سچ کيا ہے ؟

محترمات قاريات و محترمان قارئين ۔ السلام عليکم و رحمة اللہ و برکاة
ميں نے 28 ستمبر کو حادثہ پيش آنے سے چند روز پہلے ” يومِ يکجہتی جموں کشمير” کے حوالے سے ايک تحرير لکھ کر محفوظ کر لی تھی جو ايک کلک کے انتظار ميں تھی چنانچہ دن کے حوالے سے 24 اکتوبر 2010ء کو شائع کر دی تھی ۔ پھر 25 اکتوبر کو 3 مختصر سی تحارير شائع کرنا پڑيں ۔ اپنی غيرحاضری کا سبب پچھلے 3 دن سے تھوڑا تھوڑا لکھ کر محفوظ کرتا رہا جو آج پيشِ خدمت ہے

جو اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے فرما ديا اور قرآن شريف کی صورت ميں محفوظ ہے اس کے ساتھ جو آخری نبی اور رسول سيّدنا محمد صلی اللہ عليہ و آلہ و سلّم کی حديث ہے
وہ سچ ہے
جو اس کے مطابق نہيں وہ جھوٹ ہے
بے شک اللہ ہی ہے جس نے اس کائنات کو پيدا کيا اور اس کا نظام چلاتا ہے
ميں آج 28 دن کے بعد پھر لکھ رہا ہوں ۔ يہ بھی اللہ کی قدرت کا ايک بہت ہی معمولی سا کرشمہ ہے

ميں بہت احسانمند ہوں اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی کا اور شکر گذار اُن تمام محترمات اور محترمان کا جو ميری غير حاضری سے متفکر ہوئے بالخصوص اُن کا جنہوں نے ميری صحت کيلئے دعا کی ۔ اللہ الرحمٰن الرحيم آپ سب کو سدا صحتمند خوش اور خوشحال رکھے ۔ اللہ کريم آپ کا اور اُن کا بھی بھلا کرے جنہوں نے ميرے بارے ميں سوچا بھی نہيں
ميری حقيقت صرف اتنی سی ہے کہ ميں ايک ادنٰی سا انسان ہوں
جس نے ميرے متعلق سوچا وہ اُس کی خُوبی ہے اور جس نے ميرے لئے دعا کی وہ اُس کی دريا دِلی ہے اور جس نے توجہ نہ دی وہ کسی اہم کام ميں مصروف رہا ہو گا

ميں 28 ستمبر 2010ء کو الرشيد ہسپتال ميں ناک گلا کان کے ڈاکٹر [ENT Specialist] سے معائنہ کے بعد شام 7 بج کر 5 منٹ پر دوہری سڑک جس کی ہر سُو دو دو لينز [lane] ہيں کے کنارے کھڑا ہو کر انتظار کرنے لگا کہ ٹريفک تھمے تو ميں سڑک پار کروں ۔ کوئی 5 منٹ بعد ميرے سامنے والی لين ميں ٹريفک بند ہو گيا ۔ ميں نے ديکھا کہ اس کے بعد والی لين ميں 4 کاريں آ رہی ہيں کہ ہر دو ميں کافی فاصلہ ہے ۔ ميں نے ايک لين عبور کی کہ دوسری لين ايک کار گذرنے کے بعد ميں آسانی سے پار کر لوں گا ۔ ايک لين پار کرنے کے بعد ميں نے ديکھا کہ اگلی کار تيز ہو گئی ہے ۔ ميں دوڑ کر جا سکتا تھا مگر خطرہ مول نہ ليا اور کھڑا ہو گيا ۔ اس کے بعد آنے والی دونوں کاريں بھی تيز ہو گئيں ۔ واپس جانا چاہا تو ميرے پيچھے بھی گاڑيا ں فر فر گذرنے لگيں ۔ ميں سفيد لکير پر کھڑا ہو کر داہنی طرف ديکھنے لگ گيا ۔ چھ سات منٹ بعد ميں نے ديکھا کہ 7 کاروں کے بعد فاصلہ دے کر ايک رکشا آ رہا ہے ۔ ميری گردن داہنے ديکھتے تھک گئی تھی ۔ گاڑياں ميرے سامنے اور پيچھے بھی ڈھائی تين فُٹ کا فاصلہ چھوڑ کر نکل رہی تھيں اسلئے کوئی خطرہ محسوس نہ کيا اور سامنے ديکھنے لگا ۔ اس کے بعد جو کچھ ہوا وہ مجھے کچھ ياد نہيں

ميں نے آنکھ کھولی تو ميں ہسپتال کے انتہائی نگہداشت [I.C.U = Intensive Care Unit] کے کمرہ ميں تھا اور گلو کوز کی ڈرِپ لگی ہوئی تھی ۔ سر اُٹھانے کی کوشش کی تو ميری چارپائی اور کمرہ گھومنے لگے اور ميں پھر غائب ۔ کچھ دير بعد ہوش آيا ۔ ميں نے پوچھا کيا بجا ہے ؟ تو معلوم ہوا کہ پہلی بار ميں نے 20 گھنٹے بيہوش رہنے کے بعد آنکھ کھولی تھی ۔ 50 گھنٹے ہسپتال ميں رہنے کے بعد گھر آ گيا مگر اس ھدائت کے ساتھ کہ آرام سے ليٹے رہنا ہے اور سر کو بالکل نہيں ہلانا ۔ دوسرے مجھے اُٹھائيں اور لٹائيں گے اس طرح کہ سر کو کسی قسم کا ضعف نہ پہنچے ۔ آج 28 دن ہو گئے ہيں مگر سجدہ رکوع کرنے يا سر کو آگے پيچھے جھُکانے يا داہنے بائيں موڑنے کی ابھی اجاز ت نہيں ۔ نماز صرف اشاروں سے پڑھتا ہوں ۔ چکروں کو روکنے ۔ اعصاب کو مضبوط کرنے اور خون بڑھانے کيلئے دوائياں دی گئی ہيں جو کھا رہا ہوں ۔ خون کافی بہہ جانے کی وجہ سے ہيموگلوبن 10 گرام رہ گئی تھی ۔ اللہ کا شکر ہے کہ 6 دن سے کھانے والے کمرے ميں جا کر کھانا کھا رہا ہوں

حادثہ کے فوراً بعد چھوٹا بيٹا “فوزی” دبئی سے پہنچ گيا تھا ۔ وہ اپنی پوری چھٹی گذار کر ايک ہفتہ قبل ہی دبئی پہنچا تھا چنانچہ ايمر جنسی کی چھٹی پر آيا اور 6 دن بعد چلا گيا ۔ پھر بڑا بيٹا “زکريا” اٹلانٹا ۔ جارجيا ۔ امريکا سے آ گيا اور 2 ہفتے رہا ۔ ان سے بڑا سہارا رہا ۔ دن رات ميرا خيال رکھتے رہے چنانچہ ميری بيوی اور بيٹی کو بھی کچھ آرام مل گيا

حادثہ کے 11 دن بعد کوئی عزيز ميری بيمار پُرسی کيلئے آئے تو بيٹا “زکريا” اور بيوی دونوں مجھے چھوڑ کر گئے اور 10 منٹ اُن کے ساتھ مشغول رہے ۔ مجھے واش روم جانا تھا ۔ ميرا موبائل فون سيٹ حادثہ کے وقت گم ہو گيا تھا ۔ دوسرے ٹيليفون سے بيٹے يا بيوی کے موبائل فون پر بات کرنا چاہی تو ان کے نمبر ہی ياد نہ آ سکے ۔ احساس ہوا کہ ميری ياد داشت کھو چکی ہے ۔ اللہ کی نہائت کرم نوازی ہے کہ ميں بتدريج تندرست ہو رہا ہوں ۔ اب آہستہ آہستہ باتيں ياد آ رہی ہيں ليکن حادثہ سے کچھ منٹ پہلے سے لے کر حادثہ کے بعد کا مجھے کچھ ياد نہيں

مجھے بتايا گيا ہے کہ ايک تيز رفتار موٹر سائيکل اچانک کہيں سے نمودار ہوا اور مجھے زمين سے اُچھال ديا ۔ ميں موٹر سائيکل کے اُوپر سے ہوتا ہوا پيچھے چہرے کے بَل سڑک پر گرا ۔ ميری پتلون دائيں طرف کی جيب کے پيچھے سے پھٹ کر موٹر سائيکل کے ساتھ اٹک گئی تھی اور موٹر سائيکل گرنے تک ميرا سر سڑک سے اور ٹانگيں شايد موٹر سائيکل کے ساتھ ٹکراتی رہيں پھر لوگ مجھے اُٹھا کر الرشيد ہسپتال لے گئے ۔ 15 منٹ کے اندر ريسکيو 1122 کی ايمبولنس آ گئی اور مجھے لاہور جنرل ہسپتال لے گئی جہاں ميری بہت اچھی ديکھ بھال کی گئی ۔ سی ٹی سکين کے مطابق
1 . Basal Skull Fracture
2. Incident Cyst at posterior Fossa
3. Calcification along superior Sajital Sinus

ميرے جسم پر 24 زخم اور 10 چوٹيں آئی تھيں جن ميں سے سر کی چوٹ سب سے شديد اور خطرناک کہی گئی جس کا نتيجہ مندرجہ ذيل ہو سکتا تھا
1 ۔ موت يا
2 ۔ مستقل بيہوشی [Coma] يا
3 ۔ بينائی ضائع يا
4 ۔ دماغی توازن بگڑنا [پاگل پن] یا
5. یاد داشت ختم ہو جائے گی

ميرے ماتھے پر تين گہرے اور لمبے زخم تھے جن پر کافی ٹانکے لگے
ناک پر شديد ضرب کی وجہ سے زيادہ خون نکلا جو پيٹ ميں جاتا رہا ۔ ميں نے بعد ميں خون کی 4 قے کيں
اُوپر والا جبڑا پيچھے چلا گيا تھا جس کی وجہ سے منہ نہيں کھُلتا تھا ۔ اب اللہ کے فضل سے ٹھيک ہے مگر سامنے کے دانتوں ميں ابھی بھی درد ہے ۔ زخم سارے تقريباً ٹھيک ہو گئے ہيں ۔ جہاں جہاں چوٹوں کی وجہ سے گلٹياں پڑی ہيں وہ موجود ہيں اور ہاتھ لگانے سے درد ہوتا ہے
۔ ناک ابھی تک سُن [Numb] ہے اور خوشبُو يا بدبُو کی حِس معطل ہے ۔ کان بند ہو گئے تھے ۔ کچھ دنوں سے تھوڑا سنائی دينے لگ گيا مگر عام آواز سنائی نہيں ديتی اور زيادہ اونچا کوئی بولے تو آواز پھٹ جاتی ہے اور کچھ سمجھ ميں نہيں آتا ۔ ايک خاص سطح پر بات سمجھ آتی ہے ۔ ڈاکٹر کہتے ہيں سر کو شديد چوٹ لگنے کی وجہ سے ايسا ہوا ۔ درست ہونے ميں مزيد چار پانچ ماہ لگيں گے

آئی سی يو کے انچارج ڈاکٹر ۔ سرجری کے پروفيسر ۔ ہسپتال ميں پروفيسر نيورولوجِسٹ [Neurologist] اور جس پروفيسر نيورولوجِسٹ کا ميں اب علاج کروا رہا ہوں [لاہور کا بہترين نيورولوجِسٹ] سب نے بار بار کہا “سر کی چوٹ بہت خطر ناک ہے مگر بچت ہو گئی ہے

مہربان قاريات اور قارئين سے دعا کی درخواست ہے کہ جب تلک زندگی ہے اللہ مجھے بقائمیءِ ہوش و حواس چلتا پھرتا رکھے

۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ حادثہ سے پہلے ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ حادثہ کے 20 دن بعد

This entry was posted in آپ بيتی, خبر, گذارش on by .

About افتخار اجمل بھوپال

رہائش ۔ اسلام آباد ۔ پاکستان ۔ ۔ ۔ ریاست جموں کشمیر کے شہر جموں میں پیدا ہوا ۔ پاکستان بننے کے بعد ہجرت پر مجبور کئے گئے تو پاکستان آئے ۔انجنئرنگ کالج لاہور سے بی ایس سی انجنئرنگ پاس کی اور روزی کمانے میں لگ گیا۔ ملازمت کے دوران اللہ نے قومی اہمیت کے کئی منصوبے میرے ہاتھوں تکمیل کو پہنچائے اور کئی ملکوں کی سیر کرائی جہاں کے باشندوں کی عادات کے مطالعہ کا موقع ملا۔ روابط میں "میں جموں کشمیر میں" پر کلِک کر کے پڑھئے میرے اور ریاست جموں کشمیر کے متعلق حقائق جو پہلے آپ کے علم میں شائد ہی آئے ہوں گے ۔ ۔ ۔ دلچسپیاں ۔ مطالعہ ۔ مضمون نویسی ۔ خدمتِ انسانیت ۔ ویب گردی ۔ ۔ ۔ پسندیدہ کُتب ۔ بانگ درا ۔ ضرب کلِیم ۔ بال جبریل ۔ گلستان سعدی ۔ تاریخی کُتب ۔ دینی کتب ۔ سائنسی ریسرچ کی تحریریں ۔ مُہمْات کا حال

44 thoughts on “سچ کيا ہے ؟

  1. یاسر خوامخواہ جاپانی

    حادثے کا سن کر بہت افسوس ہوا۔
    اللہ کا شکر ھے۔کہ اب آپ کی حالت اچھی ھے۔
    اپنی مصروفیات کم کرکے زیادہ سے زیادہ آرام کریں۔
    اللہ تبارک تعالی سے دعا ھے۔کہ آپ کو جلد از جلد صحت یاب کرے۔آمین

  2. شھزاد

    سلام
    اللہ اس مشکل کے بدلے اپ کے سارے گناہ معاف فرما دے۔ امین

  3. احمد عثمانی

    جناب کافی تشویش تھی کہ آپ عادت سے ہٹ کر اتنا عرصہ کہاں ہیں اور اب حال جان کر بہت دکھ بھی ہوا اور اطمینان بھی کہ اللہ کے فضل سے آپ کی جان بچ گئی اور اب صحت بھی واپس آرہی ہے
    اللہ پاک سے دعا ہے کہ اس تکلیف کے بدلے آپکی خطائیں معاف فرمائیں اور آئندہ کسی آزمائش سے محفوظ رکھیں آمین

    کبھی پاکستان آؤ تو جتنا ڈر ٹریفک دیکھ کر لگتا ہے انتا تو کسی ایم کیو ایم کے کارندے کو دیکھ کر نہین لگتا

  4. جاویداقبال

    السلام علیکم ورحمۃ وبرکاتہ،
    اللہ تعالی کالاکھ لاکھ شکرہےکہ اب آپ کی صحت بہت بہترہےاللہ تعالی آپ کوصحت کاملہ عطاء فرمائیں ۔ آمین ثم آمین
    باقی مجھےآپ کےمتعلق اردوویب سےپتہ چلاتھالیکن مجھےنہیں علم تھاکہ آپ کی طبیعت اتنی نازک ہےیہ اللہ تعالی کالاکھ لاکھ شکرہےکہ اللہ تعالی نےآپ پراپنی کرم نوازی کی ہے۔ اللہ تعالی آپ کوجلدازجلدصحت یاب کرے۔ آمین ثم آمین
    میں انشاء اللہ مدینہ منورہ حرم میں جاکرآپ کےلئےخصوصی طورپردعامانگوں گا۔ انشاء اللہ آپ ضرورباضرورپہلی والی پوزیشن میں آجائیں گے۔ انشاء اللہ

    والسلام
    جاویداقبال

  5. سعد

    سن کر دکھ ہوا مگر خوشی بھی کہ جان بچ گئی۔ اب آپ شرافت سے ڈاکٹر کی ہدایات پر عمل کریں اور آئندہ کیلیے احتیاط برتیں۔
    اللہ آپ کو صحت کاملہ عطا فرمائے اور حفظ و امان میں رکھے۔ آمین

  6. افتخار اجمل بھوپال Post author

    بوچھی صاحبہ و یاسر ۔ الف نظامی ۔ شھزاد ۔ احمد عثمانی ۔ جاویداقبال اور ج ج س صاحبان
    السلام عليکم و رحمة اللہ و برکاة
    جزاک اللہ خيراً ۔ اللہ آپ سب کا بھلا کرے اور تندرست ۔ خوش اور خوشحال رکھے

  7. md

    محترم السلام علیکم – خالق کائنات سے دُعا گو ہوں کہ ایسے اسباب بن جائیں کہ آپ جلد صحت یاب ہوجائیں – میرے تبصرہ سے دل آزاری پر آپ سے معزرت خواں ہوں ” لیکن میں اپنے موقف پر معزرت خواں نہیں ہوں ” جب آپ مکمل صحت یاب ہوجائیں توپھر ہمیں بتائیں کہ نیم بے ہوشی کی حالت میں انسان کو کیسے خیالات سے واسطہ پڑتا ہے۔ بہت شکریہ

  8. نعمان

    اللہ آپ کو جلد مکمل صحتیابی عطا فرمائے۔ آمین۔

    حادثے کی تفصیلات پڑھ کر بہت افسوس ہوا۔ خدا کا شکر ہے کہ آپ کو بروقت طبی امداد میسر آگئی۔ مکمل آرام اور نگہداشت سے انشاءاللہ جلد اچھے ہوجائینگے۔

  9. فرحان دانش

    پیارے انکل جی مجھے حادثے کا پڑھ کر بہت افسوس ہوا۔ اللہ کا شکر ھے۔کہ آپ کی حالت بہتر ہو رہی ھے۔ اللہ تعالی آپ کو جلد از جلد صحت یاب کرے اور اپنے حفظ و امان میں رکھے۔ اللہ اُس موٹرسائیکلسٹ کوہدایت اورعقل سليم دے تاکہ وہ موٹرسائیکل نارمل اسپڈ میں چلائے۔

  10. م بلال

    حادثہ کا سن کر بہت دکھ ہوا اور خوشی اس بات کی ہے کہ آپ پہلے سے کافی بہتر ہیں اور اللہ کے فضل سے مزید بہتر ہو رہے ہیں۔ مجھے اردو محفل پر حادثہ کے بارے میں پتہ چلا تھا لیکن یہ اندازہ نہیں تھا کہ حادثہ اتنا شدید ہوا ہے۔
    اللہ تعالیٰ آپ کو جلد مکمل صحت، لمبی عمر اور بے شمار خوشیاں دے۔۔۔آمین

  11. عبداللہ

    اللہ اپنی رحمت کاملہ سے تمام ذہنی جسمانی اور روحانی امراض سے شفائے کاملہ و عاجلہ عطافرمائیں آمین
    مہر آپی نے کہا ہے کہ
    آرنیکا 1000
    5سے دس قطرے ہر 4 گھنٹے بعد 3 خوراک لے لیں دماغی چوٹ سے پیدا ہونے والی تمام کوملیکیشنز کی بہترین دوا ہے،
    مزید ضرورت سمجھیں تو ہر پانچویں دن ،
    رات سوتے وقت لیتے رہیں مکمل صحت یا ب ہونے تک

  12. افتخار اجمل بھوپال Post author

    ايم ڈی ۔ نعمان ۔ فرحان دانش ۔ شيپر ۔ محمد بلال اور عبداللہ صاحبان
    جزاکم اللہ خيراً ۔

    عبداللہ صاحب
    علاج تجويز کرنے کا بھی شکريہ ۔ “مہر آپی” کيا آپ کی ہمشيرہ ہيں ؟ “مہر” ميری پھوپھی صاحبہ کا بھی نام تھا ۔ مگر اس ميں کشش کی وجہ ايک “مہر افشاں” صاحبہ بھی ہيں جو 3 سے 5 سال قبل مجھے بہت دعائيں ديا کرتی تھيں ۔ پھر نجانے کس کی نظر لگ گئی اور وہ مجھ سے سخت ناراض ہو گئيں اور ميں منانے ميں ناکام رہا ۔

  13. عنیقہ ناز

    آج آپکی پوسٹ پڑھی حالات سے آگاہی ہوئ۔ ضعیفی میں معمولی چوٹ کے بھی سنگین نتائج ہوتے ہیں۔ اور یہ حادثہ تو خاصہ بڑا لگ رہا ہے۔ ضعیفی کا ایک اور نقصان یہ ہے کہ صحت حاصل کرنے میں تھوڑا زیادہ وقت لگ جاتا ہے۔ خیر، آہستہ آہستہ سب ٹھیک ہو جائے گا۔ اللہ سب کو آسانی دے۔

  14. حجاب

    اللہ تعالیٰ آپ کو ہمیشہ اپنی حفظ و امان میں رکھے اور آپ جلد مکمل شِفا پائیں آمین

  15. لطف الا سلام

    عبداللہ صاحب کا نسخہ درست ہے۔ آرنیکا 1000 کے ہمراہ نیٹرم سلف 1000 لینے سے سر کی چوٹ سے وابستہ تکالیف میں افاقہ ہو جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ آپکو پیچیدگیوں سے محفوظ رکھے اور مکمل صحت عطا فرمائے۔ آمین

  16. افتخار اجمل بھوپال Post author

    حجاب صاحبہ ۔ السلام عليکم و رحمة اللہ
    جزاک اللہ خيراً
    ميں آپ کی دعاؤں سے تو صحتياب ہو رہا ہوں ۔ آپ سب سے پہلے ميرے لئے دعا کرنے والوں ميں سے ہيں جب ابھی کسی کو ميرے حاثہ کا کوئی خاص علم نہ تھا اور لگتا ہے کہ آپ روزانہ ميرے لئے دعا کرتی ہيں ۔ ميری دعا ہے کہ اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی آپ کو سدا صحتمند خوش اور خوشحال رکھے

  17. افتخار اجمل بھوپال Post author

    عبداللہ صاحب
    آپ بڑے خوش نصيب ہيں کہ ايسی بڑی بہن پائی ہے ۔ ميری ان سے سفارش کر ديں نا کہ مجھے معاف کر ديں ۔ ميری تو چھوٹی بہن ہيں مگر مجھے اُن کی دعاؤں کی ضرورت ہے ۔

  18. فرحت کیانی

    اتنے شدید حادثے کا تو میں نے تصور بھی نہیں کیا تھا کہ کل شام یہی پڑھا کہ افتخار انکل کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ شدید چوٹوں کے باوجود آپ ممکنہ خطرات سے محفوظ رہے۔ انشاءاللہ جلد ہی مکمل شفایاب ہو جائیں گے۔ اپنے بزرگوں خصوصاً آپ جیسے بڑے جو ہمیشہ ایکٹو رہتے ہوں، کو بستر پر لیٹے دیکھنا بچوں کے لئے بہت تکلیف دہ ہوتا ہے۔ اس لئے جلدی سے ٹھیک ہو جائیں انکل۔ ہم سب آپ کے لئے دعاگو ہیں۔
    اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی امان میں رکھے۔

  19. افتخار اجمل بھوپال Post author

    فرحت کيانی صاحبہ
    اسی بات پر سب ڈاکٹر تعجب کر رہے تھے کہ ميں بچ کيسے گيا ؟ مگر بات وہی ہے جو آپ نے لکھی ہے “اللہ کی امان” جسے ہو اور آپ جيسی بے لوث بچياں جس کيلئے ہردم دعا کرتی ہوں اُس کا دنياوی حادثات کچھ نہيں بگاڑ سکتے ۔ سدا خوش اور خوشحال رہو بيٹی ۔ اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی آپ کو ہر دُکھ و تکليف سے بچائے

  20. عبداللہ

    وہ کسی سے ناراض نہیں ہوتی ہیں اور آپ سبکو اپنی دعاؤں میں یاد رکھتی ہیں،
    جب ہی تو آپکا معلوم ہوتے ہی فورا” دوا تجویز کی!
    :)

  21. افتخار اجمل بھوپال Post author

    عبداللہ صاحب
    آپ نہيں جانتے کہ ميرا اور سيّدہ مہر افشاں صاحبہ کا کيا تعلق رہا ۔ يہ درست ہے کہ اُن کا دل صاف ہے مگر وہ مجھ سے ناراض نہ ہوں اور مجھے ان کی طرف سے دعاؤں بھری ای ميل نہ آئے ۔ يہ کيسے ہو سکتا ہے ؟ عبداللہ صاحب آپ بچے ہيں ميں بچہ نہيں ہوں

  22. Ayesha

    اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے آپ خیریت سے ہیں، مصروفیت ترک کر کے آرام پر زیادہ زور دیں پلیز۔۔

  23. امن ایمان

    اففففف افتخار چاء شکر ہے میں تب نیٹ سے دور ہی تھی۔۔۔۔چاء بھلے ہم سب کا ٹیکنالوجی رشتہ ہے۔۔انٹرنیٹ ہی ہمیں ملاتا ہے لیکن پھر بھی پتہ نہیں کب کیوں اور کیسے دل کا رشتہ بھی جڑنے لگتا ہے۔۔۔۔اللہ تعالیٰ آپ کو ہمیشہ اپنے حفظ وامان میں رکھیں۔۔۔۔اور صحت مند زندگی عطا فرمائیں آمین

    حادثہ کی مکمل روداد پڑھ کے میرے تو دل کو کچھ ہوا ہے اللہ کا شکر ہے اللہ تعالیٰ نے آپ کو مکمل طور پر صیحت یاب کیا۔ ہمیشہ خوش رہیں،،،،ہم سب کو ڈانٹتے۔۔۔خوشیاں بانٹتے،،،آمین

  24. امن ایمان

    :-D

    چاء آپ کو نہیں پتہ نااااا۔۔۔۔میرا اصل نام مجھے اتنا اتنییییییییییی بار مشکوک بنواچکا ہے کہ بس۔۔۔۔اسی لیے تو امن ایمان ایک نہیں دو دو لڑکیوں والے نام کا نِک رکھا ہے۔ :oops:

  25. افتخار اجمل بھوپال Post author

    امن ايمان صاحبہ
    اگر اصلی نام مجھے تعارف سے پہلے پتہ چلتا تو بعد ميں آپ جو چاہتی کہتيں ميں نے ماننا نہيں تھا کہ آپ لڑکی ہيں ۔
    اور ہاں ياد آيا۔ ہمارے ملک ميں جب لڑکی کی شادی ہو جاتی ہے تو وہ صاحبہ نہيں رہتی ۔ بيگم صاحب بن جاتی ہے
    :lol:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

:wink: :twisted: :roll: :oops: :mrgreen: :lol: :idea: :evil: :cry: :arrow: :?: :-| :-x :-o :-P :-D :-? :) :( :!: 8-O 8)