Monthly Archives: August 2011

ظُلم جب حد سے گذر جائے

سُنا تھا کہ “ظُلم جب حد سے گذر جائے تو اللہ کا قہر نازل ہونا شروع ہو جاتا ہے”۔ فلک شگاف مہنگائی ۔ بجلی چوری اور غائب ۔ لوٹ مار کا بازار گرم ۔ دھماکے ۔ گولياں ۔ بت وقت بارشيں

کہيں يہ سب اللہ کا قہر ہی تو نہيں ؟

ہمارے کرتوت کيا ہيں ؟ لاہور کے علاقے کاہنہ میں ایک خاتون نے کتے کے آگے کھانا نہ ڈالنے پر 14 سالہ ملازم کو مبینہ طور پروحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا ،جس سے بچے کی موت واقع ہو گئی،پولیس نے مقتول کے باپ کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔پولیس کو دی گئی درخواست کے مطابق

چنیوٹ کا رہائشی14سالہ تقی عثمان لاہور کے ایک پوش علاقے میں سعدیہ نامی خاتون کے گھر ملازم تھا ۔ سعدیہ تقی عثمان کو حکم دے کرکتے کو کھانا ڈالنے گھر سے چلی گئی ۔ واپسی پر اسے کتا بھوکا محسوس ہوا تو اس نے تقی عثمان کو کمرے میں بند کرکے مبینہ طور پر وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس سے تقی عثمان کی موت واقع ہو گئی ۔ ہمسایوں کی اطلاع پر پولیس نے لاش برآمد کرکے اس کے باپ عطا محمدکو بُلا لیا اوراس کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے لاش پوسٹ مارٹم کے لئے بھجوا دی ۔ ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی

نئے صوبے ۔ چند حقائق

جب 1965ء کی جنگ ميں پورے پاکستان کے مسلمانوں نے ثابت کر ديا کہ ہم ايک ہيں نہ کوئی بنگالی ہے نہ پنجابی نہ کوئی سندھی ہے نہ بلوچی نہ کوئی پختون ہے نہ کشميری تو مطلب پرست لوگوں نے بنگالی اور پنجابی کا فتنہ کھڑا کيا اور نہ صرف حکمرانوں بلکہ عوام کے بھی ايک بڑے حصے کی عقل پر پانی پھر گيا اور لطيفے جو پہلے سکھوں کے ہوتے تھے بنگاليوں کے بنانے شروع کئے اور جرائد ميں چھپنے بھی شروع ہو گئے ۔ جائز مطالبات کو پسِ پُشت ڈال کر زور دار سے گٹھ جوڑ کيا گيا اور نتيجہ بنگلہ ديش کی صورت ميں نکلا

اس سے سبق سيکھنے کی بجائے مزيد قدم آگے بڑھنے لگے اور سندھی ۔ مہاجر ۔ پنجابی ۔ پختون اور بلوچ کے نعرے بلند کئے جانے لگے ۔ صوبہ سرحد جس ميں رہنے والوں کی اکثريت پختون نہيں ہے کو ذاتی مقاصد کيلئے پختون خوا کا نام دے کر لسانيت کو اُجاگر کيا گيا ۔ ہوس کی پياس پھر بھی نہ بُجھی تو سرائيکی اور ہزارہ کے نعرے بلند کرنا شروع کر ديئے

کچھ لوگ بڑے کرّ و فر سے پنجاب ميں کئی صوبے بنانے کا غوغا کرتے رہتے ہيں جس کيلئے بڑی بڑی دليليں دی جاتی ہيں جن ميں ايک “پنجاب کھا گيا” بھی ہے ۔ ماہِ رمضان المبارک شروع ہونے سے پہلے وفاقی حکومت کے ترجمان نے صدرِ پاکستان کی طرف سے سرائيکی صوبہ کے حوالے سے خوشخبری کی پيشين گوئی کی تھی اور چند روز قبل اسی سلسلہ ميں صوبہ پنجاب کی اسمبلی ميں حزبِ اختلاف نے ہنگامہ کيا ۔ کوئی اتنا بھی نہيں سوچتا کہ نہ صرف پاکستان کا آئين تبديل کرنا ہو گا بلکہ اس سے قبل لازم ہے کہ متعلقہ صوبے کی اسمبلی دو تہائی اکثريت سے منظوری دے

پنجاب کے ٹکڑے کرنے کے بعد کيا ہو گا اس پر کسی نے نہ سوچا ہے اور نہ سوچيں گے کيونکہ ہماری اکثريت کو ناک سے آگے ديکھنے کی کبھی فرصت ہی نہيں ملی ۔ کسی وجہ سے کوئی نعرہ زبان پر چڑھ جائے تو اسےلے اُڑتے ہيں ۔ دوسرے ممالک 50 سالہ منصوبہ بندی کرتے ہيں اور ترقی کا زينہ طے کرتے بلندی پر پہنچ گئے ہيں يا پہنچنے کے قريب ہيں ۔ وہ ممالک بھی جو 4 دہائياں قبل پاکستان کے دستِ نگر تھے آج پاکستان سے بہت آگے ہيں ۔ ان ميں شمالی کوريا قابلِ ذکر ہے ۔ ہم کم از کم پچھلی 4 دہائيوں سے “ڈھنگ ٹپاؤ” سے آگے نہيں بڑھے کيونکہ ہماری سوچ اپنے پيٹ اور دوسرے کی جيب سے آگے نہيں بڑھ پاتی ۔ پچھلے 6 ماہ ميں نئے صوبوں کے سلسلہ ميں کئی مضامين نظر سے گذرے ۔ ان ميں سے 2 سے اقتباسات نقل کر رہا ہوں

ايک خيال

تسلیم کرلیتے ہیں کہ بہاولپور کو اس کے تاریخی ماضی کے حوالے سے ون یونٹ کی پہلی والی سطح پر بحال کردینا درست اور جائز مطالبہ ہے لیکن پھر اسی سے ملتی جلتی بنیاد پر پختونخوا اور بلوچستان کی ان ضم شدہ ریاستوں کا کیا بنے گا جو قیام پاکستان کے وقت اپنا جداگانہ تشخص رکھتی تھیں اور ون یونٹ بن جانے کے بعد بھی 1971ء تک بیشتر کسی نہ کسی طور زندہ رہیں

اگر بہاولپور ایک الگ صوبے کے طور پر بحال ہوتا ہے تو بلوچستان میں بھی قلات ۔ مکران ۔ خاران اور لس بیلہ کی سابق ریاستوں کا جُداگانہ تشخص بحال کرکے انہیں صوبوں کا درجہ دینا ہوگا ۔ دریچہ کھُل گیا تو اسی طرح کا مطالبہ سوات ۔ چترال ۔ دیر وغیرہ کی ضم شدہ ریاستوں کے حوالے سے بھی اٹھے گا کہ ان کے ”شاہی پسماندگان“ بھی موجود ہیں ۔ قلات کے مرحوم والی میر احمد یار خان کے پوتے نواب سلیمان داؤد نے تو لندن میں باقاعدہ جلاوطن حکومت قائم کر رکھی ہے

اگر پاکستان میں واقعی کسی ایک بھی نئے صوبے کی تشکیل ضروری ہے تو وہ وفاق کے زیر اہتمام قبائلی علاقے پر مشتمل ہونا چاہئے جس میں کرم ۔ خیبر ۔ اورک زئی ۔ مہمند ۔ باجوڑ ۔ شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان نامی سات ایجنسیاں شامل ہیں ۔ یہ ”وفاق کے زیر اہتمام قبائلی علاقہ“ [FATA] کہلاتا ہے ۔ قائد اعظم نے ان قبائلیوں کو بڑی ٹھوس اور واضح ضمانت دی تھی کہ ان کے رسم و رواج ۔ ان کی تہذیب و ثقافت ۔ ان کے قبائلی نظم اور ان کے جُداگانہ تشخص کا تحفظ کیا جائے گا ۔ 6 دہائیوں سے زیادہ عرصہ گزر گیا ۔ کسی کو بابائے قوم کا یہ عہد یاد نہیں آیا ۔ وہاں کے قبائلی ایک کروڑ آبادی کا دعویٰ کرتے ہیں ۔ یہ مبالغہ ہوتو بھی 27000 مربع کلومیٹر پر محیط 7 قبائلی ایجنسیوں میں بسنے والوں کی تعداد 70 لاکھ کے لگ بھگ ضرور ہے ۔ یہ بلوچستان کی آبادی سے کچھ ہی کم ہوگی ۔ تمام آبادی ایک ہی زبان بولتی ہے ۔ سب کی بود و باش اور ثقافت ایک ہے اور وہ منفرد تشخص کا استحقاق رکھتے ہیں

جو اے ۔ این ۔ پی پنجاب میں سرائیکی صوبے کی بینڈ ویگن پر سوار ہے وہ ”فاٹا“ کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کا موقف رکھتی ہے ۔ خیبر پختون خوا میں ایک اور عجوبہ بھی موجود ہے جس کا نام ہے”پاٹا“ [PATA]۔ یہ صوبائی حکومت کے زیر اہتمام قبائلی علاقہ جات ہیں ۔ آہستہ آہستہ یہ علاقے تحلیل ہورہے ہیں لیکن آج بھی پورا مالاکنڈ ڈویژن ”پاٹا“ کا حصہ ہے ۔ خیبر پختونخوا کے تیسرے عجوبے کا نام ”فرنٹیئر ریجنز“ ہے جسے عُرف عام میں ایف ۔ آر [FR] کہا جاتا ہے ۔ یہ وہ علاقے ہیں جو صوبائی حکومت کے زیر انتظام اور قبائلی علاقوں کے درمیان ”بفرزون [Buffer Zone]“ کی حیثیت سے موجود ہیں ۔ ایف آر پشاور ۔ ایف آر بنوں ۔ ایف آر لکی مروت ۔ ایف آر ٹانک اور ایف آر ڈیرہ اسمٰعیل خان ایسے منطقے ہیں جو نہ فاٹا کے ذیل میں آتے ہیں نہ صوبائی حکومت کے ۔ ہاں وفاقی حکومت کا مقرر کردہ ایک اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ بھی بیٹھتا ہے اور صوبائی حکومت کا تعینات کردہ ڈپٹی کمشنر بھی ۔ یہ ایف ۔ آرز جرائم کی آماجگاہ بنے ہوئے ہیں کیونکہ وہاں پولیس کا کوئی گزر نہیں ۔ 63 سال سے یہ تماشا جاری ہے اور آج بھی صوبے اور مرکز کے فیصلہ سازوں کا دھیان فاٹا ۔ پاٹا اور ایف ۔ آرز کے بجائے پنجاب کے حصے بخرے کرنے پر مرکوز ہے

پیپلزپارٹی کے راہنما اور قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپيکر فیصل کریم کنڈی نے تجویز دی ہے “چونکہ ڈیرہ اسمٰعیل خان میں سرائیکی بولی جاتی ہے اسلئے اسے خیبر پختونخوا سے کاٹ کر سرائیکی صوبے کا حصہ بنادیا جائے ۔ اگر اس منطق کو مان لیا جائے تو سندھ اور پنجاب میں مقیم بلوچوں کے بارے میں بھی سوچنا پڑے گا جو بعض شہروں میں اچھی خاصی تعداد میں موجود ہیں۔ جیکب آباد تو بلوچستان کی سرحد سے جڑا ہے اور شکارپور ۔ جیکب آباد سے ۔ نواب شاہ اور سانگھڑ میں بھی قابل ذکر تعداد میں بلوچ بستے ہیں ۔ بگٹی اور مری قبائل کی ہزاروں ایکڑ زمینیں بھی انہی علاقوں میں ہیں ۔ اسی طرح جنوبی پنجاب میں بھی بلوچ غالب تعداد میں بستے ہیں۔ بات آگے چلے تو شاید ایک سندھی سرائیکی صوبہ بھی بنانا پڑے

مسلم لیگ (ق) کے راہنما چوہدری پرویز الٰہی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے اور صدر زردای کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت دونوں جماعتیں پنجاب میں سرائیکی صوبہ قائم کریں گی۔ چوہدری صاحب کو شاید علم نہیں کہ موجودہ صوبوں کی جغرافیائی حدود میں کسی طرح کے ردوبدل کے لئے آئینی ترمیم ضروری ہے۔ اگر پارلیمینٹ کے دونوں ایوان دو تہائی اکثریت سے پنجاب کے اندر ایک نیا صوبہ بنانے کی ترمیم منظور کرلیتے ہیں تو بھی پنجاب کی صوبائی اسمبلی کی توثیق کے بغیر ایسی ترمیم دستور کا حصہ نہیں بن سکتی ۔ آئین کا آرٹیکل 239(4) بڑی وضاحت سے کہتا ہے

A Bill to amend the Constitution which would have the effect of altering the limits of a Province shall not be presented to the President for assent unless it has been passed by the Provincial Assembly of that Province by the votes of not less than two-thirds of its total membership.
ترجمہ ۔ آئین میں ترمیم کا ایسا کوئی بل جو کسی صوبے کی حدود میں تبدیلی کررہا ہو ۔ اس وقت تک صدر کی منظوری کے لئے پیش نہیں کیا جائے گا جب تک متعلقہ صوبائی اسمبلی اپنے مجموعی ارکان کی دو تہائی اکثریت سے اس بل کو منظور نہ کرلے

یہ مہم اس وقت تک خواب ہی رہے گی جب تک پنجاب اسمبلی کے 371 ارکان میں سے کم از کم 248 ارکان اس کی توثیق نہیں کرتے

دوسرا خيال

جن اصولوں پر پنجاب تقسیم ہوگا ۔ انہی اصولوں پر سندھ ۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو بھی تقسیم کرنا ہوگا ۔ جو تقسیمِ پنجاب کی حمایت کرتا ہے اسے زیب نہیں دیتا کہ تقسیم سندھ کی مخالفت کرے ۔ جو ہزارہ صوبے کا حامی ہے اسے بہاولپور کی بھی حمایت کرنی ہوگی لیکن یہاں تو عجیب تماشہ ہے ۔ ایم کیو ایم ہزارہ ۔ بہاولپور اور سرائیکی صوبوں کی حامی ہے لیکن سندھ میں نئے صوبوں کے مطالبے پر سیخ پا ہوجاتی ہے ۔ پیپلز پارٹی سرائیکی صوبے کی تو مدعی بن گئی لیکن جب کراچی کی تجویز آئی تو برہم ہوکر غنڈہ گردی پر اترآئی ۔ مسلم لیگ (ن) نے بلاجواز پختونخوا نام کی مخالفت کرکے ہزارہ میں نئے صوبے کی تحریک کے لئے ماحول بنایا لیکن اب بہاولپور اور سرائیکی صوبوں کی تحریکوں سے پریشان ہے ۔ اے این پی نے سرائیکی صوبے کے قیام کو اپنے منشور اور دستور کا حصہ بنارکھا ہے لیکن ہزارہ صوبے کی بھی مخالف ہے اور خیبرپختونخوا کے سرائیکیوں کے سرائیکی صوبے کے ساتھ الحاق کی بھی ۔ جس طرح دیگر ایشوز پر سیاست ۔ اسی طرح یہاں بھی ہدف مسئلے کا حل نہیں ۔ اپنی اپنی سیاست کو چمکانا اور اپنے اپنے حلقے کے ووٹرز کو بے وقوف بنانا ہے

سوال یہ ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کی بنیاد کیا ہو ؟ بہاولپور کا مطالبہ تاریخی بنیاد پر ہورہا ہے لیکن یہ کُلیہ صرف بہاولپور تک محدود نہیں رہے گا ۔ پھر اس کے دعویداروں کو سوات ۔ دیر ۔ چترال اور قلات وغیرہ کو بھی الگ صوبوں کی حیثیت دینی ہوگی ۔ ہزارہ کا مطالبہ لسانی بنیادوں پر کیا جارہا ہے لیکن ہزارہ کی حمایت کرنے والوں کو پھر لسانی بنیادوں پر سندھ ۔ بلوچستان اور پنجاب کی تقسیم کی بھی حمایت کرنی ہوگی ۔ اگر جواز یہ ہو کہ چونکہ رقبہ بہت زیادہ ہے ۔ ملتان اور بہاولپور لاہور سے یا پھر ایبٹ آباد پشاور سے دُور ہے ۔ اسلئے ان کو الگ صوبوں کی حیثیت ملنی چاہئے تو پھر اندرون سندھ کے لوگ کراچی سے اور مکران یاسوئی وغیرہ کے لوگ کوئٹہ سے بہت زیادہ دور ہیں ۔ پھر بہالپور ۔ ملتان اور ہزارہ سے پہلے بلوچستان اور سندھ میں نئے صوبے بنانے ہوں گے

اگر آبادی کو معیار بنا لیا جائے تو پھر سب سے زیادہ صوبے پنجاب میں بنیں گے لیکن دوسرے نمبر پر بہر حال سندھ آئے گا ۔ پھر سندھ میں بھی 3 سے زیادہ صوبے بنانے ہوں گے ۔ اگر سرائیکیوں کو الگ صوبہ قومیت یا لسانی بنیادوں پر دیا جائے گا تو پھر خیبر پختونخواہ کے سرائیکیوں کو بھی حق دینا ہوگا کہ وہ سرائیکی صوبے کے ساتھ مل جائیں ۔ پھر سندھ اور پنجاب میں رہنے والے بلوچوں کو بلوچستان کے بلوچوں کے ساتھ ملانا ہوگا ۔ پھر بلوچستان کے پختونوں کو نہ صرف الگ صوبہ دینا ہوگا بلکہ ان کے صوبے کو خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقہ جات کے ساتھ ایک نئے صوبے کی صورت میں ضم کرنا ہوگا

اگر بنیاد یہ ہے کہ صوبوں کے اندر وسائل منصفانہ بنیادوں پر تقسیم نہیں ہو رہے ہیں اور پنجاب کا زیادہ تر فنڈ وسطی پنجاب میں خرچ ہوجاتا ہے تو کیا سندھ ۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں ایسا نہیں ہوتا ۔ کیا سندھ کا جتنا بجٹ کراچی اور حیدر آباد میں خرچ ہوجاتا ہے اتنا ہی بجٹ سانگھڑ اور تھرپارکر کے حصے میں بھی آتا ہے ؟ کیا خیبر پختونخوا میں لاہور اور فیصل آباد کی طرح وادی پشاور کو یہ فوقیت حاصل نہیں؟ کیا یہاں چترال ۔ دیر ۔ کوہستان اور ڈيرہ اسماعيل خان کو وہی توجہ دی جاتی ہے جو پشاور ۔ مردان اورایبٹ آباد کو ملتی ہے؟ کیا یہ حقیقت نہیں کہ بلوچستان میں کوئٹہ کے شہریوں کو جو سہولیات میسر ہیں ۔ سبی اور کوہلو وغیرہ کے شہری اس کا تصور بھی نہیں کرسکتے؟

شوق ہے تو بسم اللہ کیجئے ۔ نئے صوبے بنا دیجئے لیکن کُلیہ ایک ہی ہوگا۔ “میٹھا میٹھا ہپ اور کڑوا کڑوا تھو” والا معاملہ نہیں چلے گا ۔ اگر پنجاب کو کیک کی طرح کاٹ کر تقسیم کیا جائے گا تو پھر سندھ بھی کیک بنے گا بلوچستان بھی اور خیبر پختونخوا بھی ۔ اور اگر سندھ یا خیبر پختونخوا میں نئے صوبوں کی بات کو گالی بنا دیا جائے گا تو پھر پنجاب کی سرحدوں کو بھی اسی طرح مقدس سمجھنا ہوگا

یقینا بڑے انتظامی یونٹ مسائل کا باعث بنتے ہیں ۔ ا نتظامی یونٹ جتنے چھوٹے ہوں ۔ اتنے بہتر انداز میں چلائے جاسکیں گے ۔ یقینا آبادی کے لحاظ سے پنجاب کا بہت بڑا ہونا باقی ملک کے لئے نہیں بلکہ خود پنجابیوں کے لئے بھی مسئلہ ہے ۔ اسی وجہ سے چھوٹے صوبے احساس محرومی کے شکار رہتے ہیں اور شاید اسی وجہ سے پنجاب کو گالی پڑتی رہتی ہے لیکن سوال یہ ہے کہ نئے صوبے کس اصول کے تحت بنائے جائیں ۔ میرے نزدیک بہتر راستہ انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام کا ہوگا ۔ ایک ممکنہ فارمولا قیام پاکستان کے وقت کے ہر ڈویژن کو صوبے کا درجہ دینے کا ہوسکتا ہے ۔ کیونکہ اس سے نفرتیں جنم نہیں لیں گی ۔ ہندوستان ۔ ایران اور افغانستان میں نئے صوبے بنے ہیں لیکن لسانی یا تاریخی بنیادوں پر نہیں بلکہ انتظامی بنیادوں پر بنے ہیں ۔ امریکا کی درجنوں ریاستوں میں کوئی ایک بھی ان بنیادوں پر قائم نہیں ہوئی

ایک اور بات ہمارے سیاستدانوں کو یہ مدنظر رکھنی چاہئیے کہ اپنی روح کے لحاظ سے بہت اچھے کام بھی اگر غلط وقت پر کرنے کی کوشش کی جائے تو فائدے کی بجائے نقصان کا موجب بنتے ہیں ۔ سوال یہ ہے کہ یہ وقت کیا نئے صوبوں کے قیام کے ایشو کو چھیڑنے کے لئے مناسب ہے ؟

آخر میں سرائیکی صوبے کا شوشہ چھوڑنے والے آصف علی زرداری صاحب سے یہ سوال کہ “جناب عالی ۔ اگر آپ کو واقعی نئے صوبوں کی فکر نے بے چین کررکھا ہے تو اس نیک کام کا آغاز آپ قبائلی علاقہ جات کو نیا صوبہ بنانے سے کیوں نہیں کرتے ؟ وہ قبائلی علاقے جن کے آپ براہ راست چیف ایگزیکٹو ہیں ۔ جن کے تقریبا سو فی صد شہری الگ صوبے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ جن کی اس وقت کوئی آئینی حیثیت واضح نہیں ۔ ملتان ۔ ہزارہ اور بہاولپور کے لوگوں کو تو صرف مالی اور انتظامی معاملات میں محرومی کا شکوہ ہے لیکن شہریت کے لحاظ سے انہیں وہی حقوق حاصل ہیں جو اسلام آباد ۔ لاہور یا کراچی کے شہریوں کو حاصل ہيں تاہم فاٹا کے عوام کو تو ان کے بنیادی آئینی حقوق بھی حاصل نہیں ۔ اس خطے پر مُلکی قوانین کا اطلاق نہيں ہوتا ۔ نہ پارلیمنٹ ان کیلئے قانون سازی کرسکتی ہے اور نہ وہ اپنے خلاف روا رکھے گئے کسی ظُلم کے خلاف کسی پاکستانی عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں ۔ ہمت اور اخلاص موجود ہے تو بسم اللہ کیجئے ۔ قبائلی علاقہ جات کو صوبے کی حیثیت دے دیجئے ۔ نہیں تو خدارا سیاسی مقاصد کے لئے ڈرامہ بازی کا یہ سلسلہ ترک کردیجئے

ذرا سوچئے ۔ اگر میاں شہباز شریف نے پچھلے 3 سالوں میں پنجاب کی ایک انچ زمین پر بھی قدم نہ رکھا ہوتا تو کیا تماشہ لگتا لیکن صدر محترم آصف علی زرداری نے صدر بننے کے بعد فاٹا کی ایک انچ زمین پر بھی قدم نہیں رکھا حالانکہ وہ اسی طرح فاٹا کے چیف ایگزیکٹیو ہیں جس طرح میاں شہباز شریف پنجاب کے چیف ایگزیکٹو ہیں ۔ پنجاب میں تو پھر بھی اسمبلی شہباز شریف کے ساتھ شریک اقتدار ہے لیکن فاٹا کے تنہا مختار صدر مملکت ہوتے ہیں۔ جس علاقے کے وہ چیف ایگزیکٹو ہیں اسے آج تک صدر صاحب نے دیکھا ہی نہیں ۔ یہ تماشہ نہیں تو اور کیا ہے ؟ لیکن ظاہر ہے اس طرح کے تماشے صرف پاکستان میں ہی ہوسکتے ہیں

ايک اچھی کاوش

جشن آزادی کی خوشی میں کراچی کے ڈیفنس اسٹیڈیم میں 13 اور 14 اگست کی درميانی رات ہزاروں لڑکے لڑکياں اور بچے جمع ہوئے اور رات 12 بجے
کے بعد سب نے مل کر قومی ترانہ پڑھا

اس دوران تیز ہوائیں چلیں ۔ بجلی چمکی ۔ بادل گرجے پھر برسے اور بجلی غائب ہوگئی لیکن حوصلے پست نہ ہوئے

کہا جاتا ہے کہ 5885 لوگ جمع ہوئے جو فلپين ميں قائم ہونے والے ريکارڈ سے زيادہ ہے ۔ فلپين ميں 2009ء ميں 5248 لوگ جمع ہوئے تھے

اگر کوئی بلاگر يا قاری اس ميں شامل ہوا تھا تو اپنی رائے ضرور دے

اللہ کرے اگلے 14 اگست پر پاکستان کے ہر بڑے شہر ميں ہزاروں جوان اور پچے ايسی يکجہتی کا مظاہرہ کريں

کب آئے گی واپس حميّت ہماری ؟ ؟ ؟

جب عوام تحريک چلا کر اپنے لئے وطن کے نام پر زمين کا کوئی ٹکڑا حاصل کرنے کيلئے اپنے خون کا نذرانہ پيش کرتے ہيں ۔ يقينی طور پر اور ميں بطور نو دس سال کے بچے کے اس کا شاہد ہوں کہ ہندوستان کے مسلمانوں نے بھی1946ء اور 1947ء ميں ايسا ہی کيا تھا ۔ دراصل وہ 1857ء سے وقفے وقفے سے اپنے خون کے نذرانے پيش کرتے آئے تھے ۔ لاکھوں بوڑھے ۔ جوان ۔ مردوں اور عورتوں اور بچوں کے خون اور ہزاروں عورتوں کی عزتوں کی قربانی کے نتيجہ ميں اللہ نے يہ وطن ہميں بخشا تھا کيونکہ ہم نے اس کا مطلب ” لا اِلَہَ اِلاللہ ” کہا تھا

جب وطن حاصل ہو جاتا ہے تو قوميں دن رات کی جاں فشانی سے ترقی اور خوشحالی کی طرف رواں دواں ہوتی ہيں ۔ بلاشُبہ وطنِ عزيز کے پہلے چند سال ايسا ہی ہوا ۔ پھر انگريزوں کے ذہنی غلام اس نوزائدہ وطن پر حاوی ہو گئے اور اپنے ہی بھائيوں کا گوشت نوچنے لگے بلکہ اپنے وطن کے بھی بخيئے ادھڑنے لگے ۔ ہموطنوں کی کوتاہ انديشی اور آپا دھاپی کے نتيجہ ميں1971ء ميں مُلک کا ايک بڑا حصہ جاتا رہا اور اب اُس کا حال کچھ اس طرح بنا ديا ہے

اقبال تیرے دیس کا کیا حال سناؤں
دہقان تو مر کھپ گیا اب کس کو جگاؤں ۔ ۔ ۔ ملتا ہے کہاں خوشہ گندم کہ جلاؤں
شاہیں کا تو ہے گنبدِ شاہی پہ بسیرا ۔ ۔ ۔ کنجشک فرومایہ کو میں اب کس سے لڑاؤں
اقبال تیرے دیس کا کیا حال سناؤں
مکّاری و عیاری و غدّاری و ہیجان ۔ ۔ ۔ اب بنتا ہے ان چار عناصر سے مسلمان
قاری اسے کہنا تو بڑی بات ہے یارو ۔ ۔ ۔ اس نے تو کبھی کھول کے دیکھا نہیں قرآن
اقبال تیرے دیس کا کیا حال سناؤں
بیباکی و حق گوئی سے گھبراتا ہے مومن ۔ ۔ ۔ مکاری و روباہی پہ اِتراتا ہے مومن
جس رزق سے پرواز میں کوتاہی کا ڈر ہو ۔ ۔ ۔ وہ رزق بڑے شوق سے اب کھاتا ہے مومن
اقبال تیرے دیس کا کیا حال سناؤں
شاہیں کا جہاں آج ممولے کا جہاں ہے ۔ ۔ ۔ ملتی ہوئی مُلا سے مجاہد کی اذاں ہے
مانا کہ ستاروں سے بھی آگے ہیں جہاں اور ۔ ۔ ۔ شاہیں میں مگر طاقتِ پرواز کہاں ہے
اقبال تیرے دیس کا کیا حال سناؤں
کردار کا ، گفتار کا ، اعمال کا مومن ۔ ۔ ۔ قائل نہیں ایسے کسی جنجال کا مومن
سرحد کا ہے مومن کوئی پنجاب کا مومن ۔ ۔ ۔ ڈھونڈے سے بھی ملتا نہیں قرآن کا مومن
اقبال تیرے دیس کا کیا حال سناؤں
ہر داڑھی میں تِنکا ہے تو ہر آنکھ میں شہتیر ۔ ۔ ۔ اب مومن کی نگاہوں سے بدلتی نہیں تقدیر
توحید کی تلواروں سے خالی ہیں نیامیں ۔ ۔ ۔ اب ذوقِ یقیں سے کہیں کٹتی نہیں زنجیر
اقبال تیرے دیس کا کیا حال سناؤں
دیکھو تو ذرا محلوں کے پردوں کو اٹھا کر ۔ ۔ ۔ شمشیر و سناں رکھی ہے طاقوں میں سجا کر
آتے ہیں نظر مسندِ شاہی پہ رنگیلے ۔ ۔ ۔ تقدیرِ امم سو گئی ، طاؤس پہ آ کر
اقبال تیرے دیس کا کیا حال سناؤں
مرمر کی سِلوں سے کوئی بیزار نہیں ہے ۔ ۔ ۔ رہنے کو حرم میں کوئی تیار نہیں ہے
کہنے کو ہر شخص مسلمان ہے لیکن ۔ ۔ ۔ دیکھو تو کہیں نام کو کردار نہیں ہے
اقبال تیرے دیس کا کیا حال سناؤں
محمودوں کی صف آج ایازوں سے پرے ہے ۔ ۔ ۔ جمہور سے سلطانیءِ جمھور ورے ہے
تھامے ہوئے دامن ہے ، یہاں پر جو خودی کا ۔ ۔ ۔ مر مر کے جیئے ہے کبھی جی جی کے مرے ہے
اقبال تیرے دیس کا کیا حال سناؤں
پیدا کبھی ہوتی تھی سحر جس کی اذاں سے ۔ ۔ ۔ اس بندہءِ مومن کو میں اب لاؤں کہاں سے
وہ سجدہ زمیں جس سے لرز جاتی تھی یارو ۔ ۔ ۔ اک بار میں ہم چُھٹے اس بار گراں سے
اقبال تیرے دیس کا کیا حال سناؤں

يومِ آزادی مبارک ۔ آيئے دعا کريں

my-id-pak
آج ہمارے ملک کی عمر 64 شمسی سال ہو گئی ہے اور قمری مہينوں کےحساب سے 65 سال سے 2 ہفتے کم ہے ۔ اس موقع پر ميں 3 تحارير شائع کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں ۔ اللہ نے توفيق دی تو آج اور کل شائع ہو جائيں گی

تمام پاکستانی بزرگوں بہنوں بھائيوں بچوں اور بچيوں کو يومِ آزادی مبارک

قارئين کی معلومات کيلئے تاريخی کُتب سے ايک مختصر ترين خاکہ رقم کر رہا ہوں

پاکستان اور بھارت میں شائع ہونے والی تاریخی کُتب کے مطابق دسمبر 1945ء میں مرکزی قانون ساز اسمبلی کے نتائج کا اعلان ہوا تو مسلم لیگ کو 90 فیصد مسلمان ووٹ ملے تھے اور اس نے 30 مسلم نشستوں میں سے 30 ہی حاصل کر لی تھیں ۔ ان میں غیر مسلم علاقے [صوبے] بھی شامل تھے ۔ کانگریس نے 62 عمومی [ہندو] نشستوں میں سے 57 جیتی تھیں

مسلم لیگ کی 100فیصد کامیابی تاریخ کا ایک حیرت انگیز واقعہ تھا ۔ 1946ء کے آغاز میں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ہوئے تو یو پی کی 66 مسلم نشستوں میں سے 54 ۔ سی پی کی 14 میں سے 13 ۔ اُڑیسہ کی 4 میں سے 4 ۔ بمبئی کی 30 میں سے 30 ۔ آسام کی 34 میں سے 33 اور بہار کی 40 میں سے 34 مسلم لیگ نے حاصل کر لیں ۔ 1946ء کے انتخابات میں یو پی کے شہری علاقوں میں کانگریس کو ملنے والے مسلمان ووٹ ایک فیصد سے بھی کم تھے ۔ مسلم لیگ نے یہ انتخابات ایک ہی انتخابی نعرے پر لڑے اور وہ تھا ” پاکستان

آيئے سب ميری اس دعا ميں شامل ہو جايئے

اے نگارِ وطن تو سلامت رہے ۔ ۔ ۔ مانگ تیری ستاروں سے بھر دیں گے ہم
اے نگارِ وطن تو سلامت رہے
ہو سکی تیرے رُخ پہ نہ قرباں اگر ۔ ۔ ۔ اور کس کام آئے گی یہ زندگی
اے نگارِ وطن تو سلامت رہے
اپنے خوں سے بڑھاتے رہیں گے سدا ۔ ۔ ۔ تیرے گُل رنگ چہرے کی تابندگی
اے نگارِ وطن تو سلامت رہے
جب تجھے روشنی کی ضرورت پڑے ۔ ۔ ۔ اپنی محفل کے شمس و قمر دیں گے ہم
اے نگارِ وطن تو سلامت رہے
سبز پرچم تیرا چاند تارے تیرے ۔ ۔ ۔ تیری بزمِ نگاری کے عنوان ہیں
اے نگارِ وطن تو سلامت رہے
تیری گلیاں، تیرے شہر، تیرے چمن ۔ ۔ ۔ تیرے ہونٹوں کی جنبش پہ قربان ہیں
اے نگارِ وطن تو سلامت رہے
جب بھی تیری نظر کا اشارہ ملا ۔ ۔ ۔ تحفَہِ نفسِ جاں پیش کر دیں گے ہم
اے نگارِ وطن تو سلامت رہے

ہوشيار ۔ خبردار ۔ اور مدد درکار ہے

فدوی افتخار اجمل بھوپال ہر اُس آدمی سے معذرت خواہ ہے جسے لايعنی يا مخرب الاخلاق برقی چِٹھی [E-mail] فدوی کے نام سے ملی ہے ۔ ہر چند کہ يہ چِٹھياں فدوی کی رضا و رغبت يا رضامندی کے بغير ہر اُس شخص کو گئی ہيں جس کا پتہ ميرے ياہو کے حساب [Yahoo account] ميں موجود ہے ۔ فدوی کا اگر قصور ہے تو اتنا کہ فدوی اپنا وقت بہتر طريقہ سے استعمال کرنے کيلئے ايک کمپيوٹر استعمال کرتا ہے مگر يہ ناہنجار چِٹھياں چونکہ ميرے نام سے جا کر مکتوب عليہان کی دلآزاری کا باعث بنی ہوں گی اسلئے معذرت لازم سمجھی گئی

شيطان کا کام تو شيطانی کرنا ہی ہے مگر ايسا ميرے نام سے کيوں ہوا ؟

کمپيوٹر اور انٹرنيٹ استعمال کرنے والے کچھ معصوم لوگ شيطان کی موجودگی سے بے خبر اپنے تجسس کی تسکين کی خاطر اِدھر اُدھر ہاتھ مارتے رہتے ہيں جس کے نتيجہ ميں شيطان اُن کے کمپيوٹر ميں آ بيٹھتا ہے اور شرارتيں شروع کر ديتا ہے ۔ مجھ سے غلطی يہ ہوئی کہ ايک مانوس بلکہ قريبی نام سے چِٹھی آئی ۔ بظاہر اُس ميں کچھ نہيں تھا اور جواب طلب تھی ۔ اسلئے ميں نے جواب لکھ بھيجا ۔ گويا اپنے پاؤں پر کُلہاڑا مار ليا ۔ اگلے روز لايعنی چِٹھياں ميرے نام سے چلی گئيں ۔ تحقيق کے بعد معلوم ہوا کہ ميرا ياہو کا حساب چوری [hack] ہو گيا ہے

ميں نے ياہو کے حساب کا شناختی لفظ [Password] بدل ديا ہے مگر چوروں نے سائنس ميں ہم سے زيادہ ترقی کر لی ہے اسلئے مستقبل کے ہر لمحے سے ڈر لگتا ہے

اتنی لمبی روئيداد يا تمہيد پيش کرنے کے بعد درخواست ہے اہلِ عِلمِ کمپيوٹر و انٹرنيٹ سے کہ مجھ” دو جماعت پاس ناتجربہ کار شہر ميں نووارد ديہاتی” کی رہنمائی فرمائيں ۔ اور کوئی مُجرّب مگر سہل طريقہ شيطانوں کی ايسی شرارتوں سے محفوظ رہنے کا بتا کر ميری دعاؤں کے حقدار بنيں ۔ بڑے شيطانوں سے تو ہم اللہ کی پناہ مانگ ليتے ہيں مگر چھوٹے شيطان کسی طرح چين سے نہيں رہنے ديتے

موت کے بيوپاری

پانی ميں آرسینک اور سوڈیم [Arsenic and Sodium] کی زیادتی کے باعث دل ۔ گردوں ۔ بلڈ پریشر ۔ اور جلد وغیرہ کی بیماریاں لاحق ہوسکتی ہیں ۔ اسلام آباد ۔ کراچی ۔ لاہور ۔ پشاور ۔ کوئٹہ ۔ راولپنڈی ۔ فیصل آباد ۔ سیالکوٹ ۔ ساہیوال ۔ ڈیرہ غازی خان ۔ بدین ۔ ٹنڈوجام اور ڈیرہ اسماعیل خان سے منرل واٹر کمپنیوں کے 77 نمونے حاصل کرکے ان کا لیبارٹری میں پاکستان اسٹینڈرڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے معیار کے مطابق تجزیہ کیا گيا اور مندرجہ ذيل 12 کمپنيوں کا پانی کیمیائی طور پر مضر صحت پایاگیا ہے ۔ اِن اجزاء کی زيادہ سے زيادہ مقدار يہ ہے ۔ آرسينک [Arsenic]10 پی پی بی ۔ سوڈيم [Sodium] 50 پی پی بی اور فلورائيڈ [Fluoride
]0.7 پی پی ايم

نادق واٹر[Nadiq Water] ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 54 پی پی بی آرسينِک
پین پیور[Pan Pure] ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 15 پی پی بی آرسينِک
آقوا ون[Aqua-One] ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 14 پی پی بی آرسينِک
نیشن[Nation] ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 40 پی پی بی آرسينِک
ہمالیہ[Hamaliya] ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 11 پی پی بی آرسينِک
اکوا نیشنل[Aqua National] ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 57 پی پی بی آرسينِک
پِنيو[Pineo] ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 13 پی پی بی آرسينِک

نیشن[Nation] ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 68 پی پی بی سوڈيم
میکس فریش[Max Fresh] ۔ ۔ ۔ 59 پی پی بی سوڈيم
مرجان[Marjan] ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 53 پی پی بی سوڈيم
وینا[Vina] ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 58 پی پی بی سوڈيم
اصل پیو نا[Asal Pio Na]۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 120 پی پی بی سوڈيم

ایکٹو [Active] ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 1.39 پی پی ايم فلورائيڈ

بشکريہ ۔ جنگ