Monthly Archives: March 2016

راہ پَیئا جانے تے وا پَیئا جانے

یہ بہت پرانی ضرب المثل یا محاوہ یا کہاوت ہے ۔ آجکل کی اُردو میں اس کو لکھیں گے ” راستہ پر چلنے والا ہی راستہ کی نوعیت سے واقف ہوتا ہے اور کسی آدمی سے واسطہ پڑے تو اُس کی اصلیت کا پتہ چلتا ہے“۔ بات سولہ آنے کھری یعنی بالکل درست ہے

اس سلسلے میں زندگی میں بہت تجربات ہوئے جن میں سے ایک یہ ہے ۔ ایک شخص ہمارے ادارے میں کام کرتا تھا ۔ 30 سال اُس کے ساتھ دفتر کا تعلق رہا ۔ میں اُسے بطور 5 وقت کے نمازی باعِلم مسلمان کے جانتا تھا ۔ ریٹائرمنٹ کے بعد ایک دن ہمارے ہاں آئے تو باتوں باتوں میں نجانے کیسے بات قرآن و حدیث تک جا پہنچی
کہنے لگے ”حدیثیں ایسے ہی لوگوں نے خود لکھ لی ہوئی ہیں ۔ ہم انہیں نہیں مانتے”۔

میں نے صرف اتنا کہا ”مجھے قرآن شریف کی وہ آیت بتا دیجیئے جس میں نماز پڑھنے کا طریقہ مع اُس کے جو نماز میں پڑھا جاتا ہے کا ذکر ہو“۔
خاموشی ۔ مگر میں نہ مانوں

اسلامی موسیقی ؟ ؟ ؟

اسلام قبول کرنے کے محرک کے متعلق ایک برطانوی نَو مُسلم کی آپ بیتی کی تلخیص کر کے ترجمہ شائع کیا تھا ۔ اس پر دہلی (بھارت) سے ایک محترمہ نے سوال پوچھا ۔ میں نے جواب میں لکھا ”میں نہیں جانتا اسلامی موسیقی کیا ہوتی ہے“۔ اس کے بعد کراچی سے ایک محترمہ نے وکی پیڈیا پر لکھے کا حوالہ دیا ۔ چنانچہ میں نے محسوس کیا کہ اس امر کی وضاحت ہو جانی چاہیئے

قرآنی آيات اور احاديث گانے بجانے كے آلات اور موسيقی كی مذمت پر دلالت كرتے ہيں اور انہيں استعمال نہ كرنے كا كہتے ہيں ۔ قرآن مجيد راہنمائی كرتا ہے كہ ايسی اشياء كا استعمال گمراہی اور اللہ تعالٰی كی آيات كو مذاق بنانے كا باعث ہے جيسا كہ اللہ تعالٰی كا فرمان ہے
”اور لوگوں ميں سے كچھ ايسے بھی ہيں جو لغو باتيں خريدتے ہيں تا كہ لوگوں كو بغير علم اللہ كی راہ سے روك سكيں اور اسے مذاق بنائيں ۔ يہی وہ لوگ ہيں جن كے لئے ذلت آميز عذاب ہو گا (سورۃ 13 لقمان آیت 6)“۔

صرف شادى بياہ كے موقع پر دف بجانی جائز ہے اور يہ بھی صرف عورتوں كے لئے خاص ہے كہ وہ آپس ميں دف بجا سكتی ہيں تاكہ نكاح كا اعلان اور سفاح اور نكاح كے مابين تميز ہو سكے اور عورتوں كا آپس ميں دف بجا كر شادى بياہ كے موقع پر گانے ميں كوئی حرج نہيں ليكن شرط يہ ہے كہ اس ميں برائی و منكر پر ابھارا نہ گيا ہو اور نہ ہی عشق و غرام كے كلمات ہوں اور يہ كسی واجب اور فرض كام سے روكنے كا باعث نہ ہو اور اس ميں مرد شامل نہ ہوں بلكہ صرف عورتيں ہی سُنيں اور نہ ہی اعلانيہ اور اونچی آواز ميں ہو كہ پڑوسيوں كو اس سے تكليف اور اذيت ہو اور جو لوگ لاؤڈ سپيكر ميں ايسا كرتے ہيں وہ بہت ہی بُرا كام كر رہے ہيں كيونكہ ايسا كرنا مسلمان پڑوسيوں وغيرہ كو اذيت دينا ہے اور شادى بياہ وغيرہ موقع پر عورتوں كے لئے دف كے علاوہ كوئی اور موسيقی كے آلات استعمال كرنا جائز نہيں مثلاً بانسرى گٹار، سارنگی وغيرہ بلكہ يہ برائی ہے ۔ صرف انہيں دف بجانے كی اجازت ہے ليكن مردوں كے لئے دف وغيرہ ميں سے كوئی بھی چيز استعمال كرنی جائز نہيں ۔ نہ تو شادى بياہ كے موقع پر اور نہ ہی كسی اور موقع پر بلكہ اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے تو مردوں كے لئے لڑائی كے آلات اور ہُنر سيكھنے مشروع كئے ہيں كہ وہ تير اندازی اور گھڑ سواری اور مقابلہ بازى كريں اور اس كے علاوہ جنگ ميں استعمال ہونے والے دوسرے آلات مثلا ٹينك ہوائی جہاز اور توپ اور مشين گن اور بم وغيرہ جو جھاد فى سبيل اللہ ميں معاون ثابت ہوں ۔ ديكھيں مجموع الفتاوی ابن باز (3/423 و 424)

اور شيخ الاسلام رحمہ اللہ كہتے ہيں کہ يہ علم ميں ركھيں كہ قرون ثلاثہ الاولٰی جو سب سے افضل تھے اس ميں نہ تو سرزمين حجاز ميں اور نہ ہی شام اور يمن ميں اور نہ مصر اور مغرب ميں اور نہ ہی عراق و خراسان كے علاقوں ميں اہل دين اور تقوٰی و زہد اور پارسا و عبادت گزار لوگ اس طرح كی محفل سماع ميں شريك اور جمع ہوتے تھے جہاں تالياں اور شور شرابہ ہوتا، نہ تو وہاں دف بجائی جاتی اور نہ ہی تالی اور سارنگی اور بانسرى بلكہ يہ سب كچھ دوسرى صدی كے آخر ميں بدعت ايجادى كی گئی اور جب آئمہ اربعہ نے اسے ديكھا تو اس كا انكار كيا اور اس سے روكا ۔ ديكھيں مجموع الفتاوى (11/569)

اور رہا ان نظموں اور ترانوں كا جنہيں اسلامی نظموں اور ترانوں كا نام ديا جاتا ہے اور ان ميں موسيقی بھی ہوتی ہے تو اس پر اس نام كا اطلاق اسے مشروع نہيں كرتا بلكہ حقيقت ميں يہ موسيقی اور گانا ہی ہے اور اسے اسلامی نظميں اور ترانے كہنا جھوٹ اور بہتان ہے اور يہ گانے كا بدل نہيں سكتے تو ہمارے لئے يہ جائز نہيں كہ ہم خبيث چيز كو خبيث چيز سے بدل ليں بلكہ ہم تو اچھی اور پاكيزہ چيز كو خبيث اور گندی كی جگہ لائينگے اور انہيں اسلامی سمجھ كر سُننا اور اس سے عبادت كی نيت كرنا بدعت شمار ہو گی جس كی اللہ نے اجازت نہيں دی

تفصیل
اكثر علماء كرام نے لہو الحديث كی تفسير گانا بجانا اور آلات موسيقی اور ہر وہ آواز جو حق سے روكے بيان كی ہے امام طبری ابن ابی الدنيا اور ابن جوزی رحمہم اللہ نے درج ذيل آيت كی تفسير ميں مجاہد رحمہ اللہ كا قول نقل كيا ہے ۔ فرمان باری تعالٰی ہے ”اور ان ميں سے جسے بھی تو اپنی آواز بہكا سكے بہكا لے اور ان پر اپنے سوار اور پيادے چڑھا لا اور ان كے مال اور اولاد ميں سے بھی اپنا شريك بنا لے اور ان كے ساتھ جھوٹے وعدے كر لے اور ان كے ساتھ شيطان كے جتنے بھی وعدے ہوتے ہيں وہ سب كے سب فريب ہيں (سورت 17الاسراء آیت 64 و 65)
مجاہد رحمہ اللہ كہتے ہيں يہ گانا اور آلات موسيقی اور بانسری وغيرہ ہيں اور طبری نے حسن بصری سے ان كا قول نقل كيا ہے كہ اس كی آواز دف ہيں ديكھيں (جامع البيان ۔ 15 / 118-119) ۔ ذم الملاہی ( 33 ) تلبيس ابليس (232 )
اور ابن قيم رحمہ اللہ كہتے ہيں ”يہ اضافت تخصيص ہے جس طرح اس کی طرف گھڑ سوار اور پيادے كی اضافت كی گئی ہے چنانچہ ہر وہ كلام جو اللہ تعالٰی كی اطاعت كے بغير ہو اور ہر وہ آواز جو بانسری يا دف يا ڈھول وغيرہ كی ہو وہ شيطان كی آواز ہے”۔ ديكھيں اغاثۃ اللھفان (1 / 252)

امام ترمذی رحمہ اللہ نے ابن ابی ليلی كی سند سے حديث بيان كی ہے وہ عطاء سے بيان كرتے ہيں اور وہ جابر رضی اللہ تعالٰی عنہ سے بيان كرتے ہيں كہ رسول كريم صلی اللہ عليہ وسلم عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ تعالٰی عنہ كے ساتھ نكلے تو ان كا بيٹا ابراہيم موت و حيات
كی كش مكش ميں تھا ۔ رسول كريم صلی اللہ عليہ و سلم نے بيٹے كو گود ميں ركھا تو ان كی آنكھوں سے آنسو بہنے لگے تو عبد الرحمن كہنے لگے ” آپ رونے سے منع كرتے ہيں اور خود رو رہے ہيں ؟“
تو رسول كريم صلی اللہ عليہ وسلم نے فرمايا ”ميں رونے سے منع نہيں كرتا بلكہ دو احمق اور فاجر قسم كی آوازوں سے منع كرتا ہوں ۔ ايك تو مزامير شيطان اور موسيقی كے آلات اور نغمہ كے وقت نكالی جانے والی آواز سے اور دوسرى مصيبت كے وقت چہرے پيٹنے اور گريبان پھاڑنے كےساتھ آہ بكا كرنے كی آواز ۔ سنن ترمذی حديث نمبر (1005)
امام ترمذى كہتے ہيں ”يہ حديث حسن ہے اور اسے امام حاكم نے المستدرك (4/43) اور بيہقی نے السنن الكبری (4/69) اور الطيالسی نے مسند الطيالسی حدی نمبر اور امام طحاوی نے شرح المعانی (4/29) ميں نقل كيا ہے اور علامہ البانی نے اسے حسن قرار ديا ہے ۔ امام نووی رحمہ اللہ كہتے ہيں ”اس سے مراد گانا بجانا اور آلات موسيقی ہيں ۔ ديكھيں تحفۃ الاحوذی (4/88)

صحيح حديث ميں نبی كريم صلی اللہ عليہ وسلم كا يہ بھی فرمان ہے ”ميرى امت ميں كچھ لوگ ايسے آئينگے جو زنا اور ريشم اور شراب اور گانا بجانا اور آلات موسيقی حلال كر لينگے اور ايك قوم پہاڑ كے پہلو ميں پڑاؤ كريگی تو ان كے چوپائے چرنے كے بعد شام كو واپس آئينگے اور ان كے پاس ايك ضرورتمند اور حاجتمند شخص آئيگا وہ اسے كہيں گے كل آنا تو اللہ تعالٰی انہيں رات كو ہی ہلاك كر ديگا اور پہاڑ ان پر گرا دے گا اور دوسروں كو قيامت تك بندر اور خنزير بنا كر مسخ كر ديگا

امام بخاری نے اسے صحيح بخاری (10/51) ميں معلقا روايت كيا ہے اور امام بيہقی نے سنن الكبری (3/272) ميں اسے موصول روايت كيا ہے اور طبرانی نے معجم الكبير (3/319) اور ابن حبان نے صحيح ابن حبان (8/265) ميں روايت كيا ہے اور ابن صلاح نے علوم الحديث (32 ) ميں اور ابن قيم نے اغاثۃ اللھفان (255) اور تہذيب السنن (2/1270-272) اور حافظ ابن حجر نے فتح الباری (10/51) اور علامہ البانی رحمہ اللہ نے سلسلۃ الاحاديث الصحيحۃ (1/140) ميں اسے صحيح قرار ديا ہے ۔ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فتح الباری ميں كہتے ہيں ۔ المعازف يہ گانے بجانے كے آلات ہيں اور قرطبی نے جوہری سے نقل كيا ہے كہ معازف گانا ہے اور ان كی صحاح ميں ہے كہ يہ گانے بجانے كے آلات ہيں اور ايك قول يہ بھی ہے كہ يہ گانے كی آوازيں ہيں اور دمياطی كے حاشيہ ميں ہے معازف دف اور ڈھول وغيرہ ہيں جو گانے ميں بجائے جاتے ہيں اور لہو و لعب ميں بجائے جائيں ۔ ديكھيں فتح البارى (10/55) ۔ اور ابن قيم رحمہ اللہ كہتے ہيں ۔ اس كی وجہ دلالت يہ ہے كہ معازف سب آلات لہو كو كہا جاتا ہے ۔ اس ميں اہل لغت كے ہاں كوئی اختلاف نہيں اور اگر يہ حلال ہوتے تو اسے حلال كرنے كی بنا پر مذمت نہ كی جاتی اور نہ ہی اس كا حلال كرنا شراب اور زنا كے ساتھ ملايا جاتا ۔ديكھيں اغاثۃ اللہفان (1/256)

اس حديث سے گانے بجانے كے آلات كی حرمت ثابت ہوتی ہے اور اس حديث سے كئی طرح استدلال ہوتا ہے
پہلی وجہ ۔ نبی كريم صلی اللہ عليہ وسلم كا فرمان وہ حلال كر لينگے ۔ يہ اس بات كی صراحت ہے كہ يہ مذكور اشياء شريعت ميں حرام ہيں ۔ تو يہ لوگ انہيں حلال كر لينگے اور ان مذكورہ اشياء ميں معازف يعنی گانے بجانے كے آلات بھی شامل ہيں
دوم ۔ ان گانے بجانے والی اشياء كو ان اشياء كے ساتھ ملا كر ذكر كيا ہے جن كی حرمت قطعی طور پر ثابت ہے ۔ اگر ان معازف اور گانے بجانے والی اشياء كی حرمت ميں اس حديث كے علاوہ كوئی ايك آيت يا حديث نہ بھی وارد ہوتی تو اس كی حرمت كے لئے يہی حديث كافی تھی اور خاص كر اس طرح كے گانے كی حرمت ميں جو آج كل لوگوں ميں معروف ہے ۔ يہ وہ گانے ہيں جس ميں فحش اور گندے قسم كے الفاظ استعمال ہوتے ہيں اور اسے مختلف قسم كی موسيقی و ساز اور طبلے و ڈھول اور سارنگی و بانسری اور پيانو و گِٹار وغيرہ كے ساز پائے جاتے ہيں اور اس ميں آواز ہيجڑوں اور فاحشہ عورتوں كی ہوتی ہے ۔ ديكھيں حكم المعازف للالبانی اور تصحيح الاخطاء و الاوھام الواقعۃ فی فھم احاديث النبی عليہ السلام تاليف رائد صبری (1/176)

اور شيخ ابن باز رحمہ اللہ كہتے ہيں معازف ہی وہ گانے ہيں جن كے متعلق رسول كريم صلی اللہ عليہ وسلم نے يہ خبر دی تھی كہ آخری زمانے ميں كچھ لوگ ايسے آئيں گے جو شراب و زنا اور ريشم كی طرح اسے بھی حلال كر لينگے ۔ يہ حديث علامات نبوت ميں شامل ہوتی ہے كيونكہ يہ سب كچھ واقع ہو چكا ہے اور يہ حديث جس طرح شراب اور زنا اور ريشم كو حلال كرنے والے كی مذمت پر دلالت كرتی ہے ۔ اسی طرح اس كی حرمت اور اسے حلال كرنے والے كی مذمت پر بھی دلالت كرتی ہے ۔ گانے بجانے اور آلات لہو سے اجتناب كرنے والی آيات و احاديث بہت زيادہ ہيں اور جو شخص يہ گمان ركھتا ہے كہ اللہ تعالٰی نے گانا بجانا اور آلات موسيقی مباح كئے ہيں اس نے جھوٹ بولا ہے اور عظيم قسم كی برائی كا مرتكب ہوا ہے ۔ اللہ تعالٰی ہميں شيطان اور خواہشات كی اطاعت سے محفوظ ركھے اور اس سے بھی بڑا اور قبيح جرم تو اسے مباح كہنا ہے ۔ اس ميں كوئی شك و شبہ نہيں كہ يہ اللہ تعالٰی اور اپنے دين سے جہالت ہے ۔ بلكہ يہ تو اللہ تعالٰی اور اس كی شريعت پر جھوٹ بولنے كی جسارت و جراءت ہے
اللہ تعالٰی سے ہم سلامتی و عافيت كی دعا كرتے ہيں
مزيد تفصيل كے لئے آپ درج ذيل كتب كا مطالعہ كريں
تلبيس ابليس (237) المدخل ابن حجاج (3/109) الامر بالاتباع والہنی عن الابتداع للسيوطی ( 99 ) ذم الملاہى ابن ابی الدنيا
الاعلام بان العزف حرام ابو بكر
جزائری تنزيہ الشريعۃ عن الاغانی الخليعۃ
تحريم آلات الطرب للالبانی
واللہ اعلم
الشيخ محمد صالح المنجد

اذان کا اثر

ہمارے مسلمان بھائی ایسے بھی ہیں جن پر اذان کی آواز کوئی اثر نہیں کرتی ۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ فلاح وہی پاتا ہے جو اس کی طرف رجوع کرتا ہے ۔Convert آج مختصر سوانح عمری ایک شخص رُونی کی جو سکاٹ لینڈ کا ایک غیر مُسلم رہائشی تھا ۔ اُس کی کبھی کسی مسلمان سے ملاقات بھی نہ ہوئی تھی ۔ اپنی سوانح عمری میں رُونی لکھتے ہیں

میں نے زندگی بھرکبھی اسلام قبول کرنے کے بارے میں نہیں سوچا تھا اور نہ کبھی کسی مسلمان سے میری ملاقات ہوئی تھی ۔ میں ترکی میں چھٹیاں گذارنے گیا ۔ وہاں اذان کی آواز سنی جس میں اتنی کشش تھی کہ میں ترکی سے اسکاٹ لینڈ کے شہر اینفرینس پہنچتے ہی ایک مقامی کُتب خانے گیا اور قرآن کریم کا انگریزی ترجمے پر مشتمل نسخہ خریدا ۔ میں نے قرآن کریم کا مطالعہ کیا اس نے میری آنکھیں کھول دیں ۔ قرآن کریم کا مطالعہ کرتے ہوئے میرے اندر تبدیلی پیدا ہونا شروع ہوگئی ۔ میں نے قرآن کریم کو 3 بار مکمل پڑھا اور ہر بار پہلے کی نسبت زیادہ آگاہی حاصل ہوئی
میں نے اسلام کے بارے میں مطالعے کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ پرنومسلم حضرات کے بارے میں بھی پڑھا جن کےقبول اسلام کا ہر ایک کا اپنا منفرد سفر تھا مگر ان میں جو چیز مشترک تھی وہ یہ کہ ہر ایک نے اسلام کو شعوری طورپر قبول کیا اور باریک بینی سے مطالعے کے بعد دائرہءِ اسلام میں داخل ہوا

میں نے انٹرنیٹ پر عربی میں نماز کا طریقہ سیکھا اور قرآن کریم کی تلاوت سنی ۔ اسلامی موسیقی سُنی۔ موسیقی میری کمزوری تھی ۔ اس لئے اسلامی موسیقی سے بھی بہت محظوظ ہوا ۔ بہر حال اسلام کے بارے میں حقائق تک پہنچنے میں 18 ماہ کا عرصہ لگا ۔ ڈیڑھ سال کے بعد میں خود کو مسلمان سمجھنے لگا ۔ نماز پنجگانہ شروع کردی ۔ ماہ صیام کے روزے رکھے ۔ حلال وحرام کی تمیزشروع کردی

میرے محلے میں ایک چھوٹی مسجد بھی ہے ۔ میں مسجد پہنچا ۔ اپنا تعارف کرایا اور اندر داخل ہوگیا ۔ مسجد میں موجود تمام لوگ حیران ہوئے ۔ انہوں نےمجھے اسلام کے بارے میں اہم معلومات پرمبنی کُتب دیں ۔ اب میں اس مسجد کے اہم ارکان میں سے ایک ہوں