Monthly Archives: January 2014

چھوٹی چھوٹی باتیں ۔ اچھی زندگی کیسے ؟

اچھی زندگی بنانے کیلئے ہمیشہ دعا کیجئے کہ اللہ آپ کو عطا کرے
آنکھیں جو بہترین لوگوں کو دیکھیں
دل جو بڑی سے بڑی غلطی معاف کرے
ذہن جو بُری چیزوں کو بھول جائے
روح جس کا اللہ پر یقین کبھی متزلزل نہ ہو

یہاں کلک کر کے پڑھیئے امن کے پجاریوں کی اصلیت

قسمت خراب ہے

عام طور پر یونہی لگتا ہے کہ قسمت ایک غیرمرئی طاقت ہے جو آدمی کو جکڑے رھتی ہے ۔ کہا جاتا ہے ”محنت تو بیچارے نے بہت کی مگر اُس کی قسمت ہی خراب ہے“ ۔ کئی لوگ عام طور پر کہتے سُنے جاتے ہیں ”میری قسمت ہی خراب ہے یا میری قسمت میرا ساتھ نہیں دیتی“۔

نامعلوم کیوں میں بچپن سے ہی اس بات کا قائل رہا کہ قسمت آدمی خود بناتا ہے ۔ شاید میری والدہ محترمہ نے مجھے بچپن سے ہی اس ڈھب سے پالا تھا ۔ کافی پرانی بات ہے کہ ایک محفل میں ایک طرف کچھ بزرگ بیٹھے باتیں کر رہے تھے ۔ ذکر کسی صاحب کا تھا جس کے ساتھ سب ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہے تھے ”وہ ایسا کر لیتا تو نقصان نہ ہوتا ۔ وہ یوں کرتا تو پریشانی نہ اُٹھاتا ۔ وغیرہ وغیرہ“۔ ان میں عمر میں سب سے بڑے صاحب خاموش سُنتے رہے ۔ کافی دیر بعد جب سب چُپ ہو گئے تو بزرگ بولے ” اُس کی قسمت میں نہیں ہے“۔ میرے ذہن نے اس بات کو قبول نہ کیا لیکن میں حیران اس بات پر تھا کہ ”یہ بزرگ تو بہت زِیرک اور سمجھدار ہیں ۔ اپنی زندگی انہوں نے محنت سے بنائی ہے مگر یہ انہوں نے کہہ کیا دیا ہے ؟“ خیر بات بھُول بھُلا گئی

چند سال بعد کسی اور جگہ کسی اور کے متعلق بات ہو رہی تھی اور ایک مُختلف بزرگ جن کی سوجھ بُوجھ اور تجربہ کی پوری برادری معترف تھی نے وہی فقرہ کہا ۔ میں قریب ہی بیٹھا سُن رہا تھا لیکن مُخل ہونا مناسب نہ سمجھا کیونکہ متعلقہ حالات و واقعات میرے علم میں نہ تھے

ہفتہ عشرہ قبل رات میں سونے کیلئے لیٹا مگر نیند غائب ۔ ماضی قریب کے کچھ سمجھ نہ آنے والے واقعات ذہن میں گھوم رہے تھے کہ بعد پانی سے اچانک اُچھل کر نظر آنے والی مچھلی کی طرح اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے اُوپر تحریر کردہ واقعات میرے ذہن میں تازہ کر دیئے جس سے میرے ذہن کا بوجھ کچھ ہلکا ہو گیا کیونکہ اب مجھے بزرگوں کے استدلال کی سمجھ آ گئی تھی ۔ میں نے مسکرا کر اپنے آپ سے کہا ”اُن کی قسمت میں نہیں ہے“۔

جن واقعات نے میری نیند بھگا دی تھی یہ ہیں

پہلا واقعہ
ہمارے سرونٹ کوارٹر میں پچھلے ڈیڑھ سال سے ایک اُدھیڑ عمر عورت اُس کا بیٹا (پینتیس چالیس سال کا) اور بیٹی (شاید پچیس چھبیس سال کی) رہتے ہیں ۔ ماں اور بیٹی ہمارے گھر کا کام کرتی ہیں ۔ ایک ماہ قبل ملازمہ کہنے لگی کہ ”گاؤں میں مکان کی چھت کا کچھ حصہ گر گیا ہے جو بنانے کیلئے پیسے نہیں ہیں“۔ میری بیوی نے کہا ”پچھلے چند ماہ میں تنخواہ کے علاوہ جو تمہیں پیسے دیئے ہیں اُن کا کیا کیا ؟“ وہ چُپ ہو گئی ۔ کچھ دن بعد آئی اور کہنے لگی کہ ”ٹی وی کیلئے کیبل لگوانا ہے“۔ میری بیوی نے کہا ”ٹی وی کیوں خریدا ہے ؟ تُم میرے ساتھ جو ٹی وی دیکھ لیتی ہو ۔ کیا وہ کافی نہ تھا ؟“

میں اس سوچ میں پڑا تھا کہ کیا ٹی وی گِری چھت کی مرمت سے زیادہ اہم ہے ؟
دوسرے واقعہ نے مجھے پہلے ہی کئی ماہ سے چکرایا ہوا تھا

دوسرا واقعہ
ہمارے اقارب میں سے ایک اچھا خاصہ کھاتا پیتا خاندان ہے ۔ میاں بیوی دونوں ماشاء اللہ اعلٰی تعلیم یافتہ ہیں ۔ برطانیہ میں کئی سال رہے ہیں ۔ اُنہوں نے امسال شروع میں اپنی رہائشگاہ کی تجدید (renovation) کروائی ۔ جس میں اندر باہر رنگ روغن کے ساتھ ساتھ تمام غُسلخانوں میں فرشوں اور دیواروں پر نئی ٹائیلیں اور سارے برتن اور ٹوٹیاں نئی لگانا ۔ کھانے کے کمرہ کے فرش پر نئی ٹائلیں ۔ باورچی خانہ کے فرش اور دیواروں پر نئی ٹائلیں . الماریوں کی تزئین اور نیا کُوکنگ رینج وغیرہ شامل تھے ۔ یہاں تک تو کوئی بات سمجھ سے باہر نہیں تھی ۔ جو پرانا کُوکِنگ رینج تھا اُسے اُنہوں نے باورچی خانہ سے باہر آسمان تلے لگوا کر اُس کے ساتھ گیس کا پائپ بھی لگوا دیا ۔ چنانچہ پچھلے چھ سات ماہ سے اُن کا ناشہ اور کھانا وغیرہ سب کچھ صبح سویرے سے لے کر رات گئے تک خاتونِ خانہ باہر آسمان تلے پکاتی ہیں
متذکرہ حقیقت کو اُبھارنے کا سبب یہ ہوا کہ حال ہی میں ہمارے علم میں آیا کہ ان کے ہاں عرصہ سے کپڑے دھونے کی ایک خودکار (Fully Automatic/ Fuzzy Matic) مشین ہے لیکن کپڑے ایک ملازمہ ہاتھ سے دھوتی ہے جو کہیں دور سے آتی ہے

نئے سال کا خاندان

فیس بُک پر کچھ روز قبل دیکھا کہ بڑے جوش سے اظہار کیا جا رہا تھا کہ سن 2014ء بالکل ویسا ہی ہے جیسا سن 1947ء تھا ۔ بات درست ہے لیکن ایک 1947ء ہی نہیں بہت سے اور سال بھی 2014ء پر منطبق ہیں

سال 2014ء کے 365 دن ہوں گے ۔ سال 1947ء کے بھی 365 دن تھے
سال 2014ء بدھ کے روز شروع ہوا ہے ۔ سال 1947ء بھی بدھ کے روز شروع ہوا تھا
نیچے سال 1900ء کے بعد سے 2014ء پر منطبق ہونے والوں کی فہرست ہے
خیال رہے کے چھُٹیاں منطبق نہیں ہوتیں
سال پر کلک کر کے پورے سال دیکھا جا سکتا ہے

سال ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 2014ء سے ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ درمیانی مدت
1902 ۔ ۔ ۔ ۔ 112 سال قبل ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
1913 ۔ ۔ ۔ ۔ 101 سال قبل ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 11 سال
1919 ۔ ۔ ۔ ۔ 95 سال قبل ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 6 سال
1930 ۔ ۔ ۔ ۔ 84 سال قبل ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 11 سال
1941 ۔ ۔ ۔ ۔ 73 سال قبل ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 11 سال
1947 ۔ ۔ ۔ ۔ 67 سال قبل ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 6 سال
1958 ۔ ۔ ۔ ۔ 56 سال قبل ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 11 سال
1969 ۔ ۔ ۔ ۔ 45 سال قبل ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 11 سال
1975 ۔ ۔ ۔ ۔ 39 سال قبل ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 6 سال
1986 ۔ ۔ ۔ ۔ 28 سال قبل ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 11 سال
1997 ۔ ۔ ۔ ۔ 17 سال قبل ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 11 سال
2003 ۔ ۔ ۔ ۔ 11 سال قبل ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 6 سال
2014 ۔ ۔ ۔ ۔ موجودہ سال ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 11 سال

مقامِ توبہ

اگر کسی بڑے پر مصیبت آئے ۔ خواہ وہ اپنا دُشمن ہی کیوں نہ ہو ۔ تو توبہ کرنا چاہیئے اور اللہ سے معافی طلب کرنا چاہیئے کیونکہ کچھ عِلم نہیں ہوتا کل کو کیا ہونے والا ہے

غداری کا مقدمہ چلانے کیلئے اسلام آباد میں قائم خصوصی عدالت سابق سربراہ فوج اور سابق صدر کو یکم جنوری 2014ء کو عدالت میں پیش ہونے کا کہا تھا لیکن حاضر نہیں ہوئے تھے جس پر 2 جنوری 2014ء کو خصوصی عدالت کے سامنے پیش ہونے کی تاکید کی گئی تھی
آج صبح جب اُن کیلئے سکیورٹی فورسز کی بہت بھاری نفری کے درمیان وہ گھر سے چلے تو راستہ میں اُنہیں دل کا دورہ پڑا ۔ اُنہیں عدالت پہنچانے کی بجائے ہسپتال پہنچانا پڑا ۔ خبر کچھ یوں ہے

عدالت نے پرویز مشرف کے وکیل انور منصور خان سے دریافت کیا کہ پر ویز مشرف کہاں ہیں؟
انور منصور خان نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی سے معلوم کیا جائے
خصوصی عدالت کے استفسار پر ڈی آئی جی سیکیورٹی اسلام آباد جان محمد کا نے بتایا کہ پر ویزمشرف راستے میں تھے انھیں دل کی تکلیف ہوئی اور انہیں آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (اے ایف آئی سی ) منتقل کر دیا گیا ہے

ذرائع کے مطابق سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی اہلیہ بیگم صہبامشرف اے ایف آئی سی پہنچ گئی ہیں اور ان کی بیٹی کو بھی کراچی سے اسلام آباد بلا لیاگیا۔ سابق صدر اب تک ہوش میں نہیں آئے ہیں۔ ڈاکٹرز کی ٹیم ان کا طبی معائنہ کررہی ہے جس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ انہیں بیرون ملک منتقل کیا جائے یا پاکستان میں ہی علاج کیا جائے

سدا نہ مانیئے حُسن جوانی ۔ ۔ ۔ سدا نہ صحبت یاراں
سدا نہ باغِیں بُلبُل بولے ۔ ۔ ۔ سدا نہ رہن بہاراں
دُشمن مرے تے خوشی نہ کریئے ۔ ۔ ۔ سجناں وی ٹُر جانا

بجلی چور ہوشیار باش

صدر ممنون حسین نے ایک آرڈیننس کی منظوری دی ہے جس کے تحت پورے ملک میں گھریلو اور تجارتی صارفین کو بجلی چوری کے الزام میں 10 لاکھ سے ایک کروڑ (ایک ملین سے 10 ملین) روپے جرمانہ اور 2 سے 7سال قید بامشقت کی سزا دی جائے گی ۔ آرڈیننس کا مسودہ وزارت پانی و بجلی نے تیار کیا تھا۔ صدر نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر آرڈیننس کی منظوری دی ہے ۔ ملک میں بجلی چوروں کو سزا دینے کے لئے پہلی بار قانون نافذ کیا گیا ہے

ہم سا ہو تو سامنے آئے

ساری عمر سُنتے آئے تھے
نئیں رِیساں شہر لاہور دِیاں
ایہہ کندھاں کہن پشور دیاں

لیکن پشور (پشاور) نے تو وہ کر دیا ہے جو کیا لاہور کیا کراچی کیا کوئٹہ نہ کر سکا ہے نہ کرنے کا سوچ سکتا ہے ۔ عمران خان صاحب کی تائید کرتے ہوئے وزیرِ اعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے ایک خط وزیرِ اعظم کو اور دوسرا وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ آصف کو لکھے ہیں کہ بجلی کی پیداوار ۔ ترسیل اور تقسیم (Generation, Transmission and Distribution) کا مکمل کنٹرول خیبر پختونخوا کی حکومت کے حوالے کیا جائے جس کی (ہماری من پسند) 11 شرائط ہوں گی
ان شرائط کا ترجمہ نیچے لکھ رہا ہوں (مکمل متن یہاں کلک کر کے پڑھا جا سکتا ہے)
خلاصہ یہ ہے کہ پچھلا اور آئیندہ 7 سال تک ہونے والا نقصان اور قرضے وفاقی حکومت ادا کرے ۔ منافع خیبر پختونخوا کی حکومت لے اور جو چاہے سو کرے

1 ۔ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے ذمہ اس وقت جتنے قرضے و دیگر واجبات ہیں وہ وفاقی حکومت ادا کرے اور اگر ماضی میں کوئی اس کی ترقی میں کوئی کمی رہی ہے تو اسے بھی پورا کرے
2 ۔ خیبر پختونخوا کی حکومت جب تک پیسکو کے موجودہ 56 فیصد نقصانات کو 18 فیصد تک کم نہیں کرتی جس میں کم از کم 5 سال لگیں گے تمام نقصابات وفاقی حکومت برداشت کرے
3 ۔ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا میں بجلی کی پیداوار کرنے والے تمام پلانٹ فوری طور پر بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر بنائے
4 ۔ اس وقت چلنے والے تمام توسیعی منصوبوں کے موجودہ اور مستقبل کے تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے
5 ۔ سردیوں میں پن بجلی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے کم از کم 7 سال تک دوسرے ذرائع سے بننے والی کم از کم 1000 میگا واٹ بجلی وفاقی حکومت مہیاء کرے
6 ۔ تھرمل ذرائع سے بجلی بنانا شروع کرنے کیلئے وفاقی حکومت فوری طور پر یومیہ 200000000 سٹینڈرڈ مکعب فٹ گیس مہیاء کرے
7 ۔ ماضی میں خیبرپختونخوا میں بجلی کے سیکٹر میں جو مالی کمی رہی اُسے وفاقی حکومت اگلے 5 سال تک پورا کرے
8 ۔ بجلی کے پیداوار ۔ ترسیل اور تقسیم کرنے والے اداروں کو چلانے میں خیبرپختونخوا کی حکومت کو مکمل آزادی ہو ۔ جسے چاہے ملازم رکھے جسے چاہے فارغ کر دے اور جو ملازمین فارغ کئے جائیں اُنہیں وفاقی حکومت متبال نوکریاں خیبرپختونخوا سے باہر مہیاء کرے
9 ۔ بجلی کے سلسلے میں خیبرپختونخوا میں نیپرا کا عمل دخل بالکل ختم کر دیا جائے
10 ۔ خیبرپختونخوا کی حکومت کو بجلی کا مکمل اختیار دینے کیلئے قوانین میں تبدیلیاں کی جائیں
11 ۔ این ایف ۔ سی سی آئی وغیرہ نے جو سفارشات کی ہوں وہ تمام رقوم خیبرپختونخوا کی حکومت کو فوری طور پر ادا کی جائیں