What Am I میں کیا ہوں ۔ ۔ ۔ ۔ ۔

ميرا مقصد انسانی فرائض کے بارے میں اپنےعلم اور تجربہ کو نئی نسل تک پہنچانا ہے ۔ رَبِّ اشْرَحْ لِی صَدْرِی وَيَسِّرْ لِی أَمْرِی وَاحْلُلْ عُقْدة مِنْ لِسَانِی يَفْقَھُوا قَوْلِی



تختۂ کار

سرسیّد سے غامدی تک

2,786 بار دیکھا گیا مصنف : افتخار اجمل بھوپال :: بتاریخ Oct 15 2007

دوسری صدی ہجری میں خوارج اور معتزلہ نے سنّت سے انکار کا فتنہ اُٹھایا ۔ سبب یہ تھا کہ سنّت خوارج کے انتہاء پسندانہ نظریات کے پرچار کی راہ میں ایک مضبوط فصیل کی طرح حائل تھی جبکہ معتزلہ کم علمی یا ایمان کی کمزوری کی وجہ سے عجمی اور یونانی فلسفوں سے متاثر ہو کر دین اسلام کو شک کی نظر سے دیکھنے لگے تھے ۔ یہ دونوں فتنے کچھ مدت بعد اپنی موت آپ مر گئے جس کی بڑی وجوہ محدثین کا زبردست تحقیقی کام ۔ اہلِ عِلم کی طرف سے قرآن کی تصریحات اور اُمت کا اجتماعی ضمیر تھیں ۔ تیسری صدی ہجری کے بعد پھر صدیوں تک یہ فتنہ سر نہ اُٹھا سکا ۔

دوسری بار اس فتنے نے تیرہویں صدی ہجری [اُنیسویں صدی عیسوی] میں عراق میں سر اُٹھایا اور پھر ہندوستان میں اس کی بنیاد سر سیّد احمد خان [1817 تا 1898] نے ڈالی ۔ اُن کے بعد مولوی چراغ علی ۔ مولوی عبداللہ چکڑالوی ۔ مولوی احمد دین امرتسری اور مولوی اسلم جیراج پوری یکے بعد دیگرے اس کے علمبردار بنے ۔ آخرکار اس کی ریاست چوہدری غلام احمد پرویز [1903 تا 1986] کے ہاتھ آئی جس نے اسے ضلالت کی انتہاء تک پہنچا دیا ۔ فی زمانہ اس کام کا بیڑہ جاوید احمد غامدی نے اُٹھایا ہوا ہے ۔ یہ صاحبان بھی معتزلہ کی طر ح یورپی اور امریکی فلسفہ سے متاثر لگتے ہیں ۔

دین میں ان حضرات نے کتنا غلو کیا ۔ اس کے متعلق علماء دین مفصل لکھ چکے ہیں ۔ دین اسلام کے علماء کی جو چند کتابیں میں نے ان صاحبان کے خیالات کے متعلق دیکھی ہیں ان میں زیادہ زور سنّت کی حیثیت پر دیا گیا ہے ۔ مودودی صاحب کی سنّت کی آئینی حثیت میں غلام احمد پرویز کے ایک پیروکار کے خطوط اور ان کے جامع جوابات رقم کئے ہیں اور اس سلسلہ میں تمام اعتراضات اور واقعات کا مختصر مگر جامع تجزیہ بھی کیا ہے ۔

میں چونکہ انجنیئرنگ سائنس کا طالب علم ہوں اسلئے اسی لحاظ سے مطالعہ کرتا ہوں ۔ مجھے ان منکرینِ حدیث میں سے سرسیّد احمد خان ۔ غلام احمد پرویز اور جاوید احمد غامدی صاحبان کی تحاریر پڑھنے کا موقع ملا ۔ ان صاحبان نے اصلاح معاشرہ کی بجائے تجدیدِ دین کا بوجھ اپنے کندھوں پر ڈال کر دین اسلام کو جدید دنیا کے مطالبات کے تابع بنانے کی کوشش کی ہے ۔ حدیث کی کُتب کو متنازیہ بناتے ہوئے یہ حقیقت نظرانداز کر دی گئی کہ جس ذریعہ سے ہمارے پاس سنّت یا حدیث کا بیان پہنچا ہے قرآن شریف بھی ہمارے پاس اسی ذریعہ سے پہنچا ہے ۔ پھر جب وہ اس بات کو مانتے ہیں کہ قرآن شریف اصلی ہے تو مستند احادیث کیسے غلط ہو گئیں ؟ مزید یہ کہ اللہ نے قرآن شریف کی حفاظت کی ذمہ داری لی ہے اور اللہ سُبحانُہُ و تعالی کا یہ بھی فرمان ہے کہ سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اپنی خواہش سے کوئی بات نہیں کہتے [سورت النَّجْم] ۔ جب سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے اپنی خواہش سے کوئی بات نہیں کہی تو پھر اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی ہی کی خواہش ہم تک پہنچائی تو کیا اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی کو اس کی حفاظت منظور نہ تھی ؟

حدیث کو متنازعہ بنانے کے علاوہ مجھے زمانۂ جدید کے ان مفکرین کی تحاریر میں دو باتیں نمایاں نظر آئیں ۔ ایک عورتوں کے پردہ کا نظریہ اور دوسرا جہاد کا جنہیں مغربیت کا لباس پہنانے کیلئے ان صاحبان نے قرآن شریف کی متعلقہ کچھ آیات کو صرف رسول اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کی حیاتِ طیّبہ کیلئے مخصوص کر دیا اور کچھ کا شانِ نزول اور سیاق و سباق سے قطع نظر جدید دور کے مطالبات کے مطابق اپنی مرضی کا ترجمہ کر لیا ۔ گویا پچھلی 14 صدیوں میں پیدا ہونے والے سینکڑوں اہلِ عِلم سے یہ صاحبان زیادہ عقل و فہم رکھتے ہیں ۔ سُبحان اللہ ۔ غور کیا جائے تو ان صاحبان کا مقصد مغربیت زدہ لوگوں کو جواز کج روی مہیا کرنے کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا ۔


سنّت کے اتباع کی سند


سورت ۔ 3 ۔ آل عمران ۔ آیت 31 و 32 ۔
اے نبی لوگوں سے کہہ دو “اگر تم حقیقت میں اللہ سے محبت رکھتے ہو تو میری پیروی اختیار کرو ۔ اللہ تم سے محبت کرے گا اور تمہاری خطاؤں سے درگذر فرمائے گا ۔ وہ بڑا معاف کرنے والا رحیم ہے”۔ اُن سے کہو “اللہ اور رسول کی اطاعت قبول کر لو”۔ پھر اگر وہ تمہاری یہ دعوت قبول نہ کریں تو یقیناً یہ ممکن نہیں ہے کہ اللہ ایسے لوگوں سے محبت کرے جو اس کی اور اس کے رسول کی اطاعت سے انکار کرتے ہوں ۔


سورت ۔ 4 ۔ النّسآء ۔ آیت 13 و 14 ۔
یہ اللہ کی مقرر کی ہوئی حدیں ہیں ۔ جو اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے گا اُسے اللہ ایسے باغوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی اور ان باغوں میں وہ ہمیشہ رہے گا اور یہی بڑی کامیابی ہے ۔ اور جو اللہ اور اُس کے رسول کی نافرمانی کرے گا اور اس کی مقرر کی ہوئی حدوں سے تجاوز کرے گا اُسے اللہ آگ میں ڈالے گا جس میں وہ ہمیشہ رہے گا اور اُس کیلئے رسواکُن سزا ہے ۔


سورت ۔ 53 ۔ النَّجْم ۔ آیات 1 تا 3 ۔
قسم ہے ستارے کی جب وہ گرے کہ تمہارے ساتھی [سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم] نے نہ راہ گُم کی ہے نہ وہ ٹیڑھی راہ پر ہے اور نہ وہ اپنی خواہش سے کوئی بات کہتا ہے


سنّت کیا ہے ؟

سنّت کے لغوی معنی ہیں روِش ۔ دستور ۔ عادت ۔ لیکن دین میں سنّت کا مطلب ہے رسول اللہ سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی روِش [جو انہوں نے کیا] یا مسلمانوں کو کرنے کا کہا یا مسلمانوں کو کرنے کی منظوری دی ۔

حدیث کے بنیادی معنی ہیں خبر یا بیان ۔ اسی سے حدوث ۔ حادثہ ۔ حادث جیسے لفظ بنے ہیں ۔ لیکن مسلم آئمہ کرام کے مطابق یہ لفظ رسول اللہ سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے قول فعل یا تقریر کیلئے مختص ہے ۔

سنّت کی تین اقسام ہیں ۔ قولی ۔ وہ فعل جو سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے کرنے کا کہا ۔ عملی ۔ وہ فعل جو سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے کیا اور تقریری ۔ وہ فعل جو سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے سامنے اصحابہ رضی اللہ عنہم میں سے کسی نے کیا اور انہوں نے منع نہ فرمایا ۔

کشادہ نظری سے دیکھا جائے تو سنّت اور حدیث ایک ہی چیز ہے ۔ اسلامی شریعت میں قرآن شریف کے بعد حدیثِ نبوی کو نص مانا جاتا ہے ۔ وہی حدیث قابلِ اعتبار سمجھی جاتی ہے جبکہ اس کے اسناد میں راویوں کا غیر منقطع سلسلہ موجود ہو ۔ راوی قابلِ اعتماد ہوں جس کا قیاس ان کی زندگی کے عوامل سے لگایا گیا ہے ۔ حدیث کی صحت پر چودہ صدیوں سے امت کا اجتماع چلا آ رہا ہے سوائے سر سیّد احمد خان ۔ چراغ علی ۔ عبداللہ چکڑالوی ۔ احمد دین امرتسری ۔ اسلم جیراج پوری ۔ غلام احمد پرویز اور جاوید احمد غامدی صاحبان کے ۔ خوارج اور معتزلہ کی تحریک تو دوسری صدی ہجری میں اُٹھی اور دم توڑ گئی تھی ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان صاحبان کے پاس کونسی سند ہے جس کی بنیاد پر پچھلی 14 صدیوں میں ہونے والے سینکڑوں اعلٰی معیار کے علماء دین کو یہ غلط قرار دے رہے ہیں ۔


حدیث کی تاریخ

آغازِ اسلام میں سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے حدیث کی کتابت سے منع فرمایا تھا جس کا مقصد یہ تھا کہ قرآن شریف کے ساتھ کسی اور شے کا امتزاج و التباس نہ ہونے پائے لیکن جب قرآن و حدیث کی زبان میں امتیاز کا ملکہ راسخ ہو گیا تو آپ صلعم نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو حدیث لکھنےکی اجازت دے دی اور حدیث کی کتابت کا آغاز سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی حیاتِ مبارک ہی میں ہو گیا ۔

حدیث کی سند تصحیح اور کتابی شکل دینے کے متعلق پڑھئیے ۔ دائرہ معارفِ اسلامیہ جلد 7 ۔ صفحات 962 سے 981 تک ۔
یہ تحقیقی مجموعہ پنجاب یونیورسٹی کے قابل اساتذہ کی تیس چالیس سالہ محنت کا ثمر ہے جو 1950ء میں شروع ہوئی تھی ۔ پہلی جلد کی طباعت 1980ء میں ہوئی اور آخری جلد کی 1990ء میں ۔ مجھے دائرہ معارفِ اسلامیہ کے تحریر اور مرتب کرنے والے سب دانشوروں کی مکمل فہرست اور ان کی تعلیمی درجہ کا مکمل علم نہیں ہے ان میں سے چند یہ ہیں

ڈاکٹر محمد شفیع ۔ ایم اے [کینٹب] ۔ ڈی او ایل [پنجاب] ۔ ستارۂ پاکستان
ڈاکٹر محمد وحید میرزا ۔ ایم اے [پنجاب] ۔ پی ایچ ڈی [لندن]
ڈاکٹر محمد نصراللہ احسان الٰہی رانا ۔ ایم اے ۔ پی ایچ ڈی [پنجاب] ۔ پی ایڈ [کینٹب]
سیّد محمد امجد الطاف ۔ ایم اے [پنجاب]
سیّد نذیر نیازی
نصیر احمد ناصر ۔ ایم اے [پنجاب]
عبدالمنّان عمر ۔ ایم اے [علیگ]

دراصل سرسیّد احمد خان ۔ غلام احمد پرویز اور جاوید احمد غامدی صاحبان سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی حدیث کو ایک انسان کا قول و فعل فرض کرتے ہوئے اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی کے فرمان کو بھول جاتے ہیں اور اس اہم حقیقت کو بھی نظر انداز کر دیتے ہیں کہ اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی کے جو احکام قرآن شریف میں ہیں ان میں سے بیشتر پر عمل کرنے کی خاطر سنّت [حدیث] سے مدد لئے بغیر ان کو سمجھنا ناممکن ہے ۔

22 تبصرے to “سرسیّد سے غامدی تک”

  1. MyAvatars 0.2 نعمان کا کہنا ہے کہ:

    اس بات سے قطع نظر کہ ان حضرات کا فلسفہ کیا ہے۔ معتزلہ سے لے کر غامدی تک ان حضرات علماءدین کو ہر لمحہ تحقیق و حفاظت پر کمر بند رکھا ہے۔ اس کے نتیجے میں‌ دین اسلام کی اشاعت و تبلیغ میں‌ جوابا جو تیزی آتی ہے وہ ایک بہت بڑا فائدہ ہے۔

    مجھے غامدی صاحب سے نہ کوئی اتفاق ہے نہ اختلاف۔ لیکن مجھے یہ بات کچھ عجیب لگتی ہے کہ کیوں‌ ایک متنازعہ شخصیت کو تمام ٹیلیوژن چینلز تقریبا ایک ہی جیسا پروگرام کرنے کو مدعو کرتے ہیں؟ یا تو ان پروگرامز کے فارمیٹ الگ الگ ہوں‌ تو چلیں‌ بات سمجھ میں‌ آتی ہے مگر ایک متنازعہ شخصیت کو اسقدر جانبدارانہ انداز میں‌ ٹیلیوژن کے پرائم ٹائم پر اتنا زیادہ دکھانا معنی خیز ہے۔

  2. MyAvatars 0.2 شاکر کا بلاگ کا کہنا ہے کہ:

    سبحان اللہ دل خوش ہوگیا

    افتخار اجمل صاحب کی حالیہ پوسٹ پڑھنے کا اتفاق ہوا۔ آج ذرا فراغت تھی میں نے سنت کی آئینی حیثیت از ابواعلٰی مودودی کا دیا گیا پی ڈی ایف ربط اتا…

  3. MyAvatars 0.2 میرا پاکستان کا کہنا ہے کہ:

    ہم نعمان صاحب کی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں‌کہ غامدی صاحب کو کیوں اتنا وقت ٹی وی چینلز پر دیا جارہا ہے۔
    اگر ہم احادیث کا غور سے مطالعہ کریں تو ہمیں‌ایک بھی بات ایسی نہیں‌ملے گی جس سے معاشرے میں شر کے پھیلنے یا بے راہ روی کی راہ ہموار ہوتی ہو۔
    جو لوگ احادیث کو نہیں‌مانتے وہ واقعی قرآن کے حکم کی خلاف ورزی کرکے گناہ کبیرہ کے مرتکب ہورہے ہیں۔ انہیں‌اپنے اس عمل پر توبہ کرنی چاہییے تاکہ وہ جہنم کی آگ سے بچ سکیں۔

  4. MyAvatars 0.2 روسی شہری کا کہنا ہے کہ:

    ویسے اپ نے نام غلط لکھا ہے ۔۔۔۔۔۔تصیح‌ فرما لیجئے ” جاوید احمد خوشامدی “۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    ویسے یہ نام ان کے شان شایان ہے ویسے یہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

  5. اجمل کا کہنا ہے کہ:

    نعمان صاحب
    ٹی وی پر دکھانے کے سوال کی مجھے آپ جیسے باخبر آدمی سے توقع نہ تھی ۔ ٹی چینلز پر سوائے خبروں اور کھیلوں کے جو کچھ ہوتا ہے وہ اللہ کے احکامات کا اُلٹ ہے البتہ اس طرح کے چند نام نہاد دینی پروگرامز ہوتے ہیں ۔ میلاد النببی کے نام پر بھی جو کچھ کیا جاتا ہے وہ اللہ کے حکم اور رسول اللہ کی سنّت کے برعکس ہوتا ہے ۔ یہی ٹی وی چینلز اگر انسانیت کی فلاح کیلئے استعمال کئے جائے تو قوم ترقی کی طرف تیزی سے گامزن ہو سکتی ہے ۔

  6. MyAvatars 0.2 نعمان کا کہنا ہے کہ:

    بجا فرمایا آپ نے۔ رمضان پر جو ادھم ان ٹی وی والوں‌ نے مچایا ہے جس کسی سے بھی بات ہوئی وہ نالاں‌تھا۔ شروع کے چند روزوں‌ کے بعد تو میری والدہ کا صبر جواب دے گیا اور انہوں نے سختی سے منع کردیا کہ عصر سے تراویح‌ تک ٹی وی بالکل بند رکھا جائے۔ عین افطار کے وقت تک اشتہارات اور دینی پروگرامز کے نام پر عجیب اور غلط معلومات کی فراوانی۔

  7. MyAvatars 0.2 الف نظامی کا کہنا ہے کہ:

    حجیت حدیث از ڈاکٹر خالد علوی

  8. MyAvatars 0.2 خاور بلال کا کہنا ہے کہ:

    السلام علیکم!
    امید ہے بخیریت ہونگے۔ ملتِ اسلامیہ کے ساتھ جو سلوک ہمارے زمانے میں ہورہا ہے وہی سلوک اب اسلامی تعلیمات کے ساتھ بھی کیا جارہا ہے۔ تعلیماتِ اسلام پر اعتراضات کرنے والوں کا جتھہ ہے جو مظلوم مسلمانوں پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ اسلام پر اعتراض اب ایسا ادرک ہے جو ہر بندر کے ہاتھ میں تھمادیا گیا ہے۔ گذشتہ چودہ صدیوں کے اجماعِ امت، اور محدثین و فقہاء کی عظیم خدمات کو جھٹلانا دورِ حاضر کا محبوب مشغلہ ہے۔وہ حضرات جو احادیث‌ پر اعتراضات کرتے ہیں وہ علماء کے روبرو اپنا موقف پیش کرنے کے بجائے عموما کم علم لوگوں کا انتخاب کرتے ہیں تاکہ ان کی دال زیادہ سے زیادہ گلے۔

    اجمل صاحب اس موضوع پر آپ کو متحرک دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ امید ہے اس سلسلے کو جلد آگے بڑھائیں گے۔ آپ کا ساتھ ہمارے لیے تقویت کا باعث ہے۔ اللہ اس کام کی برکت سے آپ کی صحت و توانائی میں برکت عطا فرمائے۔ آمین

    نوٹ: اردو محفل پر قسیم حیدر کی خواہش پر “سنت کی آئینی حیثیت” کو برقیانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

  9. اجمل کا کہنا ہے کہ:

    خاور بلال صاحب
    آپ کی نیک خواہشات کا شکریہ ۔ جزاک اللہ خیر
    اس قسم کے لوگوں سے نبیوں علیہم السلام کو بھی واسطہ پڑتا رہا اور ہر دور میں موجود رہے مگر جب دین والے باعلم ہوئے تو یہ اُبھر نہ سکے اور جب دین والوں نے علم کا ساتھ چھوڑ دیا تو یہ لوگ دلیر ہوئے ۔ آج کے دور کا مسئلہ اپنے آپ کو مسلمان کہنے والوں کی علم سے دُوری ہے ۔ اللہ ہمیں دین کا علم سیکھنے اور اس پر علم کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین ۔

  10. MyAvatars 0.2 قسیم حیدر کا کہنا ہے کہ:

    السلام علیکم، حدیث‌کے موضوع پر آپ کی تحریریں دیکھ کر خوشی ہوئی۔ اللہ آپ کو جزائے خیر دے۔

  11. اجمل کا کہنا ہے کہ:

    قسیم حیدر صاحب ۔ السلام علیکم و رحمة اللہ
    شکریہ و جزاک اللہِ خیرٌ

  12. MyAvatars 0.2 باذوق کا کہنا ہے کہ:

    السلام علیکم
    جزاک اللہ خیر اجمل صاحب ‫!
    ویسے کافی دن بعد آپ کے بلاگ پر حاضری دی ہے ۔ ان شاءاللہ اس موضوع پر میں‌ بھی علیحدہ تحریر لکھوں‌ گا۔

  13. اجمل کا کہنا ہے کہ:

    باذوق صاحب
    آپ تو ہیں ہی با ذوق ۔ میں کیا کہہ سکتا ہوں :smile:
    جزاک اللہِ خیرٌ

  14. MyAvatars 0.2 ظفر اقبال کا کہنا ہے کہ:

    غامدی صاحب کی ایک بات واضح ہے۔ وہ ہمیشہ اسلام اور اسلامیوں کے خلاف ہونے والی مہم میں دل جمعی سے سامراجی سمت سے حملہ آور ہوتے ہیں۔ ایک عالم کے تاثر کے ساتھ وہ ان سامراجی مہم جووئوں کے لئے بہت مدد گار ہوتے ہیں۔
    کییسے عجیب لوگ تھے جن کے یہ سلسلے رہے
    میرے بھی ساتھ ساتھ تھےاورون سے بھی ملے رہے

  15. MyAvatars 0.2 ظفر اقبال کا کہنا ہے کہ:

    اجمل صاحب
    آپ کا کام ایک صدقہ جاریہ ہے۔
    حدیث اور سنت کو قانون اسلامی کا ماخذ ماننے سے ان انکاریوں کے لئے ڈاکٹر حمید اللہ صاحب کے خطبات بھاولپور،نسخہء ہمام بن منبہ،سید ابوالاعلٰی کی سنت کی آئینی حیثیت کے علاوہ کچھ دوستون کی کاوش
    http://www.searchhadith.com
    پر موجود ہے۔

  16. MyAvatars 0.2 افتخار اجمل بھوپال کا کہنا ہے کہ:

    ظفر اقبال صاحب
    یہ شعر مذیدار ہے ۔ کن کا لکھا ہوا ہے ؟
    سنت کی تعلیم کیلئے مزید حوالھ کا شکریہ ۔ جزاک اللہ خیر

  17. MyAvatars 0.2 ظفر اقبال کا کہنا ہے کہ:

    اجمل صاحب
    معذرت
    شاعر کا نام یاد نہیں
    جوں ہی علم ہو گا۔آپ کی خدمت مین پیش کر دوں گا۔
    فتنوں کا پیچھا کرنے کے لئے کچھ دوستون کا گروپ تشکیل دیا ہے۔ دعا کریں۔ مدد بھی کیجئے گا۔ یوسف کذاب گروپ کے بارے میں مذید پیش رفت ہوئی ہے۔گھر چھوڑ کر آنا ہے۔انشاءاللہ

  18. MyAvatars 0.2 لطف الا سلام کا کہنا ہے کہ:

    جہاں تک میری اطلاع ہے، عبدالمنان عمر نام کے ایک صاحب مولانا نورالدین کے فرزند تھے- حکیم مولانا نورالدین جماعت احمدیہ کے پہلے خلیفہ تھے۔ عبدالمنان عمر کو جماعت احمدیہ سے بوجوہ خارج کر دیا گیا تھا اور وہ لاھوری جماعت سے وابستہ ہو گیے۔

  19. MyAvatars 0.2 افتخار اجمل بھوپال کا کہنا ہے کہ:

    لطف الاسلام صاحب
    معلومات بہم پہنچانے کا شکریہ ۔ یہ بات اس وقت میرے ذہن میں نہیں آئی ۔ مجھے یہ لکھنا چاہیئے تھا

  20. MyAvatars 0.2 الف نظامی کا کہنا ہے کہ:

    قادیانی / احمدی / لاہوری امت مسلمہ سے خارج ہیں۔

  21. MyAvatars 0.2 jimiwash کا کہنا ہے کہ:

    گڈ

  22. افتخار اجمل بھوپال کا کہنا ہے کہ:

    جمشيد صاحب
    تشريف آوری کا شکريہ
    آپ زبيری ہيں يا زوابری ؟

اپنی رائے دیجیے

درج ذیل خانوں میں آپ اردو لکھ سکتے ہیں ۔ انگریزی لکھنے کے لیے Control اور Space کے بٹن ایک ساتھ دبائیے

اہم اطلاع :- غیر متعلق اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے ۔ مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق ۔رکھتا ہے ۔ مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں

XHTML: ان ٹیگز کے استعمال کی اجازت ہے: <a href="" title=""> <abbr title=""> <acronym title=""> <b> <blockquote cite=""> <cite> <code> <del datetime=""> <em> <i> <q cite=""> <strike> <strong>

:wink: :twisted: :roll: :oops: :mrgreen: :lol: :idea: :evil: :cry: :arrow: :?: :-| :-x :-o :-P :-D :-? :) :( :!: 8-O 8)