Monthly Archives: August 2016

پروپیگنڈہ اور حقیقت

جب سال 1964ء میں پاکستان میں ٹی وی کی ابتداء ہوئی تو کسی سیانے نے کہا تھا کہ ”شیطانی چرخا آ گیا“۔ اس پر مُسکرایا تو میں بھی تھا لیکن میں ٹھہرا 2 جماعت پاس ۔ پڑھے لکھے لوگوں نے اُس سیانے کو جاہل قرار دیا تھا ۔ وقت نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ شخص واقعی سمجھدار اور دُور اندیش تھا ۔ شیطان غیرمحسوس طور پر انسان کے دل و دماغ پر قبضہ جماتا ہے اور جس کے دل و دماغ کو قابو کر لے اُس کیلئے بُرائی اور بھلائی کی پہچان مُشکل ہو جاتی ہے ۔ ٹی وی کے بعد انٹر نیٹ نے شیطان کا کام اور بھی آسان بنا دیا ہے ۔ لوگ جو کچھ ٹی وی پر اور انٹر نیٹ پر دیکھتے ہیں اُسے صرف حقیقت ہی نہیں حرفِ آخر سمجھنے لگ گئے ہیں ۔ اب تو سیاسی شعبدہ بازوں نے بھی انٹرنیٹ کو اپنا تختہءِ مشق بنا لیا ہے جس کے نتجے میں لوگ حقائق سے بے بہرا ہو چکے ہیں

اب ملاحظہ کیجئے قائد اعظم کی تقاریر اور خطابات سے صرف ایک درجن اقتباسات اور دیکھیئے کہ قائد اعظم کیسا پاکستان بنانا چاہتے تھے اور قوم کس ڈگر پر چل نکلی ہے

1 ۔ آل انڈیا مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے اجلاس منعقدہ 15 نومبر 1942ء میں قائد اعظم نے وہ بصیرت افروز اور چشم کشا خطاب کیا جس کی ضیا باری سے آج بھی تاریخ پاکستان روشن ہے۔ قائد اعظم نے فرمایا ”مجھ سے اکثر پوچھا جاتا ہے کہ پاکستان کا طرز حکومت کیا ہوگا ؟ پاکستان کے طرز حکومت کا تعین کرنے والا میں کون ہوتا ہوں ۔ مسلمانوں کا طرز حکومت آج سے تیرہ سو سال قبل قرآن کریم نے وضاحت کے ساتھ بیان کر دیا تھا ۔ الحمد للہ ، قرآن مجید ہماری رہنمائی کے لیے موجود ہے اور قیامت تک موجود رہے گا

2 ۔ 6 دسمبر 1943ء کو کراچی میں آل انڈیا مسلم لیگ کے 31 ویں اجلاس سے خطاب کے دوران قائد اعظم نے فرمایا ”وہ کون سا رشتہ ہے جس سے منسلک ہونے سے تمام مسلمان جسد واحد کی طرح ہیں ، وہ کون سی چٹان ہے جس پر ان کی ملت کی عمارت استوار ہے ، وہ کون سا لنگر ہے جس پر امت کی کشتی محفوظ کر دی گئی ہے ؟”
پھر خود ہی جواب دیا ”وہ رشتہ ، وہ چٹان ، وہ لنگر اللہ کی کتاب قرآن کریم ہے ۔ مجھے امید ہے کہ جوں جوں ہم آگے بڑھتے جائیں گے ، قرآن مجید کی برکت سے ہم میں زیادہ سے زیادہ اتحاد پیدا ہوتا جائے گا۔ ایک خدا ، ایک کتاب ، ایک رسول ، ایک اُمت“۔

3 ۔ قائد اعظم نے 17 ستمبر 1944ء کو گاندھی جی کے نام اپنے ایک خط میں تحریر فرمایا ”قرآن مسلمانوں کا ضابطہ حیات ہے ۔ اس میں مذہبی اور مجلسی ، دیوانی اور فوجداری ، عسکری اور تعزیری ، معاشی اور معاشرتی سب شعبوں کے احکام موجود ہیں۔ یہ مذہبی رسوم سے لے کر جسم کی صحت تک ، جماعت کے حقوق سے لے کر فرد کے حقوق تک ، اخلاق سے لے کر انسدادِ جرائم تک ، زندگی میں سزا و جزا سے لے کر آخرت کی جزا و سزا تک غرض کہ ہر قول و فعل اور ہر حرکت پر مکمل احکام کا مجموعہ ہے۔ لہٰذا جب میں کہتا ہوں کہ مسلمان ایک قوم ہیں تو حیات اور مابعد حیات کے ہر معیار اور پیمانے کے مطابق کہتا ہوں“۔

4 ۔ 10 ستمبر 1945 ء کو عید الفطر کے موقع پر قائد اعظم نے فرمایا ”ہمارا پروگرام قرآنِ کریم میں موجود ہے ۔ تمام مسلمانوں پر لازم ہے کہ قرآن غور سے پڑھیں ۔ قرآنی پروگرام کے ہوتے ہوئے مسلم لیگ مسلمانوں کے سامنے کوئی دوسرا پروگرام پیش نہیں کر سکتی“۔

5 ۔ 1947ء میں انتقالِ اقتدار کے موقع پر جب حکومت برطانیہ کی نمائندگی کرتے ہوئے لارڈ ماونٹ بیٹن نے اپنی تقریر میں کہا
”میں امید کرتا ہوں کہ پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ ویسا ہی سلوک ہوگا اور ویسے ہی اصول پیش نظر رکھے جائیں گے جن کی مثالیں اکبر اعظم کے دور میں ملتی ہیں“۔
تو اس پر قائد اعظم نے برجستہ فرمایا ”وہ رواداری اور خیر سگالی جو شہنشاہ اکبر نے غیر مسلموں کے حق میں برتی کوئی نئی بات نہیں ۔ یہ تو مسلمانوں کی تیرہ صدی قبل کی روایت ہے ۔ جب پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم یہودیوں اور عیسائیوں پر فتح حاصل کرنے کے بعد ان کے ساتھ نہ صرف انصاف بلکہ فیاضی کا برتاو کرتے تھے ۔ مسلمانوں کی ساری تاریخ اس قسم کے واقعات سے بھری پڑی ہے ۔ ہم پاکستانی حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی تعلیمات کی روشنی میں ہی پاکستان کا نظام چلائیں گے“۔

6 ۔ 2 جنوری 1948 ء کو کراچی میں اخبارات کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے قائد اعظم نے ارشاد فرمایا ”اسلامی حکومت کے تصور کا یہ امتیاز پیش نظر رہنا چاہیے کہ اس میں اطاعت اور وفا کا مرکز اللہ تعالی کی ذات ہے جس کی تعمیل کا عملی ذریعہ قرآن کے احکام و اصول ہیں ۔ اسلام میں اصلاً نہ کسی بادشاہ کی اطاعت ہے نہ پارلیمنٹ کی نہ کسی شخص یا ادارے کی ۔ قرآن کریم کے احکام ہی سیاست و معاشرت میں ہماری آزادی اور پابندی کی حدیں مقرر کر سکتے ہیں ۔ دوسرے لفظوں میں اسلامی حکومت قرآنی احکام و اصولوں کی حکومت ہے“۔

7 ۔ 14 فروری 1948 ء کو قائد اعظم نے بلوچستان میں خطاب کرتے ہوئے فرمایا ”میرا ایمان ہے کہ ہماری نجات کا واحد ذریعہ اس سنہری اصولوں والے ضابطہ ء عمل میں ہے جو ہمارے عظیم واضع قانون پیغمبر اسلام نے ہمارے لیے قائم کر رکھا ہے ۔ ہمیں اپنی جمہوریت کی بنیادیں سچے اخلاقی اصولوں اور تصورات پر رکھنی چاہئیں۔ اسلام کا سبق یہ ہے کہ مملکت کے امور و مسائل کے بارے میں فیصلے باہمی بحث و تمحیص اور مشوروں سے کیا کرو”۔

8 ۔ 13 اپریل 1948 ء کو اسلامیہ کالج پشاور میں تقریر کرتے ہوئے بانی پاکستان نے فرمایا ”ہم نے پاکستان کا مطالبہ زمین کا ایک ٹکڑا حاصل کرنے کے لیے نہیں کیا بلکہ ہم ایسی جائے پناہ چاہتے تھے جہاں ہم اسلامی اصولوں کے مطابق زندگی بسر کر سکیں

9 ۔ یکم جولائی 1948 ء کو سٹیٹ بنک آف پاکستان کا افتتاح کرتے ہوئے قائد اعظم نے فرمایا ”میں اشتیاق اور دل چسپی سے معلوم کرتا رہوں گا کہ آپ کی ریسرچ آرگنائزیشن بینکاری کے ایسے طریقے کس خوبی سے وضع کرتی ہے جو معاشرتی اور اقتصادی زندگی کے اسلامی تصورات کے مطابق ہوں ۔ مغرب کے معاشی نظام نے انسانیت کے لیے بے شمار مسائل پیدا کر دیے ہیں اکثر لوگوں کی یہ رائے ہے کہ مغرب کو اس تباہی سے کوئی معجزہ ہی بچا سکتا ہے ۔ یہ تباہی مغرب کی وجہ سے ہی دنیا کے سر پر منڈلا رہی ہے ۔ مغربی نظام انسانوں کے مابین انصاف اور بین الاقوامی میدان میں آویزش اور چپقلش دور کرنے میں ناکام رہا ہے“۔
مغرب کے اقتصادی نظام پر تنقید کرتے ہوئے
اسی خطاب میں آپ نے فرمایا ”اگر ہم نے مغرب کا معاشی نظریہ اور نظام ہی اپنا لیا تو عوام کی خوشحالی حاصل کرنے کے لیے ہمیں کوئی مدد نہ ملے گی ۔ اپنی تقدیر ہمیں اپنے منفرد انداز میں بنانا پڑے گی ۔ ہمیں دنیا کے سامنے ایک مثالی معاشی نظام پیش کرنا ہے جو انسانی مساوات اور معاشی انصاف کے سچے اسلامی تصورات پر قائم ہو ۔ ایسا نظام پیش کر کے ہم بحیثیت مسلمان اپنا مشن پورا کریں گے ۔ انسانیت کو حقیقی امن کا پیغام دیں گے ۔ صرف ایسا امن ہی انسانیت کو جنگ سے بچا سکتا ہے ۔ صرف ایسا امن ہی بنی نوع انسان کی خوشی اور خوشحالی کا امین و محافظ ہے

25 جنوری 1948 ء کراچی بار ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا ”آج ہم یہاں دنیا کی عظیم ترین ہستی حضرت 10 ۔ محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو نذرانہءِ عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں ۔ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی عزت و تکریم کروڑوں عام انسان ہی نہیں کرتے بلکہ دنیا کی تمام عظیم شخصیات آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے سامنے سر جھکاتی ہیں ۔ وہ عظیم مصلح تھے ، عظیم رہنما تھے ، عظیم واضع قانون تھے ، عظیم سیاستدان تھے اور عظیم حکمران تھے ، ہم ان کی تعلیمات پر عمل کرتے رہے تو کسی میدان میں کبھی بھی ناکامی نہ ہوگی

11 ۔ میں آخر میں قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کا وہ خطاب آپ کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں جو ان کے کردار کی سچائی کی سچی اور کھری شہادت کے طور پر تاریخ کے سینے پر چمک رہا ہے۔ یہ خطاب آپ نے 30 جولائی 1948 ء کو لاہور میں اسکاؤٹ ریلی سے کیا تھا۔ آپ نے فرمایا ”میں نے بہت دنیا دیکھ لی۔ اللہ تعالی نے عزت ، دولت ، شہرت بھی بے حساب دی ۔ اب میری زندگی کی ایک ہی تمنا ہے کہ مسلمانوں کو باوقار و سر بلند دیکھوں ۔ میری خواہش ہے کہ جب مروں تو میرا دل گواہی دے کہ جناح نے اللہ کے دین اسلام سے خیانت اور پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی امت سے غداری نہیں کی۔ مسلمانوں کی آزادی ، تنظیم ، اتحاد اور مدافعت میں اپنا کردارٹھیک ٹھیک ادا کیا اور میرا اللہ کہے کہ اے میرے بندے بے شک تو مسلمان پیدا ہوا۔ بے شک تو مسلمان مرا“۔

12 ۔ یہاں کلِک کر کے پڑھیئے ” قائد اعظم کا خطاب ۔ 15 اگست 1947ء“

مساوات یا عدل ؟

my-id-pak
یُونِیَن آف سَووِیَّٹ سَوشَلِسٹ رِیپَبلِکس (USSR) 1917ء میں مساوات کے نعرے پر بنائی گئی تھی مگر اس کی اصلیت عوام پر آشکار ہونا شروع ہوئی تو اندر ہی اندر لاوا پکنے لگا اور بالآخر دسمبر 1991ء میں یو ایس ایس آر 15 خود مُختار ریاستوں میں بٹ گئی

وطنِ عزیز میں مساوات کا نعرہ پہلی بار 1969ء میں لگایا گیا ۔ ہمارے عوام جو ہر دم فریب کھانے کیلئے مستعد رہتے ہیں اس نعرے کے سحر میں مُبتلاء ہو کر جھُومنے لگے ۔ اُنہیں اُس وقت کے نام نہاد نجات دہندہ (ایک جابر سرمایہ دار) نے اپنی تقاریر میں یہ سمجھایا تھا کہ ہم اس مُلک میں سب کو برابر حصہ دیں گے ۔ جھونپڑیوں میں رہنے والے بڑی بڑی کوٹھیوں میں رہنے لگیں گے ۔ ایک چپڑاسی بھی فیڈرل سیکریٹری بن سکے گا ۔ کوئی مزدور پیاز کے ساتھ روٹی نہیں کھائے گا ۔ جو ہوا وہ سب جانتے ہیں
پچھلے دو تین سال سے نجات دہندہ ہونے کا ایک اور دعویدار پیدا ہو گیا ہے مگر اس کا نعرہ فرق ہے

مساوات ایک ڈھونگ ہے ۔ ایک جھانسہ ہے ۔ میں مساوات کی اصل حقیقت آسان اور قابلِ فہم الفاظ میں پیش کرتا ہوں

”مساوات“ کا مطلب ہے” مادی لحاظ سے برابری“ یا ایک جیسا سلوک ۔ ایک مثال یہ ہے کہ ایک دودھ پیتا بچہ ۔ ایک بڑا بچہ اور ایک جوان ہے ۔ تینوں کو ایک ایک روٹی دے دی ۔ دودھ پیتا بچہ تو روٹی کھا نہیں سکتا ۔ بڑے بچے کا پیٹ ایک روٹی سے بھر جائے گا یا ہو سکتا ہے کہ آدھی روٹی سے ہی بھر جائے لیکن جوان جس کا پیٹ 2 روٹیوں سے بھرتا ہے وہ بھُوکا رہے گا

عدل کا مطلب ہے کہ زندگی کی اصل ضروریات اور فرد کی محنت کے حساب سے دینا ۔ عدل کے نتیجہ میں لوگوں میں اطمینان پیدا ہوتا ہے اور خوشحالی آتی ہے

نیچے مساوات اور انصاف کی مثال تصویر کے ذریعہ واضح کی گئی ہے
پہلی تصویر مساوات کی ہے
دوسری تصویر انصاف کی
Equality
Equity

محبت ؟

my-id-pakمحبت صرف روائتی عاشقوں کو آپس میں نہیں ہوتی
محبت دوستوں کو بھی آپس میں ہوتی ہے اور یہ عاشقوں کی محبت سے زیادہ پائیدار ہوتی ہے
ایک سچا دوست بڑی مُشکل سے ملتا ہے ۔ اُسے چھوڑنا اور بھی مُشکل ہوتا ہے اور بھولنا تو ناممکن ہوتا ہے
یہی اصلی محبت ہے

تین اہم خبریں

پہلی خبر
ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں 2 دن سے بجلی بند تھی ۔ ہسپتال میں بجلی جانے کی صورت میں متبادل توانائی کے ذرائع کا کوئی انتظام موجود نہیں تھا ۔ مجبور ہو کر ڈاکٹروں نے نازک صورتحال میں موبائل فون کی ٹارچ کی روشنی میں 11 بڑے اور 5 معمولی نوعیت کے آپریشن کئے
یہ خبر ایک طرف ہمارے ہموطن ڈاکٹروں کی صلاحیت اور عوام دوستی کا ثبوت ہے تو دوسری طرف صوبے کی حکومت کی عدم توجہی بھی اجاگر کرتی ہے

دوسری خبر
لوگوں کو کیس کی تاریخ جاننے کے لئے بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا ۔ لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی تاریخ جاننے کے لئے ایک موبائل ایپلیکیشن متعارف کروا دی ہے ۔ اس ایپلیکیشن کے متعارف کروائے جانے کے بعد باآسانی گھر بیٹھ کر کیس کی تاریخ کے متعلق معلومات لی جا سکتی ہیں ۔ یہ نئی ایپلیکیشن پنجاب کے 5000 سے زائد سائلین اور وکلا ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں

تیسری خبر
ماحولیات کے بہتر تحفظ اور فی لیٹر زیادہ فاصلہ طے کرنے کیلئے حکومتِ پاکستان گاڑیوں کا اعلٰی معیار کا پٹرول (ریسرچ آکٹین نمبر 92) متعارف کرا رہی ہے ۔ یہ پٹرول ملک بھر میں یکم ستمبر 2016ء سے فروخت ہونا شروع ہو جائے گا ۔ موجودہ پٹرول (سوپر یا سپریم) کی درآمد پر 30 اگست 2016ء سے پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ نیا پٹرول ماحول دوست ہونے کے ساتھ گاڑیوں کے انجن کی عمر میں اضافہ کرے گا

آزادی مبارک

تمام ہموطنوں کو (دنیا میں جہاں کہیں بھی ہیں) آزادی کی سالگرہ مبارک my-id-pakاللہ ہمیں آزادی کے صحیح معنی سمجھنے اور اپنے مُلک کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین

یہ وطن ہمارے بزرگوں نے حاصل کیا تھا کہ مسلمان اسلام کے اصولوں پر چلتے ہوئے مل جل کر اپنی حالت بہتر بنائیں ۔ اللہ بہتر جانتا ہے کہ ہم مسلمان ہیں یا نہیں البتہ پاکستانی نہیں بنے ۔ کوئی سندھی ہے کوئی پنجابی کوئی بلوچ کوئی پختون کوئی سرائیکی کوئی پاکستان میں پیدا ہو کر مہاجر ۔ کوئی سردار کوئی مَلک کوئی خان کوئی وڈیرہ کوئی پیر ۔ اس کے علاوہ مزید بے شمار ذاتوں اور برادریوں میں بٹے ہوئے ہیں

بڑے بڑے روشن خیال بھی پیدا ہو گئے ہیں جو قائد اعظم کی 11 اگست 1947ء کی تقریر کا صرف ایک فقرہ سیاق وسباق سے علیحدہ کر کے کہتے ہیں کہ قائد اعظم نے پاکستان کو ایک اسلامی نہیں سیکولر ریاست بنایا تھا ۔ ان روشن خیالوں سے کوئی پوچھے کہ کیا قائد اعظم نے یہ بھی فرمایا تھا کہ ان کی باقی ساری تقریریں اور اقوال بھول جائیں ؟ ایک نعرہ جو تحریک پاکستان کا لازمی جزو تھا ”پاکستان کا مطلب کیا ؟ لا الہ الا اللہ“۔ وہ بھی ان روشن خیالوں نے کہیں نہیں پڑھا ؟

قائداعظم 1942ء میں الہ آباد میں تھے تو وکلاء کے ایک وفد کی ملاقات کے دوران ایک وکیل نے پوچھا ”پاکستان کا دستور کیسا ہوگا اور کیا آپ پاکستان کا دستور بنائیں گے ؟“
قائداعظم نے جواب میں فرمایا ”پاکستان کا دستور بنانے والا میں کون ہوتا ہوں ۔ پاکستان کا دستور تو تیرہ سو برس پہلے بن گیا تھا“۔

قائداعظم کی 11 اگست 1947 کا خطاب بھی رسول اکرم صل اللہ علیہ و سلم کے خطبہ الوداع کے ان الفاظ کی غمازی کرتا محسوس ہوتا ہے ۔ تمام انسان آدم اور حوا سے ہیں ۔ کسی عربی کو کسی عجمی پر کوئی برتری حاصل نہیں اور نہ کسی عجمی کو کسی عربی پر ۔ نہ کسی گورے کو کسی کالے پر کوئی برتری حاصل ہے اور نہ کسی کالے کو کسی گورے پر ۔ سوائے اس کے کہ کوئی پرہیزگاری اور اچھے عمل کی وجہ سے بہتر ہو

ہم لائے ہیں طوفان سے کشتی نکال کے ۔ ۔ ۔ اس ملک کو رکھنا میرے بچو سنبھال کے
برسوں کے بعد پھر اُڑے پرچم ہلال کے ۔ ۔ ۔ اس ملک کو رکھنا میرے بچو سنبھال کے
دیکھو کہیں اُجڑے نہ ہمارا یہ باغیچہ ۔ ۔ ۔ اس کو لہو سے اپنے شہیدوں نے ہے سینچا
اس کو بچانا جان مصیبت میں ڈال کے ۔ ۔ ۔ اس ملک کو رکھنا میرے بچو سنبھال کے
دنیا کی سیاست کے عجب رنگ ہیں نیارے ۔ ۔ ۔ چلنا ہے مگر تم کو تو قرآں کے سہارے
ہر اک قدم اُٹھانا ذرا دیکھ بھال کے ۔ ۔ ۔ اس ملک کو رکھنا میرے بچو سنبھال کے
تُم راحت و آرام کے جھُولے میں نہ جھُولو ۔ ۔ ۔ کانٹوں پہ ہے چلنا میرے ہنستے ہوئے پھُولو
لینا ابھی کشمیر ہے یہ بات نہ بھُولو ۔ ۔ ۔ کشمیر پہ لہرانا ہے جھنڈا اُچھال کے
اس ملک کو رکھنا میرے بچو سنبھال کے ۔ ۔ ۔ ہم لائے ہیں طوفان سے کشتی نکال کے
اس ملک کو رکھنا میرے بچو سنبھال کے ۔ ۔ ۔ اس ملک کو رکھنا میرے بچو سنبھال کے