افراطِ زر ۔ اثاثے اور زرِ مبادلہ

میں بار بار کوشش کرتا ہوں کہ صُلح جُو اور ترقی پسند بن جاؤں لیکن وقفہ وقفہ سے کوئی صاحب یا صاحبہ کوئی ذکر چھیڑ کر مجھے ماضی کے راز افشاء کرنے پر مجبور کر دیتے ہیں ۔ 11 روز قبل محمد شاکر عزیز صاحب نے اپنی بلکہ صرف اپنی نہیں میرے سمیت اپنے جیسے لاکھوں نہیں کروڑوں پاکستانیوں کی بِبتا بیان کی ۔

محمد شاکر عزیز صاحب کی ایک بھولی بھالی ننھی بہن نے کہا ” نوٹ تو ہم خود چھاپتے ہیں تو انھیں زیادہ سے زیادہ کیوں نہیں چھاپا جاتا تاکہ سب امیر ہوجائیں؟” ماشاء اللہ کتنا سادہ مگر بہت ہی گہرا سوال ہے ۔ محمد شاکر عزیز صاحب نے جواب دیا ” نوٹ چھاپنے سے پہلے ان کے پیچھے بطور ضمانت سونا رکھا جاتا ہے یا ڈالر یورو رکھے جاتے ہیں”۔ معاشیات کے اصول کے مطابق جواب بالکل درست ہے ۔ لیکن بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ایسا نہیں ہو رہا ۔ یہاں اثاثوں سے کئی گنا نوٹ گردش میں ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ امریکی ڈالر جو دسمبر 1971ء سے قبل پونے پانچ روپے کا تھا وہ اب 63 روپے کا ہے ۔ یعنی پاکستانی ایک روپے کی اصل قیمت ساڑھے سات پیسے رہ گئی ہے ۔

میں پہلے بھی لکھ چکا ہوں کہ 1952ء میں ہمارے ایک اُستاذ کہا کرتے تھے “مسلمانوں کی تاریخ بڑی کمزور ہے”۔ ان کا مطلب تاریخ کا مضمون تھا ۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلّم کا فرمان ہے کہ “مسلمان ایک بِل سے دو بار ڈسا نہیں جاتا” یعنی مسلمان ایک ہی قسم کا دھوکہ ایک سے زائد بار نہیں کھاتا ۔ ہماری قوم کی اکثریت کو گذرے کل کی بات یاد نہیں رہتی اسی لئے بار بار دھوکہ کھاتے ہیں ۔

میں بھی سرکاری ملازم رہا لیکن کھُلے ذہن کے ساتھ ۔ اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی کی بڑی کرم نوازی ہے کہ مجھے غلط کاموں سے بچائے رکھا گو اس کیلئے مجھے دنیاوی طور پر کئی مصائب جھیلنا پڑے ۔ جب بھی بات افراطِ زر کی ہو یا قومی اثاثہ کی تو میرے ذہن میں ایک مووی فلم چلنا شروع ہو جاتی ہے کہ ہمارے مُلک کے سربراہوں اور سرکاری اہلکاروں نے اصل صورتِ حال کو عوام سے مخفی رکھنے کیلئے کیا کیا جتن کئے ۔

مجھے معاشیات کے مضمون سے تھوڑا سا شغف اسلئے ہے کہ جب میں انجنیئرنگ کالج لاہور میں پڑھتا تھا تو مکینکل انجنیئرنگ پڑھنے والوں کو معاشیات کا مضمون بھی پڑھنا پڑھتا تھا ۔ اس کے سالانہ امتحان میں ایک سوال مُلک کے اثاثہ جات اور ذمہ داریوں [Assets and Liabilities ] کے متعلق بھی ہوتا تھا ۔ اُس زمانہ میں سٹیٹ بنک آف پاکستان کی طرف سے ہر ہفتے کے شروع میں ایک اطلاع نامہ [report] شائع کیا جاتا تھا جس میں پاکستان کے کُل اثاثوں اور ذمہ داریوں کا مدوار [heading-wise] میزان اور میزانِ کُل [sub-totals and grand total] دیا ہوتا تھا ۔ مجھے مکمل تو شاید یاد نہیں کیونکہ یہ اطلاع نامہ پچھلے 34 یا 35 سال سے شائع نہیں ہوا مگر اس کی موٹی موٹی مدات مندرجہ ذیل ہوتی تھیں

Statement of Assets and Liabilities

Assets

Reserves
Gold = ———-
Silver = ———
Foreign currency (owned by Government) = ———-
Other = ———

Receivable
Share on partition yet to be paid by India = ———-
Bills = ———-
Loans = ———-
Other = ———-

Total = ———-


Liabilities

Notes in circulation = ———-
Loans = ———-
Payments due = ———-
Other = ———-

Total = ———-

اصول یہ تھا کہ کُل ذمہ داریوں [Total liabilities] کو کُل اثاثہ جات [Total assets] سے زیادہ نہیں ہونا چاہیئے ۔ اگر کسی وقت کُل ذمہ داریاں کُل اثاثہ جات سے زیادہ ہو جائیں تو اس کا جواز بھی اس اطلاع نامہ میں لکھنا ضروری تھا ۔ اور یہ بھی لکھنا کہ صورتِ حال کو کس طرح صحیح حدود میں لایا جائے گا ۔

ہمیں جو سوال امتحان میں دیا جاتا تھا اس میں اس معاشی اطلاع نامہ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہم نے پاکستان کی مجموعی معاشی صورتِ حال پر تبصرہ کر کے بتانا ہوتا تھا کہ پاکستان معاشی لحاظ سے کیسا جا رہا ہے ؟ اور ہم مزید بہتری کیلئے کیا تجویز کرتے ہیں ۔ دسمبر 1971ء سے قبل ہمارے ملک کی معیشت اتنی مضبوط تھی کہ آپ کسی ترقی یافتہ یا ترقی پذیر ملک میں چلے جائیں تو پاکستانی کرنسی نوٹ ہاتھوں ہاتھ لیا جاتا تھا ۔ 1967ء میں میں جرمنی میں تھا تو صرف آزمانے کیلئے میں ڈریسنر بنک گیا اور وہاں پاکستانی ایک روپے کے نوٹ دکھا کر کہا “مجھے اس کے بدلے جرمن مارک مل جائیں گے ؟” آفیسر نے فوراً میرے ہاتھ سے نوٹ لے کر مجھے ایک روپیہ 18 پیسے کے حساب سے جرمن مار دے دیئے ۔ اس سے قبل ہمارے ایک عزیز حج کرنے گئے تو ایک روپے کا سوا ریال ملا تھا ۔ ایک ہندوستانی روپیہ پاکستانی 80 سے 90 پیسے کا رہتا تھا ۔

یہ اطلاع نامہ جو عوام کو مُلک کی معاشی صورتِ حال سے آگاہ رکھتا تھا آج سے 34 یا 35 سال قبل حاکمِ وقت کے حُکم سے نہ صرف شائع کرنا بند کر دیا گیا بلکہ ان معلومات کو خفیہ کا درجہ دے دیا گیا ۔ اس کے بعد مصنوعی [manufactured] اعداد و شمار کے ذریعہ قوم کو بیوقوف بنانے کا عمل شروع ہوا جو موجودہ دور میں انتہائی عروج پر ہے ۔

قوم کو غلط اعداد و شمار دینے والے ان مجرموں کے ساتھ جو سلوک ہوتا ہے اس سلسلہ میں میرے ذاتی تجربات میں سے صرف ایک یہ ہے ۔ یکم جولائی 1969ء کو مجھے ترقی دے کے ایک سرکاری کارخانے کا پروڈکشن منیجر لگا دیا گیا ۔ 1970ء میں میرے جنرل منیجر کا تبادلہ ہو گیا اور ان کی جگہ دوسرے صاحب تعینات کر دیئے گئے ۔ سرکاری دفاتر اور کارخانوں میں سیاست گھُس آنے اور اعلٰی سطح کی منیجمنٹ کے غلط اقدامات کی وجہ سے پیداوار کم ہو چکی تھی ۔ پیداوار کی جو رپورٹ اُوپر بھیجی جاتی تھی اس پر میرے دستخط ہوتے تھے ۔ نئے جنرل منیجر صاحب اپنی واہ واہ کروانا چاہتے تھے ۔ اُنہوں نے مجھے حکم دیا کہ میں پیداوار کی رپورٹ میں اُن پرزوں [components] کو بھی شامل کروں جو ابھی اسیمبل [assemble] ہونا تھے ۔ میں نے انہیں سمجھانے کی کوشش کی کہ صرف وہ مال گِنا جاتا ہے جسے مکمل اسیمبل ہونے کے بعد حتمی طور پر [finally] آرمی انسپکٹرز [Army Inspectors] نے قبول [pass] کیا ہو ۔ دوسرے آج اگر ہم ان پرزوں کو گِن لیں گے تو کل کیا کریں گے ؟ نتیجہ یہ ہوا کہ انہوں نے میرا تبادلہ کروا دیا اور میری جگہ ایک جی حضوریہ [yes man] لگوا لیا ۔ پھر پیدا وار کی بڑھا چڑھا کر مصنوئی [manufactured] رپورٹیں بھیجی جاتی رہیں ۔ چھ سات ماہ بعد فوج کے متعلقہ محکمہ سے فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹر سے ہوتا ہوا خط پاکستان آرڈننس فیکٹریز کے چیئرمین کو آیا کہ جتنی پیداوار رپورٹوں میں دکھائی گئی ہے اس سے بہت کم ہمیں موصول ہوئی ہے اسلئے بقایا مال فوری طور پر بھیجا جائے ۔ یہ چٹھی چلتے چلتے میرے انہی جنرل منیجر صاحب کے پاس پہنچ گئی ۔ اُن جنرل منیجر صاحب کو سزا یہ دی گئی کہ اُنہیں ڈیپوٹیشن [deputation] پر سعودی عرب بھیج دیا گیا جہاں سے وہ 9 سال کے بعد کروڑ پتی بن کر لوٹے اور واپس آتے ہی انہیں ایک ترقی دے دی گئی ۔

This entry was posted in تاریخ, روز و شب, معاشرہ, معلومات on by .

About افتخار اجمل بھوپال

رہائش ۔ اسلام آباد ۔ پاکستان ۔ ۔ ۔ ریاست جموں کشمیر کے شہر جموں میں پیدا ہوا ۔ پاکستان بننے کے بعد ہجرت پر مجبور کئے گئے تو پاکستان آئے ۔انجنئرنگ کالج لاہور سے بی ایس سی انجنئرنگ پاس کی اور روزی کمانے میں لگ گیا۔ ملازمت کے دوران اللہ نے قومی اہمیت کے کئی منصوبے میرے ہاتھوں تکمیل کو پہنچائے اور کئی ملکوں کی سیر کرائی جہاں کے باشندوں کی عادات کے مطالعہ کا موقع ملا۔ روابط میں "میں جموں کشمیر میں" پر کلِک کر کے پڑھئے میرے اور ریاست جموں کشمیر کے متعلق حقائق جو پہلے آپ کے علم میں شائد ہی آئے ہوں گے ۔ ۔ ۔ دلچسپیاں ۔ مطالعہ ۔ مضمون نویسی ۔ خدمتِ انسانیت ۔ ویب گردی ۔ ۔ ۔ پسندیدہ کُتب ۔ بانگ درا ۔ ضرب کلِیم ۔ بال جبریل ۔ گلستان سعدی ۔ تاریخی کُتب ۔ دینی کتب ۔ سائنسی ریسرچ کی تحریریں ۔ مُہمْات کا حال

12 thoughts on “افراطِ زر ۔ اثاثے اور زرِ مبادلہ

  1. سید محمدحنیف شاہ

    اسلام علیکم
    پرانے سوروپیہ کے نوٹ پر لکھا تھا
    ( بینک دولت پاکستان ) ( حکومت پاکستان کی ضمانت سے جاری ہوا ) ( میں وعدہ کرتا ہوں کہ حامل ہذا کو جس دارلاجراء سے وہ چاہے عندالطلب مبلغ ایک سو روپیہ ادا کروں گا – کراچی )
    اور دس روپیہ کے نوٹ پرلکھا تھا
    (حکومت پاکستان ) ( میں اقرار کرتا ہوں کہ عندالمطالبہ حامل ہذا کو دس روپیہ سرکاری خزانہ کراچی سے ادا کروں گا)
    اور اب لکھا ہوتا ہے
    (بینک دولت پاکستان) ( دس روپیہ) ( حامل ہذا کو مطالبہ پر ادا کریگا)
    ایک تولہ (دس گرام ) چاندی کا ایک روپیہ ہوتا تھا
    ایک آدمی چار ہزار میں گھر پالتا ہے ایک سال کے بعد وہ مشکل سے گزارہ کرتا ہے مزید ایک سال بعداسے زیادہ گھنٹے کام کرنا پڑتا ہے اور پھر بھی گزارہ مشکل ہوتا ہے زیادہ کام کی وجہ سے تھکن اور ذہنی دباءو کا شکار ہو جاتا ہے مزید ایک سال بعد اس کے لئے جائز اور ناجائز کی حد ختم ہوجاتی ہے اب ڈاکہ خودکشی منشیات فروشی دہشت گردی سب ہی کچھ ہوتا ہے یہ اس لئے ہوتا ہے کہ اصل میں مزدورکی مزدوری نامحسوس طریقے سے کم ہوتی جاتی ہے اور اس بنک نوٹ کے فراڈ کی جانب عام آدمی کا خیال بھی جانے نہیں پاتا بنک نوٹ کی قدر اور مزدور کی مزدوری دن بدن گھٹتی جارہی ہے ان باتوں کا حل کیا ہے یہ ہم سب نے مل کر سوچناہے
    تو آئیں مل کر غور کریں اور اس سب سے بڑے مثلے کا حل تلاش کریں

  2. محمد شاکر عزیز

    آج کل تجارتی خسارہ بتا کر فارغ کردیا جاتا ہے۔ اور یہ تجارتی خسارہ بھی ہر سال بڑھتا جارہا ہے۔ یعنی برآمدات کم اور درآمدات زیادہ ہے۔ خرچ زیادہ ہے اور آمدن کم جس کے لیے یا تو قرضے لیے جاتے ہیں‌ یا بھاری شرح سود پر بانڈ جاری کیے جاتے ہیں۔

  3. اجمل Post author

    سیّد محمد حنیف شاہ صاحب
    شکریہ ۔ آپ نے میرا کام کر دیا ۔میں کرنسی کے اس پہلو کو بھی اُجاگر کرنا چاتا تھا لیکن مضمون طویل ہو جانے پر آئیندہ کیلئے اُٹھا رکھا ۔
    پاکستانی تولہ 12.5 گرام اور ہندوستانی تولہ 11.6638125 گرام ہوتا ہے

  4. اجمل Post author

    محمد شاکر عزیز صاحب
    آپ نے درست نشان دہی کی ہے ۔ اس کا تعلق بھی موضوع سے ہے ۔

  5. سید محمدحنیف شاہ

    (ایک تولہ (دس گرام ) چاندی کا ایک روپیہ ہوتا تھا)
    پاکستانی تولہ 12.5 گرام اور ہندوستانی تولہ 11.6638125 گرام ہوتا ہے
    تصحیح کا شکریہ

  6. میرا پاکستان

    حل ایک ہی ہے اور وہ ہے ایماندار لوگوں کو اسمبلیوں میں‌بھیجنا جو اب تک ممکن نہیں‌ہوسکا۔ لوگ اب بھی آدمی کے کردار کی بجائے اس کی طاقت دیکھ کر ووٹ دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عام آدمی ابھی تک اسمبلیوں میں‌پہنچ نہیں‌پایا۔
    پاکستان کے بارے میں‌مشہور ہے کہ اگر پچاس فیصد بھی رقم کسی منصوبے پر خرچ ہو جائے تو اسے کامیاب منصبوہ کہا جاتا ہے۔ یعنی کرپشن اس حد تک بڑھ چکی ہے۔ اس بے ایمانی کے دور میں صرف جمع تفریق ہی رہ گئی ہے اصل مال تو حکمرانوں‌ کی جیبوں‌میں چلا جاتا ہے۔ ابھی زلزلے کی تاریخ پرانی نہیں‌ ہوئی اور ہم نے دیکھا کہ جتنی رقم اکٹھی کی گئی اس کا معمولی حصہ ہی عام لوگوں تک پہنچ پایا ہے باقی رقم کہاں‌گئی؟

  7. I Love Pakistan

    “پاکستانی ایک روپے کی اصل قیمت ساڑھے سات پیسے رہ گئی ہے ۔”
    انکل!
    کیا آپ اس عبارت کی وضاحت کردیں گے۔شکریہ

  8. اجمل Post author

    سیّد محمد حنیف شاہ صاحب
    عملی طور پر آجکل پاکستان میں 10 گرام ہی کو تولہ کہہ دیتے ہیں ۔ اگر استفسار کیا جائے تو 664۔11 گرام بتاتے ہیں ۔ 5۔12 گرام صرف انٹرنیشنل کنورشن ٹیبل میں لکھا ہے

    افضل صاحب
    دیانتدار کو ووٹ دینا تو اسلام ہو جاتا ہے اور لوگ اسلام نہیں چاہتے ۔

    محبِ پاکستان صاحب
    یہ دنیا میں رائج سکوں کے لحاظ سے ہے ۔ اگر آٹے کے حساب سے دیکھیں تو ایوب خان کے دور میں چکی سے آٹا ایک روپے میں 4 کلو ملتا تھا اور اب 25 روپے کا ایک کلو ہے یعنی ایک روپے کی قیمت ایک پیسہ رہ گئی ۔ سونے کے حساب سے دیکھیں تو ایوب خان کے زمانہ میں 120 روپے کا ایک تولہ تھا اور اب 2000 روپے کا ایک گرام ہے یعنی 23328 روپے کا ایک تولہ ۔ ایک روپے کی قیمت آدھا پیسہ رہ گئی ۔

  9. shahidaakram

    محترم اجمل انکل جی
    السلامُ عليکُم
    مزاج بخير،مُجھے تو اس سارے قصے ميں ايک ہی بات سے حيرت ہُوئ ہے کہ کبھی پاکستانی روپيہ جرمن مارک يا يورو کا مُقابلہ کر سکتا تھا اب تو ايک رُوپيہ کی کوئ حقيقت ہی نہيں رہی يقين نہيں آرہا ،شاکر عزيز صاحب کی مُنی بہن کی بات بہت دل کو لگی ہے کاش کہ ہم بچے ہی رہتے اور ايسے سوالوں کو سوچ کر ہی بہل جايا کرتے ،آپ کی باتوں کو چيلنج کون کر سکتا ہے انکل جی بس ان سب باتوں کو سمجھ کر دُکھ کُچھ اور سوا ہو جاتا ہے شايد اب يہی سب سے آسان کام رہ گيا ہے کرنے کو
    خير انديش
    شاہدہ اکرم

  10. عوام

    جنا ب اس چیز کی درستگی کر لیں-
    1971 سے یہ اصول ختم کر دیا ہے کہ ڈالر چھاپتے وقت اس کے مساوی سونا ہو-
    اس کے بیک پر اب کیا ہے —– تو جناب ان کا کیہنا ہے کے یہ ڈالر اب خود ایک میعار ہے-
    جب کہ ماہرین کا خیال ہے کہ آدھئ سے زیادہ کرنسی تو انٹرنیٹ پر ہے جس کا کوی physical وجود نھہں ہے-

  11. اجمل Post author

    عوام صاحبان ۔ ۔ ۔ صاحبان اسلئے کہ عوام جمع ہے
    کچھ عرصہ کیلئے ڈالر ایک معیار بن گیا تھا کیونکہ برطانوی پونڈ کی حالت پتلی ہو گئی تھی لیکن جرمن مارک اور کچھ اور یورپی کرنسیاں مضبوط رہیں ۔ اسی حقیقت نے یُورو کو جنم دیا ۔ ایک بات اور کہ جاپانی ین بہت مضبوط ہو گیا تھا اور اب تک ہے ۔
    جو بات میں نے لکھنا مناسب نہ سمجھی تھی یہ ہے کہ اُسی دور میں روپے کو ڈالر کے ساتھ نتھی کر دیا گیا تھا اور پونے پانچ روپے کا ڈالر سے گیارہ روپے کا ڈالر کر دیا گیا تھا ۔ ساتھ ہی پاکستانی کرنسی نوٹ ڈِیمونِیٹائز کر کے مشرقی پاکستان اور دوسرے مُلکوں سے بوریوں کی بوریاں نوٹ لا کر رات کے اندھیرے میں بینکوں میں بھر دیئے گئے تھے جس سے پاکستان کی معاشی صورتِ حال ابتر ہوئی ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

:wink: :twisted: :roll: :oops: :mrgreen: :lol: :idea: :evil: :cry: :arrow: :?: :-| :-x :-o :-P :-D :-? :) :( :!: 8-O 8)

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.