تاریخ ۔ جس سے ہم سبق نہیں لیتے

کنفیوشس نے اپنے پیروکاروں سے کہا تھا ” انسان ناسازگار حالات حتیٰ کہ موت کے آس پاس بھی گزارنے کو ترجیح دیتا ہے بشرطیکہ اسے وہاں ایک مکمل اور آسان انصاف حاصل ہو“۔
مجبوری میں اس ایک لفظ انصاف کا تعاقب کرنے پر آخری سرے پر ناانصافی ہی ہمارا منہ چڑا رہی ہوتی ہے۔ یہی وہ آتش فشاں ہے جس سے مجبوریوں کے لاوے پھوٹتے اور ہماری زندگیوں کو بھسم کر دیتے ہیں۔ ناانصافی کا یہ لاوا پہلے ہماری اخلاقیات کو نگلتا، اُسے کمزور کرتا اور پھر اپنا راستہ بناتا سماجی زندگی سے لے کر اداروں تک کو اپنی لپیٹ میں لیتا چلا جاتا ہے

یہ پون صدی کا نہیں، صدیوں کا قصہ ہے جب سو سال پہلے کا امریکہ ایک ایسی عجیب و غریب سرزمین تھا جہاں پندرہ سے زیادہ ریاستوں میں سیاہ فام اور سفید فام قانونی طور پر شادی نہیں کر سکتے تھے۔ خواتین کو نہ رائے دہی کا حق حاصل تھا، نہ ہی جائیداد کی مختار ہونے کا۔ کم از کم اجرت کا کوئی قانونی معیار نہ تھا۔ سیاہ فام اور سفید فام نہ ایک اسکول میں پڑھ سکتے، نہ ہی ایک نلکے سے پانی پی سکتے تھے۔ سیاہ فاموں کو جتھے بنا کر بدترین تشدد کے بعد قتل کر دیا جاتا، کسی کو سزا تک نہ ہوتی۔ جان بچانے تک کے لئے عورتوں کو اسقاط حمل کا حق حاصل تھا نہ ہی میراتھن دوڑوں میں حصہ لینے کا۔ گھریلو تشدد عام، بچے فیکٹریوں میں کام کرتے، اقلیتوں کے لئے مذہبی آزادی مفقود۔ ظلم و ناانصافی کی اتنی طویل فہرست ہے کہ داستان الف لیلہ کی طرح پڑھتے چلے جایئے۔

سو سال بعد اگر کوئی مصنف، کوئی ادیب، کوئی محقق یا کوئی تاریخ دان ماضی کے دروازے کھول کر وطن عزیز پاکستان کی آج کی دنیا پر نظر ڈالے تو وہ کیا لکھے گا ؟
یقیناً وہ لکھے گا کہ ملک پاکستان سن 2018ء میں جس کی 70 فیصد آبادی ناخواندہ اور 60 فیصد کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں تھا، بیروزگاری عروج پر تھی، قوانین پر مذہبی اور سرکاری چھاپ تھی، غیرت کے نام پر قتل روزمرہ کا معمول تھا جس کا تحفظ حکومتی وزیر مشیر ایوانوں میں کرتے تھے۔ مثبت سوچ رکھنے والے جلاوطن کر دیئے جاتے، انہیں ہیرو کے بجائے سازشی، کٹھ پتلی، ڈرامہ باز اور کرپٹ قرار دے کر مطعون کیا جاتا، اسی جرم میں بزدل قوم کے بہادر لیڈر پھانسی پر لٹکا دیئے جاتے یا سرعام قتل کر دیئے جاتے اور اس عمل کی حمایت کرنے والے کھلے عام گھومتے۔ سیاست اور سیاسی منظر نامہ پر انہی کا غلبہ تھا۔ جمہوریت کے لبادے میں کٹھ پتلیاں نچانے کا کاروبار عروج پر تھا۔ عقل کی بات کرنے والے مطعون و ملعون اور حریت فکر کے پرچارک شیطان کے ہرکارے کہلاتے۔ ملک کے میدان، بازار، گلیاں، قوانین کے سیلاب کے سپرد تھیں جس سے پوری قوم ذہنی اختلال کا بدترین نمونہ تھی

یہ تاریخ شاید 100 سال بعد لکھی جائے لیکن آج کے انسان کا کیا قصور جو مہذب کہلاتا ہے، اسی آب و ہوا میں سانس لینے پر مجبور ہے جس میں کرپشن اور ناانصافی کا زہر گھلا ہے۔ کیا خدانخواستہ 100 سال بعد ایک ایسی قوم کی تاریخ لکھی جائے گی جس کے قوانین مکڑی کے جالے کی طرح تھے جس میں صرف چھوٹے کیڑے ہی پھنستے، طاقتور اسے توڑتے ہوئے نکل جاتے، ریاست اپنے ذمہ کے کام بھی افراد پر ڈال کر خود اپنے ہاتھ جھاڑ لیتی

ان انسانوں کا کیا حال، جن کے نزدیک زندگی سمندر نہیں نہ انسان کے بنائے ہوئے قوانین ریت کے گھروندے، وہ جو زندگی کو ایک مستحکم چٹان سمجھتے اور ان کا قانون گویا سنگ تراش کی ایک چھینی ہے جس سے وہ چٹان پر اپنے وجود معنوی کے نقوش کھودتے ہیں مگر کتنی جلدی وہ اپنے ہی بنائے نقوش کو بنا بنا کر مٹاتے اور ہر نئے نقش کو مکمل سمجھتے ہیں۔ پھر ہر نقش تازہ ایک تازہ تر نقش کا محتاج پایا جاتا ہے۔ اس اپاہج کا کیا حال، جو رقص کرنے والوں کو دیکھ کر حسد کی آگ میں جلتا، اپنی لنگڑی ٹانگ، ٹوٹے ہاتھ اور پھوٹی آنکھ کی خوبیوں پر دلیلیں لاتا ہے۔ اس بوڑھے سانپ کا کیا حال، جو اپنے بڑھاپے کی وجہ سے کینچلی نہیں اتار سکتا اور دوسرے نوجوان سانپوں کو کینچلی بدلتے دیکھ کر ننگا اور بے شرم سمجھتا ہے

وہ جو ضیافت میں اکثر بن بلائے بھی قبل از وقت آتا ہے، خوب کھاتا ہے اور کھاتے کھاتے تھک کر معذور ہو جاتا ہے، اٹھ کر چلا جاتا ہے مگر کہتا یہ ہے کہ یہ ضیافتیں قباحتیں ہیں، یہ میزبان قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں جن کی ضیافتوں میں لوگوں کے معدے بھاری اور ہاضمے خراب ہو جاتے ہیں

میرا ذاتی المیہ درد انگیز بھی ہے جس نے میری زبان پر قفل ڈال دیئے، میرے ہاتھوں کو جکڑ دیا، میں اس حال میں زندہ ہوں کہ میرے پاس عزم ہے نہ عمل۔ یہ سچ مجھے ہضم نہیں ہوتا کہ میرے ملک کی بربادی، خاموش بربادی ہے۔ وہ گناہ جس کے نتیجے میں سانپ اور اژدھے جنم لیتے ہیں، اس بربادی کی یہ داستان وہ المیہ تمثیل ہے جس میں نغمہ ہے نہ منظر۔ اس کے باوجود میں خوش ہوں کہ جنہیں میں چاہتا ہوں وہ صلیب پر مارے گئے، وہ مہر بہ لب مارے گئے کہ اپنے دشمنوں سے بزدلوں کی طرح محبت اور اپنے چاہنے والوں سے منکروں کی طرح نفرت نہ کر سکے۔ وہ اس لئے مارے گئے کہ گناہ گار نہ تھے، وہ اس لئے مارے گئے کہ انہوں نے ظالموں تک پر ظلم نہ کیا کہ وہ بلا کے صلح پسند تھے۔ اسی خاطر موت کی آغوش میں سو گئے۔ لیاقت علی خان کے مکے، ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی اور بے نظیر کا قتل اور پھر جمہوریت کا بہترین انتقام۔ نواز شریف کے بعد زرداری

یہ تاریخ اب نواز شریف اور زرداری کی کہانی تحریر کرے گی۔ واویلا گردی کے عادی اپنے شور و غوغا سے کان پڑی آواز سننے نہیں دیں گے، نواز شریف کا یہ شعر لوگوں کے سروں پر سے گزر جائے گا

جو ہم پہ گزری سو گزری مگر شبِ ہجراں
ہمارے اشک تری عاقبت سنوار چلے

دونوں رہنمائوں اور حریت و ترقی پسند دانشوروں کے بارے میں فیصلوں کی روشنی میں یہ تاریخ کہانی کو کیا موڑ دیتی ہے، بولنا تو درکنار بقول نواز شریف رو بھی نہ سکنے والوں کو تاریخ میں کیا مقام نصیب ہوتا ہے، وقت اس کا منصف بنے گا جیسا کہ وقت کی منصفانہ شمشیر ان پر بھی لٹک رہی ہے جنہیں واویلا گردی کی منحوس بلا پوری طرح نگل چکی ہے

تحریر ۔ محمد سعید اظہر
26 دسمبر 2018ء کو شائع ہوئی

This entry was posted in تاریخ, تجزیہ, روز و شب, طور طريقہ, معاشرہ on by .

About افتخار اجمل بھوپال

رہائش ۔ اسلام آباد ۔ پاکستان ۔ ۔ ۔ ریاست جموں کشمیر کے شہر جموں میں پیدا ہوا ۔ پاکستان بننے کے بعد ہجرت پر مجبور کئے گئے تو پاکستان آئے ۔انجنئرنگ کالج لاہور سے بی ایس سی انجنئرنگ پاس کی اور روزی کمانے میں لگ گیا۔ ملازمت کے دوران اللہ نے قومی اہمیت کے کئی منصوبے میرے ہاتھوں تکمیل کو پہنچائے اور کئی ملکوں کی سیر کرائی جہاں کے باشندوں کی عادات کے مطالعہ کا موقع ملا۔ روابط میں "میں جموں کشمیر میں" پر کلِک کر کے پڑھئے میرے اور ریاست جموں کشمیر کے متعلق حقائق جو پہلے آپ کے علم میں شائد ہی آئے ہوں گے ۔ ۔ ۔ دلچسپیاں ۔ مطالعہ ۔ مضمون نویسی ۔ خدمتِ انسانیت ۔ ویب گردی ۔ ۔ ۔ پسندیدہ کُتب ۔ بانگ درا ۔ ضرب کلِیم ۔ بال جبریل ۔ گلستان سعدی ۔ تاریخی کُتب ۔ دینی کتب ۔ سائنسی ریسرچ کی تحریریں ۔ مُہمْات کا حال

2 thoughts on “تاریخ ۔ جس سے ہم سبق نہیں لیتے

  1. Wahaj Ahmad

    I frequently see criticism against Imran Khan although he has been able to bring to light ridiculously expensive living of previous PM s

  2. Ali

    —-
    سقوطِ ڈھاکہ کے بعد جب عوامی نیشنل پارتی کے راہنماؤں کو پاکستان میں حراست میں لیا گیا تو ایک ایسا شخص تھا جو بہت ہی خستہ حال تھا، اس کو گرفتار کر کے حیدرآباد جیل لایا گیا۔

    جیلر نے اس پریشان حال شخص کو دیکھا اور حقارت سے کہا کہ

    اگر تم عبدالولی خان کے خلاف بیان لکھ کر دے دو تو ہم تم کو رہا کر دیں گے

    ورنہ

    یاد رکھو اس کیس میں تم ساری عمر جیل میں گلتے سڑتے رہو گے اور یہیں تمہاری موت ہو گی۔

    یہ سن کر اس شخص نے جیلر کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالیں اور مسکرا کر کہا

    جیلر صاحب جیل میں تو شاید میں چند برس زندہ بھی رہ لوں

    لیکن

    اگر میں نے یہ معافی نامہ لکھ دیا تو شاید چند دن بھی نہ جی پاؤں

    اصولوں او عزم و ہمت کی اس دیوار کا نام حبیب جالب تھا۔

    اور

    اس کو جیل میں بھیجنے والا اپنے وقت کا سب سے بڑا لیڈر ذوالفقار علی بھٹو تھا۔

    میں کل سے حیرت کا بت بنا بیٹھا ہوں جب میں نے بلاول بھٹو کو ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر حبیب جالب کا کلام پڑھتے دیکھا اور کلام بھی وہ جو اس نے بھٹو کے دور میں لکھا تھا۔

    آپ کو یہ سن کر شاید حیرت ہو کہ حبیب جالب عوامی نیشنل پارٹی کے لیڈر تھے اور انہوں نے بھٹو دور میں الیکشن لڑا تھا اور الیکشن ہارنے کے بعد وہ بھٹو کے ظلم و ستم کا نشانہ بنے رہے،

    ان کو جیل میں ڈآل دیا گیا اور ضیاء الحق کے مارشل لاء کے بعد ان کو اس کیس سے بری کیا گیا تھا۔

    کاش کہ بلاول کو تاریخ سے تھوڑی سی بھی آگہی ہوتی تو ان کو معلوم ہوتا ہے کہ عظیم انقلابی شاعر حبیب جالب کا بیشتر کلام بلاول کے نانا ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف تھا۔ جن میں سے ایک مشہور نظم پیش خدمت ہے

    میں پسرِ شاہنواز ہوں میں پدرِ بے نظیر ہوں
    میں نکسن کا غلام ہوں، میں قائد عوام ہوں

    میں شرابیوں کا پیر ہوں، میں لکھ پتی فقیر ہوں
    وہسکی بھرا اک جام ہوں، میں قائد عوام ہوں

    جتنے میرے وزیر ہیں، سارے بے ضمیر ہیں
    میں انکا بھی امام ہوں، میں قائد عوام ہوں

    دیکھو میرے اعمال کو، میں کھا گیا بنگال کو
    پھر بھی میں نیک نام ہوں، میں قائد عوام ہوں

    کل جب بھٹو کی برسی پر بلاول حبیب جالب کا کلام پڑھ رہے تھے تو بھٹو دور میں ہونے والے مظالم میری آنکھوں کے سامنے آ گئے۔

    حبیب جالب پر اتنا ظلم ایوب خان اور ضیاءالحق جیسے آمروں کے دور میں نہیں ہوا جتنا ظلم قائد عوام اور ایک جمہوری لیڈر بھٹو کے دور میں ہوا۔

    جس دن بھٹو نے حبیب جالب کو گرفتار کروایا تھا اس دن جالب کے بیٹے کا سوئم تھا اور وہ چاک گریبان کے ساتھ جیل میں گئے تھے اور اپنے بیٹے کی یاد میں لکھی نظم ایک تاریخی انقلابی نظم ہے

    کاش کوئی یہ سب باتیں جا کر بلاول کو بتائے کہ رٹی رٹائی تقریریں کر لینا بہت آسان ہے لیکن بہتر ہو اگر تم ان باتوں کا تاریخی پسِ منظر بھی جان لو۔

    جیسی جاہل یہ قوم ہے ویسے ہی جاہل اور تاریخی حقائق سے نابلد ان کے لیڈر۔۔۔۔

    ۔۔
    تحریر : اشتیاق درانی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

:wink: :twisted: :roll: :oops: :mrgreen: :lol: :idea: :evil: :cry: :arrow: :?: :-| :-x :-o :-P :-D :-? :) :( :!: 8-O 8)

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.