”چُوہا “ یا ”چَوآ “۔ کیوں اور کیسے ؟

آپ نے کبھی دیکھا ہو گا کہ سبز چُگے میں ملبُوس ایک لڑکا یا لڑکی جس کا سر بہت چھوٹا ہے کسی عورت یا مرد کے ساتھ ہے اور بھیک مانگ رہا ہے ۔ اِنہیں”شاہ دولہ شاہ کا چوہا“ کہا جاتا ہے ۔ ”شاہ دولہ شاہ“ ایک نیک سیرت بزرگ تھے جن کا مزار گجرات (پاکستان) میں واقع ہے ۔ مشہور یہ ہے کہ بھانج عورتیں شاہ دولہ شاہ کے مزار پر جا کر منت مانگتی ہیں کہ ان کے ہاں اولاد ہو جائے تو پہلا بچہ مزار کی نذر کر دیں گی چنانچہ اُن کی پہلی اولاد چھوٹے سر والی معذور پیدا ہوتی ہے جو وہ حسبِ وعدہ مزار پر چھوڑ جاتی ہیں ۔ لیکن معتقدین اور گجرات کے پڑھے لکھے لوگ ان تمام روایات کو من گھڑت کہانیاں کہتے ہیں ۔ اُن کے مطابق پہلا ہو یا بعد والا سب بچے بغیر کسی نقص کے پیدا ہوتے ہیں ۔ ان اصحاب کا کہنا ہے کہ شاہ دولہ شاہ ایک نیک اور باعمل مسلمان تھے جو عوامی فلاح و بہبود کے کام بھی کرواتے رہے تو کیا ایسی نیک ہستیوں سے کوئی چیز مانگی جائے تو وہ خراب چیز دیں گے ؟ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ یہ لفظ ” چُوہا “ نہیں تھا بلکہ ” چوآ “ تھا جو بگڑ کر ” چُوہا “ بن گیا ۔ ” چوآ “ کا مطلب ہوتا ہے ” چشمہ (spring)۔

ہم نے 1949ء یا 1950ء میں جھنگی محلہ (راولپنڈی) میں رہائش اختیار کی ۔ اُس کے بعد ہی میں نے پہلی بار ایسا بچہ دیکھا ۔ پھر ان کے متعلق کہانیاں سُننے میں آتی رہیں ۔ میں جب نویں جماعت میں تھا تو میں نے مختلف ذرائع سے ان کے متعلق معلومات اکٹھا کرنا شروع کیں اور انجنئرنگ کالج کے دوران (شاید 1959ء) اس سلسلہ میں میں گجرات کا چکر بھی لگایا تو وہ ساری کہانیاں غلط ثابت ہوئیں جو پہلے سُن رکھی تھیں

اورنگ زیب عالمگیر کے دور حکمرانی (1658ء تا 1707ء) میں شاہ دولہ شاہ ایک نیک شخص گجرات کے نزدیک قیام پذیر ہوئے ۔ اِن کا اصلی نام تاریخ کے اوراق میں گم ہو کر رہ گیا ۔ شاہ دولہ شاہ رفاہ عامہ کے کاموں میں دلچسپی رکھتے تھے ۔ مغل بادشاہ اور اس کے گجرات کے علاقہ میں نمائندے ان سے قلبی لگاﺅ رکھتے تھے اور ان کے کئی طرح کے وظائف مقرر کئے ہوئے تھے ۔ یہ وظائف شاہ دولہ شاہ عوامی فلاح و بہبود کے کاموں پر خرچ کرتے تھے ۔ انہوں نے شہر میں نہ صرف نالیاں تعمیر کراوئیں بلکہ اہم گزر گاہوں میں آنے والے نالوں پر پل بھی تعمیر کروائے ۔ مسجدیں اور مسافروں کے لئے سرائے بنوائیں ۔ علاقے کے بے سہارا اور مفلوک الحال بچوں کی پرورش اور نگہداشت کے لئے ادارے کی بنیاد رکھی اور یتیم خانہ کی عمارت بنوائی

کہا جاتا ہے کہ اِن کی وفات کے کچھ دہائیاں بعد ان کی قبر پر توہّم پرست لوگوں کا تانتا بندھ گیا ۔ قبر کے نام نہاد وارث بے اولاد عورتوں کو بیوقوف بناتے اور پہلا بچہ شاہ دولہ شاہ کی نذر کرنے کا کہتے ۔ ایسے بچے کو سخت چمڑے کی ٹوپی پہنا دی جاتی جس کی وجہ سے اُس کا سر چھوٹا ہی رہتا اور دماغ نشو و نما نہ پا سکتا ۔ یہ انسانیت سے گرے ہوئے لوگ ان بچوں کو بھیک مانگنے کے دھندہ پر لگا کر اپنی روزی پیدا کرتے ۔ جب اس طرح کے بچے زیادہ ہوئے تو انہیں ماہانہ کرایہ پر دیا جانے لگا یا خطیر رقم کے عِوض بیچ دیا جاتا ۔ اس طرح یہ ذہنی معذور بچے سارے مُلک میں پھیلا دیئے گئے ۔ ایسے بچے بھارت میں پائے جاتے ہیں

ڈاکٹر جانسٹن پہلا غیر مُلکی (برطانوی) تھا جو 1866ء میں شاہ دولہ شاہ کے مزار پر پہنچا ۔ اس نے بچوں کا مطالعہ کیا اور تحریر کیا کہ ان کے سر قدرتی چھوٹے نہیں ہوتے بلکہ بچپن میں ان کے سروں پر کوئی فولادی یا کسی اور سخت میٹِرِئل کی ٹوپی پہنائی جاتی ہو گی
کیپٹن ایونز جس نے 1902ء میں اس بارے میں تحقیق کی اُس کے بقول یہ ایک بیماری تھی اور اس طرح کے بچے اس نے برطانیہ میں بھی دیکھے ہیں

حکومت پاکستان نے 1969ء میں اس کاروبار کی ممانعت کا قانون بنایا اور اس پر عمل شروع ہوا ۔ ابتداء میں محکمہ اوقاف نے ایسے 9 بچے اپنی تحویل میں لے کر ان کی بحالی کا کام شروع کیا ۔ پھر ملک میں سیاسی گڑ بڑ شروع ہو گئی اور یہ کام رُک گیا ۔ عوامی دَور کے جولائی 1977ء میں خاتمہ کے چند سال بعد تک بھی یہ کام پس پشت پڑا رہا ۔ اس کے بعد کسی طرح یہ بات ضیاء الحق تک پہنچی اور کچھ اقدامات ہوئے ۔ پنجاب کی موجودہ حکومت نے اسے بھی اپنی اصلاحات میں شامل کیا ہوا ہے
یہ سب کچھ دراصل ان خاموش کام کرنے والے باعمل مسلمانوں کی محنت کا نتیجہ ہے کہ بات حکمرانوں تک پہنچائی جاتی رہی اور عمل بھی ہوتا رہا

پہلے ہر سال ایسے زیادہ بچے نذر کئے جاتے تھے ۔ 1969ء میں قانون بننے کے بعد تعداد میں کمی آنا شروع ہوئی ۔ اگر بعد کے سب حکمران توجہ دیتے تو شاید یہ قباحت ختم ہو چکی ہوتی ۔ کچھ سال قبل معلوم ہوا تھا کہ سالانہ نذر کئے جانے والے بچوں کی تعداد کم ہو کر ایک سے 3 سالانہ ہو گئی ہے ۔ کوئی عجب نہیں کہ جو شیر خوار بچے اغواء ہوتے ہیں اور ملتے نہیں وہ اسی انسانیت سے گرے مافیا کی کارستانی ہو جو اُنہیں خاص ٹوپیاں پہنا کر اپاہج بناتے اور اپنا مکروہ دھندہ چلاتے ہوں

ضرورت ہے کہ عوام کو قرآن شریف کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی طرف راغب کیا جائے ۔ الله کرے کے موجودہ حکومت کے نئے قانون پر سکول و کالج کے پرنسپل اور اساتذہ درست عمل کریں اور آئیندہ آنے والی نسلوں میں قرآن شریف کی سمجھ پیدا ہو

ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ ہم لوگ تِکے ۔ پِزا اور برگر کھانے کے اخراجات کچھ کم کر کے اس سے ہونے والی بچت کے ساتھ اپنے علاقہ کی مسجد کے امام صاحب کا ماہانہ مشاہرہ اتنا کر دیں (کم از کم پے سکیل 17) کہ وہ باعزت زندگی گزار سکیں ۔ ساتھ ہی یہ بھی ضروری ہے کہ ہم اپنی ذاتی پسند کا امام مسجد میں رکھنے کی بجائے حکومت سے رجسٹرڈ مدرسہ کا 8 سالہ کورس پاس کرنے والے کو امام مسجد رکھیں اور مسجد میں دکھاوے کیلئے جانے کی بجائے عِلم دین کے حصول اور الله کی خوشنودی کیلئے جائیں
الله ہمیں دین کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے

This entry was posted in تاریخ, روز و شب, طور طريقہ, معاشرہ, معلومات on by .

About افتخار اجمل بھوپال

رہائش ۔ اسلام آباد ۔ پاکستان ۔ ۔ ۔ ریاست جموں کشمیر کے شہر جموں میں پیدا ہوا ۔ پاکستان بننے کے بعد ہجرت پر مجبور کئے گئے تو پاکستان آئے ۔انجنئرنگ کالج لاہور سے بی ایس سی انجنئرنگ پاس کی اور روزی کمانے میں لگ گیا۔ ملازمت کے دوران اللہ نے قومی اہمیت کے کئی منصوبے میرے ہاتھوں تکمیل کو پہنچائے اور کئی ملکوں کی سیر کرائی جہاں کے باشندوں کی عادات کے مطالعہ کا موقع ملا۔ روابط میں "میں جموں کشمیر میں" پر کلِک کر کے پڑھئے میرے اور ریاست جموں کشمیر کے متعلق حقائق جو پہلے آپ کے علم میں شائد ہی آئے ہوں گے ۔ ۔ ۔ دلچسپیاں ۔ مطالعہ ۔ مضمون نویسی ۔ خدمتِ انسانیت ۔ ویب گردی ۔ ۔ ۔ پسندیدہ کُتب ۔ بانگ درا ۔ ضرب کلِیم ۔ بال جبریل ۔ گلستان سعدی ۔ تاریخی کُتب ۔ دینی کتب ۔ سائنسی ریسرچ کی تحریریں ۔ مُہمْات کا حال

One thought on “”چُوہا “ یا ”چَوآ “۔ کیوں اور کیسے ؟

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

:wink: :twisted: :roll: :oops: :mrgreen: :lol: :idea: :evil: :cry: :arrow: :?: :-| :-x :-o :-P :-D :-? :) :( :!: 8-O 8)

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.