Monthly Archives: August 2013

یومِ آزادی مبارک

پہلے معذرت ۔ 13 اور 14 اگست کو میں تیز بخار اور اسہال میں مبتلاء تھا جس کے باعث اُٹھنے کی ہمت نہ تھی ۔ اللہ کے فضل سے آج بہتر ہوں تو پیغام لکھا ہے

تمام ہموطنوں کو یومِ آزادی مبارک

آیئے سب صدق دل سے دعا کریں

کُل کائنات کو پیدا کرنے والے ۔ آپ رحمٰن و رحیم ہو اور قادر و کریم بھی
ہمیں ایک قوم بنا دے جو سب مل کر ایک ٹھوس دیوار کی طرح مضبوط بن جائے
ہمیں ایک دوسرے کو برداشت کرنے اور مِل جُل کر محنت کرنے کی توفیق عطا فرما
ہمارے وطن کو امن کا گہوارہ بنا دے
یہ وطن پاکستان آپ ہی نے ہمیں عنائت فرمایا ہے ۔ اس کی ہر قسم کے دُشمن سے حفاظت فرما
آمین ثم آمین یا رب العالمین

یہ میرا پوتا ابراھیم (4 سال 3 ہفتے) اور پوتی ھناء (ڈیڑھ سال سے ہفتہ کم) ہیں ۔ انہوں نے پاکستان کے جھنڈے کی نقل میں کپڑے پہنے ہیں ۔ ابراھیم بسکٹوں پر پاکستان کا جھنڈا بنا رہا ہے ۔ نیچے 3 میں سے ایک بسکٹ ہے جس پر ابراھیم نے پاکستان کے جھنڈے بنائے ہیں
Ebrahim

Hana

Flag

چھوٹی چھوٹی باتیں ۔ سوچیئے

دیکھنے والے سوچیں کہ ایسے بھی ہیں جو بینائی سے محروم ہیں
سُننے والے سوچیں کہ ایسے بھی ہیں جو قوتِ سماع سے محروم ہیں
خوشبو سُونگھنے والے سوچیں کہ ایسے بھی ہیں جو سونگھنے کی حس سے محروم ہیں
بولنے والے سوچیں کہ ایسے بھی ہیں جو قوتِ گویائی سے محروم ہیں
چلنے والے سوچیں کہ ایسے بھی ہیں جو چلنے سے محروم ہیں
جو سوچ کے ماضی میں دیکھی یا پڑھی باتیں یا کر سکتے ہیں وہ سوچیں کہ ایسے بھی ہیں جو سوچنے کی طاقت سے محروم ہیں

میری یاد داشت جو سوچنے کا نتیجہ ہوتی ہے میرے ساتھیوں ۔ دوستوں اور کچھ قارئین میں بھی مشہور تھی ۔ میری سونگھنے کی حس بھی خاصی تیز تھی ۔ میں 28 ستمبر 2010ء کے حادثہ میں اللہ کی ادا کردہ ان دونوں نعمتوں سے محروم ہو چکا ہوں ۔ میں سمجھتا تھا کہ بوڑھا ہونے پر سوچنے کی قوت کم ہو جاتی ہے ۔ اس حادثہ سے معلوم ہوا کہ سوچنے کی قوت کسی وقت بھی ختم ہو سکتی ہے ۔ سب جانتے ہیں کہ باقی قوّتوں سے آدمی کسی وقت بھی محروم ہو سکتا ہے

کُلُ عام انتم بخیر

اللہُ اکبر اللہُ اکبر لَا اِلَہَ اِلْاللہ وَحْدَہُ لَا شَرِیْکَ لَہُ
لَہُ الّمُلْکُ وَ لَہُ الْحَمْدُ وَ ھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیٍ قَدِیر
اللہُ اکبر اللہُ اکبر لا اِلہَ اِلاللہ و اللہُ اکبر اللہُ اکبر و للہِ الحمد
اللہُ اکبر اللہُ اکبر لا اِلہَ اِلاللہ و اللہُ اکبر اللہُ اکبر و للہِ الحمد
اللہُ اکبر کبِیرہ والحمدُللہِ کثیِرہ و سُبحَان اللہِ بکرۃً و أصِیلا

تمام مسلم محترم بزرگوں ۔ بہنوں ۔ بھائيوں اور پيارے بچوں بالخصوص قارئین اور ان کے اہلِ خانہ کی خدمت ميں عيدالفطر کا ہديہِ تبريک پيش کرتا ہوں اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی طرف سے

اللہ سبحانُہُ و تعالٰی آپ سب کے روزے اور عبادتيں قبول فرمائے اور آپ سب کو دائمی عمدہ صحت ۔ مُسرتيں اور خوشحالی سے نوازے ۔ آمين ثم آمين ۔

آیئے سب انکساری ۔ رغبت اور سچے دِل سے دعا کریں
اے مالک و خالق و قادر و کریم
رمضان المبارک میں ہمارے روزے اور دیگر عبادتیں قبول فرما
اپنا خاص کرم فرماتے ہوئے ہمارے ہموطنوں کو آپس کا نفاق ختم کر کے ایک قوم بننے کی توفیق عطا فرما
ہمارے ملک کو اندرونی اور بیرونی سازشوں سے محفوظ رکھ
ہمارے ملک کو امن کا گہوارہ بنا دے
ہمارے حکمرانوں کو سیدھی راہ پر چلا
ہمارے ملک کو صحیح طور مُسلم ریاست بنا دے
آمین ثم آمین

بہادر کون ؟

بہادری کسی کو پچھاڑنا یا گرانا نہیں ہوتا

بلکہ بہادری یہ ہے
کہ
غُصے کے وقت آدمی اپنے جسم اور زبان کو قابو میں رکھے

میری پرانی ڈائری میں کئی دہائیاں پہلے کا لکھا مجھے تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کے حالیہ رویّئے سے یاد آیا

زندگی کیا ہے ؟

خاور کھوکھر صاحب نے ”زندگی جو بھی ہے“ کے عنوان سے زندگی کی مختلف تعریفیں لکھیں تو مجھے یاد آیا کہ میں نے بھی کچھ لکھا تھا ۔ قارئین کی سہولت کیلئے اپنی 14 اپریل 2008ء کی تحریر ”زندگی کیا ہے ؟” دوہرا رہا ہوں

زندگی ہر انسان کی اپنی سوچ ہے ۔ اس کا کوئی صورت اختیار کرنا ہر انسان کی اپنی عقل اور عمل کے تابع ہوتا ہے
کچھ لوگ اپنی خوشی کو دوسروں کی خوشی پر مقدّم رکھتے ہیں
اور
کچھ دوسروں کو خوش رکھنے میں مسرت محسوس کرتے ہیں
جبکہ
کچھ ایسے بھی ہیں جو دوسروں کو دُکھی دیکھ کر خوش ہوتے ہیں

کچھ لوگ اپنی زندگی کو جہنم بنا لیتے ہیں
اور
کچھ دوسروں کی زندگی کو عذاب بنا دیتے ہیں

ان میں سب سے اچھے بلکہ خوش قسمت وہ ہیں جو دوسروں کی خوشی پر خوش ہوتے ہیں ۔ اُن کی صحت ٹھیک رہتی ہے اور وہ اطمینان کی نیند بھی سوتے ہیں

ستم ظریفی دیکھیئے کہ عام طور پر انسان اپنی خوشی تو اپنی محنت کا ثمرہ گِنتا ہے اور دُکھ ملے تو اسے اللہ کی مرضی کہہ کر فارغ ہو جاتا ہے حالانکہ خالق نے اپنی مخلوق کو دُکھ دینے کیلئے پیدا نہیں کیا ۔ دُکھ اور تکلیف انسان کی اپنی کوتاہیوں اور غلط سوچ کا نتیجہ ہوتے ہیں

یہ بھی حقیقت ہے کہ
ہر وقت ایک ہی موسم رہے یا ہر وقت دن یا ہر وقت رات رہے تو زندگی اجیرن ہو جائے
اگر بیماری نہ آئے تو صحت کی قدر نہ ہو
تکلیف نہ آئے تو آسائش کا احساس جاتا رہے
غُربت نہ ہو تو دولت بے قدر ہو جائے
کوئی بے اولاد نہ ہو تو اولاد کی اہمیت نہ رہے
امتحان نہ ہو تو محنت کون کرے ؟

سب سے قیمتی وہ لمحہ ہے جو بلا روک ٹوک گذر جاتا ہے کوئی اس سے فائدہ اُٹھائے یا نہ اُٹھائے

دولت کو اہمیت دینے والے اپنی اصلیت سے ناواقف ہیں
ہمارے بزرگ کہا کرتے تھے “دولت ہاتھ کا مَیل ہے ۔ اسے اپنے ہاتھوں سے صاف کر دو”۔
میں نے اپنی زندگی میں کئی بھرے گھر اُجڑتے دیکھے ہیں اور کئی ایسے انسانوں کے پاس دولت کی ریل پیل آتے دیکھی ہے جن کو دو وقت کی سوکھی روٹی بھی مشکل سے ملتی تھی
میں نے ایسا آدمی بھی دیکھا ہے جو دولت کے انبار لئے پھر رہا تھا کہ کوئی سب لے لے اور اُس کے بیٹے کو صحت و زندگی بخش دے
دولت آنی جانی چیز ہے اس پر بھروسہ نادانی ہے

عرصہ گذرا میرے ایک واقفِ کار ایک تبلیغی ٹولے کے ساتھ امریکہ گئے ۔ ان لوگوں نے ایک بڑے اور ترقی یافتہ شہر کی انتظامیہ سے شہر سے باہر خیمہ لگانے کی اجازت لی اور بیان و تبلیغ کا سلسلہ شروع کر دیا ۔ وہ بتاتے ہیں کہ روزانہ مغرب کے بعد جب پورا گروہ خیمے میں اکٹھا ہوتا تو قرآن شریف کی تلاوت اور ترجمہ عشاء کے کافی بعد تک ہوتا ۔ اس دوران روزانہ دو اُدھڑ عمر گورے امریکن پیدل سیر کرتے ہوئے وہاں سے گذرتے ۔ ایک دن اُنہوں نے بیٹھ کر سننے کی اجازت مانگی جو بخوشی دے دی گئی ۔ حالانکہ تلاوت عربی میں ہو رہی تھی اور تفسیر اُردو میں لیکن وہ دونوں بڑے انہماک سے سُنتے رہے ۔ ایک ڈیڑھ گھنٹے بعد وہ لیٹ کر سو گئے ۔ گروہ کے دو آدمیوں نے اپنے سلیپِنگ بیگ ان پر ڈال دئیے اور خود کوٹ وغیرہ پہن کر سو گئے ۔ فجر کی نماز ادا کرنے کے بعد گروہ کے آدمی اپنے تبلغی دورے پر چلے گئے اور ایک آدمی کو ان دو امریکیوں کی دیکھ بھال کیلئے چھوڑ گئے ۔ 9 بجے کے قریب جب سورج بلند ہوا اور ان پر دھوپ آئی تو وہ دونوں جاگ اُٹھے اور حیران ہوئے کہ وہ زمین پر سوئے ہوئے تھے ۔ شام کو وہ جلدی آ گئے اور کہنے لگے “یہ جو کچھ تم پڑھتے ہو ہمیں بھی سکھاؤ گے ؟” اُن کو بتایا گیا کہ گروہ میں سے ایک شخص ہے جو انگریزی میں ترجمہ اور تفسیر کرتا ہے ۔ وہ کہنے لگے “ہم دونوں بِلینیئر [Billionaire] ہیں ۔ آپ ہماری ساری دولت لے لیں اور ہمیں یہ علم سِکھا دیں”۔ اُن سے کہا گیا “سِکھانا تو ہمارا فرض ہے ہم اس کیلئے کوئی معاوضہ نہیں لیں گے مگر آپ اتنی ساری دولت لُٹانے پر کیسے آ گئے ہیں ؟” امریکیوں میں سے ایک بولا ۔ میرے گھر میں ہر آسائش موجود ہے آرام دہ کمرہ اور بہت آرام دہ بستر ۔ موسیقی ۔ سب کچھ مگر نیند نہیں آتی ۔ ہم ڈاکٹروں سے مشورہ لیتے ہیں ۔ پِلز [Pills] بھی کھاتے ہیں ۔ یہ سیر بھی اسی لئے کرتے ہیں کہ نیند آ جائے لیکن رات کا کافی حصہ جاگ کر گذارتے ہیں ۔ صبح جسم تھکاوٹ سے چور ہوتا ہے ۔ رات ہم 11 گھنٹے سے زیادہ سوئے ۔ سردی میں گھر سے باہر اور سخت زمین پر ۔ ہماری دولت کس کام کی جو ہمیں چند گھنٹے روزانہ کی نیند بھی نہیں دے سکتی ؟” وہ امریکن روزانہ تلاوت اور انگریزی ترجمہ سُنتے رہے اور تبلیغی گروہ کے وہاں قیام کے دوران ہی اُنہوں نے اپنی ساری جائیداد ایک ویلفیئر ٹرسٹ کے نام کر دی اور اسلام قبول کر لیا

ساس بہو یا نند بھابھی کا رشتہ بہت اُلجھاؤ والا ہے ۔ کہیں ایک قصور وار ہوتی ہے اور کہیں دونو ۔ اللہ میری بڑی خالہ جو کہ میری ساس بھی تھیں کو جنت میں جگہ دے ۔ میں نے اُنہیں ایک خاتون کو جو اپنی بہو کی بدتعریفی کر رہی تھی کہتے سُنا ۔ دو عورتوں کی کئی سال بعد ملاقات ہوئی تو ایک نے دوسری سے اس کے داماد کے متعلق پوچھا تو اُس نے جواب دیا کہ “داماد بہت اچھا ہے دفتر جانے سے پہلے میری بیٹی کیلئے ناشتہ تیار کر کے جاتا ہے پھر دفتر سے آ کر میری بیٹی کے کپڑے استری کرنے کے بعد فٹا فٹ کھانا پکا لیتا ہے اور بیوی کو ساتھ لے کر سیر کرنے جاتا ہے ۔ واپس آ کر کھانا کھاتے ہیں اور برتن دھو کر سوتا ہے ۔ پھر اس عورت نے بیٹے کا پوچھا تو کہنے لگی “وہ بچارا تو مشکل میں ہے ۔ تھکا ہارا دفتر سے آتا ہے اور بچے سنبھالنا پڑتے ہیں”۔ عورت نے پوچھا “بہو کہاں ہوتی ہے ؟” اس نے جواب دیا “کھانا پکا رہی ہوتی ہے”۔ پھر عورت نے پوچھا “تمہارے گھر کا باقی کام کون کرتا ہے ؟” تو منہ بنا کر جواب دیا “بہو کرتی ہے”۔

ہمیشہ کام آنے والی اور قابلِ اعتماد صرف دو چیزیں ہیں
ایک ۔ علمِ نافع سیکھنا ۔
دوسرا ۔ وہ عمل جس سے دوسرے کو بے لوث فائدہ پہنچایا جائے ۔

سیکھنا بھی ہر کسی کے بس کا روگ نہیں ۔ اللہ جنت میں اعلٰی مقام دے میرے دادا جان کو کہا کرتے تھے “جس نے سیکھنا ہو وہ گندی نالی کے کیڑے سے بھی کوئی اچھی بات سیکھ لیتا ہے اور جس نے نہ سیکھنا ہو وہ عطّار کی دُکان پرساری عمر بیٹھ کر بھی خُوشبُو کی پہچان نہیں کر پاتا”۔

سورت 53 ۔ النّجم ۔ آیت ۔ 39 ۔ وَأَن لَّيْسَ لِلْإِنسَانِ إِلَّا مَا سَعَی ۔ ترجمہ ۔ اور یہ کہ ہر انسان کیلئے صرف وہی ہے جس کی کوشش خود اس نے کی

محنت کامیابی کی کُنجی ہے ۔ محنت کا پھل مِل کر رہتا ہے ۔ کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو منصوبے تو بہت بناتے ہیں مگر عملی طور پر کرتے کچھ نہیں ۔ ان کی مثال یوں ہے

ارادے باندھتا ہوں سوچتا ہوں توڑ دیتا ہوں
کہیں ایسا نہ ہو جائے کہیں ویسا نہ ہو جائے

خوش فہمی میں رہنا اچھی بات نہ سہی لیکن ہر چیز یا بات کا روشن پہلو دیکھنے سے انسان نہ صرف خود اپنی صحت ٹھیک رکھتا ہے بلکہ دوسرے بھی اُس کو زبان سے نہ سہی لیکن دلی سچائی میں اچھا سمجھتے ہیں ۔ ہاں حسد کریں تو الگ بات ہے مگر حسد سے اپنا خُون جلانے کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہوتا ۔ بچپن سے مندرجہ ذیل شعر میرے مدِنظر رہے ہیں اور میں نے ہمیشہ ان کی روشنی میں جد و جہد کی اور اللہ کے فضل سے کبھی محروم نہیں رہا

تُندیِٔ بادِ مخالف سے نہ گبھرا اے عقاب
یہ تو چلتی ہے تُجھے اُونچا اُڑانے کے لئے

پرے ہے چرخِ نیلی فام سے منزل مُسلماں کی
ستارے جس کی گردِ راہ ہوں وہ کارواں تُو ہے

یقینِ محکم عملِ پیہم پائے راسخ چاہئیں
استقامت دل میں ہو لب پر خدا کا نام ہو

یہ آخری شعر میں نے علامہ اقبال کے شعر میں ترمیم کر کے بنایا تھا جب میں دسویں جماعت میں پڑھتا تھا (1953)

جو بات کسی کو بھولنا نہیں چاہیئے یہ ہے کہ پیٹ بھرنا انسان کی سب سے بڑی اور اہم ضرورت ہے ۔ اسی ضرورت کے تحت انسان ظُلم ۔ جُرم اور گناہ بھی کرتا ہے لیکن پیٹ سونے ۔ چاندی یا ہیروں سے نہیں بلکہ گندم ۔ چاول ۔ مکئی ۔ سبزی پھل یا گوشت سے بھرتا ہے

چھوٹی چھوٹی باتیں ۔ قسمت

قسمت آپ کے اختیار میں نہیں

لیکن

محنت آپ کے اختیار میں ہے

قسمت آپ کا کام نہیں بناتی
محنت آپ کی قسمت بنا سکتی ہے

اسلئے خلوصِ دل سے محنت کیجئے

میرا دوسرا بلاگ ”حقیقت اکثر تلخ ہوتی ہے ۔ Reality is often Bitter “ گذشتہ پونے 9 سال سے معاشرے کے مختلف پہلوؤں پر تحاریر سے بھرپور چلا آ رہا ہے اور قاری سے صرف ایک کلِک کے فاصلہ پر ہے ۔
بالخصوص یہاں کلک کر کے پڑھیئے The Killing Skies

ڈاکہ ۔ امپائر اور کپتان

11 مئی کو جمہوریت پر ڈاکہ ڈالا گیا
حکومت سارے امپائر اپنے ساتھ ملا لے پھر بھی ضمنی انتخابات (bye elections) کی ساری نشستیں تحریک انصاف جیتے گی
صدر کیلئے پری پول رِگِگنگ (pre-poll rigging) ہو رہی ہے
(عمران خان بتاریخ 30 جولائی 2013ء)

مندرجہ بالا رِگِگنگ کا نتیجہ یہ رہا
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ سینٹ + قومی اسمبلی ۔ ۔ ۔ پنجاب ۔ ۔ سندھ ۔ ۔ ۔ خیبرپختونخوا ۔ ۔ ۔ بلوچستان ۔ ۔ ۔ میزان
نشِستیں ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 104 + 372 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 406 ۔ ۔ ۔68 ۔ ۔ ۔ ۔ 124 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 65 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 1239
اراکین ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 103 + 324 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 371 ۔ ۔ ۔ 160 ۔ ۔ ۔ ۔ 118 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 62 ۔ ۔ ۔ ۔ 1138
ووٹ پڑے ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 314 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 367 ۔ ۔ ۔ 69 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 110 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 56 ۔ ۔ ۔ ۔ 887
درست ووٹ ۔ ۔ ۔ ۔ 311 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 361 ۔ ۔ ۔ 69 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 110 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 56 ۔ ۔ ۔ ۔ 887

ممنون حسین
کل ووٹ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 277 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 338 ۔ ۔ ۔ 64 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 41 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 55 ۔ ۔ ۔ 775
شمار ہوئے ۔ ۔ ۔ ۔ 277 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 54 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 25 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 21 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔ 55 ۔ ۔ ۔ 432

وجیھہ الدین
کل ووٹ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 34 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 23 ۔ ۔ ۔ ۔۔ 5 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 69 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 1 ۔ ۔ ۔ 132
شمار ہوئے ۔ ۔ ۔ ۔ 34 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 4 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 3 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 35 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 1 ۔ ۔ ۔ ۔ 77

ممنون حسین صاحب کو مسلم لیگ ن ۔ مسلم لیگ فنکشنل ۔ پختونخوا ملی عوامی پارٹی ۔ نیشنل پارٹی ۔ جمیعت علمائے اسلام فضل ۔ ایم کیو ایم ۔ مسلم لیگ ضیاء ۔ مجلس وحدت المسلمین ۔ کچھ آزاد اُمیدواروں اور قومی وطن پارٹی نے ووٹ دیئے ۔ (قومی وطن پارٹی خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت میں شریک ہے)
وجیھہ الدین صاحب کو تحریکِ انصاف ۔ جماعت اسلامی ۔ عوامی مسلم لیگ اور عوامی جمہوری اتحاد نے ووٹ دیئے
پی پی پی پی ۔ اے این پی اور مسلم لیگ ق نے انتخابات کا بائیکاٹ کیا

ضمنی انتخابات جب ہوں تو دیکھیں گے البتہ 11 مئی کے ڈاکے کا منظر کچھ ایسا رہا ہو گا ۔ ووٹ ڈالے گئے تو قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں تحریکِ انصاف سونامی سے جیت رہی تھی لیکن سونامی آتے ہی اندھیرا چھا گیا ۔ جب اندھیرا چھٹا تو دیکھا کہ سارے ووٹ مسلم لیگ ن کے ڈبوں میں چلے گئے تھے

ایک خبر
اسلام آباد آباد…پاکستان الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا اعتراض مسترد کر تے ہو ئے الیکشن کمیشن پر تنقید کو بلا جواز قرار دیاہے ۔ تر جمان الیکشن کمیشن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عمران خان کو انتخابی ریکارڈ تک رسائی کا حکم دے چکے ہیں ۔ ان کی درخواست پر این اے 122 کے انتخابی ریکارڈ تک رسائی کا حکم دیا گیا تھا۔

دوسری خبر
عمران خان کو عدالت عظمٰی کی طرف سے توہینِ عدالت کا نوٹس ۔ 2 اگست کو ذاتی طور پر طلب