سیاست اور جھوٹ ؟ ؟ ؟

میں نے لڑکپن میں ایک بزرگ کو کہتے سُنا ”وہ بڑا سیاسہ والا ہے“۔ سیاسہ عربی کا لفظ ہے جسے اُردو میں سیاست لکھتے ہیں ۔ میں نے بعد میں اُن سے اس فقرے کا مطلب پوچھا تو اُنہوں نے بتا یا ”ہوشیار ایسا کہ غلطی کرے مگر پکڑائی نہیں دے“۔

کیا یہ حقیقت نہیں ہے کہ اکثر سیاستدان جھوٹ بولتے ہیں اور پکڑائی نہیں دیتے ؟

سوشل میڈیا (فیس بُک اور ٹویٹر) پر عمران خان کو ایک نجات دہندہ کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے اور ڈر ہے کہ کسی دن کوئی عمران خان کو نبی کے برابر قرار نہ دے دے ۔ پچھلے ایک ماہ سے نواز شریف اور شہباز شریف پر الزامات کی بھرمار کی جا رہی ہے ۔ یہ الزامات حقیقت سے تعلق رکھتے ہیں یا بہتان تراشی ہے ؟ اس کا عِلم تھوڑی سی محنت کرنے پر سامنے آ جاتا ہے

عمران خان کے فدائی لالک جان چوک ۔ ڈی ایچ ۔ اے ۔ لاہور میں 8 دن دھرنا دیئے بیٹھے رہے کہ این اے 125 میں رجسٹرڈ ووٹوں سے بہت زیادہ ووٹ ڈالے گئے چنانچہ بڑی دھاندلی ہوئی ہے ۔ فافن کی متذکرہ رپورٹ میں این 125 کا ذکر ہی نہیں ہے ۔ البتہ فافن رپورٹ کے مطابق این اے 71 میانوالی 1 کے پولنگ سٹیشن نمبر 57 میں 1024 ووٹ ڈالے گئے جبکہ کل رجسٹرڈ ووٹر 790 ہیں ۔ اس حلقے سے عمران خان جیتا ہے

فافن کی رپورٹ یہاں کلِک کر کے پڑھی جا سکتی ہے ۔ فافن رپورٹ کا خلاصہ یہ ہے

جے یو آئی ف 10 حلقوں سے جیتی اور 2 حلقوں کے 1 یا 2 پولنگ سٹیشن پر رجسٹرڈ ووٹوں سے زیادہ ووٹ پڑے جو 20 فیصد بنتا ہے
پی پی پی پی 31 حلقوں سے جیتی اور 6 حلقوں کے 1 یا 2 پولنگ سٹیشن پر رجسٹرڈ ووٹوں سے زیادہ ووٹ پڑے جو 19.35 فیصد بنتا ہے
تحریکِ انصاف 27 حلقوں سے جیتی اور 5 حلقوں کے 1 یا 2 پولنگ سٹیشن پر رجسٹرڈ ووٹوں سے زیادہ ووٹ پڑے جو 18.52 فیصد بنتا ہے
ایم کیو ایم 18 حلقوں سے جیتی اور 3 حلقوں کے 1 یا 2 پولنگ سٹیشن پر رجسٹرڈ ووٹوں سے زیادہ ووٹ پڑے جو 16.67فیصد بنتا ہے
مسلم لیگ ن 124 حلقوں سے جیتی اور 19 حلقوں کے 1 یا 2 پولنگ سٹیشن پر رجسٹرڈ ووٹوں سے زیادہ ووٹ پڑے جو 15.32 فیصد بنتا ہے

This entry was posted in روز و شب on by .

About افتخار اجمل بھوپال

رہائش ۔ اسلام آباد ۔ پاکستان ۔ ۔ ۔ ریاست جموں کشمیر کے شہر جموں میں پیدا ہوا ۔ پاکستان بننے کے بعد ہجرت پر مجبور کئے گئے تو پاکستان آئے ۔انجنئرنگ کالج لاہور سے بی ایس سی انجنئرنگ پاس کی اور روزی کمانے میں لگ گیا۔ ملازمت کے دوران اللہ نے قومی اہمیت کے کئی منصوبے میرے ہاتھوں تکمیل کو پہنچائے اور کئی ملکوں کی سیر کرائی جہاں کے باشندوں کی عادات کے مطالعہ کا موقع ملا۔ روابط میں "میں جموں کشمیر میں" پر کلِک کر کے پڑھئے میرے اور ریاست جموں کشمیر کے متعلق حقائق جو پہلے آپ کے علم میں شائد ہی آئے ہوں گے ۔ ۔ ۔ دلچسپیاں ۔ مطالعہ ۔ مضمون نویسی ۔ خدمتِ انسانیت ۔ ویب گردی ۔ ۔ ۔ پسندیدہ کُتب ۔ بانگ درا ۔ ضرب کلِیم ۔ بال جبریل ۔ گلستان سعدی ۔ تاریخی کُتب ۔ دینی کتب ۔ سائنسی ریسرچ کی تحریریں ۔ مُہمْات کا حال

9 thoughts on “سیاست اور جھوٹ ؟ ؟ ؟

  1. احمر

    فافن اپنی رپورٹ واپس لے چکا ہے

    یہ غلط اعداد و شمار اس کے نوآموز کارکنان کی بچگانہ تحقیق کا نتیجہ تھے

  2. فراز اکرم

    میں پی ٹی آئی کا سپورٹر نہی لیکن آپ کے مضمون پر چند اعتراضات ہیں

    ١) این اے 71 میانوالی 1 کا پولنگ سٹیشن نمبر 57

    آپ نے فرمایا کہ اس حلقے سے عمران جیتا ہے لیکن آپ نے یہ نہی بتایا کہ مذکورہ پولنگ سٹیشن سے کس نے کتنے ووٹ لیے ہیں؟؟
    یہ تو سب جانتے ہیں کہ کسی حلقے سے جیتنے والا ضروری نہی کہ ہر پولنگ سٹیشن سے جیتے. بہت سے امیدوار تھے، اور انہوں نے بہت بہت ووٹ لیے ہیں این اے 71 میانوالی سے عبید الله شادی خیل (نواز لیگ) نے 72859 ووٹ حاصل کیے ہیں اور بہت سے پولنگ سٹیشن سے بھاری اکثریت سے جیتا ہے..

    اس لیے یہ کہنا کہ کسی حلقے میں دھاندلی ہوئی تو لازما جیتنے والے نے کی ہوگی درست نہی.

    ٢) تحریک انصاف کا مطالبہ آپ نے لکھا نہی کہ ان کا مطالبہ کیا ہے اور کیوں بیٹھے ہیں وہ…
    ان کا مطالبہ یہ ہے کہ جہاں جہاں دھاندلی کے شوائد آ رہے ہیں وہاں انگوٹھوں کے نشانات کے ساتھ دوبارہ گنتی کی جائے، انہوں نے کچھ حلقوں کے نام بھی دیے ہیں…. اگر نون لیگ کو این اے 71 پر اعتراض ہے تو بھی انھیں اصولی طور پر اس مطالبے کی حمایت کرنی چاہئیے اور کہنا چاہئیے کہ انگوٹھوں کے نشانات کے ساتھ دوبارہ گنتی کی جائے اور یہ گنتی این اے 71 سے شروع کی جائے……

    بلکہ میں تو کہتا ہوں کہ ساتھ یہ مطالبہ بھی شامل کریں کہ جس کے حق میں دھاندلی ہوئی ہے اسے کوئی سزا/جرمانہ بھی کیا جائے

    “٣)آپ نے فرمایا کہ” یہ الزامات حقیقت سے تعلق رکھتے ہیں یا بہتان تراشی ہے ؟ اس کا عِلم تھوڑی سی محنت کرنے پر سامنے آ جاتا ہے

    الزمات، الزامات ہی رہتے ہیں جب تک انھیں ثابت نہ کیا جائے، اور ثابت کرنے کا طریقہ موجود جو ہے یعنی فنگر پرنٹ کے ساتھ کاؤنٹنگ، تو نون لیگ کیوں نہی میدان میں آتی اس الزام کو مسترد کرنے کے لیے؟

  3. فراز اکرم

    ٤) دھاندلی صرف یہی نہی کہ ووٹ سو فیصد سے زیادہ پڑیں، سو کے اندر اندر بھی بہت سی دھاندلی ہوتی ہے

  4. افتخار اجمل بھوپال Post author

    احمر صاحب
    میرے بلاگ کو قابلِ توجہ سمجھنے کا شکریہ ۔ آپ نے درست کہا ہے ۔ فافن کے سربراہ کو الیکشن کمیشن نے بھی نوٹس جاری کیا ہوا ہے ۔ میں نے اسے لاہور کے دھرنے کے حوالے سے شائع کیا

  5. افتخار اجمل بھوپال Post author

    فراز اکرم صاحب
    پہلے آپ کا شکریہ کہ میرے بلاگ کو قابلِ توجہ سمجھا ۔ میں نے ووٹ حلقہ این اے 48 میں میاں محمد اسلم کو دیا جس کا تعلق مسلم لیگ ن سے نہیں ہے ۔ میں جانتا تھا کہ وہ نہیں جیتے گا لیکن دیانت اور خدمت کی بناء پر سب سے بہتر اُمیدوار وہی تھا ۔ میں آپ سے متفق ہوں مگر میں نے حلقہ این اے 125 کے حوالے سے بات کی ہے جہاں سے تحریکِ انصاف کے ہارنے والے حامد خان نے یہی وجہ بتائی تھی اور فیس بک پر تحریکِ انصاف کے جوانوں نے اس کے حوالے سے طوفان اُٹھایا ہوا تھا ۔ باقی جو نشان انگوٹھا کی پڑتال کی بات ہے اس کا بندوبست الیکشن کمیشن کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ جہاں تک دھاندلی کا تعلق ہے الزام لگانے والے کی ذمہ داری ہے کہ دھاندلی کا ثبوت پیش کرے ۔ اگر اُمیدوں کی بات کی جائے تو راولپنڈی کی 3 سیٹیں مسلم لیگ نے ہاری ہیں جن پر مسلم لیگ کے اُمیدوار ہمیشہ جیتے سوائے اُس وقت کے جب مسلم لیگ ن کو انتخابات میں حصہ نہیں لینے دیا گیا تھا (2002)۔ ان میں ایک پر تحریک انصاف کا بدنامِ زمانہ غلام سرور خان اور باقی 2 پر عمران خان اور شیخ رشید آپس میں اتحاد کر کے جیتے ۔ جب کے لاہور میں مسلم لیگ ن کے اُمیدوار سے عمران خان ہارا اور اب دھاندلی کا شور مچایا ہوا ہے ۔ ویسے یہ بھی حقیقت ہے کہ کئی دھاندلی کروانے والے بھی ہار جاتے ہیں
    آپ کوریا میں ہیں ؟

  6. Nauman

    فافن کی رپورٹ میں این اے ١٢٥ کا ذکر نہ ہونے کی متعدد وجوہات ہو سکتی ہیں ….

    جیسے فافن نے ہر پولنگ سٹیشن پہ مانٹرنگ نہیں کی تھی بلکہ چیدہ چیدہ پولنگ سٹیشنوں پہ کی تھی ….

    آپ کے حقائق پیش کرنے کرنے کا انداز گمراہ کن ہے ….

    رہی یہ دلیل کے الزام لگانے والا ہی ثبوت لاۓ ….غلط ہے …

    یہی دلیل سابق حکومت والے بھی دیتے رہے ہیں کے ثبوت لاؤ .. اسکام یہ مطلب نہیں ہے کے انہوں نے کرپشن نہیں کی ….

    الیکشن کمشن بلا کا نآ اہل ثابت ہوا …. کراچی میں تقریبا سب کا مطالبہ تھا کے پولنگ استشن میں فوجی موجود ہو .. لیکن الیکشن کیشن نہ مانا …..

    ابھی بھی حل یہی ہے کہ جہاں الزامات ہیں .. وہاں تصدیق ہو ….

  7. افتخار اجمل بھوپال Post author

    نعمان صاحب
    گستاخی معاف ۔ گمراہ کُن آپ کی سوچ ہے ۔ آپ کا محبوب مغربی طرز کا قانون ہمارے مُلک میں نافذ ہے جو کہتا ہے کہ ثبوت لانا الزام لگانے والے کی ذمہ داری ہے ۔ باقی رہی تحریکِ انصاف کی بات تو جہاں لاہور میں عمران خان ہارا ہے اور اس کی وجہ دھادلی قرار دیتا ہے وہاں جیتنے والا ایاز صادق متواتر پچھلے 3 انتخابات میں جیتا ہے اور اس سے قبل اس کے والد نصراللہ درہشک جیتا کرتے تھے ۔ یہ خاندان اس علاقے میں لوگوں کے بہت کام آتا ہے اور ہر دل عزیز ہے ۔ دراصل عمران خان کو غلط فہمی تھی کہ وہ پورے پاکستان مین ہر جگہ سے جیتے گا چنانچہ اب محاوراتی کھسیانی بلی کی طرح پنجے مار رہا ہے تصدیق سے کس نے روکا ہے ؟ نادرا والے کہتے ہیں ہمیں ہمارا خرچہ دیں اور تصدیق کروا لیں ۔ دوسروں کو جھوٹا ثابت کرنے کی خاطر ایک علاقہ جہاں دھادلی کا سب سے زیادہ یقین ہے خرچ کر کے تصدیق کروا لیں ۔ مُفتے میں ”مِل ماہیا“ تو نہیں ہوتا ۔ حلقہ این اے 125 سے پہلے خواجہ رفیق جسے پی پی پی نے قتل کروا دیا تھا جیتا کرتے تھے اور اُس کے بعد اُن کا بیٹا سعد رفیق جیتتا ہے ۔ میں اس علاقے میں پونے دو سال رہ چکا ہوں اس علاقے میں پچھلے 5 سال میں سعد رفیق نے 5 نئے سکول بنوائے اور باقی سکولوں کو اپ گریڈ کروایا یا حالت بہتر کروائی ۔ وہ 43000 زیادہ ووٹ لے کر جیتا ہے اور ہارنے والا حامد خان بدنام پرویز مشرف کا دستِ راست تھا اور وکلاء تحریک میں رخنے ڈالتا رہا

  8. Nauman

    ایک تو آپ دوسروں کے بارے میں منفی سوچ رکھتے ہیں …

    میرے تبصرے سے یہ کہاں پتا چلتا ہے کہ مغربی نظام میرا محبوب ہے …..

    میرا تبصرہ این اے ١٢٥ کے بارے میں تھا … جس کے بارے میں غلط بات کر رہے تھے .. کہ فافن کی رپورٹ میں اسکا ذکر نہیں ہے لہذا وہا دھاندلی نہیں ہوئی …

    بات گھمانے کا ہنر تو کوئی آپ سے سیکھے ….

    این اے ١٢٥ کا فافن کی رپورٹ سے کوئی تعلق نہیں بنتا ….لہذا غلط معلومات نہ پھیلائیں ….

    اور دوسروں کے بارے میں کبھی مثبت بھی سوچ لیا کریں … سب کو اپنے اوپر قیاس نہ کیا کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

:wink: :twisted: :roll: :oops: :mrgreen: :lol: :idea: :evil: :cry: :arrow: :?: :-| :-x :-o :-P :-D :-? :) :( :!: 8-O 8)

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.