کيا روزے اسی لئے ہيں ؟

رمضان کا مبارک مہينہ شروع ہوا ۔ اسلامی جمہوريہ پاکستان کی حکومت نے سَستے بازار قائم کرديئے ۔ حکمرانوں کے بيانوں سے اخبار لہلہا اُٹھے ۔ ہم ايک سَستے بازار ميں سودا لينے گئے ۔ پياز 15 روپے کلو اور آلو 25 روپے کلو جو چند دن پہلے علی الترتيب 9 روپے اور 23 روپے کلو لائے تھے ۔ باقی سبزی پھل سب کا يہی حال تھا ايک آدھ چيز پچھلے بھاؤ پر تھی کم پر کوئی نہ تھی ۔ مرتا کيا نہ کرتا سودا خريدنا شروع کيا ۔

ايک پياز والے کے پاس موٹے موٹے پياز تھے اُسے کہا ڈھائی کلو دے ديجئے اُس نے بالکل نيچے سے اس طرح پياز ڈالے کہ سارے بالکل چھوٹے چھوٹے چھوٹے پياز ترازو ميں آئے ۔ اُس نے داڑھی رکھی ہوئی تھی پوچھا کہ آپ داڑھی رکھنے کا سبب بتائيے گا ۔ جواب ديا کہ سُنّت ہے ۔ ميں نے کہا کيا داڑھی رکھنے کے بعد اجازت ہو جاتی ہے کہ جو ہيراپھيری چاہو کرو ؟ تو منہ بنا ليا ۔ آلو والے نے موٹے موٹے آلو تول کر دے ديئے ۔ کھجور والے سے کہا کہ سب کھجوروں کو تيل لگا ہوا ہے ؟ اشارہ کر کے بولا کہ ان کو تيل نہيں لگا ہوا ۔ ديکھنے ميں موٹی اور تازہ تھيں ۔ بھاؤ پوچھا ۔ 75 روپے کلو ۔ ايک کلو لے ليں ۔ آگے بڑھے تو ڈبے ميں بند کھجوريں بِک رہی تھيں ۔ دوکاندار نے ڈبے کا ڈھکنا اُتار کر دکھايا موٹی موٹی ايرانی کھجوريں تھيں ۔ ايک ڈبہ لے ليا ساٹھ روپے کا ۔ وزن آدھا کلو تھا ۔ امرود والے کے پاس گئے اور درخواست کی کہ بھائی پيسے اپنی مرضی کے لے لينا مگر خراب امرود نہ ڈالنا ۔ کچھ روپے زيادہ لئے اور چُن کے امرود تھيلے ميں ڈال کر دے ديئے ۔ ہم خوش خوش گھر آئے کہ سودا اچھا مل گيا ۔

ملازمہ نے آلو کاٹے تو ڈھائی ميں سے ايک کلو خراب نکلے ۔ تھيلے سے امرود نکالے تو آدھے امرود گلے ہوئے تھے ۔ افطار کے وقت جو کھجوريں کھُلی تھيں وہ ليں تو ہاتھ کو تيل لگ گيا جيسا کبھی کبھی اپنی پرانی گاڑی سے لگ جاتا ہے ۔ تجربہ کيلئے چند کھجوريں دھوئيں تو ايسے محسوس ہوا کہ پانی ميں بھيگے رہنے کی وجہ سے گَل کر پھُول چُکی ہيں ۔ چاروناچار کھجوروں کا ڈبہ کھولا ۔ جب کھجوريں پليٹ ميں ڈاليں تو آنکھوں پر يقين نہ آيا ۔ اُوپر کی تہہ ايرانی کھجوريں دوسری تہہ سوکھی کھجوريں اور سب سے نيچے کی تہہ شيرہ ميں بھِگوئے ہوئے چھوہارے تھے ۔

ذرا ديکھئے سُورت الْبَقَرَہ کی آيت 183 ميں يہی لکھا ہے کيا ؟
اے ایمان والو! تم پر اسی طرح روزے فرض کئے گئے ہیں جیسے تم سے پہلے لوگوں پر فرض کئے گئے تھے تاکہ تم پرہیزگار بن جاؤ

پھر کہتے ہيں اسلام ہميں ترقی نہيں کرنے ديتا ۔ چودہ صدياں پرانا ہے ۔

يا مالک و خالق ہميں سيدھی راہ پر چلنے کی توفيق دے

This entry was posted in آپ بيتی on by .

About افتخار اجمل بھوپال

رہائش ۔ اسلام آباد ۔ پاکستان ۔ ۔ ۔ ریاست جموں کشمیر کے شہر جموں میں پیدا ہوا ۔ پاکستان بننے کے بعد ہجرت پر مجبور کئے گئے تو پاکستان آئے ۔انجنئرنگ کالج لاہور سے بی ایس سی انجنئرنگ پاس کی اور روزی کمانے میں لگ گیا۔ ملازمت کے دوران اللہ نے قومی اہمیت کے کئی منصوبے میرے ہاتھوں تکمیل کو پہنچائے اور کئی ملکوں کی سیر کرائی جہاں کے باشندوں کی عادات کے مطالعہ کا موقع ملا۔ روابط میں "میں جموں کشمیر میں" پر کلِک کر کے پڑھئے میرے اور ریاست جموں کشمیر کے متعلق حقائق جو پہلے آپ کے علم میں شائد ہی آئے ہوں گے ۔ ۔ ۔ دلچسپیاں ۔ مطالعہ ۔ مضمون نویسی ۔ خدمتِ انسانیت ۔ ویب گردی ۔ ۔ ۔ پسندیدہ کُتب ۔ بانگ درا ۔ ضرب کلِیم ۔ بال جبریل ۔ گلستان سعدی ۔ تاریخی کُتب ۔ دینی کتب ۔ سائنسی ریسرچ کی تحریریں ۔ مُہمْات کا حال

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

:wink: :twisted: :roll: :oops: :mrgreen: :lol: :idea: :evil: :cry: :arrow: :?: :-| :-x :-o :-P :-D :-? :) :( :!: 8-O 8)

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.