Monthly Archives: March 2014

بے نظیر ۔ بے مثال

اُس نے سُنانا شروع کیا تو میرا جسم جیسے سُن ہوتا گیا اور اُس کی آواز نے میرے دماغ کو مکمل طور پر قابو کر لیا ۔ جب تک وہ بولتا رہا میری آنکھوں سے موصلہ دار بارش جاری رہی ۔ میں کچھ نہیں کہہ سکتا کہ یہ آنسو اپنی حالت پر پشیمانی کے تھے یا اپنے گناہوں کی باری تعالٰی سے معافی کی عاجزانہ درخواست یا کچھ اور

قارئین شاید جانتے ہوں کہ سعودی عرب کا قانون یا رسم ہے کہ وقف جائیداد پر اسے وقف کرنے والے کا نام لکھا جاتا ہے ۔ لیکن ان حقائق سے بہت کم قاری واقف ہوں گے کہ
مدینہ منورہ کے ایک بنک میں عثمان ابن عفّان (رضی اللہ عنہ) کے نام کا کرنٹ اکاؤنٹ ہے
مدینہ منورہ کی میونسپلٹی میں عثمان ابن عفّان (رضی اللہ عنہ) کے نام کا جائیداد کا رجسٹر ہے اور اُن کے نام پراپرٹی ٹیکس ۔ بجلی ۔ پانی ۔ وغیرہ کے بل جاری ہوتے ہیں اور ادا بھی کئے جاتے ہیں
عثمان ابن عفّان (رضی اللہ عنہ) کے نام پر ایک عالی شان ہوٹل زیرِ تعمیر ہے

سوال یہ پوچھا جا سکتا ہے کہ یہ کیسے ہوا یا ہو رہا ہے ؟ عثمان ابن عفّان رضی اللہ تو ساڑھے تیرہ سو سے زائد قبل (656ء میں) وفات پا گئے تھے

اکثر قارئین کنویں کا واقعہ تو سُن یا پڑھ چکے ہوں گے بہرحال میں مختصر طور پر دوہرا دیتا ہوں
جب رسول اللہ سیّدنا محمد ﷺ اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم مکہ مکرمہ سے ہجرت کر کے یثرب (مدینہ منورہ) پہنچے وہاں ایک ہی کنواں تھا جو ایک یہودی کی ملکیت تھا ۔ وہ یہودی پانی مسلمانوں کو بہت مہنگا فروخت کرتا تھا
رسول اللہ سیّدنا محمد ﷺ کی خدمت میں یہ بات پہنچائی گئی تو آپ ﷺ نے فرمایا ”کون ہے جو یہ کنواں خرید کر وقف کر دے گا ۔ اللہ اُسے جنت میں ایک چشمے سے نوازے گا“۔
عثمان ابن عفّان رضی اللہ نے اُس یہودی کے پاس جا کر کنواں خریدنے کیلئے منہ مانگی قیمت کی پیشکش کی ۔ وہ یہودی کسی صورت کنواں بیچنے پر راضی نہ ہوا تو کہا ”چلو آدھا کنواں بیچ دو یعنی ایک دن پانی تمہارا اور ایک دن میرا“۔
یہودی 4000 سکہ رائج الوقت کے عوض آدھا کنواں دینے پر راضی ہو گیا ۔ عثمان رضی اللہ نے ادائیگی کر کے اپنے دن کا پانی سب کیلئے بغیر معاوضہ کر دیا ۔ ہوا یہ کہ سب لوگ عثمان رضی اللہ عنہ کے دن کنویں سے پانی لینے لگے اور یہودی کے دن کوئی پانی نہ لیتا ۔ تنگ آ کر یہودی نے باقی کنواں بیچنے کا عندیہ دیا تو عثمان رضی اللہ عنہ نے مزید 4000 سکہ رائج الوقت کے عوض باقی آدھا کنواں بھی خرید لیا اور پھر روزانہ سب کو بغیر معاوضہ پانی ملنے لگا

اس کے بعد ایک یہودی نے عثمان رضی اللہ سے کہا ”میں تمہیں دو گنا رقم دیتا ہوں کنواں مجھے بیچ دو“۔
عثمان رضی اللہ عنہ نے کہا ”میرے پاس اس سے زیادہ کی پیشکش ہے“۔
یہودی نے کہا ”میں تمہیں تین گنا رقم دیتا ہوں “۔
عثمان رضی اللہ عنہ نے پھر کہا ”میرے پاس اس سے زیادہ کی پیشکش ہے“۔
یہودی نے کہا ”میں تمہیں چار گنا رقم دیتا ہوں “۔
عثمان رضی اللہ عنہ کا جواب پھر وہی تھا
یہودی نے پانچ گنا کہا
عثمان رضی اللہ عنہ کا جواب پھر وہی تھا
آخر یہودی نے کہا ”تمہارے پاس کتنی پیشکش ہے ؟“
تو عثمان رضی اللہ عنہ نے کہا ”دس گنا کی“۔
یہودی بولا ”وہ کون ہے جو تمہیں دس گنا دینے کو تیار ہے ؟“
تو عثمان رضی اللہ عنہ نے کہا ”میرا اللہ“۔

اس کنویں کے پانی سے لوگ پانی لیتے رہے اور ملحقہ زمین سیراب ہوتی رہی ۔ وقت گذرتا گیا ۔ اُس زمین پر کھجور کا ایک بڑا باغ بن گیا ۔ آخر خلافتِ عثمانیہ (1299ء تا 1922ء) کے زمانہ میں کنویں اور باغ کی دیکھ بال شہر کی میونسپلٹی کے حوالے کر دی گئی

انحراف کیلئے معذرت ۔ ایک اہم بات ہے کہ بنیادی قوانین کی ترویج دنیا میں پہلی بار عمر ابن الخطاب رضی اللہ عنہ کے زمانہءِ خلافت میں شروع ہوئی اور خلافتِ عثمانیہ کے دوران مکمل ہوئی ۔ خلافتِ عثمانیہ کے زمانہ میں خلافت کے آئین اور بنیادی قوانین کو تحریری شکل میں نافذ کیا گیا

خیر ۔ آج تک عثمان رضی اللہ کی وقف کردہ املاک کا نظام مدینہ منورہ کی میونسپلٹی چلا رہی ہے ۔ اس باغ کی آمدن سے اتنی رقم جمع ہو گئی ہے کہ زمین کا ایک ٹکڑا خرید کر اس پر ایک عالی شان رہائشی ہوٹل بنایا جا رہا ہے جس کا نام عثمان ابن عفّان ہے

سُبحان اللہ ۔ آخرت میں تو دس گنا کا وعدہ ہے ہی اس دنیا میں بھی اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے عثمان رضی اللہ عنہ کو کتنی عزت بخشی ہے ۔

ہے پوری دنیا میں اس کی کوئی نظیر یا مثال ؟
ایک ہم ہیں کہ اس فانی دنیا کے چھوٹے چھوٹے لالچوں میں گھرے ہیں
اللہ الرّحمٰن الرّحیم مجھے اپنے پیاروں کی راہ پر گامزن کرے

چھوٹی چھوٹی باتیں ۔ خود اعتمادی

خود اعتمادی اس سے نہیں آتی
کہ
جب آدمی کے پاس تمام سوالات کے جوابات موجود ہوں
بلکہ
اس سے آتی ہے
کہ
آدمی تمام سوالات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہو

یہاں کلک کر کے پڑھیئے ” The War in New Phase“

سیاسی بصیرت کی ایک مثال

آج 23 مارچ ہے ۔ 74 سال قبل آج کی تاریخ ایک قرارداد لاہور کے اُس میدان میں پیش کی گئی تھی جہاں اب مینارِ پاکستان کھڑا ہے ۔ یہ قراداد پاکستان قائم ہونے کی طرف پہلا قدم ثابت ہوئی ۔ اُس زمانہ کے سیاستدانوں کی کامیا بی کا سبب کیا تھا ۔ اس سلسلے میں ایک کتاب
’’آزادی کی کہانی۔ میری زبانی‘‘ سے چند اقتباسات پیشِ خدمت ہیں ۔ یہ کتاب تحریک پاکستان کے عظیم رہنما سردار عبدالرب نشتر کی سوانح ہے جسے آغاز مسعود حسین نے تالیف کیا تھااور شاید 56۔1955ء میں شائع ہوئی

سردار عبدالرب نشتر قائد اعظم کے قریبی اور معتمد ساتھیوں میں سے تھے۔ وہ ماؤنٹ بیٹن کی عبوری کابینہ میں مسلم لیگ کے وزیر تھے اور بعدازاں قیام پاکستان کے بعد مرکزی کابینہ کے رکن اور پنجاب کے گورنر بھی رہے۔ اعلیٰ پائے کے مقرر، مخلص لیڈر اور صاف ستھرے انسان تھے۔ اسی لئے قائد اعظم انہیں پسند کرتے تھے۔ ان چند اقتباسات ہی کا مطالعہ ایک ذی شعور انسان کو سردار صاحب مر حوم کی بصیرت ، دور رس نگاہ اور دردمندی کی داد دینے پر مجبور کر دیتا ہے اور محسوس ہوتا جیسے موجودہ سیاستدان اور حکمران سردار صاحب کی قدآور شخصیت کے سامنے طفلان مکتب ہیں یا شاید طفلان مکتب بھی نہیں ۔ سردار صاحب نے جن خطرات کا اظہار 54/1953ء میں کیا تھا وہ بعد ازاں کس طرح صحیح اور سچ ثابت ہوئے اور ہماری کوتاہیوں نے کیا گل کھلائے

کتاب کے صفحہ نمبر 182 پرسردار صاحب فرماتے ہیں ”پاکستان میں ایک اور مرض قیام پاکستان کے بعد سے نمایاں ہوگیا ہے وہ تعصب کا مرض ہے۔ میں نے محسوس کیا ہے کہ پاکستان کے مختلف صوبوں کے درمیان گہرے تعصبات موجود ہیں حالانکہ تعصب خالصتاً ہندو مزاج ہے۔ پاکستان ایک ملت ہے اور ایک ملت میں لسانی یا مذہبی تعصبات نہیں ہوتے۔ مشرقی پاکستان میں محرومی کااحساس بڑھ رہا ہے۔ انہیں شکایت ہے کہ بنگلہ زبان کو پاکستان کی واحد قومی زبان کیوں نہیں بنایا گیا لیکن ان کا یہ اعتراض غلط فہمی کا نتیجہ ہے۔ قائد اعظم نے اردو کو پاکستان کی قومی زبان اس لئے بنایا ہے کہ یہ دونوں بازوں کے درمیان رابطے کی اوربول چال کی زبان ہے۔ قائد اعظم نے نہ بنگلہ زبان کے استعمال اور لکھنے پڑھنے کو ممنوع قرار دیا ہے نہ اس کی حیثیت کو کم کرنے کی کوشش کی ہے۔ مشرقی پاکستان کے عوام نے قیام پاکستان کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں اور انہیں شکایت ہے کہ مغربی پاکستان ان کا معاشی استحصال کررہا ہے۔ مغربی پاکستان کے رہنمائوں کو ان سے فراخدلانہ سلوک کرنا چاہئے اور ان کی شکایتوں کا ازالہ کرنا چاہئے ، ان کے دلوں اور ذہنوں سے یہ احساس ختم کردینا چاہئے اگر مغربی پاکستان اور مشرقی پاکستان کے رہنما مل کر مشرقی پاکستان کے لوگوں کے ذہنوں سے ہر قسم کی مایوسیوں کو دور نہیں کرسکے تو ایک دن یہ خلیج طبعی اور جغرافیہ کی خلیج بن جائے گی۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم دونوں صوبوں کے درمیان محبتوں کے مضبوط پل تعمیر کریں تاکہ کوئی دشمن ہم دونوں کو جدا نہ کرسکے“۔

(یاد رہے کہ بنگالی مشرقی پاکستان کی سرکاری زبان جبکہ اردو کو پاکستان کی سرکاری زبان قرار دیا گیا تھا۔ یہ فیصلہ دستورساز اسمبلی کا تھا جسے بنگالی اراکین کی حمایت حاصل تھی۔ قائد اعظم دستور ساز اسمبلی کے فیصلے کی نمائندگی کرتے رہے اور حمایت کرتے رہے)

بدقسمتی سے سردار عبدالرب نشتر کی دردمندانہ تجاویز ، اندیشوں اور گزارشات پر عمل نہ کیا گیا اور پھر 1971ء میں پاکستان ٹوٹ گیا

سردار صاحب مرحوم مزید فرماتے ہیں”مغربی پاکستان کے چھوٹے صوبوں یعنی سرحد بلوچستان میں بھی معاشی ناہمواریوں کی شکایتیں پائی جاتی ہیں۔ ان صوبوں کے رہنمائوں کو پنجاب سے شکایت ہے کہ یہاں کی افسر شاہی چھوٹے صوبوں کے ساتھ مساویانہ سلوک کرنے کو تیار نہیں۔ اس صوبے (پنجاب) کا مزاج جاگیردارانہ ہے۔ مغربی پاکستان کے چاروں صوبوں کے رہنماؤں کو آپس میں مل بیٹھ کر ایک متحدہ معاشی و سیاسی پروگرام بنانا چاہیئے تاکہ وہ ایک طرف جاگیرداروں اور افسر شاہی کے ملاپ کو کمزور کرسکیں تو دوسری طرف عوام کے اتحاد کو مضبوط بنائیں‘‘۔

جو نقشہ سردار صاحب نے ساٹھ برس قبل کھینچا تھا وہ صورتحال تقریباً آج بھی اسی طرح موجود ہے اور ہم مسلسل زوال اور انتشار کی راہ پر چل رہے ہیں۔ یوں تو سردار صاحب نے قومی زندگی کے سبھی شعبوں پر اظہار خیال کیا ہے جو ہماری آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے لیکن آخر میں میں آپ کو اس کہانی کا فقط ایک کردار اور ایک منظر دکھا رہا ہوں جو نہایت دردناک اور عبرت ناک ہے۔ اس منظر میں بیان کئے گئے سردار صاحب کے خدشات کس طرح حقیقت بنے یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں لیکن اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ قائد اعظم کے ساتھی حالات کو سمجھنے ، بھانپنے اور مستقبل میں جھانکنے کی صلاحیت بدرجہ اتم رکھتے تھے کیونکہ وہ سیاستدان تھے، سیاسی جدوجہد نے ان کی سیاسی تربیت کی تھی، ان کے دل اقتدار اور دولت کی ہوس سے پاک تھے۔ یاد رکھئے کہ صرف وہ نگاہ دور رس ا ور دور بین ہوتی ہے جو ہر قسم کی ہوس سے پاک ہو، جس کے پیچھے روشن دماغ ہو اور خلوص نیت ہو

سردار صاحب مرحوم فرماتے ہیں کہ ”پاکستان بننے کے بعد پاکستان کی فوج پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوگئی ہیں۔ پاکستان کی حکومت نے ا ن کی ضروریات پوری کرنے کے لئے مغربی ممالک کے ساتھ دوستی اور خیر سگالی کے جذبات کو فروغ دیا ہے لیکن اپنی آزادی اور خود مختاری کی قیمت پر نہیں۔ پاکستان کی فوج کو بھی چاہیئے کہ وہ پاکستان کی سیاسی صورتحال کے پیش نظر اور یہ جانتے ہوئے کہ ان کے پڑوس میں بھارت ، افغانستان اور روس ہیں جن کے تعلقات روز اول ہی سے خراب ہیں۔ پاکستان کی فوج کو سیاست میں ملوث نہیں ہونا چاہئے ……. مجھے شبہ ہے کہ پاکستان کی بری فوج کے سربراہ ایوب خان سیاست میں دلچسپی لے رہے ہیں اور انہوں نے کئی جگہوں پر کہا ہے کہ پاکستان میں سویلین حکومت نہیں چلا سکتے۔ ایوب خان کی یہ سوچ نادانی پر مبنی ہے ، اسے معلوم نہیں کہ وہ آج جو کچھ بھی ہے محض پاکستان کی بدولت ہے۔ پاکستان عوام نے اپنے خون سے حاصل کیا ہے……. میرا خیال ہے کہ اگر پاکستان کی فوج نے کبھی بھی سیاست میں آنے کی کوشش کی تو اسی دن سے پاکستان کی فوج اور ملک کا زوال شروع ہوجائے گا۔ ملک کے پیچیدہ معاملات فوجی افسر نہیں چلا سکتے۔ ان کی تربیت زندگی کی شاہراہ پر نہیں ہوتی، وہ ایک مخصوص ماحول میں سویلین سے دور اپنی ذہنی اور جسمانی تربیت حاصل کرتے ہیں …….جس دن فوج سیاست میں داخل ہوگئی، بھارت اس سے فائدہ اٹھائے گا، فوج عوام کی نظروں میں بدنام ہوجائے گی، جس کا مطلب یہ ہوگا کہ پاکستان کے ٹوٹنے کا عمل شروع ہوجائے گا……. میں تو اس تصوّر ہی سے ڈر جاتا ہوں کہ پاکستان کی فوج سیاست میں ملوث ہو………. فوج کا کام جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرنا ہے اور سیاستدانوں کا کام نظریاتی و تہذیبی سرحدوں کی حفاظت کرنا ہے ………. اگر کسی ایک نے دونوں کام اپنے ذمے لے لئے تو پھر وہ دونوں کام انجام نہیں دے سکے گا “۔

سردار صاحب نے پنجاب کے جاگیرداروں اور نوکر شاہی کے بارے میں جن خیالات کا اظہار کیا تھا وہ ساٹھ برس گزرنے کے بعد بھی جوں کے توں موجود ہیں۔ انہوں نے چھوٹے صوبوں کے احساس محرومی پر تشویش کا اظہار کیا تھا لیکن ہمارے حکمرانوں نے اس پر توجہ نہیں دی یہ احساس محرومی آج بلوچستان میں استحکام پاکستان کے لئے ایک خطرہ بن چکا ہے۔ سردار صاحب نے فوجی جرنیلوں کے جن عزائم پر اضطراب اور خوف کا اظہار کیا تھا وہ 1958ء میں حقیقت بن گئے اور ایوب خان نے اقتدار پر قبضہ کرکے نہ ہی صرف فوجی مداخلتوں کا دروازہ کھول دیا بلکہ پاکستان کے ٹوٹنے کی بھی بنیاد رکھ دی ۔ آج تقریباً وہی صورتحال ہے جو سردار صاحب کی چشم تصور نے ساٹھ برس قبل دیکھی تھی اسے کہتے ہیں سیاسی بصیرت

اُردو قومی زبان کیسے بنی ۔ بہتان اور حقیقت

آج 21 مارچ ہے ۔ 66 سال قبل آج کے دن ایک واقعہ ہوا تھا جسے درست بیان کرنے کی بجائے نامعلوم کس مقصد کیلئے قوم کو خود تراشیدہ کہانیاں سنائی جاتی رہی ہیں اور اب تک سنائی جاتی ہیں ۔ جن صاحب نے سب سے پہلے خود تراشیدہ کہانی کو کتابی صورت میں پیش کیا وہ عطا ربانی صاحب (میاں رضا ربانی کے والد) تھے ۔ انہوں نے اپنی کتاب میں لکھا

” قائداعظم نے مارچ 1948ء میں اپنے دورۂ مشرقی پاکستان کے دوران مشرقی بازو کی قیادت کو اعتماد میں لئے بغیر ڈھاکہ کے پلٹن میدان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اردو کو پاکستان کی قومی زبان قرار دیا جو محض 2 فیصد آبادی کی زبان تھی اور وہاں ہنگامہ ہوگیا جس میں 3 طلباء مارے گئے“۔

عطا ربانی صاحب نے جو لکھا وہ حقیقت کے منافی ہے۔ وہ ڈھاکہ کے اس جلسے میں بطور اے ڈی سی قائداعظم کے ساتھ نہیں تھے۔ وہ سات ماہ قائداعظم کے ساتھ رہے اور 19 مارچ 1948ء کو واپس ایئرفورس میں چلے گئے تھے جبکہ قائداعظم نے ڈھاکہ کے جلسہ سے 21 مارچ 1948ء کو خطاب کیا۔ مزید یہ کہ اس جلسہ میں کوئی ہنگامہ نہیں ہوا تھا

قائداعظم کی اس جلسہ میں تقریر کا پس منظر اور پیش منظر منیر احمد منیر صاحب نے اپنی کتاب ’’ قائداعظم، اعتراضات اور حقائق‘‘ میں بڑی تفصیل سے بیان کیا ہے۔ قائداعظم نے ڈھاکہ میں جو اعلان کیا وہ پاکستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی کا اکثریتی فیصلہ تھا۔ 25 فروری 1948ء کو کراچی میں دستور ساز اسمبلی میں مشرقی پاکستان سے کانگریس کے ہندو رُکن دھرنیدر ناتھ دتہ نے بنگالی کو پاکستان کی قومی زبان قرار دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ قائداعظم نے اسمبلی کے سپیکر کے طور پر اس مطالبے کو رد کرنے کی بجائے اس پر بحث کرائی۔ کانگریسی رُکن اسمبلی نے کہا ”ریاست کے 6 کروڑ 80 لاکھ باشندوں میں سے 4 کروڑ 40 لاکھ باشندے بنگالی بولتے ہیں اس لئے قومی زبان بنگالی ہوگی“۔ ایک اور کانگریسی رُکن پریم ہری ورما نے اس مطالبے کی حمایت کی ۔ لیکن مشرقی پاکستان کے بنگالی ارکان مولوی تمیز الدین اور خواجہ ناظم الدین نے اس مطالبے کی مخالفت کی۔ لیاقت علی خان نے وضاحت کی کہ ہم انگریزی کی جگہ اُردو کو لانا چاہتے ہیں اس کا مطلب بنگالی کو ختم کرنا نہیں۔ کافی بحث کے بعد متذکرہ مطالبہ مسترد کردیا گیا ۔ یہ مطالبہ مسترد کرنے والوں میں بنگالی ارکان حسین شہید سہروردی ۔ نور الامین ۔ اے کے فضل الحق ۔ ڈاکٹر ایم اے مالک اور مولوی ابراہیم خان بھی شامل تھے ۔ چنانچہ اُردو کو قومی زبان بنانے کا فیصلہ قائداعظم کا نہیں دستور ساز اسمبلی کا فیصلہ تھا

قائداعظم نے 21 مارچ 1948ء کی تقریر میں یہ بھی کہا تھا آپ اپنے صوبے کی زبان بنگالی کو بنانا چاہتے ہیں تو یہ آپ کے نمائندوں کا کام ہے ۔ بعدازاں صوبائی حکومت نے اُردو کے ساتھ بنگالی کو بھی قومی زبان قرار دینے کا مطالبہ کیا تو یہ مطالبہ تسلیم کر لیا گیا لیکن تاخیر سے کیا گیا اور اس تاخیر کا پاکستان کے دشمنوں نے خوب فائدہ اٹھایا

بنگالی عوام قائداعظم سے ناراض ہوتے تو 2 جنوری 1965ء کے صدارتی انتخاب میں جنرل ایو ب خان کے مقابلے میں قائداعظم کی بہن محترمہ فاطمہ جناح کی حمایت نہ کرتے ۔ محترمہ فاطمہ جناح ڈھاکہ میں جیت گئی تھیں جہاں اِن کے چیف پولنگ ایجنٹ شیخ مجیب الرحمان تھے“۔

میری کہانی 7 ۔ سمجھ کی بات

آجکل جب کبھی رات کو سونے کیلئے بستر پر لیٹے ہوئے اپنے ماضی پر نظر پڑتی ہے تو ایک بات پر میں تعجب کئے بغیر نہیں رہتا کیونکہ اس کا سبب میری سمجھ میں نہیں آتا ۔ چنانچہ میں مندرجہ ذیل شعر بار بار پڑھتا ہوں اور اشک باری کرتا ہوں کہ اس کے سوا اور کر بھی کیا سکتا ہوں

سب کچھ دیا ہے اللہ نے مجھ کو
میری تو کوئی بھی چیز نہیں ہے
یہ تو کرم ہے فقط میرے اللہ کا
مجھ میں ایسی کوئی بات نہیں ہے

میں ایک عام دنیا دار آدمی ہوں ۔ زندگی کا بیشتر حصہ ناشتہ ۔ دو وقت کا کھانا اور چند جوڑے کپڑے ہی میری متاعِ کُل رہی ۔ دولت کی ہوس تو نہ تھی البتہ دولت کی ضرورت ہمیشہ رہی ۔ لیکن سمجھ میں نہیں آیا کہ بچپن سے لے کر آج تک مجھ پر اتنا اعتبار کیوں کیا جاتا رہا ۔ پہلے کا تو کچھ یاد نہیں سکول میں آٹھویں جماعت (1950ء) سے انجنیئرنگ کالج تک اور پھر ملازمت کے دوران بھی اگر پیسے رکھنے کیلئے کسی کو خزانچی بنانا ہوتا تو ساتھی میرے گرد ہو جاتے اور انکار کے باوجود مجبور کر دیتے ۔ کہیں ذاتی طور پر یا کالج کی طرف سے دورے پر جاتے تو کچھ لڑکے اکٹھے ہو کر اپنے اپنے پیسے مجھے دے دیتے اور کہتے ہم اکٹھے ہی ہر جگہ جائیں گے ۔ خرچ تم کرتے جانا

سکول کالج اور جوانی میں بھی میں صنفِ مخالف کے ساتھ بہت روکھا بولا کرتا تھا ۔ گیارہویں اور بارہویں جماعت میں آزاد خیال لڑکیوں کے سوا (جو اُس زمانہ میں بہت کم تھیں) کسی لڑکی کو کسی لڑکے سے کوئی کام ہوتا تو مجھے قاصد بنا دیتی

اُستاد کوئی تفتیش کر رہے ہوتے تو آخر میں مجھے بُلا کر پوچھتے کہ درست بات کیا ہے ؟ انجنیئرنگ کالج میں ہوسٹل سپرنٹنڈنٹ صاحب جو مکینیکل انجنیئرنگ کے سربراہ بھی تھے اور بعد میں وائس چانسلر بنے خود آڈٹ کرنے کی بجائے خُفیہ طور پر مجھ سے کرواتے اور جو میں کرتا اُس پر دستخط کر دیتے

ذاتی معاملات میں بھی کئی اصحاب مجھ سے مشورہ طلب کرتے ۔ میں عام طور پر یہی کہتا کہ ”یہ آپ کا ذاتی یا خانگی معاملہ ہے ۔ اس پر میں کیا رائے دے سکتا ہوں ۔ آپ اپنے معاملات کو بہتر سمجھتے ہیں“۔ لیکن وہ مصر رہتے اور ذاتی یا خانگی تفصیلات بیان کر دیتے
میں اُس وقت سوچا کرتا کہ میں اتنا اچھا آدمی نہیں ہوں پھر یہ صاحب مجھ پر اتنا بھروسہ کیوں کر رہے ہیں ۔ کبھی میں اتنا ڈر جاتا کہ میرے مشورے کے نتیجہ میں ان کا کوئی نقصان ہو گیا تو میں اپنے آپ کو کبھی معاف نہ کر سکوں گا

بلاشُبہ اللہ بے نیاز ہے ۔ ایک دانہ بونے سے جو پودا اُگتا ہے اُسے بہت سی پھلیاں پڑتی ہیں اور ہر پھلی میں کئی کئی دانے ہوتے ہیں
اگر اللہ ہماری محنت کا برابر صلہ دینا شروع کرے تو ہمارا کیا بنے ؟

آپ کتنے پانی میں ہیں ؟

”حکمران خراب ہیں“۔ ”زمانہ خراب ہے“۔
یہ فقرے عام سننے میں آتے ہیں
حُکمرانوں کو راہِ راست پر لانے کیلئے پہلا قدم لازم ہے کہ حکومت یا کسی دوسرے پر الزام لگانے والا اپنا جائزہ لے کہ
میں کیا ہوں ؟
میری اس معاشرے میں کیا ذمہ داریاں ہیں ؟
کیا میں وہ ذمہ داریاں نباہ رہا ہوں ؟

تخلیے میں تھوڑا سا اپنا امتحان تو لیجئے

کیا میرے دل میں خدمتِ خلق کا جذبہ ہے ؟
کیا میں کوئی فلاحی کام کرتا ہوں ؟
کیا میرا پڑوسی مجھ سے خوش ہے ؟
کیا میں اپنے بچوں کی شادی اور دیگر خوشی کے مواقع پر یتیموں اور مسکینوں کو یاد رکھتا ہوں ؟
کیا مجھے حرام اور حلال کی سوجھ بوجھ ہے ؟
کیا میں حرام سے بچتا اور حلال کیلئے محنت کرتا ہوں ؟
کیا میں ادھار لے کر وقت پر لوٹاتا ہوں ؟
کیا میں دوسروں کو اسی کام کی تلقین کرتا ہوں جس پر میں خود عمل پیرا ہوتا ہوں ؟

اگر سب سوالوں کا جواب ”ہاں“ میں ملتا ہے تو آپ کی اصلاح کی کوشش ناکام نہیں ہو گی
استقلال کے ساتھ عملی کوشش جاری رکھیئے
بصورتِ دیگر انسان بننے کیلئے کوشش کیجئے قبل اس کے کہ درستگی کا وقت ختم ہو جائے
اللہ مجھے سیدھی راہ پر چلائے