نہیں مانتا میں نہیں جانتا

میں بھی خائف نہیں تختہءِ دار سے
میں بھی منصُور ہوں کہہ دو اَغیار سے
کیوں ڈراتے ہو زِنداں کی دیوار سے
ظُلم کی بات کو جہل کی رات کو
میں نہیں مانتا میں نہیں جانتا
پھُول شاخوں پہ کھِلنے لگے تُم کہو
جام رِندوں کو ملنے لگے تُم کہو
چاک سِینوں کے سِلنے لگے تُم کہو
اس کھُلے جھُوٹ کو ذہن کی لُوٹ کو
میں نہیں مانتا میں نہیں جانتا

This entry was posted in تاریخ, روز و شب, طور طريقہ, معاشرہ on by .

About افتخار اجمل بھوپال

رہائش ۔ اسلام آباد ۔ پاکستان ۔ ۔ ۔ ریاست جموں کشمیر کے شہر جموں میں پیدا ہوا ۔ پاکستان بننے کے بعد ہجرت پر مجبور کئے گئے تو پاکستان آئے ۔انجنئرنگ کالج لاہور سے بی ایس سی انجنئرنگ پاس کی اور روزی کمانے میں لگ گیا۔ ملازمت کے دوران اللہ نے قومی اہمیت کے کئی منصوبے میرے ہاتھوں تکمیل کو پہنچائے اور کئی ملکوں کی سیر کرائی جہاں کے باشندوں کی عادات کے مطالعہ کا موقع ملا۔ روابط میں "میں جموں کشمیر میں" پر کلِک کر کے پڑھئے میرے اور ریاست جموں کشمیر کے متعلق حقائق جو پہلے آپ کے علم میں شائد ہی آئے ہوں گے ۔ ۔ ۔ دلچسپیاں ۔ مطالعہ ۔ مضمون نویسی ۔ خدمتِ انسانیت ۔ ویب گردی ۔ ۔ ۔ پسندیدہ کُتب ۔ بانگ درا ۔ ضرب کلِیم ۔ بال جبریل ۔ گلستان سعدی ۔ تاریخی کُتب ۔ دینی کتب ۔ سائنسی ریسرچ کی تحریریں ۔ مُہمْات کا حال

One thought on “ہم اِتنے بے عِلم کیوں ؟

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

:wink: :twisted: :roll: :oops: :mrgreen: :lol: :idea: :evil: :cry: :arrow: :?: :-| :-x :-o :-P :-D :-? :) :( :!: 8-O 8)

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.