Daily Archives: May 19, 2009

ایسا کیوں ؟

میں نے آج صبح متاءثرین کے متعلق ویب سائٹ کا ذکر کیا تھا جو صوبہ سرحد کی حکومت نے بنائی ہے ۔ اس کے بعد میں کھانے کی اشیاء کی ہفتہ وار خریداری کیلئے چلا گیا ۔ اب میں نے اس ویب سائٹ کا تفصیلی جائزہ لیا ہے تو بہت افسوس ہوا ہے کہ اے این پی والوں نے ایسے وقت میں بھی ذاتی کدورت سے خلاصی نہیں پائی ۔ الخدمت ویلفیئر سوسائٹی جو کہ اول روز سے متاءثرین کی خدمت کر رہی ہے اس کا نام اس ویب سائٹ پر کہیں نہیں ہے جبکہ ایم کیو ایم جس نے صرف ایک کیمپ میں تعلیم کے بندوبست کیلئے اپنا ایک آدھ آدمی یو این ایچ سی آر کے ساتھ لگا ہے اس کی خدمت فاؤنڈیشن کا نام موجود ہے ۔ صرف اس لئے کہ الخدمت ویلفیئر سوسائیٹی جماعتِ اسلامی کا ذیلی ادارہ ہے

احساسِ ذمہ داری

دورِ حاضر میں بڑی بڑی باتیں بڑے بڑے دعوے کئے جاتے ہیں مگر زمینی حقائق چُغلی کھا جاتے ہیں کہ یہ سب لاف بازی ہے ۔ ایک دور تھا جب حُکمران تقریروں کی بجائے اپنے عمل سے لوگوں کے دِلوں پر حُکمرانی کرتے تھے ۔ میں نے 17 مئی 2009ء کو جس کتاب کا ذکر کیا تھا ۔ اُس میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے کردار اور رسول اللہ سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلّم سے اُن کی عقیدت کے واقعات درج تھے ۔ اُن میں سے ایک واقع جو بہت کم منظرِ عام پر آیا ہو گا

نظام الملک طوسی جو سلجوقی سلطان جلال الدین ملک شاہ کے وزیراعظم تھے نہایت دیندار ۔ ذہین اور حکومتی انتظامات کے ماہر تھے ۔ انہوں نے حکومتی انتظامات پر ایک نہایت بیش قیمت کتاب ”سیاست نامہ“ کے نام سے ترتیب دی تھی اس میں اچھی حکومت کرنے کے اعلیٰ طریقے اور حکمران کو وہ تمام اعمال کرنے کی ہدایت جو اس کو عوام میں ہر دل عزیز کر دیں بیان کئے گئے ہیں ۔ اپنے اس سیاست نامہ میں نظام الملک طوسی نے کئی دلچسپ واقعات بیان کئے ہیں جو ایک طرح سے ہدایت ہیں ۔ لکھتے ہیں

کہاوت ہے کہ عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ نے اپنے والد عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے بوقتِ وفات دریافت کیا کہ اب ان کی ملاقات ان سے کب اور کہاں ہو گی ۔ عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ اگلی دنیا میں تو عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ نے عرض کیا کہ وہ ان سے جلد ملاقات چاہتے ہیں ۔ عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ وہ ان کو خواب میں اسی رات یا دوسری رات کو یا تیسری رات کو ملنے آئیں گے لیکن بارہ سال تک عمر رضی اللہ عنہ بیٹے کے خواب میں نہیں آئے اور جب بارہ سال بعد آپ خواب میں تشریف لائے تو بیٹے نے شکایت کی کہ آپ نے تو فرمایا تھا کہ تین راتوں کے اندر اندر تشریف لائیں گے لیکن یہ تو بارہ سال سے زیادہ عرصہ ہو گیا ہے

عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ وہ بے حد مصروف تھے کیونکہ بغداد کے قرب میں ایک پل خستہ ہو گیا جو اُن کے زمانہ میں تعمیر ہوا تھا اور ذمہ دار لوگوں نے اس کی مرمت نہیں کی تھی ۔ ایک بکری کی اگلی ٹانگ ایک سوراخ میں پھنس کر ٹوٹ گئی تھی اور میں اس تمام عرصہ میں اس کی جواب دہی کرتا رہا ہوں

اس واقعے کا اخلاقی پہلو سب پر عیاں ہو جانا چاہیئے خواہ کارندے ہوں یا حُکمران یا عوام ۔ حقیقت یہ ہے کہ اس مملکت خداداد پاکستان میں ہر شخص اپنی مرضی کا مالک ہے نہ کسی کا احتساب ہوتا ہے اور نہ ہی کسی کو سزا دی جاتی ہے ۔ سب بھُولے بیٹھے ہیں کہ روزِ محشر جو حساب ہو گا اور بہت سخت ہو سکتا ہے

متاءثرین کے متعلق معلومات

سوات ۔ مالاکنڈ ۔ بونیر اور دیر میں فوجی کاروائی کے نتیجہ میں 22 لاکھ کے قریب متاءثرین نقل مکانی کر چکے ہیں جن میں سے صرف 2 لاکھ 31 ہزار کیمپوں میں ہیں ۔
ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ صرف باتیں کرنے اور نعرے لگانے کی بجائے آگے بڑھے اور خاموشی سے متاءثرین کی بھرپور امداد اور اعانت کرے ۔ اللہ کی کرم نوازی ہے اُن علاقوں کے رہائشیوں پر کہ انہوں نے لاکھوں کو پناہ دی ہے اور اپنے محدود وسائل سے ہمہ تن متاءثرین کی خدمت کر رہے ہیں ۔ لیکن یہ محدود ذرائع روزگار رکھنے والے لوگ اتنا زیادہ بوجھ کب تک اٹھائیں گے ؟

انسان ہونے اور انسانی ہمدردی کے دعوے سچ ثابت کیجئے عملی اقدام سے

صوبہ سرحد کی حکومت نے متاءثرین کیلئے معلومات مہیاء کرنے کے لئے ایک ویب سائٹ بنائی ہے جس کا ربط ہے

http://www.helpidp.org/