اندرونِ خانہ

میں کسی شخص کے گھر کے اندر کی بات نہیں کرنے جا رہا بلکہ یہ ایک محاورہ ہے ۔ “اندروں خانہ” کی بجائے کچھ لوگ “اندر کھاتے” کہتے ہیں ۔ پنجابی میں “وِچلی گَل” یعنی اندر کی بات کہا جاتا ہے

پس منظر
لانگ کی مارچ 12 مارچ 2009ء کو ابتداء ہوئی تو پنجاب کی سلمان تاثیری حکومت نے تمام پنجاب میں دفعہ 144 کا نفاز کرنے پر ہی اکتفا نہ کیا تھا بلکہ مختلف قسم کی دیواریں کھڑی کر کے پنجاب کے تمام شہریوں کو اپنے اپنے شہروں میں محسور کر دیا پھر 14 مارچ کو شہر لاہور میں رائیونڈ ۔ ماڈل ٹاؤن اور مال روڈ بالخصوص جی پی اور چوک کی طرف جانے والے تمام راستوں پر جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر کے احتجاج کیلئے اکٹھے ہونے کو اگر ناممکن نہیں تو بہت مشکل بنا دیا ۔ لاہور کا رہائشی ہوتے ہوئے سلمان تاثیر یہ بھول گئے کہ لاہوریئے جو کام کرنے پر تُل جائیں وہ جان پر کھیل کے کر ڈالتے ہیں

معرکہ جی پی او
جو کچھ 15 مارچ کو لاہور جی پی او چوک پر ہوا مستقبل میں لوگ اسے یاد رکھیں گے ۔ وہاں موجود مظاہرین سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق مظاہرہ کرنے کا ارادہ رکھنے والوں نے فیصلہ کیا کہ 15 مارچ کو صبح سویرے دو دو تین تین کر کے مختلف راستوں سے جی پی او چوک پہنچا جائے گا ۔ ان میں بھاری تعداد اسلام جمیعت طلباء کی تھی ۔ باقی زیادہ تحریکِ انصاف کے تھے ۔ ان کے علاوہ مسلم لیگ ن کے جوان بھی تھے ۔ ابھی کوئی 150 کے قریب لوگ جی پی اور چوک پہنچے تھے کہ پولیس نے اُن پر اشک آور گیس کے گولے بے تحاشہ پھینکنے شروع کر دیئے ۔ اس اچانگ یلغار سے پریشان ہو کر مظاہرین بھاگے تو وہاں موجود ایک ستر بہتر سالہ شخص نے بآواز بلند کہا “کہاں بھاگ رہے ہو ۔ یہ وقت مُلک کیلئے قربان ہونے کا ہے ۔ ڈٹ جاؤ”۔ اُس بزرگ کی آواز نے سب بھاگتے پاؤں روک دیئے اور مظاہرین اب کی بار نہائت جوش سے پولیس پر پل پڑے کسی نے پتھر مارے کسی نے اشک آور گیس کا شیل واپس پولیس پر پھینکا ۔ اسلامی جمیعت طلباء کے لڑکے جی پی اور کی چھت پر بھی موجود تھے اُن کی سنگ باری اور اشک آور گولوں کی واپسی نے پولیس کو بھاگنے پر مجبور کر دیا ۔ آدھے گھنٹے کے اندر مسلم لیگ ن ۔ تحریک انصاف ۔ جماعت اسلامی اور سول سوسائٹی کے کارکنوں کی کافی تعداد وہاں پہنچ گئی ۔ یہ مظاہرین گروہوں میں بٹ کر چاروں طرف پھیل گئے اور پولیس پر سامنے کے علاوہ پیچھے سے بھی سنگ باری شروع ہو گئی ۔ یہ جنگ مغرب کے بعد تک جاری رہی ۔ بالآخر پولیس پسپا ہونے پر مجبور ہو گئی

معرکہ ایوانِ صدر
صدر صاحب چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے خائف تھے ۔ فاروق حمید نائیک نے آئین کی غلط تشریح کر کے حوصلہ افزائی کی اور صدر سے غلط حرکات کرواتے رہے ۔ باقی کسر رحمان ملک اور سلمان تاثیر نے پوری کی بمِصداق “چڑھ جا بچہ سولی رام بھلی کرے گا”۔ اس بنا پر کہ شریف برادران کے سیاست سے باہر ہوتے ہی مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی پی پی پی کی گود میں آ گریں گے ان کو نااہل قرار دلوا کر غیر آئینی طور پر پنجاب اسملبی کا اجلاس نہ ہونے دیا پھر جو چھوٹا موٹا احتجاج ہو گا اُسے سنبھال لیا جائے گا ۔ جب 25 فروری کو ناگہانی احتجاج ہوا اور 15 مارچ کو جمِ غفیر کی صورت اختیار کر گیا تو رحمان ملک کی ایف آئی اے نے صدر صاحب کو بتایا کہ صرف چند ہزار لوگ ہیں جن سے آسانی سے نبٹا جا سکتا ہے ۔ صورتِ حال کی خبروں نے باہر کی دنیا پر اتنا اثر کیا کہ امریکہ اور برطانیہ سے ٹیلیفون آنے شروع ہو گئے اور ان کے سفیروں کے علاوہ سعودی عرب کے سفیر بھی متحرک ہو گئے ۔ وزیر اعظم جو دو دن قبل تھک ہار کر بیٹھ گئے تھے فوج کے سربراہ کی حوصلہ افزائی سے 15 مارچ کو پھر کو متحرک ہو گئے ۔ امریکہ نے بہت کوشش کی کہ نواز شریف لانگ مارچ سے علیحدہ ہو جائے لیکن نوازشریف ججوں کی بحالی کے بغیر لانگ مارچ سے علیحدہ ہونے پر راضی نہ ہوا ۔ ان مذاکرات کے دوران صدر کو بین الاقوامی طور پر شریف برادران کی نااہلی ختم کرنے کا وعدہ بھی کرنا پڑا ۔ رحمان ملک کی ایف آئی اے نے صدر کو بتایا تھا کہ صرف چند ہزار لوگ احتجاج کر رہے ہی جن پر بآسانی قابو پایا جا سکتا ہے ۔ یہی بات جب صدر نے فوج کے سربراہ اور وزیرِ اعظم کے سامنے کہی تو دوسرے خفیہ اداروں سے صورتِ حال کا پتہ کیا گیا جنہوں نے لانگ مارچ میں شامل ہونے والوں کی تعداد لاکھ سے اوپر بتائی اور کہا کہ جوں جوں وقت گذر رہا ہے تعداد بڑھتی جا رہی ہے اور راولپنڈی پہنچنے سے بہت پہلے ہی قافلہ قابو سے باہر ہو جائے گا ۔ جب اس پر بھی صدر صاحب راضی نہ ہوئے تو بات دھمکی تک پہنچی جو پورے زور دار طریقہ سے اُس نے دی جس کے پاس ہمارے مُلک کی اصل صاقت ہے ۔ اپنی کرسی جاتے اور جیل کی کوٹھری سامنے آتے دیکھ کر صدر صاحب کی “نہ” بمُشکل “ہاں” میں تبدیل ہوئی اور وزیرِ اعظم صاحب اعلان کا مسؤدہ تیار کرنے میں مصروف ہو گئے جو بار بار درست کیا گیا یہاں تک کہ تقریر ریکارڈ ہو جانے کے بعد دوبارا ریکارڈ کی گئی

معرکہ ڈوگر جو کامیاب نہ ہو سکا
جج صاحبان کی بحالی کا نوٹیفیکیشن ہوتے ہی صدر صاحب کے کاسہ لیسوں [نام نہاد مولوی اقبال حیدر اور شاہد اورکزئی] نے ججوں کی بحالی کے نوٹیفیکیشن پر عمل درآمد کو روکنے کیلئے عدالتِ عظمٰی میں دو درخواستیں دائر کر دیں جن میں فوری حُکمِ امتناعی جاری کرنے کی بھی درخواست کی تھی ۔ یہ دونوں درخواستیں عدالتِ عُظمٰی کے اس بینچ کے سامنے بروز جمعہ بتاریخ 20 مارچ 2009ء فیصلہ کیلئے رکھی گئیں جس کے سربراہ عبدالحمید ڈوگر تھے ۔ 20 مارچ کو اس بینچ کے سامنے 6 یا 7 کیس آنا تھے ۔ احمد رضا قصوری نے حکومتی سفارش سے اپنی 6 یا 7 درخواستیں ان میں شامل کروا دیں ۔ سابق اٹارنی جنرل ملک محمد قیوم نے اپنی 24 درخواستیں بھی اسی بینچ کے سامنے 20 مارچ کیلئے لگوا دیں یعنی کل 36 درخواستیں ہو گئیں جن میں 30 سے زائد کے متعلق خدشہ تھا کہ عبدالحمید ڈوگر کے جانے کے بعد ان پر دائر کرنے والوں کی پسند کا فیصلہ نہیں آئے گا ۔ عدالت بیٹھی تو بینچ میں شامل ایک بہت سینیئر جج نے بنچ کے سربراہ عبدالحمید ڈوگر سے کہا “ایک دن میں تین چار درخواستیں درست طریقہ سے نمٹائی جا سکتی ہیں اور یہ ؟” عبدالحمید ڈوگر جنہوں نے عدالتِ عظمٰی کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑتے ہوئے جمعرات 19 مارچ کو 19 درخواستیں نمٹائیں تھیں کہنے لگے انہیں آج نمٹانا ہے ۔ اس پر وہ جج یہ کہہ کر اُٹھ گئے کہ “میں تو یہ نہیں کر سکتا ۔ آپ میری جگہ کسی اور کو بُلا لیجئے”۔ باقی تمام جج اپنی اپنی عدالتوں میں مصروف تھے اسلئے تمام 36 درخواستیں التوء میں چلی گئیں اور عبدالحمید ڈوگر صاحب نے ایک دن قبل ہی آخری ملاقاتیں شروع کر دیں

This entry was posted in روز و شب on by .

About افتخار اجمل بھوپال

رہائش ۔ اسلام آباد ۔ پاکستان ۔ ۔ ۔ ریاست جموں کشمیر کے شہر جموں میں پیدا ہوا ۔ پاکستان بننے کے بعد ہجرت پر مجبور کئے گئے تو پاکستان آئے ۔انجنئرنگ کالج لاہور سے بی ایس سی انجنئرنگ پاس کی اور روزی کمانے میں لگ گیا۔ ملازمت کے دوران اللہ نے قومی اہمیت کے کئی منصوبے میرے ہاتھوں تکمیل کو پہنچائے اور کئی ملکوں کی سیر کرائی جہاں کے باشندوں کی عادات کے مطالعہ کا موقع ملا۔ روابط میں "میں جموں کشمیر میں" پر کلِک کر کے پڑھئے میرے اور ریاست جموں کشمیر کے متعلق حقائق جو پہلے آپ کے علم میں شائد ہی آئے ہوں گے ۔ ۔ ۔ دلچسپیاں ۔ مطالعہ ۔ مضمون نویسی ۔ خدمتِ انسانیت ۔ ویب گردی ۔ ۔ ۔ پسندیدہ کُتب ۔ بانگ درا ۔ ضرب کلِیم ۔ بال جبریل ۔ گلستان سعدی ۔ تاریخی کُتب ۔ دینی کتب ۔ سائنسی ریسرچ کی تحریریں ۔ مُہمْات کا حال

3 thoughts on “اندرونِ خانہ

  1. درویش

    لاقانونیت کی انتہا ہے۔ یہ دھوکے باز لوگ یہ نہیں جانتے کہ ایک دن اللہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہ ہونا ہے اور وہ عدالت ناانصافی نہیں کرتی۔
    ایک دن زرداری اور اس کے حواری بشمول ڈوگر کے سب اپنی منطقی انجام کو ضرور پہنچیں گے۔
    اجمل انکل! آپ کی تحریریں بہت معلومات افزا ہوتی ہیں۔ شکریہ۔ بہت ساری دعائیں آپ کے لیے۔

  2. ڈفر

    درویش صاحب اللہ اور آخرت پر ایمان ہوتا تو یہ ۔۔۔ ایسی حرکتیں کرتے ہی کیوں
    ہمارے سیاستدانوں اور حکمرانوں کا سروے کروا لو کہ کتنوں کا ان باتوں پر ایمان ہے؟
    بگٹی بھی کہتا تھا مروں گا تو کیڑے کھا پی لیں گے، کوئی آخرت کی زندگی نہیں‌ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

:wink: :twisted: :roll: :oops: :mrgreen: :lol: :idea: :evil: :cry: :arrow: :?: :-| :-x :-o :-P :-D :-? :) :( :!: 8-O 8)

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.