پڑے سردی مریں غریب ۔ آئے گرمی مریں غریب

ملاحظہ ہوں ہمارے قابل خفیہ اداروں کا ایک اور کارنامہ بی بی سی کے ذوالفقار علی کی زبانی

پاکستان کی سپریم کورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار حماد رضا کے قتل کے الزام میں گرفتار کیے جانے والے پانچ ملزمان کے عزیزوں کا کہنا ہے کہ وہ بےگناہ ہیں اور وقوعے کے روز وہ سب کے سب اپنے اپنے گھروں میں موجود تھے۔ گرفتار ہونے والے پانچ میں سے چار افراد کا تعلق وادی نیلم کے گاؤں نیلم سے ہے اور ان میں سے تین سگے بھائی ہیں۔ چار افراد ابھی تک پولیس کی حراست میں ہیں جبکہ پانچویں کو رہا کر دیا گیا ہے۔ اس گاؤں کے زیادہ تر لوگ محنت مزدوری اور کھیتی باڑی کرتے ہیں اور ان کی مالی حالت پسماندہ دکھائی دیتی ہے۔حراست میں لیے جانے والے چاروں افراد کے گھروں کی مالی حالت بظاہر دوسروں سے مختلف نہیں۔

حماد رضا کے قتل کے الزام میں گرفتار کیے جانے والے شریف الدین گیلانی کی اہلیہ الفت رانی کہتی ہیں کہ’ اٹھارہ مئی کو سادہ کپڑوں میں ملبوس بارہ تیرہ مسلح افراد ہمارے گھر آئے اور میرے شوہر کے بارے میں دریافت کرنے لگے۔ وہ کون لوگ تھے ہمیں نہیں معلوم، لیکن انہوں نے اپنے ساتھ ایک شخص کے بارے میں کہا کہ یہ ہمارے کرنل صاحب ہیں۔‘ الفت کہتی ہیں کہ ’ہم رو رو کر ان سے پوچھ رہے تھے کہ کیا معاملہ ہے وہ میرے شوہر کو کہاں اور کس جرم میں لے جا رہے ہیں تو انہوں نے ہمیں وجہ بتانے کے بجائے یہ دھمکی دی کہ اگر کسی عورت نے اس میں مداخلت کی تو ہم گولی مار دیں گے۔‘ انہوں نے کہا کہ اس وقت میرے شوہر جمعہ کی نماز پڑھنے مسجد گئے ہوئے تھے چنانچہ ہم نے ان لوگوں کو بتایا کہ وہ مسجد میں نماز پڑھنے گئے ہیں۔ میرے شوہر وہاں سے وہ واپس گھر نہیں آئے اور ان کو وہیں سے پکڑ کر لے گئے۔‘

انہوں نے کہا کہ’ دو ہفتے تک تو مجھے اپنے شوہر کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا کہ وہ کہاں ہیں اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ ان کا کیا قصور ہے۔ہمیں اخبارات کے ذریعے یہ معلوم ہوا کہ میرے شوہر کو حماد رضا کے قتل کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ’ ہم غریب لوگ ہیں میرے شوہر لکڑی چرائی کر کے بچوں کا پیٹ پالتے تھے۔ ہمارے پاس قریبی قصبے اٹھمقام جانے کے لئے کرایہ نہیں ہوتا ہم حماد رضا جیسے بڑے آدمی کے قتل میں کیسے ملوث ہو سکتے ہیں۔‘ الفت رانی نے کہا’میرا شوہر بے قصور ہے اور ان پر غلط الزام لگایا گیا ہے۔‘ رانی کہتی ہیں کہ وقوعے کے روز ان کے شوہر گھر پر تھے۔ رانی نے اپنے زیر تعمیر لکڑی کے گھر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ گھر تعمیر کر رہے تھے اور یہ کہ وہ کافی عرصے سے پاکستان گئے ہی نہیں۔‘

شریف الدین کو حراست میں لینے کے کوئی دس دن بعد اٹھائیس مئی کو ان کے بھائی بشیر الدین کو بھی حراست میں لیا گیا۔ بشیر الدین کی اہلیہ کلثوم بی بی کہتی ہیں کہ اٹھائیس مئی کوسادہ کپڑوں میں ملبوس دو مسلح اہلکار ان کے گھر آئے اور کوئی وجہ بتائے بغیر میرے شوہر کو زبردستی ساتھ لےگئے۔‘ انہوں نے کہا ’ہمیں کیا معلوم تھا کہ ہمارے ساتھ یہ کچھ ہوگا۔‘ کلثوم بی بی کہتی ہیں کہ ’میرے شوہر معذور ہیں اور وہ آسانی سے چل پھر نہیں سکتے ایسے میں وہ کس طرح کسی کا قتل کرسکتے ہیں اور میرے شوہر کوئی دو ماہ سے گاؤں سے باہر ہی نہیں گئے۔‘ کلثوم کے مطابق ان کے شوہر زلزلے کے دوران ایک دوکان کے ملبے تلے دب گئے تھے جس کے باعث ان کی ایک ٹانگ اور بازو ٹوٹ گیا تھا جس کے بعد وہ ایک سال تک بستر پر ہی رہے۔انہوں نے کہا کہ’ میرے شوہر کو تیز چلنے سے تکلیف ہوتی ہے ، وہ آہستہ چلتے ہیں اور وہ وزن بھی نہیں اٹھاسکتے۔‘ کلثوم نے بتایا کہ کچھ عرصے سے ان کے شوہر نے تھوڑا بہت کام کرنا شروع کردیا اور بچوں کا پیٹ پال رہے تھے۔


دو جون کو جب میں حراست میں لیے جانے والوں کے خاندان والوں سے ملاقات کرنے کے لئے نیلم گاؤں میں پہنچا تو وہاں سرخ رنگ کی ایک پجارو جیپ کھڑی تھی۔ اس میں سوار دو سادہ کپڑوں میں ملبوس لوگ ایک نوجوان کو مقامی لوگوں کے حوالے کر کے چلےگئے۔ یہ نوجوان شریف الدین اور بشیر الدین کے بھائی ضیاءالدین تھے۔

ضیاءالدین نے بی بی سی کو بتایا کہ انہیں اٹھارہ تاریخ کو وادی نیلم میں کیرن کے مقام سے سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے اٹھایا اور قریب ہی اٹھمقام قصبے میں ریسٹ ہاؤس میں لے گئے۔ انہوں نے کہا’ مجھے وہاں دو روز رکھا گیا اور وہاں سے مجھے آنکھوں پر پٹی باندھ کر ہیلی کاپڑ پر بٹھا کر کسی نہ معلوم جگہ پر لے گئے۔حراست کے دوران مجھے ڈنڈوں اور چمڑے سے مارا پیٹا کیا گیا اور رات کو بازو باندھ کر کھڑا رکھا جاتا۔‘ ضیاءالدین نے کہا ’مجھ پر دباؤ ڈالا جارہا تھا کہ میں اقرار کروں کہ میں نے ڈکیتی اور قتل کیا اور یہ بھی کہہ رہے کہ تھے کہ میں قبول کروں کہ میرے بھائیوں نے بھی ڈکیتی کی اور قتل کیا ہے۔ لیکن میں نے ان سے کہا کہ جب مجھے کسی چیز کا معلوم ہی نہیں تو میں کیسے اس کا اقرار کروں۔‘

ضیاءالدین عارضی طور پر پڑھاتے بھی رہے ہیں اور بعد ازاں انہوں نے وادی نیلم میں لوات کے مقام میں منیاری کی دوکان شروع کی اور اب وہ جنگل میں لکڑی کا کام کرتے ہیں۔  لیکن حکام ان کو حراست میں لینے کے بارے میں مکمل طور پر لاعلمی کا اظہار کر رہے ہیں۔ ان کی والدہ امریزہ بیگم اپنے ایک بیٹے کی واپسی پر خوش ہیں لیکن وہ زیر حراست اپنے دو بیٹوں کے حراست کے بارے میں بہت پریشان ہیں ۔ انہوں نے کہا ’اللہ کا شکر ہے کہ میرا ایک بیٹا واپس آیا گیا ہے۔ میں التجا کرتی ہوں کہ میرے دوسرے دو بیٹوں کو رہا کریں۔‘ انہوں نے کہا کہ’ ہم کہاں جائیں کس سے فریاد کریں ہمارے پاس وسائل ہی نہیں ہیں۔‘

اسی گاؤں کے ایک سابق فوجی بشارت میر بھی حماد رضا کے قتل کے الزام میں زیر حراست ہیں۔ ان کے خاندان والوں کا کہنا ہے کہ ذہنی حالت درست نہ ہونے کے باعث ان کو کچھ سال قبل فوج سے برخاست کیا گیا تھا اور علاج کی وجہ سے وہ اب بہتر تھے اور لکڑی چرائی کا کام کرتے تھے۔ ان کے والد کہتے ہیں کہ ’ ہمیں نہیں معلوم کہ میرے بیٹے کو کیوں حراست میں لیا گیا ہے۔ اٹھائیس تاریخ کو سادہ کپڑوں میں ملبوس مسلح اہلکار ہمارے گھر آئے اور میرے بیٹے کو ساتھ لے گئے۔ ہمیں نہیں معلوم کہ وہ فوجی تھے یا خفیہ ادارے کے اہلکار، ہمیں کچھ سمجھ نہیں آتا کہ وہ کون لوگ تھے۔‘ بشارت میر کے والد نے کہا ’ان لوگوں نے پورے گاؤں میں دہشت پھیلادی اور لوگوں پر تشدد شروع کیا۔ ان کا کہنا تھا ’ بشارت میرا واحد سہارا ہے۔ میرا ایک بیٹا بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بھارتی فوج کے ساتھ لڑتے ہوئے ہلاک ہوا جبکہ دوسرا نویں جماعت کا طالب علم ہے اور بشارت ہی ہمارا واحد سہارا ہے۔ بشارت شادی شدہ ہے اور اس کے چار بچے ہیں۔ ہمارے ساتھ بہت ظلم ہوا ہے۔‘

بشارت کی والدہ نگار بی بی کہتی ہیں کہ’ وہ لوگ میرے بیٹے کی تلاش میں گھر آئے تو ہمارے گھر میں ادھیڑ عمر کے ایک رشتہ دار آئے ہوئے تھے۔ مسلح اہلکاروں نے ہمارے سامنے ان کو برہنہ کرکے مارا پیٹا کہ وہ ہمارے گھر کیوں آئے تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نےگاؤں میں کئی دیگر افراد کو بھی مارا پیٹا۔‘ انہوں نے کہا کہ’ حماد رضا کے قتل کے روز میرا بیٹا گھر پر تھا اور ہم مکئی بو رہے تھے۔‘

حماد رضا کے قتل کے الزام میں گرفتار چوتھے شخص میر محمد افضل کا تعلق مظفرآْباد سے ہے۔ وہ کئی سال دبئی میں مزدوری کر تے رہے اور گزشتہ سال ستمبر میں واپس آئے۔ کچھ ماہ سے وہ وادی نیلم کے قصبے اٹھمقام میں گوشت کا کام کر رہے تھے۔ میر محمد افضل کے بھائی منیر اختر سلہریا کا کہنا ہے کہ’ وقوعے کے روز میرے بھائی بیمار تھے اور وہ گھر پر موجود تھے۔ میں ان کو موٹر سائیکل پر بٹھا کر ایک میڈیکل اسٹور پر لے گیا جہاں ان کو ڈرپ لگائی گئی۔ میرے بھائی میں اتنی ہمت نہیں تھی کہ وہ موٹر سائیکل چلاسکتے۔ منیر اختر نے کہا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ ایک ہی تاریخ میں ایک شخص دو جگہ پر موجود ہو؟

انہوں نے کہا کہ حکومت کا یہ دعویٰ غلط ہے کہ میرے بھائی کو انتیس مئی کو گرفتار کیا گیا۔ ’ اٹھارہ مئی کو تین مسلح اہلکار ان کو اٹھمقام میں اپنی دوکان سے اٹھا کر لے گئے۔ ہم نے سنا ہے کہ وہ آئی ایس آئی اہلکار تھے اور ان کے ساتھ کوئی پولیس نہیں تھی۔‘ انہوں نے کہا کہ’ ہمارے گھر کے قریب تھانہ ہے۔ آپ کہیں سے بھی معلوم کرسکتے ہیں کہ ہمارے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ ہم نے عزت کی زندگی گزاری ہے۔‘

منیر اختر نے الزام لگایا کہ حماد رضا کو پاکستان کے صدر نے خفیہ ادارے والوں سے قتل کروایا اور انہوں نے کسی نہ کسی کو قربانی کا بکرا بنانا تھا اور ہمارے بھائی کو پھنسا دیا۔

ان چار افراد کے عزیزوں کا کہنا ہے کہ ملزمان کو دو مختلف دنوں یعنی اٹھارہ اور اٹھائیس مئی کو سادہ کپڑوں میں ملبوس مسلح اہلکاروں نے حراست میں لیا لیکن پاکستان کے وزیر داخلہ نے گزشتہ ماہ کے آخر میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان ملزمان کو مقامی پولیس کی مدد سے انتیس مئی کو حراست میں لیاگیا تھا۔ مظفرآباد کے ایڈینشل ڈپٹی کمشنر جنرل کا بھی یہی کہنا ہے کہ’ ان افراد کو انتیس مئی کو گرفتار کیا گیا اور ان کو گرفتار کرنے کے لیے مقامی پولیس نے اسلام آباد پولیس کی مدد کی اور ان کو تیس مئی کو مجسڑیٹ کے سامنے پیش کیا گیا اور بعد ازاں ان کو قانون کے مطابق اسلام آباد پولیس کے حوالے کیا گیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ وادی نیلم کے پولیس سربراہ کا کہنا ہے کہ’ ان افراد کو وادی نیلم میں نہیں بلکہ مظفرآباد میں گرفتار کیا گیا اس لیے ان کو زیادہ تفصیلات معلوم نہیں ہیں۔‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان افراد کو ماضی کے جرائم کے ریکارڈ اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔ لیکن ملزمان کے خاندان والے اس کی تردید کرتے ہیں کہ ان کے عزیز ماضی میں کسی جرم میں ملوث رہے ہیں۔ یہ افراد گناہ گار ہیں یا انہیں حبس بے جاہ میں رکھا جا رہا ہے، یہ فیصلہ تو عدالت ہی کرے گی لیکن حقیقت سامنے آنے تک ان کے خاندانوں کا سکون برباد ہوچکا ہے۔

This entry was posted in روز و شب on by .

About افتخار اجمل بھوپال

رہائش ۔ اسلام آباد ۔ پاکستان ۔ ۔ ۔ ریاست جموں کشمیر کے شہر جموں میں پیدا ہوا ۔ پاکستان بننے کے بعد ہجرت پر مجبور کئے گئے تو پاکستان آئے ۔انجنئرنگ کالج لاہور سے بی ایس سی انجنئرنگ پاس کی اور روزی کمانے میں لگ گیا۔ ملازمت کے دوران اللہ نے قومی اہمیت کے کئی منصوبے میرے ہاتھوں تکمیل کو پہنچائے اور کئی ملکوں کی سیر کرائی جہاں کے باشندوں کی عادات کے مطالعہ کا موقع ملا۔ روابط میں "میں جموں کشمیر میں" پر کلِک کر کے پڑھئے میرے اور ریاست جموں کشمیر کے متعلق حقائق جو پہلے آپ کے علم میں شائد ہی آئے ہوں گے ۔ ۔ ۔ دلچسپیاں ۔ مطالعہ ۔ مضمون نویسی ۔ خدمتِ انسانیت ۔ ویب گردی ۔ ۔ ۔ پسندیدہ کُتب ۔ بانگ درا ۔ ضرب کلِیم ۔ بال جبریل ۔ گلستان سعدی ۔ تاریخی کُتب ۔ دینی کتب ۔ سائنسی ریسرچ کی تحریریں ۔ مُہمْات کا حال

2 thoughts on “پڑے سردی مریں غریب ۔ آئے گرمی مریں غریب

  1. Wahaj/bsc

    “Jadid Technology”, the same as that of the most powerful government on earth today making the most powerful man of this world to speak of the most unusual lie of “WMD” (Even common sense is dispensed with on sch occasions, which is absent amongst the ‘uncommon’ people anyway).
    Kehtay hain keh jhoot kay pair naheen hotay laikin aajki duniya main technology aisey hay kih chalnay ko pair key aur urrnay ko paron key zururat nahin rahi.
    But you are right poor people pay for everything, Mera aik dost mazaq main kaha karta tha, “gharibon ko zinda rehnay ka koi haq nahin”
    What a sad story. My Allah bring peace for these families and put some sense of justice in the hearts of Pakistani ‘governers’.

  2. اجمل

    بھائی وہاج احمد
    آپ نے درست کہا ۔ اللہ ہمیں ان منافقوں اور ظالموں سے نجات عطا فرمائے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

:wink: :twisted: :roll: :oops: :mrgreen: :lol: :idea: :evil: :cry: :arrow: :?: :-| :-x :-o :-P :-D :-? :) :( :!: 8-O 8)

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.