مصنف : افتخار اجمل بھوپال :: بتاریخ 31 Mar 2010
خاميوں سے پاک صرف اللہ کی ذات ہے ۔ اس کے بعد اللہ کے برگزيدہ بندے يعنی انبیاء عليہم السلام ہيں ۔ باقی ہر انسان ميں خامياں موجود ہوتی ہيں ۔ اگر غور کيا جائے تو اکثر انسانوں ميں خوبياں اُس کی خاميوں سے زيادہ بلکہ بہت زيادہ ہوتی ہيں
نجانے کيوں انسان کی عادت ہے کہ دوسرے انسانوں کی خاميوں پر نظر رکھتا ہے اور اس کے نتيجہ ميں پریشان ہوتا ہے ۔ فرض کريں کہ انسان کی کُل خواص 100 ہيں ۔ اب اگر ایک آدمی ميں 15 خامياں ہيں تو ان 15 کی وجہ سے پريشان ہونے کی بجائے اُس آدمی کی 85 خُوبيوں پر توجہ مرکوز کی جائے تو اس کا نتيجہ ايک خوشگوار احساس ہو گا جس کا صحت پر اچھا اثر پڑے گا اور ساتھ ہی اچھے تعلقات بھی استوار ہوں گے
خوشی اور صحت دوسروں کی خاميوں کی بجائے اُن کی خوبيوں پر نظر رکھنے سے حاصل ہوتی ہے
میرا دوسرا بلاگ ” حقیقت اکثر تلخ ہوتی ہے ۔ Reality is often Bitter
” پچھلے ساڑھے پانچ سال سے معاشرے کے کچھ بھیانک پہلوؤں پر تحاریر سے بھر پور چلا آ رہا ہے ۔ اور قاری سے صرف ایک کلِک کے فاصلہ پر ہے
زمرہ : روز و شب, معاشرہ, پيغام | 7 تبصرے »
مصنف : افتخار اجمل بھوپال :: بتاریخ 30 Mar 2010
پچھلے سال 2 اپريل کو برطانيہ کا گارجين اخبار اچانک ايک وڈيو سامنے لايا کہ طالبان نے ايک 17 سالہ لڑکی کو برسرِ عام کوڑے مارے اور اس کی چيخيں نکلتی رہيں ۔ اس وڈيو کو پاکستان کے ٹی وی چينلز نے بار بار دکھايا ۔ جيو نيوز پر يہ وِڈيو ہر پانچ منٹ کےوقفہ سے سارا دن دکھائی جاتی رہی ۔ لاتعداد مذاکرے اس سلسلہ ميں منعقد کئے گئے اور طالبان کو خُوب خُوب کوسا گيا ۔ حقوقِ نسواں کی ايک نام نہاد علمبردار ثمر من اللہ نے اس کی چیخ چيخ کر اشتہار بازی کی ۔ اسلام کے نام ليواؤں کی وحشتناکيوں کے خلاف مظاہرے ہوئے اور جلوس نکالے گئے ۔ اس سب غوغا کے نتيجہ ميں عدالتِ عظمٰی نے اس کا ازخود نوٹس لے کر تحقيقات کا حُکم دے ديا
ميں نے اس پر لکھا تو مجھ پر طنز کئے گئے ۔ آخر وہی نکلا جو ميں نے لکھا تھا ” کسی نے کہا کُتا کان لے گيا اور کُتے کے پيچھے بھاگ پڑے يہ ديکھا ہی کہ کان تو دونوں اپنی جگہ پر موجود ہيں”
تحقيقات ہوئيں مگر منظرِ عام پر آنے ميں 10 ماہ لگ گئے ۔ وڈيو کی مدد سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے وہ دو بچے ڈھونڈ نکالے جو موقع پر موجود تھے اور ان کی مدد سے جس شخص نے وڈيو بنائی تھی اور جس عورت کو کوڑے مارے گئے تھے انہيں بھی گرفتار کر ليا ۔ جس شخص نے يہ وڈيو بنائی تھی اُسے ايک اين جی او نے پانچ لاکھ روپے اس ڈرامہ کيلئے ديئے تھے ۔ عورت کو ايک لاکھ اور دونوں بچوں کو پچاس پچاس ہزار روپے ديئے گئے تھے
مکمل خبر يہاں کلک کر کے پڑھيئے
زمرہ : روز و شب, معاشرہ, معلومات | 18 تبصرے »
مصنف : افتخار اجمل بھوپال :: بتاریخ 29 Mar 2010
عصرِ حاضر میں جدید تعلیم کا بہت غُوغا ہے لیکن جدیدیت کے نام پر نظامِ تعلیم کا اُس سے بھی بُرا حال کر دیا گیا ہے جو انگریز حُکمرانوں نے اُنیسویں صدی میں ہندوستان کو مکمل قابو میں کرنے کیلئے بنایا تھا ۔ ذیل میں اس سلسلہ میں پاکستان بننے سے بہت پہلے لکھی گئی ایک کتاب کے دو اوراق ملاحظہ کیجئے ۔ یہاں میں واضح کر دوں کہ اکبر الٰہ آبادی 16 نومبر 1846ء کو پیدا ہوئے اور 1921ء میں وفات پائی


بشکریہ ۔ باذوق صاحب
زمرہ : روز و شب | 2 تبصرے »
مصنف : افتخار اجمل بھوپال :: بتاریخ 28 Mar 2010
ابھی سے ہے يہ حال تو آگے جانے کيا ہوئے
دوتين ہفتوں سے ميرا يہ بلاگ ميری قوم کی طرح اپنی مرضی کا مالک بنا ہوا تھا ۔ کبھی کھُلتا کبھی نہ کھُلتا ۔ وجہ سمجھ نہيں آ رہی تھی ۔ پانچ چھ روز قبل سرور کے مالک سے رابطہ کيا ۔ اُس نے بتايا کہ يہ مسئلہ ڈی اين ايس رُوٹِنگ [DNS Routing ] کا ہے ۔ امريکا ميں سارے سرور اَپ گريڈ کر ديئے گئے ہيں اور تمام آئی ايس پيز نے ڈومين کے سلسلہ ميں کچھ اپ گريڈ کرنا تھا ۔ جنہوں نے نہيں کيا اُنہيں استعمال کرنے والوں کو يہ مسئلہ درپيش ہے ۔ بہرحال اُس کے بعد دو دن ميرا بلاگ کھُلتا رہا پھر وہی ہَٹ ۔ ميں نے بہت سے دوستوں کو ای ميل ميں مدد کی درخواست کی تھی جس سے يہ بات سامنے آئی ہے کہ جن کا آئی ايس پی ہے پی ٹی سی ايل يا وہ جو پی ٹی سی ايل سے روٹ ہوتی ہے مثال کے طور پر ورڈ کال۔ آج صبح 7 بجے نہيں کھُلا تو رابطہ کيا تو اُسی وقت چالو ہو گيا ۔ مگر ۔ ۔ ۔ بجلی کا آوا گوَن شروع ہو گيا
جمعہ اور ہفتہ کی درميانی رات سے لاہور پر عتاب نازل ہو چکا ہے ۔ پيپکو ہی بجلی بند کرنے کيلئے کم نہ تھی کہ مرکزی حکومت کا ايک ہتھيار نيشنل پاور کنٹرول سينٹر نے لاہور شہر کے 18 اور لاہور کے مضافات کے 9 گرڈ سٹيشنوں کو بجلی کی سپلائی باوجود پيپکو کے منع کرنے کے بند کر دی ہوئی ہے جس کے نتيجہ ميں لاہور شہر ميں 24 گھنٹوں میں سے 18 گھنٹے بجلی بند رہتی ہے وجہ بجلی کی کمی بتائی گئی ہے جبکہ اسلام آباد ميں 24 گھنٹوں ميں صرف 5 گھنٹے بجلی بند رہتی ہے ۔ حالت يہ ہے کہ ايک گھنٹہ بجلی ہوتی ہے جس کے بعد ايک يا 2 يا 3 يا 4 گھنٹے بجلی نہيں ہوتی
شايد اسی سے عوام کی نظر ہٹانے کيلئے پچھلے ہفتے کو مشہور ڈرامہ بازوں نے ايک منظر پيش کيا کہ اٹھارہويں آئينی ترميم پيش کی جا رہی ہے اور صدر صاحب جائنٹ سيشن سے خطاب کريں گے ۔ اس پر نواز شريف نے پريس کانفرنس کر ڈالی اور تمام توپوں کا رُخ نواز شريف کی طرف ہو گيا ۔ بادل چھٹے ہيں تو معلوم ہوا کہ اٹھارويں ترميم تو ابھی تيار ہی نہيں ہوئی کيونکہ مختلف سياسی جماعتوں کی طرف سے اُٹھائے گئے نقاط کا ابھی فيصلہ ہونا باقی ہے ۔ اٹھارويں ترميم اسمبلی ميں پيش کرنے اور صدر کے خطاب کی سمری وزيراعظم نے صدر کو بھيجنا ہوتی ہے اور وزيراعظم نے ايسی کوئی سمری نہيں بھيجی تھی
ہم عوام صرف اتنا ہی صدر صاحب اور اُن باقی اداکاروں سے کہہ سکتے ہيں ” اس دل سے کھيلتے ہو بار بار کس لئے “
زمرہ : خبر, روز و شب, مجبوری, پيغام | 3 تبصرے »
مصنف : افتخار اجمل بھوپال :: بتاریخ 27 Mar 2010
ميری تحرير کزن ميرج پر متعلقہ مضمون ميں اعلٰی تعليم يافتہ اور 50 سالہ تجربہ رکھنے والے ڈاکٹر وھاج الدين احمد صاحب نے تبصرہ کيا ہے جو ميں نقل کر رہا ہوں ۔ اس کے بعد کسی کے دِل ميں کوئی خدشہ کزن ميرج کے متعلق نہيں رہنا چاہيئے ۔ 9 ستمبر 2004 ء سے 18 اگست 2006 تک ميں پاکستانی معمر ترين بلاگر تھا ۔ 19 اگست 2006ء کو ڈاکٹر وھاج الدين احمد صاحب معمر ترين پاکستانی بلاگر بن گئے ۔ ڈاکٹر وھاج الدين احمد صاحب نے اپنا اُردو بلاگ 14 ستمبر 2009ء سے شروع کيا
ڈاکٹر وھاج الدين احمد صاحب کا تبصرہ
مختصرا” عرض ہے
اب جب کہ انسان کا سارا جینوم [Genome۔ والَد يا والدَہ سے ايک کَروموسوم کا مُکَمَّل سيٹ جو اولاد ميں گيا ہو] نکالا جا چکا ہے اوپر لکھے ہوئے تمام تبصرے میرے خیال میں نامکمل ہیں
اجمل بھائی ۔ آپ کا مضمون بھی نا مکمل کیونکہ ان میں بنیادی کمی ہے آپ نے اپنے تجربات لکھے ہیں پنسلین والا وغیرہ جو سب اس لئے ہوئے کہ ڈاکٹرکی معلومات پوری نہیں تھیں ان کا تعلق زیر بحث ٹاپک سے نہیں ہے آپ کی انیکڈوٹس [واقعہ ۔ قصہ ۔ روائت] ہیں جو صرف مثال کے طور پر پیش کی جا سکتی ہیں مگر اصول بنانے میں کام نہیں آ سکتیں
یہ کہنا کہ کزن میرج کی وجہ سے بچوں میں کند ذہنی یا اور قسم کی تکلیف ہو جاتی ہے- غلط ہے بالکل اسی طرح یہ کہنا بھی غلط ہوگا کہ خاندان سے باہر شادی کرنے سے بچے غیر صحتمند یا ناقص العقل ہونگے
اب آٰئیں مضمون کی طرف ۔ تو صرف یہ کہا جائےگا کہ خاندان میں شادی کرنے سے جو نقائص خاندان میں موجود ہیں ان کےظہور پذیر ہونے کے چانس [مواقع ] زیادہ ہیں اور جو اچھی چیزیں ہیں ان کے ظاہر ہونے کے بھی چانس زیادہ ہیں میرے اپنے خاندان میں آپ کے خاندان جیسی مثالیں ہیں میری چھ بہنوں میں سے دو ناقص ا لعقل تھیں میرے والدین فرسٹ کزن تھے
اس کے باوجود میں اور میرے بڑے بھائی کزن میرج کے خلاف نہیں ھوئے کیونکہ ہماری سوچ تھی کہ اللہ پہ بھی چانس لینا چاہیئے میری اور میرے بڑے بھائی کی بحث رہی تھی کیونکہ ہم دونوں کے ای [کنگ ايڈورڈ ميڈيکل کالج] کے گريجوئیٹ ہیں اور ہم نے متفقہ فیصلہ کیا تھا ۔ میرے بڑے بھائی کے بيٹے اور بڑی بہن کی بيٹی کی شادی ہوئی اور ماشاء اللہ ان کے نو بچوں میں سے ایک بھی ناقص العقل نہیں ۔ میرے ذہن میں کوئی اچھا سائنٹفک مضمون نہیں ہے جس کا حوالہ دے سکوں
تو یہ کہنا کہ چانسز زیادہ ہیں کسی حد تک درست ہوگا لیکن یہ کہنا غلط ہے کہ کزن میرج کی وجہ سے بیماری پیدا ہوتی ہے۔ میں اس معاملے میں بہت کچھ پڑھ چکا ہوں اور ابھی تک پڑھ رہا ہوں خصوصا” “آلھائمر [Alzheimer's ] ” بیماری کا سنا ہوگا آپ نے ۔ اس پر پچھلے 15 – 20 سالوں میں بہت ریسرچ ہوئی تھی۔ امریکہ میں بیسویں صدی کی آخری دہائی کو “ڈیکیڈ آف دی برین [Decade of the brain] قرار دیا گیا تھا اور۔۔۔۔ دراصل میرا فیلڈ ہے معاف کیجئےضرورت سے زیادہ لکھ گیا
زمرہ : معلومات | 14 تبصرے »