ايمان اتحاد نظم ۔ ۔ یا ۔ ۔ اتحاد ایمان تنظیم ؟ ؟ ؟

میں اس موضوع پر پہلے بھی لکھ چکا ہوں اور ناگپور میں منعقد ہونے والے آل انڈیا مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے پانچویں سالانہ اجلاس 26دسمبر1941ء کا حوالہ بھی دیا تھا ۔ ہماری قوم کے ناطق یا آواز دار طبقہ کا مقولہ [Motto] ہے “جانُوں یا نہ جانُوں ۔ پر میں نہ مانُوں”۔ عام طور پر اصرار ہوتا ہے کہ کسی پڑھے لکھے معروف شخص کا حوالہ دیا جائے ۔ اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی کا مجھ پر ہمیشہ بڑا کرم رہا ہے ۔ جس چیز کی مجھے جُستجُو ہوتی ہے زود یا بدیر خود بخود سامنے آ جاتی ہے ۔ آثارِ قدیمہ پر مُختار [authority] ڈاکٹر احمد حسن دانی صاحب [جو اس سال جنوری میں 88 سال کی عمر پا کر اس دارِ فانی سے کوچ کر گئے] کے بعد ایک معروف تاریخ دان ڈاکٹر صفدر محمود ابھی زندہ ہیں ۔ قائد اعظم کے مقولہ کے متعلق ڈاکٹر صفدر محمود یہ کہتے ہیں

کچھ عرصہ قبل قائداعظم کے ماٹو [Motto] ”ایمان، اتحاد اور نظم“ کے بارے میں بحث چلی تھی تو بہت سے طلباء نے مجھے اس کی وضاحت کرنے کو کہا کیونکہ کچھ لوگوں کا اصرار تھا کہ قائداعظم کے الفاظ اتحاد، ایمان اور تنظیم تھے۔ میں نے اپنے ایک کالم میں وعدہ کیا تھا کہ میں اپنی استعداد کے مطابق اس پر روشنی ڈالوں گا لیکن بعدازاں میں ملکی سیاست کے اخبار تلے دب کر یہ بات بھول ہی گیا۔ میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں سیاستدان نہیں جو اپنے وعدوں کو بھول جاؤں، نہ میں حکمران ہوں کہ لوگ مجھے میرے وعدے یاد دلانے کی جرأت نہ کرسکیں، اس لئے فراغت سے فائدہ اٹھا کر اس سوال کا جواب دینے کی جسارت کر رہا ہوں جسے آپ محض طالب علمانہ جواب سمجھیں، حکیمانہ اور حتمی جواب بہرحال سکالرز یعنی عالم و فاضل حضرات دیں گے۔

اس سوال کے حوالے سے میرے سامنے دو تین مثالیں ہیں جو پیش خدمت ہیں۔ میری اطلاع کے مطابق قائداعظم نے یہ الفاظ پہلی بار آل انڈیا مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے پانچویں سالانہ اجلاس کی افتتاحی تقریب ناگپور میں 26دسمبر1941ء کو کہے۔ ان کی یہ تقریر فی البدیہہ تھی اور طویل ہونے کے باوجود نہایت دلپذیر اور ایمان افروز تھی۔ شاید انہیں احساس تھا کہ وہ مستقبل کے معماروں اور تحریک پاکستان کے ہراول دستے سے خطاب کر رہے ہیں جنہیں مسلمانوں کے مسائل، کانگرس کے عزائم، کانگرسی قیادت کی سوچ اور منافقت اور حصول پاکستان کے ناگزیر ہونے کی منطق اور وجوہ دلائل کے ساتھ سمجھانے کی ضرورت ہے اور ان کے جذبوں کو گرمانے اور صحیح راہ پر ڈالنے کے لئے سیاسی تناظر کو تفصیل کے ساتھ پیش کرنا ضروری ہے۔ اس تقریر میں جہاں انہوں نے طلباء کو اپنی تمام توجہ پڑھائی اور تعلیم پر مرکوز رکھنے کی نصیحت کی اور وقت اور صلاحیتوں کے زیاں سے منع کیا، وہاں انہیں یہ بھی کہا کہ ”ملکی و قومی حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے آگاہ رہنا بھی تمہارا فرض ہے“۔ اس تقریر میں قائداعظم نے طلباء کو اتحاد کی تلقین کی اور اپنی تنظیم کو مستحکم بنانے کا بھی مشورہ دیا۔ قائداعظم نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ”مسلم لیگ جو چند برس قبل ایک مردہ جماعت تھی اب ایک فعال، متحرک اور مقبول جماعت بن چکی ہے ۔ نوجوانو! مایوسی کے اندھیروں سے نکل آؤ خوش ہو جاؤ ہم انشاء اللہ پاکستان حاصل کرکے رہیں گے”۔

کانگرس اور ہندو مہاسبھا پاکستان کی کیوں مخالفت کرتی ہے اور گاندھی، ابوالکلام اور نہرو کیا کہتے ہیں، کیا چاہتے اور کیا کیا جال بچھاتے ہیں اس پر روشنی ڈالتے ہوئے قائداعظم نے ہندوستان کے مسلمانوں کو متحد اور مستحکم رہنے کی تلقین کی اور کہا کہ “اپنے مسائل یا بے انصافی کے لئے ہرگز انفرادی سطح پر قدم نہ اٹھائیں کیونکہ اس سے ہمارا قومی مقصد مجروح ہوگا۔ کوئی فرد یا تنظیم انفرادی طور پر قانون شکنی یا مزاحمت کی راہ پر نہ چلے جب اس کا وقت آئے گا تو میں آپ کے ساتھ شامل ہوں گا اور جب ضرورت ہوگی تو اس کا فیصلہ آل انڈیا مسلم لیگ کرے گی۔ اس وقت تک متحد رہیئے اور انتظار کیجئے ہم خطرناک اور فیصلہ کن دور سے گزر رہے ہیں اور اس سے قبل کبھی اتنی ضرورت نہیں تھی جتنی آج ہے کہ ہم [Faith, Unity, Discipline] کو اپنا جماعتی نعرہ [Watchword] بنائیں اور عہد کریں کہ ہم اس پر قائم رہیں گے“۔ [بحوالہ ڈان 4 جنوری 1942ء]۔

اس تقریر کے دو دن بعد 28 دسمبر 1941ء کو مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے اختتامی اجلاس ناگپور میں تقریر کرتے ہوئے قائداعظم نے ایک دلچسپ واقعہ سنایا۔ انہوں نے کہا کہ ”قرارداد پاکستان [23 مارچ 1940ء] کی منظوری کے بعد میں بذریعہ ریل بمبئی جا رہا تھا جب ٹرین بمبئی پہنچی تو پلیٹ فارم پر استقبال کرنے والوں کا ہجوم تھا اور ان کا جوش و خروش دیدنی اور متاثر کن تھا۔ میں نے دیکھا کہ اس ہجوم میں دو بچے نہایت جوش سے پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کر رہے تھے۔ ان میں ایک کی عمر سات سال کے لگ بھگ اور دوسرے کی عمر دس سال تھی۔ میں ان کی طرف بڑھا اور پوچھا کہ تمہاری پاکستان سے کیا مراد ہے؟… وہ ذرا گھبرائے اور جھینپے اور پھر یک زبان ہو کر فوراً جواب دیا جہاں مسلمان اکثریت میں ہیں وہاں وہ حکمران ہوں“۔ قائداعظم کا کہنا تھا کہ ”وہ بچوں سے یہ جواب سن کر بہت خوش ہوئے

میں یہ تقریر پڑھ کر سوچنے لگا کہ نہ جانے یہ بچے آج حیات بھی ہیں یا نہیں؟ کیونکہ قائداعظم کے نوجوانوں اور اقبال کے شاہین بچوں میں آج کل وہ جوش و خروش مفقود ہے۔ ایک قدم اور آگے بڑھیں تو پتہ چلتا ہے کہ قائداعظم نے آل انڈیا مسلم لیگ کونسل کے بمبئی اجلاس مورخہ 27جولائی 1946ء کو کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”ہمارا ماٹو ہے [Motto] ڈسپلن، یونٹی اور ٹرسٹ یعنی نظم و ضبط، اتحاد اور اعتماد ہونا چاہئے۔ یہاں ان کی مراد تھی کہ ہمیں اپنی قوم کی قوت [Power of Nation ] پر اعتماد ہونا چاہئے اگر ہم میں وہ قوت نہیں ہے تو ہمیں وہ قوت پیدا کرنی چاہئے“

کہنے کا مقصد یہ تھا کہ تحریک پاکستان اور جدوجہد کے دور میں قائداعظم حالات کے تقاضوں کے مطابق قوم کو ماٹو اور راہنما اصول دیتے رہے اور اتحاد کی تلقین کرتے رہے لیکن مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن ناگپور کے افتتاحی اجلاس بتاریخ 26 دسمبر 1941ء میں کہے گئے الفاظ ہمیشہ ان کے ذہن پر کندہ رہے چنانچہ پاکستان بننے کے بعد جب حکومت پاکستان کا مونو گرام [Insignia] بنایا گیا تو اس پر جو سنہرے الفاظ کندہ کئے گئے وہ بالترتیب ”ایمان، اتحاد اور نظم“ تھے جنہیں آج تک استعمال کیا جا رہا ہے جو قائداعظم کے منظور شدہ اور ان کے دل کی آواز تھے۔ ان الفاظ پر غور کریں تو راز کھلتا ہے کہ قائداعظم کی ترجیحات میں پہلی ترجیح ایمان تھی کیونکہ ان کے نزدیک ایمان ہی سے اتحاد اور نظم و ضبط کے سوتے پھوٹتے ہیں۔

غور کیجئے کہ ہم نے قائداعظم کے دیئے گئے ماٹو کو بھلا دیا اور نتیجے کے طور پر آج ایمان کی کمزوری نے اتحاد اور نظم و ضبط کو بھی کمزور کر دیا ہے چنانچہ قوم فرقوں، برادریوں، علاقوں اور صوبوں میں تقسیم ہو چکی ہے۔ اس اندرونی اور باطنی تقسیم کو مٹانے کے لئے ایک عادلانہ، منصفانہ، جمہوری اور تعلیم سے آراستہ معاشرے کی ضرورت ہے اور یہی قائداعظم کا خواب تھا۔ اے کاش کوئی اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرے…؟؟

This entry was posted in تاریخ, معلومات on by .

About افتخار اجمل بھوپال

رہائش ۔ اسلام آباد ۔ پاکستان ۔ ۔ ۔ ریاست جموں کشمیر کے شہر جموں میں پیدا ہوا ۔ پاکستان بننے کے بعد ہجرت پر مجبور کئے گئے تو پاکستان آئے ۔انجنئرنگ کالج لاہور سے بی ایس سی انجنئرنگ پاس کی اور روزی کمانے میں لگ گیا۔ ملازمت کے دوران اللہ نے قومی اہمیت کے کئی منصوبے میرے ہاتھوں تکمیل کو پہنچائے اور کئی ملکوں کی سیر کرائی جہاں کے باشندوں کی عادات کے مطالعہ کا موقع ملا۔ روابط میں "میں جموں کشمیر میں" پر کلِک کر کے پڑھئے میرے اور ریاست جموں کشمیر کے متعلق حقائق جو پہلے آپ کے علم میں شائد ہی آئے ہوں گے ۔ ۔ ۔ دلچسپیاں ۔ مطالعہ ۔ مضمون نویسی ۔ خدمتِ انسانیت ۔ ویب گردی ۔ ۔ ۔ پسندیدہ کُتب ۔ بانگ درا ۔ ضرب کلِیم ۔ بال جبریل ۔ گلستان سعدی ۔ تاریخی کُتب ۔ دینی کتب ۔ سائنسی ریسرچ کی تحریریں ۔ مُہمْات کا حال

4 thoughts on “ايمان اتحاد نظم ۔ ۔ یا ۔ ۔ اتحاد ایمان تنظیم ؟ ؟ ؟

  1. محمد ریاض شاہد

    محترم اجمل بھوپال صاحب
    اسلام علیکم
    بہت عرق ریزی سے بہت اچھا پس منظر آپ نے دیا ہے۔ آپ نے موجودہ نوجوانوں میں جوش و جذبے کی کمی کا ذکر کیا ۔ میری نظر میں اس کی وجہ ہمارا موجودہ تعلیمی نظام ہے جس کا ڈول دوسری عالمگیر جنگ کے بعد ڈالا گیا تھا ۔
    عصر حاضر ملک الموت ہے ترا جس نے
    قبض کی روح تری دے کے تجھے فکر معاش

    اس کا ایک ہی طریقہ ہے کہ ہم نوجوانوں کو مسلسل ان کے اسلاف کی کوششوں اور عظمتوں کا احساس یاد دلاتے رہیں ۔ اسی سلسلے میں ایک واقعہ یاد آگیا ۔سر سید احمد خان نے نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کی ذات اقدس پر ایک انگریز کی لکھی ہوئی تعصب پر مبنی کتاب پڑھی تو اپنی جائیداد بیچ کر انگلستان کا سفر کیا ۔ وہاں کی لائبریریوں سے متعلقہ مواد جمع کیا اور واپس آ کر اس انگریز کی کتاب کا مسکت جواب لکھا ۔ اب آج کے دور میں اس طرح کا حوصلہ دکھانے سے ہی کام بنے گا ۔ آپ اپنا قلمی اور بلاگری جہاد جاری رکھیں شاید یہی آخرت میں شفاعت کا بہانہ بن جائے

  2. arifkarim

    تحریری قوانین کی عزت امریکہ میں‌ نہیں کی گئی تو پاکستان کیا چیز ہے!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

:wink: :twisted: :roll: :oops: :mrgreen: :lol: :idea: :evil: :cry: :arrow: :?: :-| :-x :-o :-P :-D :-? :) :( :!: 8-O 8)

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.