Daily Archives: March 18, 2008

تتمّہ

میں نے 15 مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والے دھماکے کی اطلاع دیتے ہوئے لکھا تھا “ان 10 کے علاوہ 4 زخمی افراد نے پاکستانی ہسپتال جانے سے انکار کیا اور کہا کہ “ہمیں ہمارے سفارتخانہ پہنچا دو”۔ سو انہیں وہاں موجود لوگوں نے ان کے سفارتخانہ پہنچایا ۔ یہ امریکی تھے اور شاید ان میں کوئی برطانوی ہو “۔

مندرجہ بالا فقرہ لکھتے ہوئے میرے ذہن میں تھا کہ وہ لوگ امریکی ایف بی آئی کے ہوں گے ۔ اب یہ بات پوری طرح واضح ہو چکی ہے کہ وہ چاروں کے چاروں امریکی ایف بی آئی کے لوگ تھے ۔ مزید یہ کہ اُنہیں وہاں موجود لوگ امریکی سفارتخانہ نہیں لے کر گئے تھے کیونکہ اُنہوں نے کسی پاکستانی کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا تھا ۔ امریکی سفارتخانہ سے گاڑیاں بہت جلد پہنچ گئی تھیں جو اُن کو لے کر چلی گئیں تھیں ۔ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اُن چار امریکی زخمیوں کا علاج کہاں ہو رہا ہے ۔ باقی 7 امریکی زخمی جو سروسز ہسپتال اسلام آباد میں تھے کو بھی 15 اور 16 مارچ کی درمیانی رات امریکی سفارتخانہ والے لے گئے تھے ۔

یہ بھی سننے میں آیا ہے کہ لاہور ایف آئی اے کی عمارت کے جس حصہ سے خودکُش بمبار نے ٹرک ٹکرایا اور ماڈل ٹاؤن میں خودکُش بمبار نے جس کوٹھی کو نشانہ بنانا چاہا ان دونوں میں ایف بی آئی والے بیٹھتے تھے ۔ ان باتوں سے یہ تاثر اُبھرتا ہے کہ دو سال قبل جو خبر پاکستان میں گردش کر رہی تھی کہ پورے پاکستان میں ایف بی آئی موجود ہے وہ صحیح تھی ۔