حدیث اور سُنّت کی اہمیت

مسلمان ہونے کا دعویدار ایک گروہ ایسا بھی ہے جو کہتا ہے کہ وہ صرف قرآن شریف کو مانتے ہیں اور حدیث کو نہیں ۔ ایسے لوگوں نے یا تو قرآن شریف پڑھا ہی نہیں یا صرف طوطے کی طرح پڑھا ہے ۔ سوائے اس مسلمان کے جو پاگل یا بیہوش ہو نماز کسی صورت میں معاف نہیں ۔ قرآن شریف میں نماز پڑھنے کا طریقہ ۔ ہر نماز میں کتنی رکعتیں پڑھی جائیں اور کیا پڑھا جائے کہیں بھی درج نہیں ۔ اسی طرح روزے کیسے رکھے جائیں ۔ زکوٰۃ کیسے دی جائے اور حج کیسے کیا جائے ۔ اس سب کی بھی تفصیل قرآن شریف میں نہیں ہے ۔ یہ سب ہمیں سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے اپنی زبان اور اپنے عمل سے بتایا اور اسی کو علٰی الترتیب حدیث اور سنّت کہتے ہیں جو پہلے تو مسلمانوں کو یاد تھیں مگر ان کے بھول جانے یا بدل جانے کے خدشہ کی وجہ سے انہیں بہت احتیاط اور چھانٹ پھٹک کے بعد کتابی شکل دی گئی ۔

سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی اطاعت کرنے کے متعلق آیات ۔

سورت ۔ 3 ۔ آل عمران ۔ آیت 31 و 32 ۔ اے نبی لوگوں سے کہہ دو “اگر تم حقیقت میں اللہ سے محبت رکھتے ہو تو میری پیروی اختیار کرو ۔ اللہ تم سے محبت کرے گا اور تمہاری خطاؤں سے درگذر فرمائے گا ۔ وہ بڑا معاف کرنے والا رحیم ہے”۔ اُن سے کہو “اللہ اور رسول کی اطاعت قبول کر لو”۔ پھر اگر وہ تمہاری یہ دعوت قبول نہ کریں تو یقیناً یہ ممکن نہیں ہے کہ اللہ ایسے لوگوں سے محبت کرے جو اس کی اور اسکے رسول کی اطاعت سے انکار کرتے ہوں ۔

سورت ۔ 4 ۔ النّسآء ۔ آیت 13 و 14 ۔ یہ اللہ کی مقرر کی ہوئی حدیں ہیں ۔ جو اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے گا اُسے اللہ ایسے باغوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی اور ان باغوں میں وہ ہمیشہ رہے گا اور یہی بڑی کامیابی ہے ۔ اور جو اللہ اور اُس کے رسول کی نافرمانی کرے گا اور اس کی مقرر کی ہوئی حدوں سے تجاوز کرے گا اُسے اللہ آگ میں ڈالے گا جس میں وہ ہمیشہ رہے گا اور اُس کیلئے رسواکُن سزا ہے ۔

سورت ۔ 4 ۔ النّسآء ۔ آیت 59 ۔ اے لوگو جو ایمان لائے ہو اطاعت کرو اللہ کی اور اطاعت کرو اللہ کے رسول کی اور اُن کی جو تم میں سے صاحبِ امر ہوں ۔ پھر اگر تمہارے درمیان کسی معاملہ میں نزاع ہو جائے تو اسے اللہ اور رسول کی طرف پھیر دو اگر تم واقعی اللہ اور روزِ آخر پر ایمان رکھتے ہو ۔ یہی ایک طریقِ کار ہے اور انجام کے اعتبار سے بھی بہتر ہے ۔

سورت 8 الانفال آیت 1 ۔ تم سے غنیمت کے مال کے بارے میں دریافت کرتے ہیں ۔ کہہ دو کہ غنیمت خدا اور اس کے رسول کا مال ہے ۔ خدا سے ڈرو اور آپس میں صلح رکھو ۔ اور اگر ایمان رکھتے ہو تو خدا اور اس کے رسول کے حکم پر چلو

سورت 8 الانفال آیت 20 ۔ اے ایمان والو ۔ خدا اور اس کے رسول کے حکم پر چلو اور اس سے رُو گردانی نہ کرو اور تم سنتے ہو

سورت 8 الانفال آیت 46 ۔ اور خدا اور اس کے رسول کے حکم پر چلو اور آپس میں جھگڑا نہ کرو کہ (ایسا کرو گے تو) تم بزدل ہو جاؤ گے اور تمہارا اقبال جاتا رہے گا اور صبر سے کام لو کہ خدا صبر کرنے والوں کی مددگار ہے
سورت 24 النّور آیت 52 ۔ اور جو شخص خدا اور اسکے رسول کی فرمانبرداری کرے گا اور اس سے ڈرے گا تو ایسے ہی لوگ مراد کو پہنچنے والے ہیں

سورت 33 الاحزاب آیت 71 ۔ وہ تمہارے سب اعمال درست کر دے گا اور تمہارے گناہ بخش دے گا اور جو شخص خدا اور اس کے رسول کی فرمانبرداری کرے گا تو بیشک بڑی مراد پائے گا

سورت 48 الفتح آیت 17 ۔ نہ تو اندھے پر گناہ ہے (کہ سفر جنگ سے) پیچھے رہ جائے اور نہ لنگڑے پر گناہ ہے اور نہ بیمار پر گناہ ہے اور جو شخص خدا اور اسکے پیغمبر کے فرمان پر چلے گا خدا اس کو بہشتوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہ رہی ہیں اور جو روگردانی کرے گا اسے بڑے دکھ کی سزا دے گا

سورت 49 الحُجرات آیت 14 ۔ اعراب کہتے ہیں کہ ہم ایمان لے آئے کہہ دو کہ تم ایمان نہیں لائے (بلکہ) یوں کہو کہ ہم اسلام لائے ہیں اور ایمان تو ہنوز تمہارے دلوں میں داخل ہی نہیں ہوا اور اگر تم خدا اور اس کے رسول کی فرماں برداری کرو گے تو خدا تمہارے اعمال میں سے کچھ کم نہیں کرے گا بیشک خدا بخشنے والا مہربان ہے

سورت 58 مجادلہ آیت 13 ۔ کیا تم اس سے کہ پیغمبر کے کان میں کوئی بات کہنے سے پہلے خیرات دیا کرو ڈر گئے پھر جب تم نے (ایسا) نہ کیا اور خدا نے تمہیں معاف کر دیا تو نماز پڑھتے اور زکٰوۃ دیتے رہو اور خدا اور اس کے پیغبر کی فرمانبرداری کرتے رہو اور جو کچھ تم کرتے ہو خدا اس سے خبردار ہے ‏

This entry was posted in دین, روز و شب on by .

About افتخار اجمل بھوپال

رہائش ۔ اسلام آباد ۔ پاکستان ۔ ۔ ۔ ریاست جموں کشمیر کے شہر جموں میں پیدا ہوا ۔ پاکستان بننے کے بعد ہجرت پر مجبور کئے گئے تو پاکستان آئے ۔انجنئرنگ کالج لاہور سے بی ایس سی انجنئرنگ پاس کی اور روزی کمانے میں لگ گیا۔ ملازمت کے دوران اللہ نے قومی اہمیت کے کئی منصوبے میرے ہاتھوں تکمیل کو پہنچائے اور کئی ملکوں کی سیر کرائی جہاں کے باشندوں کی عادات کے مطالعہ کا موقع ملا۔ روابط میں "میں جموں کشمیر میں" پر کلِک کر کے پڑھئے میرے اور ریاست جموں کشمیر کے متعلق حقائق جو پہلے آپ کے علم میں شائد ہی آئے ہوں گے ۔ ۔ ۔ دلچسپیاں ۔ مطالعہ ۔ مضمون نویسی ۔ خدمتِ انسانیت ۔ ویب گردی ۔ ۔ ۔ پسندیدہ کُتب ۔ بانگ درا ۔ ضرب کلِیم ۔ بال جبریل ۔ گلستان سعدی ۔ تاریخی کُتب ۔ دینی کتب ۔ سائنسی ریسرچ کی تحریریں ۔ مُہمْات کا حال

15 thoughts on “حدیث اور سُنّت کی اہمیت

  1. Noumaan

    اس بارے میں ڈاکٹر فضل الرحمن کی کتاب اسلام میں کافی اچھی طرح وضاحت کی گئی ہے۔ میرے خیال میں حدیث اور سنت نبوی کو سمجھنے اور اس کی دین اسلام میں اہمیت کو سمجھنے کے لئے مسلمان طالبعلموں کو یہ کتاب پڑھنی چاہئے۔

    امید ہے اس بارے میں آپ مزید لکھیں گے۔ نماز کی اہمیت کے بارے میں بھی اگر مزید لکھیں تو بہت اچھا ہوگا۔ ایک اور موضوع جس کو عموما نظر انداز کردیا جاتا ہے وہ یہ ہے کہ قرآن پڑھنے، احادیث مبارکہ پڑھنے یا دین کے مطالعے کا طریقہ کار کے بارے میں بھی لکھا جائے خصوصا انٹرنیٹ اور کمپیوٹر کے ذریعے دین کادرست مطالعہ کیسے کیا جائے اور کس طرح ہم یہ اندازہ لگائیں کہ آیا جو معلومات ہم حاصل کررہے ہیں وہ مستند ہے یا نہیں۔

  2. میرا پاکستان

    اجمل صاحب
    آپ نے ایک اچھے موضوع پر لکھا مگر مختصر۔ نعمان صاحب کی طرح ہم بھی یھی گزارش کریں گے کہ اس پر مزید روشنی ڈالیں۔
    سکول کے زمانے میں ہم نے نصف ایمان کے بارے میں جو حدیث سن رکھی ہے وہ اطہارت نصف الایمان ہے۔
    احادیث کا انکار کرنے والوں کیلیے یہ چیلنج ہے کہ وہ یہ ثابت کریں کہ احادیث کی غیر موجودگی میں ارکان اسلام کی ادائیگی کس طرح کی جائے۔ امید ہے ان کی طرف سے ضرور جواب آئے گا اور اس طرح یہ بحث آگے بڑھے گی۔

  3. اجمل

    نعمان صاحب
    ہو سکتا ہے اس نام کے دو آدمی ہوں ایک ڈاکٹر فضل الرحمٰن متنازیہ ہیں ۔ میں عالمِ دین تو نہیں ہوں لکین اللہ کی دی ہوئی توفیق سے کبھی کبھی اپنی سمجھ کے مطابق لکھتا رہتا ہوں ۔ وجہ یہ ہے کہ مجھے آج سے 52 سال قبل محسوس ہوا تھا کہ صرف مسلمان والدین کی اولاد ہونے سے آدمی مسلمان نہیں ہو جاتا ۔ مسلمان بننے کیلئے دین کو سمجھنا ضروری ہے ۔ میں انشاء اللہ آئیندہ بھی لکھتا رہوں گا ۔ لیکن میرے لکھے کو حرفِ آخر نہ سمجھا جائے ۔ اس پر بحث ہو سکتی ہے جس سے میرے علم میں بھی اضافہ ہو گا ۔

    انٹرنیٹ پر کئی ربط قابلِ اعتبار ہیں ۔ میں انشاء اللہ جلد اس بارے میں لکھوں گا ۔

  4. اجمل

    افضل صاحب
    حقیقت یہ ہے کہ کئی بھائیوں نے کئی ماہ پہلے مجھے یہی کچھ کہا اور میں نے لکھنے کی تیاری شروع کی مگر حالات کچھ اس طرح پلٹا کھاتے رہے کہ تاخیر ہوتی گئی ۔ انشاء اللہ جلد مزید لکھنے کی کوشش کروں گا ۔

  5. ابو حلیمہ

    السلام علیکم،۔
    صفأی نصف ایمان سے متعلق جس حدیث کا ذکر کیا گیا وہ صحیح مسلم کی کتاب الطہارۃ میں ہے:۔
    حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ بْنُ مَنْصُورٍ، حَدَّثَنَا حَبَّانُ بْنُ هِلاَلٍ، حَدَّثَنَا أَبَانٌ، حَدَّثَنَا يَحْيَى، أَنَّ زَيْدًا، حَدَّثَهُ أَنَّ أَبَا سَلاَّمٍ حَدَّثَهُ عَنْ أَبِي مَالِكٍ الأَشْعَرِيِّ، قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم ‏”‏ الطُّهُورُ شَطْرُ الإِيمَانِ وَالْحَمْدُ لِلَّهِ تَمْلأُ الْمِيزَانَ ‏.‏ وَسُبْحَانَ اللَّهِ وَالْحَمْدُ لِلَّهِ تَمْلآنِ – أَوْ تَمْلأُ – مَا بَيْنَ السَّمَوَاتِ وَالأَرْضِ وَالصَّلاَةُ نُورٌ وَالصَّدَقَةُ بُرْهَانٌ وَالصَّبْرُ ضِيَاءٌ وَالْقُرْآنُ حُجَّةٌ لَكَ أَوْ عَلَيْكَ كُلُّ النَّاسِ يَغْدُو فَبَائِعٌ نَفْسَهُ فَمُعْتِقُهَا أَوْ مُوبِقُهَا ‏”۔
    ۔۔۔۔
    شطر معنی آدھا۔
    والسلام

  6. زکریا

    <a href=”http://www.usc.edu/dept/MSA/fundamentals/hadithsunnah/muslim/002.smt.html#002.0432″صفائی نصف ایمان

    حدیث کے متعلق بات نہیں کروں گا کہ ہر انسان کا اپنا نظریہ ہے۔ صرف یہ کہوں گا کہ آجکل مسلمانوں کو ایک آدھی حدیث سیکھ کر سنانے کی عادت پڑ گئی ہے اور حدیث کو سمجھنا کافی مشکل کام ہے۔

  7. اجمل

    ابو حلیمہ صاحب
    شکر کا مطلب آدھا یا نصف نہیں ہوتا بلکہ شطر کا مطلب طرف یا سمت ہوتا ہے ۔ ملاحظہ ہو ۔ سُورة ۔ 2 ۔ الْبَقَرَة ۔ آیة ۔ 144
    قَدْ نَرَى تَقَلُّبَ وَجْهِكَ فِي السَّمَاءِ فَلَنُوَلِّيَنَّكَ قِبْلَةً تَرْضَاهَا فَوَلِّ وَجْهَكَ شَطْرَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ وَحَيْثُ مَا كُنتُمْ فَوَلُّواْ وُجُوهَكُمْ شَطْرَهُ وَإِنَّ الَّذِينَ أُوْتُواْ الْكِتَابَ لَيَعْلَمُونَ أَنَّهُ الْحَقُّ مِن رَّبِّهِمْ وَمَا اللّهُ بِغَافِلٍ عَمَّا يَعْمَلُونَ
    [اے حبیب] ہم بار بار آپ کے رُخِ انور کا آسمان کی طرف پلٹنا دیکھ رہے ہیں، سو ہم ضرور بالضرور آپ کو اسی قبلہ کی طرف پھیر دیں گے جس پر آپ راضی ہیں، پس آپ اپنا رخ ابھی مسجدِ حرام کی طرف پھیر لیجئے، اور (اے مسلمانو!) تم جہاں کہیں بھی ہو پس اپنے چہرے اسی کی طرف پھیر لو، اور وہ لوگ جنہیں کتاب دی گئی ہے ضرور جانتے ہیں کہ یہ [تحویلِ قبلہ کا حکم] ان کے رب کی طرف سے حق ہے، اور اﷲ ان کاموں سے بے خبر نہیں جو وہ انجام دے رہے ہیں

  8. اجمل

    زکریا بیٹے
    کوئی کام مشکل نہیں ہوتا اگر اسے مناسب توجہ اور وقت دیا جائے ۔ قرآن و حدیث کے بارے میں بھی اسی طرح محتاط ہونا پڑتا ہے جس طرح سائنس کیلئے ہونا پڑتا ہے ۔ اگر ہر چیز یا بات کو سیاست کی طرح لیا جائے تو نتیجہ وہی ہوتا ہے جو موجودہ دور میں ہماری قوم کا ہے ۔

  9. باسم

    شطر کا معنی سمت بھی ہے اور نصف بھی
    یعنی دونوں معنوں کیلیے استعمال ہوتا ہے
    عربی سے انگریزی لغت دیکھیے
    http://dictionary.sakhr.com/idrisidic_2MM.asp?Lang=A-E&Sub=%d4%d8%d1
    سمت کے معنی کیلیے تو آیت کافی ہے
    نصف کے معنی کیلیے انگریزی سے عربی لغت کا یہ لنک دیکھیے
    http://www.babylon.com/define/98/English-Arabic-Dictionary-Online.html
    دائیں طرف half کا ایک معنی شطر بھی لکھا ہے
    درستگی فرمالیں

  10. اجمل

    باسم صاحب
    آپ کا شکریہ آپ نے کافی محنت کی ۔ کسی زبان کو صرف ڈکشنری سے سیکھنا مشکل کام ہے ۔ بالخصوص عربی اور لاطینی کو ڈکشنری سے سیکھنا بہت مشکل ہے کیونکہ ان میں معنی استعمال اور موقع محل کے مطابق بدلتے ہیں ۔ میں نے حدیث لکھی تھی “النّضافہ من الایمان” جو واضہ ہے ۔ اسی کو مخلتف الفاظ میں بیان کیا گیا ہے ۔ عربی زبان میں ایک ہی بات کئی طریقوں سے کہی جا سکتی ہے ۔ میں نے ترجمہ ایک عربی دان سے پوچھا تھا اور اس کے بعد اپنی یادداشت سے آیت لکھ دی تھی ۔ اگر معنی آدھا لیتے ہیں تو آدھا ایمان صفائی ہو گئی ۔ عربی محاورہ میں یہ منطبق نہیں ہوتا ۔

  11. Roghani

    “یہ سب ہمیں سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے اپنی زبان اور اپنے عمل سے بتایا اور اسی کو علٰی الترتیب حدیث اور سنّت کہتے ہیں جو پہلے تو مسلمانوں کو یاد تھیں مگر ان کے بھول جانے یا بدل جانے کے خدشہ کی وجہ سے انہیں بہت احتیاط اور چھانٹ پھٹک کے بعد کتابی شکل دی گئی ۔“

    آپ کے درجہ بالا ارشاد کا مطلب یہی ہوا کہ حدیث اور سنت ایک ہی چیز ہے اور آخر میں انہیں حدیث کے کتابوں میں جمع کیا گیا ہے ۔ حالانکہ ایسا نہیں ۔ حدیث اور سنت دو الگ الگ چیزیں ہیں ۔ سنت سے مراد دین ابراہیمی کی وہ روایت ہے جسے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے تجدید و اصلاح کے بعد اور اس میں بعض اضافوں کے ساتھ اپنے ماننے والوں میں دین کی حیثیت سے جاری فرمایا ہے ۔ یہ تعداد میں 27 ہیں ۔ سنت اور قرآن میں ثبوت کے اعتبار سے کوئی فرق نہیں جبکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے قول و فعل اور تقریر و تسویب کی روایتیں جو زیادہ تر اخبار آحاد کے طریقے پر نقل ہوئی ہیں ، انہیں اصلاح میں حدیث کہا جاتا ہے ۔

  12. اجمل

    روغانی صاحب
    ذرا غور سے میری تحریر پڑھیئے اور بتائیے کہ میں نے کہاں لکھا ہے حدیث اور سنّت ایک ہی چیز ہے ؟
    آپ نے سنّت کے متعلق لکھا ہے ۔ “اپنے ماننے والوں میں دین کی حیثیت سے جاری فرمایا ہے” ۔ میں تو پچھلے پچاس ساٹھ سال سے سمجھتا رہا کہ جس عمل کی وضاحت قرآن میں نہیں اسے سنّت اور حدیث سے واضح کیا گیا ۔
    آپ نے سنّت کی تعداد 27 لکھی ہے ۔ از راہِ کرم ان کی فہرست مہیا کر دیجئے تاکہ بات میری سمجھ میں آ جائے ۔

  13. Roghani

    اجمل صاحب سنن یہ ہیں‌ :

    1۔اللہ کا نام لے کر اور دائیں ہاتھ سے کھانا پینا، 2۔ملاقات کے موقع پر السلام علیکم اور اس کا جواب،3۔چھینک آنے پر الحمد اللہ اور اس کے جواب میں یرحمک اللہ،4۔نومولود کے دائیں کان میں اذان اور بائیں میں اقامت، 5۔مونچھیں پست رکھنا ، 6۔زیرناف کے بال مونڈنا ، 7۔بغل کے بال صاف کرنا ،8۔لڑکوں کا ختنہ کرنا ، 9۔بڑھے ہوئے ناخن کاٹنا ، 10۔ناک ، منہ اور دانتوں کی صفائی ، 11۔استنجا ، 12۔حیض و نفاس میں زن و شو سے اجتناب ، 13۔حیض و نفاس کے بعد غسل، 14۔غسل جنابت ، 15۔ میت کا غسل ، 16۔تجہیز و تکفین ، 17۔تدفین ، 18۔عید الفطر ، 19۔ عید الاضحٰی ، 20۔اللہ کا نام لے کر جانوروں کا تذکیہ (یعنی ذبح کرنا) ، 21۔نکاح و طلاق اور ان کے متعلقات ( یعنی متعلقہ امور)، 22۔ زکوۃ اور اس کے متعلقات ، 23۔نماز اور اس کے متعلقات ، 24۔روزہ اور صدقہ فطر ، 25۔اعتکاف ، 26۔ قربانی ، 27۔ حج و عمرہ اور ان کے متعلقات (میزان: جاوید احمد غامدی)

  14. اجمل

    روغانی صاحب
    آپ نے جو ستائیس سنّت لکھی ہیں ان میں کم از کم ایک درجن قرآن شریف میں بطور اللہ سبحانُہُ تعالٰی کے حکم کے موجود ہیں ۔ آپ کی تحریر سے دو اہم سوال جنم لیتے ہیں ۔
    پہلا سوال ۔ کیا قرآن شریف میں مرقوم اللہ سبحانُہُ و تعالٰی کے باقی احکام سنّت میں شامل نہیں ہیں ؟
    دوسرا سوال ۔ کیا رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے باقی فعل سنّت میں شامل نہیں ہیں ؟

  15. Pingback: مسلمان بدنام کيوں ہيں ۔ لمحہءِ فکريہ | میں کیا ہوں ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ What Am I

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

:wink: :twisted: :roll: :oops: :mrgreen: :lol: :idea: :evil: :cry: :arrow: :?: :-| :-x :-o :-P :-D :-? :) :( :!: 8-O 8)

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.