طالبان اور پاکستان قسط6 ۔ پاکستانی طالبان

پاکستان میں طالبان نام کی کوئی مجتمع یا جامع تحریک کا وجود نہیں ہے ۔ اس سلسلہ میں اسلام دُشمن طاقتوں کے زیرِ اثر معاندانہ پروپیگنڈہ نے حقائق پر پردہ ڈال رکھا ہے ۔ قبائلی علاقہ میں مُختلف العقیدہ گروہ ہیں ۔ آپس کی ذاتی لڑائیاں ان کی بہت پرانی عادت ہے ماضی بعید میں اگر ان کی آپس کی لڑائی بڑھ جاتی تو حکومت مداخلت کر کے صلح صفائی کرا دیتی تھی ۔ مگر مسلکی فساد ان کے درمیان ماضی قریب کی پیداوار ہے ۔

شمالی علاقہ جات اور ملحقہ قبائلی علاقہ میں ہمیشہ سے کچھ سیّد رہتے تھے جن میں کچھ شیعہ مسلک کے تھے مگر سب لوگ ایک دوسرے کا احترام کرتے تھے ۔ 1970ء کی دہائی میں اُس وقت کے حکمرانوں کو ان علاقوں میں سیاست کی سُوجھی اور انہوں نے شیعہ لوگوں کو اپنے مقصد کیلئے اُبھارا ۔ اس کے کچھ عرصہ بعد پرنس کریم آغا خان کو بھی اپنے پیروکار اس غُربت زدہ علاقے میں بنانے کا خیال آیا اور اس کیلئے اُس نے اپنی دولت کا سہارا لیا ۔ ان مہربانیوں نے آخر بھائی کو بھائی کے مقابلہ پر لا کھڑا کیا ۔ پچھلے 8 سال میں حکومت نے اس کی طرف بالکل توجہ نہ دی جس کے نتیجہ میں اب ایک دوسرے کا قتل روزانہ کا معمول بن گیا ہے ۔ اس فساد کا تعلق نہ تو افغان جہاد سے ہے نہ اوسامہ بن لادن سے ۔

افغانستان میں جب سوویٹ یونین کے خلاف جنگ جاری تھی تو اس میں سُنّی اور شیعہ کی تفریق کے بغیر سب حصہ لے رہے تھے ۔ لیکن نجانے کونسی پسِ پردہ قوت تھی جس نے شیطانی کردار ادا کیا اور شیعہ ۔ اہلِ سُنّت اور اہلِ حدیث کے آوازے بلند ہوئے ۔ قبائلی علاقے تو ایک طرف ۔ واہ چھاؤنی جیسے 97 فیصد تعلیم یافتہ لوگوں والے وطنِ عزیز کے سب سے مہذب شہر کی ایک معروف مسجد کے اندر نمازیوں کا ایک گروہ دوسرے پر لاٹھیاں لے کر پَل پڑا ۔ کچھ لوگوں نے شاہ سے زیادہ شاہ کا وفادار بنتے ہوئے کچھ مسجدوں میں لاؤڈ سپیکر پر اذان سے فوراً پہلے درود اور نعت پڑھنا شروع کر دیا ۔ کچھ مساجد میں طاقتور لاؤڈ سپیکر لگا کر ہر ماہ میں ایک دن نعت خوانی ہونے لگی اور زیادہ تر نعتیں فلمی گانوں کا چربہ ہوتیں ۔ محلہ کےلوگوں کا آرام اور ان کے بچوں کا پڑھنا ناممکن ہو گیا ۔ کسی کو یہ خیال نہ رہا کہ اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے ظہر اور عصر کی نمازیں بغیر آواز کے پڑھنے کا کیوں حُکم دیا ہے ۔

پچھلے 7 سال میں شمالی اور قبائلی علاقہ جات میں مسلمانوں کی مزید کچھ قسمیں بنا دی گئیں ۔ حکومت کے وفادار طالبان ۔ لشکرِ اسلام ۔ انصار الاسلام ۔ وغیرہ ۔ اصلی طالبان کے پاس تو پہلے ہی اسلحہ موجود تھا ۔ دوسرے گروہوں کو جدید اسلحہ کس نے مہیا کیا کہ وہ ایک دوسرے کو ہلاک کریں ؟ جہاں تک صوبہ سرحد کے کچھ علاقوں میں شریعت نافذ کرنے کا سوال ہے اس کیلئے مولویوں کی حکومت آنے سے قبل سرحد اسمبلی میں قانون منظور کیا گیا تھا اور اس قانون کی منظوری بعد میں پرویز مشرف کی حکومت نے دی تھی مگر یہ قانون آج تک نافذ العمل نہیں ہوا ۔ سُننے میں آتا ہے کہ ان لوگوں کے خلاف لڑنے والے پرویز مشرّف حکومت نے تیار کئے ۔ اسی طرح باڑہ ۔ جمرود اور تیراہ کے متعلق کہا جاتا ہے کہ ایک گروہ جس میں منگل باغ بھی شامل ہے پرویز مشرّف حکومت کا تیار کردہ ہے ۔

ہموطنوں کی اکثریت نے اپنی تمام تر توجہ مُلّا کو ہدفِ تنقید بنانے پر لگا رکھی ہے ۔ ذرائع ابلاغ نے یہ وطیرہ بنا لیا ہے کہ ہر داڑھی والا مّلّا یا طالبان ہے اور شِدّت پسند یا دہشتگرد ہے ۔ ہر داڑھی والے کو طالبان یا مُلا کہنا کہاں کی دانشمندی ہے ؟ کیا سِکھ ۔ ہندو ۔ یہودی ۔ عیسائی اور دہریئے داڑھی نہیں رکھتے ؟ اور کیا چوروں اور ڈاکوؤں کی داڑھیاں نہیں ہوتیں ؟ داڑھی والا تو ایک طرف نماز اور روزے کے پابند کو بھی وطنِ عزیز میں روشن خیال لوگ تضحیک کے ساتھ مولوی یا مُلا کہہ کر پکارتے ہیں ۔ اور یہ بھی حقیقت ہے کہ وطنِ عزیز میں نماز اور روزہ کا تارک بھی سینے پر ہاتھ مار کر کہتا ہے “میں مُسلمان ہوں ۔ کوئی دوسرا کون ہوتا ہے مجھے اسلام سکھانے والا ؟”

جب افغانستان میں پاکستان کی فوجی حکومت کی اعانت سے سوویٹ یونین کے خلاف جنگ جاری تھی تو اس جنگ میں شامل ہونے والوں میں افغانیوں کے ساتھ کچھ غیر ملکی بھی شامل تھے جن کا تعلق امریکہ اور برطانیہ سمیت پوری دنیا سے تھا ۔ ان میں پاکستان کے تمام صوبوں اور آزاد جموں کشمیر کے لوگ بھی تھے ۔ یہ لوگ نہ القاعدہ تھے نہ طالبان بلکہ سب انفرادی حیثیت میں شامل ہوئے تھے ۔

فی زمانہ یہ رواج بن چکا ہے کہ چوہدری کے میراثی کی طرح ہر بُرائی طالبان یا مُلّا کے نام لکھ دی جاتی ہے ۔ اور اگر کسی وجہ سے طالبان یا مُلّا کا نام لینا ناممکن ہو تو مسلمان کے نام تھوپ دی جاتی ہے ۔ افسوس کہ ہموطنوں میں حقائق کا ادراک کرنے کا حوصلہ نہیں ۔ اگر تھوڑی سی محنت کی جائے تو واضح ہو جاتا ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقہ میں امریکہ نے اور امریکہ کی خوشنودی کیلئے وطنِ عزیز کے حکمرانوں نے جو قتل عام کیا ہے اس کا بدلہ لینے کیلئے وہ لوگ فوجی یا متعلقہ تنصیبات پر تو حملے کرتے ہیں لیکن شہری لوگوں پر وہ لوگ عام طور پر ہاتھ نہیں اُٹھاتے ۔ البتہ حالات کا فائدہ اُٹھا کر جرائم پیشہ لوگ کھُل کر کھیلنے لگے ہیں اور ان جرائم پیشہ میں سے جب کوئی پکڑا جاتا ہے تو وہ بیان دیتا ہے یا اُس سے بیان دلوایا جاتا ہے کہ اُس کا تعلق طالبان یا فلاں اسلامی تحریک سے ہے ۔ یعنی ایک تیر سے دو نشانے لگائے جاتے ہیں ۔ ایسے آدمیوں کو کبھی کھُلی عدالت میں بیان دینے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ اگر گڑبڑ کا خدشہ ہو یا پکڑا جانے والا مطلب کا بیان نہ دے تو جعلی پولیس مقابلہ میں اُسے ہلاک کر دیا جاتا ہے ۔

بینظیر بھٹو کے قتل میں بیت اللہ محسود کے نام کی ایف آئی آر کاٹ دی گئی ۔ ثبوت کیلئے کچھ دن بعد ایک 15 سالہ لڑکا کہیں سے اُٹھا کر اسے ماسٹر مائنڈ قرار دے دیا اور بتایا گیا کہ وہ لڑکا بیت اللہ محسود کا آدمی ہے ۔ (میں نہیں کہتا کہ بیت اللہ محسود اچھا آدمی ہے)
بینظیر کے قتل کے چند گھنٹوں کے اندر موقع سے تمام ثبوت غائب کر کے ساری جگہ کی دُھلائی بھی کر دی گئی تھی
ڈاکٹروں کو بینظیر اور 22 دوسرے مرنے والوں کا باقاعدہ معائنہ کر کے صحیح رپورٹ تیار نہ کرنے دی گئی
تمام مرنے والوں کو جلد دفنانے پر زور دیا اور دفنا دیا گیا
قانون کے مطابق وقوعہ کے بعد فوری طور پر وقوعہ کے عینی شاہدوں کے بیانات قلمبند کر کے وقوعہ کے وقت سے دو ہفتے کے اندر تفتیشی رپورٹ عدالت میں پیش کرنا ہوتی ہے ۔ رپورٹ تو کُجا کسی عینی شاہد کا آج تک بیان قلمبند نہیں کیا گیا جبکہ عینی شاہد معروف تھے ۔
بیت اللہ محسود یا اُس کے کسی معتبر ساتھی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی نہ گئی حالانکہ اُسے ملزم ٹھہرایا گیا تھا ۔
انٹرپول کی ٹیم آئی اور غریب ہموطنوں کا مال کھا کر کوئی اہم کاروائی کئے بغیر چلی گئی ۔

کیا متذکرہ سب قانونی کاروائیاں بیت اللہ محسود یا اُسکے آدمیوں نے کروائیں یا رُکوائیں ؟

کوئی انصاف پسند اگر ہے تو بتائے کہ ایک شخص کے اپنے گھر پر کوئی آ کر حملہ کرے اور اُس کے خاندان کے کئی افراد جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہوں ہلاک کر دے یا اُن کے ہاں شادی ہو رہی ہو اور سب رشتہ دار اور دوست جمع ہوں اور ان پر حملہ کر کے لوگوں کو ہلاک اور زخمی کر دے یا اُن کے بچے مدرسہ میں پڑھنے گئے ہوں اور اُنہیں میزائل مار کر ہلاک کر دیا جائے اور پھر بڑے طمطراک سے اعلان کیا جائے کہ دہشتگرد مار دیئے تو کیا مرنے والوں کے رشتہ دار اور دوست حملہ آور کو پھولوں کے ہار پہنائیں گے ؟

کیا افغانستان میں امریکا اس سے زیادہ ظُلم نہیں کر رہا اور کیا پاکستان کے قبائلی علاقہ میں امریکا اور وطنِ عزیز کے حُکمران ایسا ہی ظُلم نہیں کرتے آ رہے ؟

کمال یہ ہے کہ ہر شہری دھماکہ کو دھماکہ ہوتے ہی خُودکُش قرار دیدیا جاتا ہے ۔ پھر اُسی دن یا چند دن بعد خُودکُش حملہ آور کا سر مل جاتا ہے اور ڈی این اے ٹسٹ کا اعلان کر دیا جاتا اور دھماکہ کا تعلق طالبان یا انتہاء پسند جنگنوؤں کے ساتھ جوڑ دیا جاتا ۔ اس پر اکتفاء کر کے حکومت کے متعلقہ محکموں کے اہلکار اپنی ذمہ داری سے اپنے آپ کو سُبکدوش سمجھتے ہیں ۔ اگر کبھی یہ لوگ اپنے دماغوں کو صاف کر کے درست طریقہ سے تحقیق کرتے تو یقینی طور پر معلوم ہو چکا ہوتا کہ اسلام کی آڑ میں اسلام کو کون بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے

بغیر پارلیمنٹ یا حلیف جماعتوں کے سربراہوں کو اعتماد میں لئے جون کے آخری ہفتہ میں پشاور کے قریب باڑہ کے علاقہ میں جو فوجی کاروائی کی گئی اس کی افادیت کسی کی سمجھ میں نہیں آئی ۔ عام خیال یہی ہے کہ امریکا کے اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ رچرڈ باؤچر کی پاکستان آمد سے پہلے یہ کاروائی اپنی وفاداری کے ثبوت کے طور پر کی گئی کیونکہ پچھلی یعنی پرویز مشرّف حکومت کے دور میں ہمیشہ امریکا کے کسی بڑے کی پاکستان آمد سے پہلے کسی نہ کسی قبائلی علاقہ پر یلغار کی جاتی رہی ہے اور قبائلی مع بیوی بچوں کے ہلاک ہوتے رہے ہیں ۔ اس کاروائی کی اہم حقیقت یہ ہے کہ جن کے خلاف کاروائی کی گئی تھی وہ بغیر ایک گولی چلائے علاقہ خالی کر گئے تھے لیکن اپنے آقا امریکا کی ایما پر کاروائی جاری رکھی گئی ۔ نتیجہ میں قبائیلی ہلاک ہونا شروع ہوئے تو اُنہوں نے بھی ردِ عمل شروع کیا جس میں ہلاک ہونے والوں میں وطنِ عزیز کے سپاہییوں کی تعداد ہلاک ہونے والے قبائیلیوں سے زیادہ ہے ۔ دونوں طرف غریب پاکستانی مر رہے ہیں ۔ اس کا فائدہ کس کو ہو رہا ہے ؟ جرنیل اور حکمران تو اپنے ایئرکنڈیشنڈ گھروں میں آرام فرما رہے ہیں یا پھر دوسرے ممالک کی سیر و سیاحت کے مزے لوٹ رہے ہیں ۔

جون کے آخری ہفتہ میں پاکستان کے ایک سابق سفیر ایاز وزیر نے قبائلی علاقہ پر طاقت کے استعمال کی پُرزور مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ مقامی جرگہ سسٹم بحال کیا جائے اور مشاورت سے تنازعات حل کئے جائیں ۔ اُس نے یہ بھی کہا کہ آج تک حکومت نے قبائلی علاقہ میں کوئی ترقیاتی عمل نہیں کیا ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ طالبان نام کی کوئی تحریک وزیرستان میں نہیں ہے اور اگر ہے تو پھر ڈاکٹر بھی طالبان ہے انجنیئر بھی طالبان ہے میں بھی طالبان ہوں اور آپ بھی طالبان ہیں ۔

اُنہی دنوں میں خیبر ایجنسی کے پولٹیکل ایجنٹ جو کہ سرکاری ملازم ہوتا ہے نے کہا کہ جمرود کے علاقہ میں لڑائی ہو یا قبائلی اور پُرامن شہری علاقوں میں دھماکے ہیروئین کے بادشاہ کرواتے ہیں ان کا وزیرستان یا سو ات سے کوئی تعلق نہیں ۔ اُس نے مزید کہا کہ اس بدامنی سے فائدہ اُٹھا کر افغانستان میں تیار ہونے والی ہیروئین کی پاکستان کے راستے دوسرے مُلکوں کو ترسیل ممکن بنائی جاتی ہے ۔

This entry was posted in تاریخ, تجزیہ on by .

About افتخار اجمل بھوپال

رہائش ۔ اسلام آباد ۔ پاکستان ۔ ۔ ۔ ریاست جموں کشمیر کے شہر جموں میں پیدا ہوا ۔ پاکستان بننے کے بعد ہجرت پر مجبور کئے گئے تو پاکستان آئے ۔انجنئرنگ کالج لاہور سے بی ایس سی انجنئرنگ پاس کی اور روزی کمانے میں لگ گیا۔ ملازمت کے دوران اللہ نے قومی اہمیت کے کئی منصوبے میرے ہاتھوں تکمیل کو پہنچائے اور کئی ملکوں کی سیر کرائی جہاں کے باشندوں کی عادات کے مطالعہ کا موقع ملا۔ روابط میں "میں جموں کشمیر میں" پر کلِک کر کے پڑھئے میرے اور ریاست جموں کشمیر کے متعلق حقائق جو پہلے آپ کے علم میں شائد ہی آئے ہوں گے ۔ ۔ ۔ دلچسپیاں ۔ مطالعہ ۔ مضمون نویسی ۔ خدمتِ انسانیت ۔ ویب گردی ۔ ۔ ۔ پسندیدہ کُتب ۔ بانگ درا ۔ ضرب کلِیم ۔ بال جبریل ۔ گلستان سعدی ۔ تاریخی کُتب ۔ دینی کتب ۔ سائنسی ریسرچ کی تحریریں ۔ مُہمْات کا حال

12 thoughts on “طالبان اور پاکستان قسط6 ۔ پاکستانی طالبان

  1. میرا پاکستان

    ہم بھی یہ سمجھتے ہیں‌کہ قبائلی علاقوں میں‌ ہر کاروائی کا ذمہ دار اسی حکومتی خودساختہ طالبان کو ٹھرایا جاتا ہے جس طرح‌دنیا کے کسی بھی کونے میں‌ہونے والی کاروائی کا ذمہ دار القاعدہ کو ٹھرایا جاتا ہے۔ ہمارے خیال میں طالبان اور القاعدہ نام کی کوئی چیز ہے نہیں۔
    اب تک کسی نے یہ جاننے کی کوشش نہیں‌کی کہ انتخابات کے بعد یکدم خود کش حملے کیوں‌رک گئے یا چلیں یہ سمجھ لیں‌کہ ان میں‌کمی کیوں‌آگئی۔ موجودہ حکومت کے دور میں‌ جو خود کش حملے ہوئے وہ کب اور کس حکومتی کاروائی کے بعد ہوئے۔
    حیرانی تب ہوتی ہے جب دنیا کی بڑی بڑی جمہوریتیں بھی مذاکرات پر جنگی کاروائی کو ترجیح‌دیتی ہیں حالانکہ جمہوریت نام ہی ڈائیلاگ کا ہے۔ لیکن مسلمان حکمران چونکہ بکے ہوئے ہیں‌اسلیے یہ ممکن نظر نہیں‌ آتا کہ مستقبل بعید میں‌ شمائلی علاقوں‌میں امن قائم ہو سکے گا کیونکہ اب تو امریکہ نے فوجی امداد جنگی کاروائیوں کیساتھ منسل کر دی ہے یعنی اپنے آدمی مارو اور معاوضہ یعنی امداد لے لو۔

  2. ایم بلال

    بہت خوب۔ لگتا ہے آپ آجکل طالبان پر کافی تحقیق کر رہے ہیں۔۔۔ یونہی لگے رہیں اور کوشش کریں کہ اصل حقائق سامنے آئیں اور اگر ہو سکے تو ساتھ میں جتنے زیادہ حوالہ جات ہو سکے دیں تاکہ بات میں مزید وزن پیدا ہو۔۔۔ اگر امریکہ کا پروپیگنڈا ہے تو عوام کو پتہ چلے کہ امریکہ کیا کر رہا ہے اور اگر طالبان سرے سے غلط ہیں یا پھر ٹھیک ہیں تب بھی عوام کو پتہ چلے کہ اصل حقائق کیا ہیں۔۔۔
    اللہ تعالٰی آپ کو کامیاب کرے۔۔۔آمین

  3. اجمل Post author

    افضل ۔ جانانِ گُل اور ایم بلال صاحبان ۔ السّلامُ علیکم
    جیسے میری والدہ محترمہ اور میری بیوی دونوں کی مادری زبان عربی ہونے کے باوجود مجھے 70 سال کی عمر پا لینے کے بعد خیال آیا کہ میں السلام علیکم لکھتا ہوں جو غلط ہے اور صحیح سلام علیکم ہے ۔ اسی طرح ہمارے ہموطنوں کو خیال نہیں آتا کہ اُنہیں غیر مُلکی یا اُن سے متاءثر ذرائع ابلاغ پر نہیں بلکہ اپنی عقل پر اعتماد کرنا چاہیئے ۔

    [ترمیم ۔ حُسنِ اتفاق کہ میں نے دوسروں کو اپنی عقل پر اعتماد کرنے کی ترغیب دی اور خود اس کا اْلٹ کر چکا تھا ۔ میں حدیث یاد نہ آنے کی وجہ سے دو دن قبل غلط طور پر قائل ہو گیا تھا کہ لفظ سلام علیکم ہے ۔ لیکن ایس نہیں ہے ۔ صحیح السّلامُ علیکم ہی ہے]

    طالبان بھی اپنی کم تعلیم اور تجربہ کی وجہ سے غلطیاں کرتے ہیں بلکہ زیادتیاں کرتے ہیں ۔ مثال کے طور پر داڑھی ۔ ٹوپی ۔ شلوار قمیص پر بغیر ترغیب و دلیل کے دوسروں کومجبور کرنا ۔ یقین جانیئے کہ ان خامیوں کے باوجود وہ لوگ شہروں میں بسنے والوں کی نسبت بہت زیادہ قابلِ اعتماد ہیں ۔
    جہاں تک تحقیق کی بات ہے میں نے بچپن میں ایک حدیث مبارک پڑی تھی کہ کسی شخص کے جھوٹا ہونے کیلئے اتنا ہی کافی ہے کہ وہ ایک بات سُنے اور اس کی تصدیق کئے بغیر آگے بیان کر دے ۔ دعا کیجئے کہ اللہ مجھے جھوٹ سے بچائے رکھے اور میری رہنمائی فرماتا رہے ۔
    مندرجہ ذیل ربط پر جا کر ایک مغربی تہذیب کے دِلدادہ پاکستانی جوان کے باڑا کے دورہ کا حال پڑھیئے ۔ مضمون کا عنوان بھی نیچے دیا ہے
    http://thenews.jang.com.pk/arc_news.asp?id=7
    An encounter with the Taliban

  4. نعمان

    جو لوگ لڑکیوں کے اسکولوں پر حملے کررہے ہیں‌، سی ڈی ویڈیو کی دکانیں بموں سے اڑا رہے ہیں اپنے نام نہاد ایف ایم ریڈیو چینل چلا رہے ہیں۔ یہ سب لاقانونیت کس طرح سے جائز قرار دیں گے آپ؟

    ابھی کل ہی القاعدہ کے سرکردہ لیڈر نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں اور طالبان کو پاکستان کے قبائلی علاقہ جات سے مدد ملتی ہے۔ انہوں نے نائن الیون کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے اور اسلام آباد میں ڈنمارک کے سفارت خانے پر خودکش حملے کی بھی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ وہ خودکش حملہ ہی تھا اور حملہ آور کا تعلق مکہ مکرمہ سے تھا۔

  5. اجمل Post author

    نعمان صاحب
    میں پہلے ہی آپ سے عرض کر چکا ہوں کہ میرے ساتھ بحث کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ۔ میرے اور آپ کے لکھے میں بہت فرق ہے میں سب کچھ ذاتی تحقیق کے بعد لکھتا ہوں اور آپ کے خیلات کی بنیاد ذرائع ابلاغ ہیں جن میں آئے دن من گھڑت کہانیاں چھپتی ہیں ۔
    کیا آپ ثابت کر سکتے ہیں کہ جسے آپ القائدہ کا لیڈر کہہ رہے ہیں وہ شخص کون ہے ؟
    آپ کو یہ پڑھ کر مزید پریشانی ہو گی کہ حقیقت میں القائدہ اور طالبان نام کی کوئی باقاعدہ جماعت نہیں ہے ۔

  6. معراج خٹک

    اجمل صاحب اسلام علیکم
    آپ نے بلکل صیح فرمایا۔ یہ جو چند دن پہلےامریکہ اوراسکےذرائع ابلاغ نےایک نیا القاعدہ کا لیڈرپیداکیا ہے، یہ انتہائی مضحکہ خیزہے۔

  7. اجمل Post author

    باذوق صاحب ۔ سلام علیکم
    اس موضوع کی آخری قسط انشاء اللہ آج یعنی 23 جولائی کو شائع کروں گا ۔ پچھلی اقساط فورم پر نقل کرنے کا شکریہ ۔

  8. باذوق

    السلام علیکم ، اجمل انکل۔ آپ نے لکھا ہے :

    خیال آیا کہ میں السلام علیکم لکھتا ہوں جو غلط ہے اور صحیح سلام علیکم ہے

    کہیں آپ ” السلام وعلیکم” تو لکھنا نہیں چاہ رہے تھے؟ (جو کہ “و” کا اضافہ غلط ہے)۔
    جبکہ ” السلام علیکم” بالکل درست ہے۔
    حوالہ جات :
    حدیث بخاری
    حدیث مسلم

  9. اجمل Post author

    باذوق صاحب ۔ السّلامُ علَیکُم
    جزاک اللہ خیرٌ ۔ آپ نے بروقت تصحیح کر دی ۔ ثابت ہوا کہ اچھا بننے اور اچھا رہنے کیلئے ماحول بھی اچھا ہونا چاہیئے ۔ میں حدیث یاد نہ آنے کی وجہ سے دو دن قبل غلط طور پر کسی کی عِلم کا قائل ہو گیا تھا کہ لفظ سلام علیکم ہے ۔ میں قائل نہ ہوتا اگر میری بیوی قائل نہ ہوتی جس کی مادری زبان عربی ہے ۔پنجاب یونیورسٹی کی سائنس گریجوئیٹ ہے ۔ قرآن و حدیث میں پوسٹ گریجوئیٹ کورس کیا ہوا ہے اور خواتین کو قرآن شریف کا ترجمہ اور تفسیر دس سال سے پڑھا رہی ہے
    دُعا کیجئے کہ اللہ ہماری رہنمائی فرماتا رہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

:wink: :twisted: :roll: :oops: :mrgreen: :lol: :idea: :evil: :cry: :arrow: :?: :-| :-x :-o :-P :-D :-? :) :( :!: 8-O 8)

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.