Monthly Archives: November 2016

وقتِ دعا

اے خاصہ خاصان رسل وقت دعا ہے
اُمت پہ تیری آ کے عجب وقت پڑا ہے
جو تفرقے اقوام کے آیا تھا مٹانے
اس دین میں خود تفرقہ اب آ کے پڑا ہے
جس دین نے غیروں کے تھے دل آ کے ملائے
اس دین میں اب بھائی خود بھائی سے جدا ہے
جس دین کی حجت سے سب ادیان تھے مغلوب
اب معترض اس دین پہ ہر ہرزہ سرا ہے
چھوٹوں میں اطاعت ہے نہ شفقت ہے بڑوں میں
پیاروں میں محبت ہے نہ یاروں میں وفا ہے
دولت ہے نہ عزت نہ فضیلت نہ ہنر ہے
اک دین ہے باقی سو وہ بے برگ و نوا ہے
گو قوم میں تیری نہیں اب کوئی بڑائی
پر نام تیری قوم کا یاں اب بھی بڑا ہے
ڈر ہے کہیں یہ نام بھی مٹ جائے نہ آخر
مدت سے اسے دورِ زماں میٹ رہا ہے
فریاد ہے اے کشتی اُمت کے نگہباں
بیڑا یہ تباہی کے قریب آن لگا ہے
کر حق سے دعا اُمت مرحوم کے حق میں
خطروں میں بہت جس کا جہاز آ کے گھِرا ہے
ہم نیک ہیں یا بد ہیں پھر آخر ہیں تمہارے
نسبت بہت اچھی ہے اگر حال بُرا ہے
تدبیر سنبھلنے کی ہمارے نہیں کوئی
ہاں ایک دعا تری کے مقبول خدا ہے

سوچ کردار کا پیمانہ ہے

ہر آدمی کا عمل اُس کی سوچ کا تابع ہوتا ہے ۔ کسی کی سوچ کا درست قیاس عام طور پر ممکن نہیں ہوتا ۔ البتہ سوچ کا کچھ اندازہ اُس وقت لگایا جا سکتا ہے جب مذکورہ آدمی کو اچانک کوئی بڑی خوشی ملے یا بڑا دھچکا لگے
اس کی ایک عام فہم مثال کرکٹ کے بارے میں ہے کیونکہ کرکٹ وہ کھیل ہے جس میں ساری دنیاکے لوگ دلچسپی رکھتے ہیں

پاکستان نے 1992ء میں کرکٹ ورلڈ کپ جیتا تھا ۔ جیتنے کے بعد اُس وقت کے پاکستانی ٹیم کے کپتان سے اُس کا تاءثر پوچھا گیا تو اُس کے منہ سے نکلا
” My ambition, Shaukat Memorial Trust “
ٹیم جس نے کپتان کو یہ اعزاز لینے کا اہل بنایا تھا اُس کا خیال تک نہ آیا

امسال یعنی 2016ء میں پاکستان کی ٹیم کو بہترین ٹیسٹ کرکٹ ٹیم اور کپتان کو بہترین کپتان قرار دیا گیا
کپتان سے اُس کا تاءثر پوچھا گیا تو اُس نے برملا کہا ” Captain is nothing without team “

اوّل الذکر کپتان کے اظہار سے خود غرضی عیاں ہے جبکہ مؤخر الذکر نے حقیقت کا اظہار کیا

گھر بیٹھے حرم شریف کعبہ کی سیر

حرم شریف مکّہ کی سیر پر کلِک کیجئے تو آپ اپنے آپ کو حرمِ شریف مکہ کے اندر پائیں گے ۔ پھر اگر دل چاہے کعبہ کے گِرد طواف کیجئے یا پورے حرم شریف کی سیر کیجئے
اگر آپ کے سامنے کمپیوٹر ہے تو چوہے کے نشانِ کار (Mouse pointer) کو مانیٹر کی سکرین پر داہنے یا بائیں یا اُوپر یا نیچے کی طرف حرکت دے کر حرم شریف کا نظارہ کیجئے
اگر آپ کے سامنے اینڈرائیڈ سکرین (Andriod) ہے یا آپ کے ہاتھ میں سمارٹ موبائل فون ہے تو سکرین پر اُنگلی رکھ کر اُنگلی کو داہنے یا بائیں یا اُوپر یا نیچے کی طرف حرکت دے کر حرم شریف کا نظارہ کیجئے

حرم شریف کے نظارہ کے دوران اگر تصویر پر کہیں تِیر کا نشان نظر آئے تو اس پر کلِک کر دیکھیئے کیا ہوتا ہے
اسی طرح اگر زنجیر کا ایک لِنک یعنی 8 کھڑا یا لیٹا ہوا نظر آئے تو اس پر کلِک کر کے دیکھیئے کہ کیا ہوتا ہے
یعنی ہر دَم فرق نظارہ ۔ سُبحان اللہ