مصنف : افتخار اجمل بھوپال :: بتاریخ 23 Mar 2009
بروز ہفتہ 12 صفر 1359ھ اور گریگورین جنتری کے مطابق 23 مارچ 1940ء لاہور میں بادشاہی مسجد اور شاہی قلعہ کی شمال کی طرف اُس وقت کے منٹو پارک میں جو پاکستان بننے کے بعد علامہ اقبال پارک کہلایا مسلمانانِ ہِند کے نمائندوں نے ایک متفقہ قرارداد منظور کی جس کا عنوان “قراردادِ مقاصد” تھا لیکن وہ
قرارداد اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی کے فضل و کرم سے قراردادِ پاکستان ثابت ہوئی ۔ مینارِ پاکستان علامہ اقبال پارک میں ہی کھڑا ہے ۔ مینار پاکستان بطور یادگار قراردادِ پاکستان تعمیر کیا گیا تھا ۔ عوام نے اسے یادگارِ پاکستان کہنا شروع کر دیا جو کہ مناسب نہ تھا ۔ چنانچہ اسے مینارِ پاکستان کا نام دے دیا گیا
مندرجہ بالا واقعہ ثابت کرتا ہے کہ اتحاد و یکجہتی کامیابی کا پیش خیمہ ہوتی ہے جو 55 سال سے زائد ہمارے ملک سے غائب رہنے کے بعد اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی کی مہربانی سے مارچ 2009ء میں کافی حد تک بحال ہوئی ہے ۔ اللہ قادر و کریم کے حضور میں دعا ہے کہ یہ ملی یکجہتی نہ صرف قائم رہے بلکہ مزید بڑھے اور قوم کا ہر فرد اپنے ذاتی مفاد کو بھُول کر باہمی اور قومی مفاد کیلئے جد و جہد کرے اور مستقبل کی دنیا ہماری قوم کی مثال بطور بہترین قوم کے دے ۔ آمین ۔
میرے مشاہدے کے مطابق بہت سے ہموطن نہیں جانتے کہ 23 مارچ 1940ء کو کیا ہوا تھا ۔ متعلقہ حقائق کا مختصر ذکر یہاں ضروری سمجھتا ہوں
آل اِنڈیا مسلم لیگ نے اپنا سالانہ اجتماع منٹو پارک لاہور میں 22 تا 24 مارچ 1940ء کو منعقد کیا ۔ پہلے دن قائد اعظم محمد علی جناح نے خطاب کرتے ہوئے کہا “ہندوستان کا مسئلہ راہ و رسم کا مقامی معاملہ نہیں بلکہ صاف صاف ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے اور اس کے ساتھ اسی طرز سے سلوک کرنا لازم ہے ۔ مسلمانوں اور ہندوؤں میں اختلافات اتنے بشدید اور تلخ ہیں کہ ان دونوں کو ایک مرکزی حکومت کے تحت اکٹھے کرنا بہت بڑے خطرے کا حامل ہے ۔ ہندو اور مسلمان واضح طور پر علیحدہ قومیں ہیں اسلئے ایک ہی راستہ ہے کہ انہوں اپنی علیحدہ علیحدہ ریاستیں بنانے دی جائیں ۔ کسی بھی تصریح کے مطابق مسلمان ایک علیحدہ قوم ہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے لوگ اپنے عقیدہ اور فہم کے مطابق جس طریقے سے ہم بہترین سمجھیں بھرپور طریقے سے روحانی ۔ ثقافتی ۔ معاشی ۔ معاشرتی اور سیاسی لحاظ سے ترقی کریں
قائد اعظم کے تصورات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اے کے فضل الحق جو اُن دنوں بنگال کے وزیرِ اعلٰی تھے نے تاریخی قرارداد مقاصد پیش کی جس کا خلاصہ یہ ہے
کوئی دستوری منصوبہ قابل عمل یا مسلمانوں کو منظور نہیں ہو گا جب تک جغرافیائی طور پر منسلک مسلم اکثریتی علاقے قائم نہیں کئے جاتے ۔ جو مسلم اکثریتی علاقے شمال مغربی اور مشرقی ہندوستان میں ہیں کو مسلم ریاستیں بنایا جائے جو ہر لحاظ سے خود مختار ہوں ۔ ان ریاستوں میں غیرمسلم اقلیت کو مناسب مؤثر تحفظات خاص طور پر مہیا کئے جائیں گے اور اسی طرح جن دوسرے علاقوں میں مسلمان اقلیت میں ہیں اُن کو تحفظات مہیا کئے جائیں
اس قراداد کی تائید پنجاب سے مولانا ظفر علی خان ۔ سرحد سے سردار اورنگزیب ۔ سندھ سے سر عبداللہ ہارون اور بلوچستان سے قاضی عیسٰی ۔ یونائیٹڈ پراونس [اب اُتر پردیش] سے چوہدری خلیق الزمان کے علاوہ اور بہت سے رہنماؤں نے کی ۔ اس قراداد کے مطابق مغرب میں پنجاب ۔ سندھ ۔ سرحد اور بلوچستان اور مشرق میں بنگال اور آسام پاکستان کا حصہ بنتے ۔ یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی اور اس کی تفصیلات طے کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ۔ یہ قراداد 1941ء میں آل انڈیا مسلم لیگ کے دستور کا حصہ بنا دی گئی
مندرجہ بالا اصول کو برطانوی حکومت نے مان لیا مگر بعد میں کانگرس اور لارڈ مؤنٹ بیٹن کی ملی بھگت سے پنجاب اور بنگال کے صوبوں کو تقسیم کر دیا گیا اور آسام کی صورتِ حال بھی بدل دی گئی ۔ بگال اور پنجاب کے صوبوں کو نہ صرف ضلعی بنیاد پر تقسیم کیا گیا بلکہ پنجاب کے ایک ضلع گورداسپور کو تقسیم کر کے بھارت کو جموں کشمیر میں داخل ہونے کیلئے راستہ مہیا کیا گیا
مسلم اکثریتی علاقے ۔ اس نقشے میں جو نام لکھے ہیں یہ چوہدری رحمت علی کی تجویز تھی ۔ وہ لندن [برطانیہ] میں مقیم تھے اور مسلم لیگ کی کسی مجلس میں شریک نہیں ہوئے

مسلم لیگ کی ورکنگ کمیٹی

شاہنواز ممدوٹ سپاسنامہ پیش کر رہے ہیں
چوہدری خلیق الزمان قرارداد کی تائید کر رہے ہیں

قائدِ ملت لیاقت علی خان اور افتخار حسین خان ممدوٹ وغیرہ قائد اعظم کے ساتھ

زمرہ : تاریخ | 3 تبصرے »
مصنف : افتخار اجمل بھوپال :: بتاریخ 22 Mar 2009
دبئی کی پرانی ثقافت کو بحال رکھتے ہوئے تجدید شدہ ایک خوبصورت بازار ۔ خان مرجان



القریہ العالمیہ ۔
Global Village






زمرہ : روز و شب | 6 تبصرے »
مصنف : افتخار اجمل بھوپال :: بتاریخ 20 Mar 2009
شعیب سعید شوبی صاحب نے لکھا تھا “امریکہ کے ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ علی الصباح بیدار ہو کر مطالعہ کرنے والے کالج یا یونیورسٹی کے طلبا رات گئے پڑھنے والے طلبا کی نسبت امتحانات میں اچھی کارکردگی دکھاتے ہیں”
امریکی ماہرین نفسیات نے درست کہا ہے لیکن شاید ایک صدی یا زیادہ تاخیر سے ۔ مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ میرے کئی اساتذہ نے یہ ہدائت ہمیں سکول کے زمانہ میں کی تھی کہ رات کو عشاء کے بعد سو جایا کریں اور صبح سویرے اُٹھ کر تھوڑی سی سیر کریں اور پھر نہا کر پڑھا کریں ۔ دوپہر کے بعد آدھ گھنٹہ آرام کریں پھر بیٹھ کر پڑھیں ۔ میرے اساتذہ کے مطابق رات آرام کرنے کے بعد صبح آدمی تازہ دم ہوتا ہے ۔ دوسرے اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے دن رات کا نظام کچھ اس طرح بنایا ہے کہ صبح سویرے تازہ ہوا ہوتی ہے جو دماغ کو تازگی بخشتی ہے ۔ اسلئے جو سبق یاد کرنے میں رات کو تین گھنٹے لگتے ہیں وہ صبح ایک گھنٹہ میں یاد ہو جاتا ہے ۔ میں نے مَیٹرک 1953ء میں پاس کیا تھا
ہماری پہلی یا دوسری جماعت کی کتاب میں ایک نظم ہوا کرتی تھی جس میں اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی کے سادہ اوصاف بیان کرتے ہوئے لکھا تھا “دن بنایا محنت کرنے کو اور رات بنائی آرام کرنے کو ۔
میرے والد صاحب[اللہ بخشے] کہا کرتے تھے
Early to bed, early to rise
healthy wealthy and wise
سردیاں ہوں یا گرمیاں میرے والد صاحب سورج طلوع ہونے سے ڈیڑھ دو گھنٹے پہلے اُٹھ جاتے اور نہا کر اپنا کاروباری لکھنے پڑھنے کا کام کر کے پھر ناشتہ کرتے ۔ میں اور میرے چند ہم جماعت اندھیرے منہ اُٹھ کر اکٹھے دو کلو میٹر دور شہر سے باہر کی طرف جاتے وہاں سے پھلائی کی ٹہنی کاٹ کر واپسی پر داتن کرتے آتے ۔ گھروں میں پہنچ کر نہا کر پڑھنے بیٹھ جاتے ۔ کوئی مانے یا نہ مانے اس کی مرضی ہے لیکن میں ایف ایس سی پاس کرنے تک کبھی عشاء کی نماز کے بعد جاگتا نہیں رہا ۔ اس کے باوجود اللہ کی مہربانی سے میرا شمار اچھے طلباء میں رہا ۔ آٹھویں جماعت کے دوران صرف ایک دن صبح نہیں اُٹھ سکا تھا تو میری والدہ [اللہ جنت نصیب کرے] نے کہا “مسلمان کا بچہ سورج نکلنے کے بعد نہیں اُٹھتا”۔ یہ جُملہ میں کبھی نہیں بھُلا سکتا
رات کو پڑھنے والے صبح سویرے پڑھنے کی افادیت کو نہیں سمجھ سکتے کیونکہ اُنہیں مختلف وجوہ نے رات دیر تک جاگنے کا عادی بنا دیا ہوتا ہے ۔ اس میں موجودہ جوان نسل کی نسبت اُن کے والدین کا زیادہ قصور ہے جو فطری نظام کے خلاف رات گئے تک فلمیں یا ڈرامے دیکھنے اور محفلیں سجانے کے عادی ہو گئے ہیں ۔ گوروں کی نقالی جو ہماری قوم نے لباس اور زبان میں کرنے کی پوری کوشش کی رات کو دیر تک جاگنا بھی اسی طرح کی کوشش تھی
صرف چار دہائیاں پیچھے جائیں تو معلوم ہوتا ہے کہ ہمارے ملک میں تمام سکول اور دکانیں گرمیوں میں صبح 7 بجے اور سردیوں میں صبح 8 بجے کھُلتے تھے ۔ دکانیں شام 7 بجے بند ہونا شروع ہو جاتیں اور سب دکانیں 8 بجے تک بند ہو جاتیں ۔ رات کا کھانا سب لوگ سورج چھُپنے کے بعد جلد کھا لیتے ۔ گرمیوں میں صبح ناشتہ دوپہر اور رات کو کھانا کھاتے جبکہ سردیوں میں لوگ صبح اور رات کو کھانا اوربعد دوپر کچھ ہلکا پھُلکا کھا لیتے جسے ناشتہ یا چائے کا نام دیا جاتا ۔ اب کیا ہے ۔ کوّا گیا تھا مور بننے ۔ نہ مور بنا اور نہ کوّا ہی رہا
جن لوگوں کو رات کو جاگنے کی عادت پڑ چکی ہے اگر وہ مسلمان ہیں تو انہیں چاہیئے کہ پہلے صبح سویرے اُٹھ کر نہانے اور فجر کی نماز اوّل وقت میں پڑھنے کی عادت ڈالیں ۔ نماز کے بعد صبح ناشتہ کرنے تک جو سب سے مشکل سبق سمجھیں اسے پڑھ کر سمجھنے کی کوشش کریں ۔ جب عادت ہو جائے پھر مزید جلدی اُٹھنا زیادہ مشکل نہیں ہو گا ۔ صبح سویرے نہانے سے آدمی سارا دن تازہ دم رہتا ہے اور صحت بھی اچھی رہتی ہے ۔
زمرہ : تجزیہ | 10 تبصرے »
مصنف : افتخار اجمل بھوپال :: بتاریخ 18 Mar 2009
میں نے گھر کا سودا سلف لانے کیلئے ہفتہ میں ایک دن مقرر کیا ہوتا ہے جو کہ سال بھر سے منگل کا دن ہے ۔ سبزی پھل میں ہفتہ وار بازار سے لاتا ہوں جو آجکل پشاور موڑ کے قریب سیکٹر ایچ 9 کے کونے میں واقع ہے ۔ آٹا چاول وغیرہ میں جی 9 مرکز المعروف کراچی کمپنی میں ایک پرانی دکان سے لیتا ہوں کیونکہ سودا ستھرا ہوتا ہے اور قیمتیں بھی مناسب ہوتی ہیں ۔ اس دکان پر عام طور پر گاہکوں کی بھیڑ ہوتی ہے ۔ منگل 10 مارچ کو میں سودا لینے گیا تو شائد میلادالنبیۖ کی چھُٹی کی وجہ سے ہفتہ وار بازار میں گاہکوں کی بھیڑ نہ تھی سو سبزی پھل خرید کر میں ساڑھے نو بجے جی 9 مرکز پہنچ گیا ۔ وہاں بھی صرف چار پانچ گاہک تھے ۔ دکاندار کو فارغ دیکھ کر سلام اور حال پوچھنے کے بعد کہہ دیا “اور کیا خبر ہے ؟” دکاندار نے مجھے قریب ہونے کا اشارہ کیا
میں اس کے قریب کاؤنٹر پر ہی بیٹھ گیا ۔ وہ بولا “دس باہ دن سے آٹا نہیں مل رہا تھا ۔پرسوں ایک پی پی پی کے کھڑپینچ سے شکائت کی تو کہنے لگا کہ ‘پرچی دِلا دوں گا فی تھیلا 5 روپے ہوں گے’ ۔ میں نے اُسے 500 روپے دیئے ۔ کل وہ مجھے ساتھ لے گیا ۔ وہاں اُنہوں نے پرچیاں تیار رکھی ہوئی تھیں ۔ اُنہوں نے مجھے دس کلو کے 100 تھیلوں کی پرچی دے دی ۔ میں نے مِل میں جاکر وہ پرچی اور آٹے کی قیمت ادا کی اور 10 کلو والے 100 تھیلے لے آیا۔ کیا کریں ۔ ہم آٹے میں منافع نہیں کمائیں گے لیکن آٹے کی وجہ سے باقی سامان بکے گا تو ہماری دکان چلتی رہے گی”
اس واقع نے مجھے ایک پرانا دلچسپ واقعہ یاد دلا دیا ۔ 1973ء میں جو ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا دوسرا سال تھا ہمارے خاندان میں شادی تھی ۔ لڑکے کے والد ہمارے گھر آئے اور میرے والد صاحب سے کہا “شادی کی تاریخ مقرر کروا دیں بیٹا مُلک سے باہر جانا چاہتا ہے اور میں چاہتا ہوں کہ شادی کر لے اور بیوی کو ساتھ لے جائے”۔ پھر مجھ سے مخاطب ہو کر کہنے لگے “آپ بھی میری سفارش کر دیں”۔ میں نے مسکرا کر کہا “بازار میں گھی ناپید ہے لڑکی والے بارات کا اور آپ ولیمہ کا کھانا کیسے پکائیں گے ؟” لڑکے کے والد بڑے اعتماد سے بولے “اُس نے کب کام آنا ہے ۔ کتنے کام اُس کے کئے ہوئے ہیں ۔ گھی کا بندوبست تین دن میں ہو جائے گا”۔ پی پی پی کا ایک رہنما اُن کا ہمسایہ تھا اور وہ رُکن صوبائی اسمبلی بھی تھا
اُن دنوں حال یہ تھا کہ دیسی گھی تو بالکل غائب تھا ۔ بناسپتی گھی بیچنے کیلئے راولپنڈی میں صرف چند دکانیں مقرر تھیں جن پر فی شخص ایک پاؤ بناسپتی گھی ملتا تھا اور ہر دکان پر ڈیڑھ دو سو گاہک قطار لگائے ہوتے تھے
دو دن بعد ہونے والا دُولہا آیا کہ چلیں گھی لے آئیں ۔ میں اُسی کی کار میں بیٹھ گیا اور ہم چل دیئے ۔ مری روڈ پر ایک جگہ پہنچے ۔ وہاں میرے ساتھی نے ایک پرچی جیب سے نکال کر دی ۔ وہ پرچی رکھ لی گئی اور اُسے ایک اور پرچی دے دی گئی اور کہا گیا کہ نیا محلہ کے چوک میں ایک کھوکھا ہے وہاں جائیں ۔ وہاں پہنچے تو کھوکھے والا ہم سے پرچی لے کر چلا گیا اور 10 منٹ بعد واپس آ کر کہا “وہ جو گیٹ نظر آ رہا ہے وہاں جا کر گیٹ کھٹکھٹاؤ”۔ ہم نے اُس کی ہدائت پر عمل کیا ۔ تھوڑی دیر بعد ایک آدمی نے باہر نکل کر کھوکھے کی طرف دیکھا اور ہمیں کہا “اندر آ جاؤ”۔ جونہی ہی ہم اندر داخل ہوئے ہم پریشان ہو کر ایک دوسرے کو دیکھنے لگے ۔ یہ بہت بڑا گودام تھا جہاں ڈالڈا اور تلو بناسپتی گھی کے 5 کلو والے ہزاروں ڈبے پڑے تھے ۔ جو شخص ہمیں اندر لے گیا تھا بولا “فی ڈبہ اتنے روپے دے دو اور جتنے ڈبے چاہئیں اُٹھا لو”۔
اُس وقت ہمیں یہ خیال نہیں آیا کہ ہم سے سرکاری نرخ سے زیادہ نرخ وصول کیا جا رہا ہے بلکہ یہ افسوس ہوا کہ ہم اس فیئٹ 600 کار میں آنے کی بجائے بڑی گاڑی لے آتے تو دُگنی تعداد میں ڈبے لے جاتے اور عزیز و اقارب سے دعائیں لیتے
یہی وجہ ہے شاید کہ جو پیپلز پارٹی میں جاتا ہے پھر باہر نہیں نکلتا
زمرہ : روز و شب, سیاست | 4 تبصرے »
مصنف : افتخار اجمل بھوپال :: بتاریخ 17 Mar 2009
میرے پیارے سوہنے اللہ میاں
تیری دنیا میں ایسا کیوں ہے ؟
پیسے والے ہیں سارے عقلمند
میرے جیسے بیوقوف کیوں ہیں ؟
میرے پیارے سوہنے اللہ میاں
امیروں کا ایسا خیال کیوں ہے ؟
کہ وہ سب تو ہیں پڑھے لکھے
ہر میرے جیسا اَن پڑھ کیوں ہے ؟
میرے پیارے سوہنے اللہ میاں
یہاں ایسی باتیں کیوں ہیں ہوتی ؟
میں نہ بنوا سکا ایک بھی مکان
ساتھیوں کی ہے ہر شہر میں کوٹھی
میرے پیارے سوہنے اللہ میاں
دنیا میں یہ کیسی جمہوریت ہے ؟
ملک کے لئے غریب جانیں گنوائیں
امیروں کبیروں کو کرسی سے اُلفت ہے
میرے پیارے سوہنے اللہ میاں
جمہور پر ٹیکس سے خزانہ بھرتے ہیں
پر جمہور کیلئے بس محنت کی سوکھی روٹی
وزیروں مشیروں کے لئے ہر شے مُفت ہے
زمرہ : روز و شب, شاعری, معاشرہ | 3 تبصرے »