Monthly Archives: January 2008

زندگی کی بنیاد

گھر میں پیار محبت کا ماحول زندگی کی بنیاد ہے

کبھی اٹل خواہش کا بھی پورا نہ ہونا بڑی خوش قسمتی ہوتا ہے

بہترین تعلق وہ ہے جس میں باہمی محبت باہمی ضرورت سے زیادہ ہو

بصیرت بغیر عمل کے صرف ایک خواب ہے

اور عمل بغیر بصیرت کے فقط وقت گذارنا ہے

مگر بصیرت کے ساتھ عمل دنیا بدل کر رکھ دیتا ہے

کیا 101 فیصد حاصل کیا جا سکتا ہے ؟

محنت کرنے والے بہت لوگوں کی 90 فیصد سے زیادہ نتیجہ حاصل کرنے کی خواہش ہوتی ہے ۔ لوگوں کو یہ کہتے عام سنا گیا ہے کہ 101 فیصد درست یا یقینی لیکن کبھی کسی نے نہیں بتایا کہ کیسے ؟ انگریزی میں تو اس کا طریقہ دریافت کر لیا گیا ہے جو کہ اُردو والوں کو شہہ دے دی گئی ہے ۔ اب گیند اُردو والوں کے میدان میں ہے ۔

A=1 B=2 C=3 D=4 E=5 F=6 G=7 H=8 I=9 J=10 K=11 L=12 M=13 N=14 O=15 P=16 Q=17 R=18 S=19 T=20 U=21 V=22 W=23 X=24 Y=25 Z=26

K-N-O-W-L-E-D-G-E = 11+14+15+23+12+5+4+7+5 = 96

H+A+R+D+W+O+R+K = 8+1+18+4+23+15+18+11 = 98

A-T-T-I-T-U-D-E = 1+20+20+9+20+21+4+5 = 100

L-O-V-E-O-F-G-O-D = 12+15+22+5+15+6+7+15+4 = 101

رشتہ دار ۔ ہمدرد یا دُشمن ؟

قارئین بالخصوص شادی شدہ جوڑوں کی رہنمائی کی خاطر میں ایک شخص کی آپ بیتی لکھنے لگا ہوں ۔ اس میں نام سب فرضی ہیں ۔

دو سگی بہنیں تھی ہاجرہ اور حفصہ ۔ وہ بچپن سے ایک ہی پلنگ پر اکٹھی سوتی تھیں اور شادی ہونے تک اکٹھی سوتی رہیں ۔ دونوں کی اکٹھی شادی ہوئی جب ہاجرہ کی عمر 16 سال اور حفصہ کی 14 سال تھی ۔ ہاجرہ کی شادی اپنی پھوپھی کے بیٹے سے ہوئی ۔ دونوں بہنوں میں بچپن سے بہت پیار تھا جو شادی کے بعد بھی قائم رہا ۔ ہاجرہ کے ہاں بیٹا پیدا ہونے کے بعد جب حفصہ کے ہاں یکے بعد دیگرے دو بیٹیاں پیدا ہوئیں تو ہاجرہ نے حفصہ سے کہا کہ میں تمہاری ایک بیٹی کو اپنی بہو بناؤں گی ۔ بیس پچیس سال بعد جب ہاجرہ کا بیٹا نعیم تعلیم حاصل کرنے کے بعد ملازم ہو گیا تو اس نے حفصہ سے اس کی بیٹی نعیمہ کا رشتہ مانگا ۔ بیس پچیس سال سے اس رشتہ کا علم رکھنے والی حفصہ نے اپنی بیٹی نعیمہ کا رشتہ دینے سے انکار کر دیا جس کیلئے کچھ لغو قسم کی وجوہات بتائیں ۔ ہاجرہ نے اپنے چھوٹے بھائی صغیر جس پر وہ اپنی جان چھڑکتی تھیں سے مدد مانگی ۔ صغیر نے نہ صرف حفصہ کا ساتھ دیا بلکہ نعیم کی شکل اور اس کے چال چلن متعلق بے بنیاد باتیں کیں جس سے ہاجرہ کو دکھ پہنچا لیکن اس نے خاموشی اختیار کر لی ۔

تین سال بعد نعیم اس شہر میں گیا ہوا تھا جہاں اسکے ماموں صغیر رہتے تھے کہ وہاں ہاجرہ اور حفصہ کے بڑے بھائی یعنی نعیم کے بڑے ماموں کبیر جو ملک سے باہر تھے آ گئے اور علیحدگی میں نعیم سے پوچھا کہ تمہیں نعیمہ کی بجائے کوئی اور لڑکی پسند ہے ؟ نعیم کی نفی پر کبیر نے اپنے چھوٹے بھائی صغیر کو ڈانٹ پلائی کہ تمہارے یہاں ہوتے تمہاری بڑی بہنیں بچھڑنے کو آئیں اور تم نے ان کو ملانے کی کوشش نہ کی ۔ کبیر پھر صغیر کو ساتھ لے کر حفصہ کے پاس دوسرے شہر گئے اور اسے لے کر ہاجرہ کے پاس پہنچے جہاں انہوں نے ہاجرہ کے سامنے حفصہ سے پوچھا کہ نعیم کے ساتھ نعیمہ کی شادی نہ کرنے کی کیا وجوہات ہیں ؟ جو وجوہات حفصہ نے بتائیں کبیر نے لغو یا بے بنیاد کہہ کر رد کر دیں لیکن حفصہ نے کہا کہ حتمی فیصلہ سے وہ اپنے گھر جانے کے بعد آگاہ کریں گی ۔ دراصل رشتہ داروں نے ان سے اپنی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے بڑی ہوشیاری کے ساتھ من گھڑت باتیں ہاجرہ ۔ ہاجرہ کے خاوند اور نعیم کے متعلق بتائی ہوئی تھیں ۔

واپس اپنے شہر پہنچنے پر حفصہ کے گھر میں پھر بحث مباحثہ ہوا ۔ آخر فیصلہ ہوا کہ نعیمہ سے پوچھا جائے تو نعیمہ نے اپنی خالہ ہاجرہ کے حق میں ووٹ دے دیا کیونکہ دوسرے امیدوار غیر تھے اور ان کے متعلق مفصل علم نہ تھا چنانچہ نعیمہ کی سگائی یا منگنی نعیم سے ہو گئی ۔

مزید دو سال بعد نعیم اور نعیمہ کی شادی ہو گئی ۔ وہ دونوں ہنسی خوشی رہ رہے تھے کہ نعیمہ کا بھائی اپنی بیوی کے ساتھ ان کے گھر آیا اور چند دن بعد چلا گیا ۔ اس کے بعد پھر لاوہ پکنا شروع ہوا اور نعیمہ کو دو ہفتہ کیلئے بلایا گیا اس خیال سے کہ اسے واپس نہیں بھیجا جائے گا ۔ وجہ نعیم کا مفروضہ ظلم تھا یعنی وہ نعیمہ کو کھانے کو کچھ نہیں دیتا اسی لئے وہ شادی کے بعد موٹی نہیں ہوئی ۔ نعیمہ کے دونوں بھائی اور چھوٹے ماموں صغیر نعیمہ کو طلاق دلانے کیلئے کوشاں تھے ۔ حفصہ کو جب بہت مجبور کیا گیا تو اس نے تھوڑا وقت مانگ کر علیحدگی میں اپنی بیٹی نعیمہ سے پوچھا کہ سب چاہتے ہیں کہ تم نعیم سے طلاق لے لو اور تمہاری شادی ایک بہت اچھے اور امیر گھرانے میں ایک بہت اچھے لڑکے کے ساتھ شادی کریں گے ۔ نعیمہ نے کہا کہ مجھے طلاق نہیں لینا ۔ نعیم بہت اچھا ہے میں اسی کے پاس واپس جانا چاہتی ہوں ۔ دوسرے ہی دن اس نے اپنے بڑے بھائی سے کہا کہ مجھے بس پر چڑھا دو میں میں واپس اپنے شوہر کے پاس جانا چاہتی ہوں ۔ وہ نعیم کو کہہ کر آئی تھی کہ مجھے دو ہفتے بعد آ کر لے جانا جبکہ ابھی ایک ہفتہ بھی نہ گذرا تھا اور وہ واپس چلی گئی ۔

اس کے بعد سے اللہ کے فضل سے نعیم اور نعیمہ اچھی زندگی گذار رہے ہیں دونوں کے والدین اور ماموں فوت ہو چکے ہیں ۔ اللہ انہیں جنت میں جگہ دے ۔ بڑے ماموں کبیر تو پہلے ہی نعیم اور نعیمہ سے بہت پیار کرتے تھے ۔ متذکرہ بالا واقعہ کے بعد نعیمہ کی امی حفصہ نے نعیم کو ماں کا پیار دیا اور نعیمہ سے زیادہ نعیم کا خیال رکھا ۔

اللہ کا فرمان ہے ۔ مومن تو ایک دوسرے کے بھائی ہیں لہٰذا اپنے بھائیوں کے درمیان تعلقات کو درست کرو اور اللہ سے ڈرو ۔ اُمید ہے کہ تم پر رحم کیا جائے گا ۔ سورت ۔ 49 ۔ الْحُجُرَات ۔ آیت 10

ذمہ دار

ایک ترقی پذیر درمیانے سائیز کے ملک جس کے مشیر آئی ایم ایف اور ورڈ بنک تھے کا مشرقِ بعید کے ایک چھوٹے ملک کے ساتھ کشتی رانی کا مقابلہ ہوا۔ مقررہ وقت میں زیادہ فاصلہ طے کرنے والا فاتح قرار پاتا ۔ چھوٹے ملک نے یہ مقابلہ ایک میل کے فرق سے جیت لیا ۔ ترقی پذیر ملک نے فوری طور پر آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے ماہرین کو ایک خطیر رقم کے عوض بُلوایا ۔ کمپیوٹر کے ذریعے اعداد و شمار نکالے گئے۔ آخر میں نتیجہ مرتب ہوا کہ فاتح ملک کی ٹیم میں ایک منیجر اور 6 ملاح ہیں جبکہ ہارنے والی ٹیم 6 منیجروں اور ایک ملاح پر مشتمل ہے۔

یہ ایک اہم قومی مسئلہ تھا اسلئے فوری طور پر ملک کے سربراہ کو رپورٹ پیش کی گئی کہ ٹیم میں تبدیلی ضروری ہے ۔ سربراہ نے فیصلہ دیا کہ ایک سے زیادہ ملاح بھرتی کرنا ملک کی معیشت پر بوجھ ہوگا اسلئے ملاح ایک ہی رہنے جائے ۔ منیجر وں کی اکثریت فوجی افسر اور باقی سول بیوروکریٹ ہیں جو عقلمند ہوتے ہیں اور تجربہ کار بھی اور امریکہ سے آئے ہوئے ماہرین کی رپورٹ پر عمل کرنا بھی ضروری ہے اسلئے ایک منیجر کو ترقی دے کر جنرل منیجر بنا دیا گیا ۔ ایک کو منیجر ہی رہنے دیا گیا جبکہ 2 کو ڈپٹی منیجر اور 2 کو اسسٹنٹ منیجر بنا دیا گیا ۔

اگلے سال اُسی چھوٹے ملک سے پھر اس ترقی پذیر مُلک کا کشتی رانی کا مقابلہ ہوا۔ اس مرتبہ محنت پر یقین رکھنے والا وہ چھوٹا ملک پھر جیت گیا اور اس بار ایک کی بجائے 2 میل کے برتری سے ۔ ترقی پذیر ملک کے سربراہ نے پھر آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے رابطہ کیا اور اس بار پہلے سے زیادہ عوضانہ پر فوری اور اعلٰی سطحی مشاورت طلب کی ۔ چنانچہ اعلٰی ماہرین کی ایک ٹیم پہنچ گئی اور گہرے مطالع اور زیرک تجزیہ کے بعد اپنی سفارشات میں لکھا کہ کشتی کی ٹیم کو ناکامی سے دوچار کرنے والے یا والوں کا محاسبہ کیا جائے ۔ مُلک کے سربراہ نے اپنے معتمدِ خاص کو اس رپورٹ پر اپنی سفارشات دینے کا کہا ۔ اس نے تجویز کیا ۔ چونکہ کشتی چلانا ملاح کا کام ہے اسلئے جیتنے یا ہارنے کا ذمہ دار بھی وہی ہو سکتا ہے ۔ مُلک کے حاکم نے ملاح کو نوکری سے نکال باہر کیا اور تمام منیجروں کو ترقی دے کر دوسرے بہتر محکموں میں بھیج دیا ۔

شفاف انتخابات

آنے والی حکومت آپ کی ہو گی اگر ۔ ۔ ۔

آپ خواہ کتنے ہی لاغر یا بیمار ہوں آپ ووٹ ڈالنے ضرور جائیں

آپ تمام رنجشیں ۔ تمام دوستیاں ۔ تمام لالچ ۔ تمام اثر و رسوخ بھُلا کر ووٹ اس کو دیں جس کا ماضی سب اُمیدواروں میں سے زیادہ دیانت اور بے لوث عوامی خدمت میں گذرا ہو

آپ کو ووٹ ڈالنے کیلئے خواہ کوئی بھی لے کر جائے ووٹ اس کو دیں جس کا ماضی سب اُمیدواروں میں سے زیادہ دیانت اور بے لوث عوامی خدمت میں گذرا ہو

آپ کسی کو نہ بتائیں کہ آپ ووٹ کس کو دیں گے ۔ کوئی پوچھے تو جواب میں کہیں ” آپ بالکل فکر نہ کریں “

اپنے اہلِ خاندان اور دوسرے عزیز و اقرب کو بھی اسی پر آمادہ کریں

اسلام آباد کی ترقی یا لوٹ مار

بسلسلہ 15 دسمبر 2007ء   ۔ 27 دسمبر کی شام بینظیر بھڎٹو کے قتل اور بعد میں پیدا ہونے والے حالات کی وجہ سے یہ موضوع پس منطر میں چلا گیا تھا جس کیلئے معذرت ۔ 

اسلام آباد میں رہائشی اور کمرشل پلاٹ جو بااثر بیوروکریٹس ۔ فوجی افسروں ۔ سیاستدانوں اور بزنس مینوں کو الاٹ کئے گئے وہ بھی کم نہیں مگر جو لوٹ مار ماڈل ولیج [Model Village] کے نام پر ہوئی اس کا خاکہ پیشِ خدمت ہے ۔

اسلام آباد اور راولپنڈی کے مضافاتی علاقوں میں پولٹری اور سبزیوں کی افزائش کے نام پر اربوں روپے کی 2500 ایکڑ زمین 1970ء سے 1990ء تک کوڑیوں کے بھاؤ فروخت کی گئی تھی ۔ حکومتی قواعد وضوابط کے مطابق اس زمین کا 80 فیصد حصہ سبزیوں کی بھرپور فارمنگ کیلئے استعمال ہوناتھا اور انڈے اور مرغی کی مناسب دستیابی کیلئے برائلر [broiler] اور لےئر [layer] مرغیاں بھی رکھنا تھیں ۔ ان قواعد کے مطابق پورے منصوبے کو 2 برس کے اندر پیداوار میں لانا ضروری تھا ۔ دیوالیہ پن کی صورت میں یا سی ڈی اے کے قواعد کا خیال نہ رکھنے کی صورت میں سی ڈی اے معاہدہ کینسل کرکے کسی بھی فارم کی ملکیت حاصل کر سکتا ہے تھا اور اس سلسلے میں اسے کسی بھی مد میں کوئی واجبات یا ہرجانہ ادا نہیں کرنا ہوتاجبکہ پلاٹ واپس الاٹ کرنے والے ادارے کو مل جاتا ۔

یہ زرعی اراضی جڑواں شہر وں کے لوگوں کیلئے ارزاں نرخوں پر سبزیاں اور پولٹری مصنوعات فراہم کرنے کیلئے دی گئی تھی ۔ لیکن ان بااثر افراد جن میں صدر جنرل پرویز مشرف اور وزیر اعظم شوکت عزیز کے نام بھی شامل ہیں نے اس زرعی اراضی کو یہ اجناس پیدا کرنے کے بجائے یہاں پر زندگی سے لطف اندوز ہونے کیلئے بڑے بڑے محلات اور تفریحی سہولیات قائم کرلیں اور اسکی وجہ سے جڑواں شہروں کو سبزیوں اور پولٹری مصنوعات کی رسد میں کمی ہوئی اور اسکے نتیجے میں عوامی سطح پر مہنگائی بڑھی ۔

اس 499 با اثر ترین افراد کی فہرست میں زیادہ تر طاقتور جرنیل ، بیوروکریٹس، تاجر ، خفیہ ایجنسیوں کے عہدیدار شامل ہیں جن میں سے کچھ نے پلاٹ حاصل کرنے کے بعد سی ڈی اے کو دی گئی قیمت سے کہیں زیادہ داموں پر اسی وقت بیچ دیئے ۔ صدر اور وزیر اعظم کے علاوہ اس فہرست میں موجودہ چیئرمین سینٹ محمد میاں سومرو ۔ سابق چیئر مین سینیٹ اور ایوان بالا کے موجودہ قائد ایوان وسیم سجاد، ڈی جی آئی ایس آئی میجرجنرل اسدنواز خان ۔ ڈاکٹر انور عزیز ۔ بریگیڈیئر سجاول خان ۔ رفعت جمیل نشتر ۔ محمد شجاعت عظیم(وزیر اطلاعات طارق عظیم کے بھائی) ۔ پیپلزپارٹی کی رہنما ناہید خان ۔ میجر جنرل ایس علی حامد ۔ مسز زیبا فصیح بخاری[میجرجنرل فصیح الدین بخاری کی بیوی] ۔ سعدیہ حفیظ پیرزادہ ۔ ڈی جی آئی ایس آئی میجر جنرل رشیداحمد خان ۔ اعجاز شفیع ۔ بریگیڈیئر سجاول خان ملک ۔ ملیحہ لودھی ۔ شیر علی جعفر ۔ امبرین ہارون ۔ مسز یامینہ مٹھا [میجر جنرل مٹھا کی بیوی] ۔ میجر جنرل ایم اشرف خان ۔ بریگیڈیئر محمد حسین ۔ بریگیڈیئر صادق قریشی ۔ میجر جنرل فرحت علی بخاری ۔ میجر جنرل عطاء الرحمن ۔ سیف الرحمٰن اور دیگر کے نام شامل ہیں ۔ اس میں علامہ اقبال کے صاحبزادے جسٹس(ر) جاوید اقبال کا نام بھی شامل ہےجس نے نذیر محمد شیخ سے 1999ء میں سبزیوں کے کاروبار اور پولٹری شروع کرنے کیلئے2.72 ایکڑ کا پلاٹ خریدا تھا۔

ایک صاحب میاں ریاض الدین کو 26.5 ایکڑ رقبہ کا پلاٹ دیا گیا تھا جنہوں نے بعد میں یہ پلاٹ خواجہ فرخ مجید کو فروخت کر دیا ۔ ایک اور صاحب غلام عباس کو 18 ایکڑ رقبہ کا پلاٹ دیا گیا تھا ۔

آئی ایس آئی نے بھی اپنے نام پر یہ زرعی فارمز الاٹ کرائے ۔ [کیوں ؟؟؟]

زیادہ لوگوں نے یہ فارمز اپنی بیویوں یا بیٹیوں کے نام پر الاٹ کروائے اسلئے ان کی شخصیت صرف سی ڈی اے کے مکمل ریکارڈ کے مطالعہ اور مزید تحقیقات ہی سے پتہ چل سکتی ہے ۔

مصیبتیں تنہا نہیں آتیں

شائد آٹھویں جماعت میں محاورہ پڑھا تھا ۔ مصیبتیں تنہا نہیں آتیں ۔ جب سے پرویز مشرف کی اصلی جمہوریت آئی ہے اور بالخصوص پچھلے ایک سال میں اس محاورے کا مطلب سمجھ میں آ گیا ہے ۔ شائد کوئی سمجھے کہ میں بم دھماکوں یا دہشتگردوں کی بات کرنے لگا ہوں تو غلط ہے کیونکہ ہر بم دھماکے کے بعد پرویز مشرف اور اس کے اہلکار دہشتگردوں کو بے نقاب کرنے ۔ ان کے ساتھ آہنی ہاتھ سے نبٹنے اور انہیں کیفرِ کردار تک پہنچانے کا دعوٰی کرتے ہیں ۔ اسلئے مجھے کوئی فکر نہیں کہ شائد کبھی وہ دن آ جائے جب پرویز مشرف اور اس کے اہلکاروں کے ہاتھ عوام کی گردنیں دبا دبا کر آہنی بن جائیں اور دہشتگردوں کو بے نقاب کرنے کے قابل ہو جائیں ۔ مجھے آٹے اور گھی کی بھی فکر نہیں کیونکہ جب ٹماٹر مہنگے ہوئے تھے تو ہمارے شہنشاہ نے فرمایا تھا کہ مہنگے ہیں تو نہ کھائیں ۔

مُلا کی دوڑ تو پھر بھی مسجد تک ہوتی ہے ۔ میری دوڑ ایک ماہ سے بیڈ روم ۔ باتھ روم اور ڈائیننگ روم تک ہی رہتی ہے یا پھر بازار میں موم بتیاں ڈھونڈتا پھر رہا ہوتا ہوں اور ساتھ ساتھ گاتا جاتا ہوں
میں پورے اسلام آباد میں ڈھونڈتا پھر رہا ہوں تُجھے
موم بتی تو کہاں ہے مجھ کو آواز دے مجھ کو آواز دے

ایک ہفتہ سے میری دوڑ عام طور پر بستر یا کرسی تک ہی رہتی ہے ۔ مجھے اپاہج نہ سمجھ لیں ۔ اللہ کے فضل سے میرے نین پرین سب فرسٹ کلاس ہیں ۔ صرف قدرتی گیس کا پریشر کم ہونے کی وجہ سے گیس ہیٹر سے جُڑ کے کرسی پر بیٹھنا پڑتا ہے ۔ چپاتی توے پر پکنے کی بجائے سوکھ جاتی ہے اسلئے دو چپاتیاں چبانے کیلئے ڈائیننگ روم کی کرسی پر دو گھنٹے بیٹھنا پڑتا ہے ۔ غروبِ آفتاب سے طلوع تک کئی بار بجلی غائب ہو جاتی ہے اسلئے بیڈ روم میں بستر پر ہی دراز رہنا پڑتا ہے ۔ پانچ چھ روز قبل ایمرجنسی لائٹ خریدنے گیا ۔ ایمرجنسی لائٹ جو تین ماہ قبل 500 روپے کی تھی وہ 1200 روپے کی ہو گئی ہے لیکن اسلام آباد میں نہیں مل رہی ۔

بجلی آتی کم اور جاتی زیادہ ہے اور ایک ہفتہ سے ایک ماڈرن سٹائل اپنایا ہے کہ ہر 15 سے 25 منٹ بعد بجلی 2 سے 10 منٹ کیلئے غائب ہو جاتی ہے ۔ یہ روزانہ کے ان 30 منٹ سے کئی گھنٹوں کے متعدد بلیک آؤٹس کے علاوہ ہے جو ایک ماہ سے جاری ہیں ۔ اس پرویزی ماڈرنائیزیشن کی بدولت پانی بھی بہت کم مل رہا ہے چنانچہ اپنے مکان کے پانی کا تین ماہ کیلئے 800 روپیہ ادا کرنے کے باوجود پچھلے دو ہفتے سے روزانہ پانی کا ٹینکر خریدنا پڑ رہا ہے ۔ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کا مخفف ہے اِیسکو ۔ اسلام آباد کے لوگ کہتے ہیں اِیسکو یعنی کھِسکو ۔

اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی بجلی کی چکا چوند کی مہربانی سے ہمارا ریفریجریٹر تین دن قبل خراب ہو گیا ۔ اللہ کا شکر ہے کہ اچھا مکینک مل گیا اور کل ٹھیک کر گیا کیونکہ اس کی بکنگ زیادہ تھی ۔ بجلی کی چکا چوند نے میرے کمپیوٹر کو بھی نہ بخشا اور ڈیفنڈر اور اینٹی وائرس سمیت کئی فائلیں اُڑ گئیں ۔ نتیجہ یہ ہوا کہ مُہلک قسم کی ٹروجن ہارس کوئی چار درجن فائلوں میں گھُس گئی اور میرے لئے نہ صرف کام کرنا مشکل ہو گیا بلکہ نئی اینٹی وائرس انسٹال کرنا ہی مشکل ہو گیا ۔ اللہ کا کرم ہوا کہ ایکسٹرنل ہارد ڈسک سے اینٹی وائرس انسٹال کرنے میں کامیاب ہو گئے ۔

کوئی تحریر لکھ کر شائع کرنا ہو یا تبصرہ کرنا ہو یا تبصرے کا جواب لکھنا ہو تو درمیان میں بجلی غائب ہو جاتی ہے ۔ اُس وقت جو میرا حال ہوتا ہے وہ خودکُش بم حملہ میں مرنے والے سے بھی زیادہ ہوتا ہے کیونکہ وہ تو یکدم مر کر ہر تکلیف سے بے نیاز ہو جاتا ہے اور میں ہر دن کئی بار مر کے جیتا ہوں ۔ بعض اوقات جب بجلی آتی ہے تو مجھے بھول ہی جاتا ہے کہ میں کیا لکھنا چاہ رہا تھا ۔ قارئین الگ میری ریپُوٹیشن خراب کر رہے ہونگے کہ نہ ہماری دلچسپ تحاریر پر تبصرہ کرتا ہے اور نہ اپنے بلاگ پر ہمارے پُرمغز تبصروں کے جواب دیتا ہے