بڑا آدمی
مصنف : افتخار اجمل بھوپال :: بتاریخ 27 Mar 2008
روس کے نئے منتخب ہونے والے صدر بیالیس سالہ دمتری میدوی ایدف ملک نے صدارت کے انتخاب سے دو ہفتے قبل روسی میگزین کو دیئےگئےانٹرویو میں کہا کہ ان کے آباؤ اجداد میں کاشتکار، لوہار اور ٹوپیاں بنانے والے شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے عمارت بنانے والے مزدور کےعلاوہ اپنے تعلیمی اخراجات کو پورا کرنے کے لیےگلیوں میں جھاڑو تک لگایا۔
دمتری میدوی ایدف ملک کے سب سے اعلی عہدے پر فائز ہونے سے پہلے یونیورسٹی پروفیسر ۔ وکیل اور روس کے وزیر اعظم کے طور پر کام کر چکے ہیں ۔ دمتری میدوی ایدف روس کی سرکاری تیل کمپنی گیز پرام کے چیئرمین بھی رہے ہیں ۔
گو ہمارے مُلک میں اب بھی ایسے لوگ ہیں جو اپنے علاوہ دوسرے کی خدمت کی غرض سے بھی چھوٹے سے چھوٹا کام کر لیتے ہیں لیکن اکثریت اپنے گھر میں جاڑو دینا بھی عیب گردانتی ہے ۔ ہمیں اپنے پیارے نبی سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلّم کے شیدائی ہونے کا دعوٰی ہے مگر ہم نے کبھی اس عظیم ہستی جس پر لاکھوں سلام ہوں کے روز مرّہ کے کردار کو اپنانے کی کوشش نہیں کی ۔ نبی آخر الزماں سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلّم ہر کام کر لیتے تھے اُنہوں نے اپنے دستِ مبارک سے اپنے جوتے بھی مرمت کئے ۔ میں نے لبیا میں دیکھا تھا کہ لوگ روزانہ جب اپنے گھر کی صفاتی کرتے تھے تو اپنے گھر کے سامنے گلی کی بھی صفائی کرتے تھے ۔ ہمارے ہاں گھر سے باہر کی صفائی معیوب سمجھا جاتا ہے ۔ لیکن گلی میں کوڑا کرکٹ پھینکنا معیوب نہیں سمجھا جاتا ۔ اللہ ہمیں سیدھی راہ پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے
زمرہ : ذمہ دارياں, معاشرہ | 10 تبصرے »
