Monthly Archives: May 2007

مزید وضاحت

 

مسجد الاقصٰی اور مسجد القُبة السّخراء کا درمیانی فاصلہ کوئی 160 میٹر ہو گا ۔ دیکھئے فضاء سے لی گئی  تصویر ۔ مسجد الاقصٰی بائیں جانب کی فصیل کے ساتھ ہے اور مسجد القُبة السّخراء داہنی جانب سنہرے گنبد والی ہے ۔

سپریم کورٹ کا نیا بینچ

سپریم جوڈیشل کونسل کی جسٹس افتخار محمد چودھری کے خلاف صدارتی ریفرنس کی کارروائی معطل کی جا چکی ہے اور اب قائم مقام چیف جسٹس رانا بھگوان داس نے سپریم کورٹ کا فل کورٹ تشکیل دے دیا ہے جو چودہ مئی سے روزانہ صدر مشرف کے خلاف غیر فعال چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی آئینی درخواست کی سماعت کرے گا ۔ سپریم کورٹ میں ججوں کی سینارٹی لسٹ کے مطابق فل کورٹ کی سربراہی جسٹس خلیل الرحمن رمدے کریں گے جبکہ اس کے باقی ارکان میں جسٹس محمد نواز عباسی ۔ جسٹس فقیر محمد کھوکھر ۔  جسٹس فلک شیر ۔ جسٹس میاں شاکر اللہ جان  ۔ جسٹس ایم جاوید بٹر ۔ جسٹس تصدیق حسین جیلانی ۔  جسٹس سید سعید اشہد ۔ جسٹس ناصر الملک  ۔ جسٹس راجہ فیاض  ۔ سٹس چودھری اعجاز احمد  ۔ جسٹس سید جمشید علی  ۔ جسٹس حامد علی مرزا  اور جسٹس غلام ربانی شامل ہوں گے۔

دوسری سالگرہ

آج اللہ کے فضل و کرم سے میرا روزنامچہ ”میں کیا ہوں – What Am I ” کو شروع کئے دو سال مکمل ہو گئے ہیں ۔ پہلے سال کے دوران قارئین کی کُل تعداد 8102 تھی جس کی اوسط فی یوم 22 اور 23 کے درمیان بنتی ہے ۔ اب کُل تعداد بڑھ کر 32094 ہو چکی ہے یعنی دوسرے سال میں 23992 قارئین ۔ جس کی دوسرے سال کی فی یوم اوسط 66 کے قریب بنتی ہے ۔ اِن اعداد و شُمار ميں اشتہار اور سپَيم [Spam] وغيرہ شامل نہيں ہيں ۔ میری تحاریر آجکل کے زمانہ کے لحاظ سے خشک اور بے رنگ ہونے کے باوجود اللہ کے کرم سے اس بلاگ کے قارئین کی تعداد میں روز افزوں اضافہ ہو رہا ہے جس کیلئے میں االلہ سُبحانُہُ و تعالٰی کا شکرگذار ۔ اللہ کے فضل سے میرا یہ روزنامچہ ہر اس ملک میں پڑھا جانے لگا نہ جہاں کوئی اُردو پڑھنے والا موجود ہے ۔ الحمدللہ ۔

اس روزنامچہ کے قارئین ہند و پاکستان کے کئی شہروں کے علاوہ ان مممالک کے رہائشی ہیں امریکہ [9 ریاستیں] ۔ کینڈا [ 2 شہر] ۔ برطانیہ [2 شہر]۔ فرانس ۔ جرمنی [3 شہر] ۔ بیلجیئم ۔ ہسپانیہ ۔ اطالیہ ۔ سویڈن [2 شہر] ۔ ناروے ۔ پولینڈ ۔ لتھوانیا ۔ ناروے ۔ سربیا ۔ ترکی [2 شہر] ۔ مراکش [2 شہر] ۔ الجزائر ۔ مصر [3 شہر] ۔ اردن ۔ اسرائیل ۔ سعودی عرب ۔ کویت ۔ ایران [5 شہر] ۔ متحدہ عرب امارات [2 شہر] ۔ روس ۔ ہانگ کانگ ۔ جمہوریہ کوریا ۔ وغیرہ ۔

اس روزنامچہ کی زندگی اور ترقی قارئین کی رائے کی مرہونِ منّت ہے جنہوں نے وقتاً فوقتاً مُختلف قسم کی آرا دے کر مجھے اپنے دماغ کو کُریدنے اور زيادہ محنت کرنے پر مجبور کیا اور موضوع سے موضوع نکلتا چلا گیا ۔ میری دعا ہے کہ اللہ سُبْحَانُہُ وَ تَعَالٰی تمام قارئین کو صحت و تندرستی اور ہمت عطا فرمائے آمین اور وہ اپنی مفید آرا سے مجھے مُستفید فرماتے رہیں ۔ اللہ سُبْحَانُہُ وَ تَعَالٰی موجودہ قارئین کے اہلِ خانہ ۔ دوستوں یا سہیلیوں کو بھی صحت و تندرستی اور ہمت عطا فرمائے آمین ۔

چُٹکلے

ہماری قوم میں کئی لوگوں کو برملا جھوٹ بولنے کی ایسی عادت ہے کہ وہ جھوٹ ظاہر ہونے پر شرمندہ ہونے کی بجائے ایک اور جھوٹ بول کر سامع کی توجہ ہٹانے کی کوشش کرتے ہیں ۔ اس کی وجہ شائد یہ ہے کہ ہمارے حکمران اور سرکاری افسران جھوٹ پر جھوٹ بولے چلے جاتے ہیں ۔ خیال رہے کہ پاکستان کو بنے ابھی 60 سال نہیں ہوئے ۔ ان میں سے پہلے چھ سال نکال دیں کہ جن میں سب کچھ عوام کے سامنے تھا ۔ باقی 54 سال میں سے 32 سال فوجی مطلق العنانی [Army Dictatorship] رہی اور پاکستان کے آئین کی تہس نہس کی گئی ۔ اس طرح ابتدائی 6 سال یعنی 1947 سے 1953 تک کو چھوڑ کر پاکستان پر صرف 22

 سال سویلین [Civilian] حکومت رہی پھر بھی ہمارے موجودہ صدر اور چیف آف آرمی سٹاف کہتے ہیں کہ سیاست دانوں نے ملک تباہ کر دیا ۔

بروز ہفتہ 5 مئی 2007 کو چیف جسٹس صاحب کا قافلہ اسلام آباد سے لاہور روانہ ہوا ۔ ایم کیو ایم نے اس کے مقابلہ میں اسی دن کراچی میں جلوس نکالا ۔ نجی ٹی وی والوں کو حکم دیا گیا کہ ایم کیو ایم کے جلوس کی لائیو کوریج [Live coverage] کی جائے ۔ نجی ٹی وی چینلز جن میں آج ۔ اے آر وائی ون اور جیو شامل ہیں نے چیف جسٹس صاحب کے قافلہ کی لائیو کوریج کی ۔ اس پر ایم کیو ایم نے حسبِ عادت زورآوری دکھائی اور کراچی ۔ حیدرآباد ۔ سکھر سمیت سندھ کے تمام بڑے شہروں میں کیبل آپریٹرز سے ان تینوں چینلز کی نشریات بند کروا دیں ۔ رات گئے ایم کیو ایم کے ایک ترجمان نے فرمایا کہ نجی ٹی وی والوں نے جانبداری دکھاتے ہوئے عوام [ایم کیو ایم] کے اتنے بڑے جلوس کو نہیں دکھایا اور چند وکلاء کے جلوس کو کوَر کرتے رہے ۔ اسلئے عوام نے ٹی بند کر دئیے ۔ کوئی جھوٹ بولے تو ایسا ۔

اسی دن ہمارے ملک کے صدر اور چیف آف آرمی سٹاف ایک نے سیاسی جلسہ منقد کیا اور اس میں تقریر کرتے ہوئے اپنی پارٹی کے لئے ووٹ مانگے اور وکلاء کو متنبہ کیا کہ وہ عدالتی معاملہ کو سیاسی نہ بنائیں ۔ بھئی واہ ۔ خود تو صاحب بہادر ملک کے آئین اور قانون کی پچھلے سات سال سے دھجیاں اُڑاتے آ رہے ہیں اور پچھلے دو ماہ سے سیاسی جلسوں میں ووٹ مانگتے پھر رہے ہیں جبکہ پاکستان کا آئین اور فوج کا قانون کسی فوجی کو سیاسی جلسہ میں شامل ہونے کی اجازت نہیں دیتا کُجا کہ وہ اس میں سیاسی تقریر بھی کرے ۔ اور پاکستان کا آئین صدر کو اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ وہ سیاسی تقریر کرے یا کسی ایک پارٹی کی حمائت کرے کیونکہ وہ پورے پاکستان کا صدر ہوتا ہے ۔

چیف جسٹس کا قافلہ

چیف جسٹس کا قافلہ ہفتہ 5 مئی کو اسلام آباد سے روانہ ہوا اور راولپنڈی سے شاہراہ شیر شاہ سوری پر سفر کرتا ہوا اتوار 6 مئی کو صبح ساڑھے چار بجے لاہور کے قریب شاہدرہ پہنچا جہاں جلوس کی لمبائی چار کلو میٹر ہو چکی تھی ۔ شاہدرہ میں ہزاروں لوگ ہفتہ کی صبح سے چیف جسٹس کی انتظار میں تھے اور ٹولیوں کی شکل میں چہل قدمی کرتے رہے ۔ ان میں وکلاء اور جماعت اسلامی ۔ تحریکِ انصاف ۔ مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کے کارکن کن شامل تھے ۔ اب قافلہ شاہدرہ سے چل چکا ہے اور مینارِ پاکستان اور داتا دربار سے ہوتا ہوا لاہور ہائی کورٹ پہنچے گا جہاں چھ ہزار سے زائد وکلاء استقبال کیلئے کل سے جمع ہیں اور بڑے جوش و خروش میں ہیں ۔ لاہور ہفتہ اور اتوار کی پوری درمیانی رات جاگتا رہا ۔ لاہور میں متذکرہ سیاسی جماعتوں کے ہزاروں کارکنوں کے علاوہ عام لوگ بھی چوبیس گھینٹے سے چیف جسٹس کے استقبال کیلئے کھڑے ہیں ۔

راولپنڈی سے نکلتے ہوئے جب قافلہ سواں پُل کے قریب پہنچا تو وہاں لگی ہوئی گیس پائپ میں اچانک آگ لگ گئی جس کی وجہ سے قافلہ کو کافی دیر وہاں رُکنا پڑا ۔ جہلم میں قافلہ پہنچنے سے پہلے استقبال کیلئے اکٹھے ہونے والے وکلاء اور دوسرے شہریوں پر پولیس نے اشک آور گیس کے گولے پھینکے اور لاٹھی چارج کیا جس سے کئی لوگ زخمی ہوئے ۔ اسی طرح گوجرانوالہ میں شدید لاٹھی چارج کیا گیا جس سے تیس لوگ زخمی ہوئے جن میں مسلم لیگ نواز کی رکن پنجاب اسمبلی بھی شامل ہیں ۔ گوجرانوالہ میں کسی نے سٹیج پر پٹاخہ پھینکا جس سے بھگدڑ مچنے سے چیف جسٹس کے ایک وکیل حامد خان کے بازو کی ہڈی ٹوٹ گئی ۔ راستے میں کئی جگہ پر لگائے گئے استقبالیہ کیمپ پولیس نے اُکھاڑ دئیے ۔ راستہ میں آنے والے تمام شہروں اور شاہراہ شیر شاہ سوری کو ملنے والی تمام سڑکوں کی پولیس نے ناکہ بندی کر رکھی تھی ۔

تنزل کا سبب

صاف باتیں والے محمد عمران طارق صاحب نے لکھا تھا “ہر پاکستانی اپنے آپ کو ماہر سمجھتا ہے لیکن دکھ کی بات کہ جو کام کر رہے ہیں وہ اس کے ماہر نہیں ہیں” ۔

میرے خیال کے مطابق ہماری قوم کے تنزّل کی وجہ ہی یہی ہے ۔ عملی زندگی میں آنے کے بعد میں نے دیکھا کہ میرے ہموطنوں کی اکثریت اپنے اندر کوئی خامی یا کمی ماننا نہیں چاہتی اور وہ اپنے آپ کو ہر فن مولا ظاہر کرتے ہیں ۔ جس کو دیکھو ایسے موضوع پر بات کرے گا جس کا اُسے کوئی علم نہیں ۔ ہر چیز پر مشورہ ایسے دیں گے گویا کہ اس کے ماہر ہیں ۔ ایسا وہ لوگ کرتے ہیں جن کو شائد ہی کوئی کام ڈھنگ سے آتا ہو ۔

بات یہیں ختم نہیں ہو جاتی ہمارے سرکاری محکموں میں بہت کم بلکہ خوش قسمت لوگ ہیں جنہیں ایسی اسامی پر لگایا جاتا ہے جس کی اس نے تعلیم حاصل کی ہو اور تجربہ رکھتا ہو ۔ ورنہ جہاں انجنیئرنگ کا کام ہے وہاں بی اے پاس سویلین یا میٹرک فوجی کو لگا دیتے ہیں اور انجنیئر کو ایسی جگہ لگا دیتے ہیں کہ وہ سوچتا ہے کہ پڑھائی میں عمر برباد کی ۔ میں نے پاکستان آرڈننس فیکٹریز میں دیکھا کہ ایک شخص کو کسی خاص تربیت کیلئے یورپ بھیجا گیا اور جب وہ تربیت حاصل کر کے واپس آیا تو اسے کسی اور جگہ پر لگا دیا جس کا کام وہ بالکل نہیں جانتا تھا ۔ نتیجہ یہ ہوا کہ جب لوگ تربیت کیلئے غیرملک بھیجے جاتے تھے وہ محنت کم کرتے اور سیر سپاٹے پر زیادہ توجہ دیتے ۔

ہر فن مولا لوگوں کے کئی مشورے تفننِ طبع کا سبب بنتے ہیں ۔ چند پیشِ خدمت ہیں ۔

ایک دفعہ میں ویگن میں راولپنڈی سے واہ کینٹ جا رہا تھا ۔ میرے آگے والی سیٹ پر ایک صاحب بڑے وثوق کے ساتھ اپنے ساتھی کو بتا رہے تھے کہ واہ فیکٹری [پاکستان آرڈننس فیکٹریز] میں کیا ہوتا ہے ۔ جب ویگن واہ کینٹ میں داخل ہو گئی تو میں نے موصوف سے پوچھا ” آپ واہ فیکٹری میں کام کرتے ہیں ؟” بولے “نہیں” ۔ میں نے اُن سے کہا “میں ویپنز فیکٹری میں پروڈکشن منیجر ہوں” تو وہ صاحب چُپ ہو گئے ۔ وہ ویپنز فیکٹری ہی کے حوالے سے خود ساختہ باتیں کر رہے تھے ۔

میں پچھلے ماہ راولپنڈی کچہری گیا ہوا تھا اور ایک وکیل صاحب کے پاس بیٹھا تھا کہ ایک باریش صاحب آئے ۔ پہلے اُنہوں نے ہومیو پیتھی کے مشورے دئیے اور پھر کوئی دینی باتیں کیں جو میں صحیح طرح نہ سمجھ سکا ۔ پھر کسی اور مضمون پر تقریر کردی ۔ جب وہ تشریف لے گئے تو میں نے وکیل صاحب سے پوچھا کہ یہ صاحب ہومیو پیتھک ڈاکٹر تھے یا دینی مبلغ تو مختصر جواب ملا “وکیل” ۔

ایک صاحب کافی بیمار تھے ۔ اُن کی ایک عزیز خاتون مزاج پُرسی کیلئے آئیں اور جاتے ہوئے نصیحت کی “تم دماغی کام بہت کرتے ہو ۔ یہ بیماری اسی وجہ سے ہے ۔ تمہارے دماغ کو طاقت کی ضرورت ہے ۔ روزانہ بادام پستہ اور چار مغز ملا کے دودھی بنا کے پینا اور لیٹ کے پینا تا کہ سیدھی سر کو جائے”

ایک صاحب کے گردے میں پتھری ہو گئی ۔ ان کے ایک جاننے والے مزاج پرسی کیلئے آئے ۔ صورتِ حال تفصیل سے پتہ کر نے کے بعد پوچھا “آپ گردے کھاتے ہیں ؟” مریض نے کہا “کبھی کبھار گوشت میں آ جائے تو کھا لیتا ہوں” ۔ بولے “بس ۔ اسی وجہ سے آپ کو پتھری ہوئی ہے ۔ اب کبھی گردے نہ کھائیں” ۔

میں ایک صاحب کے گھر کسی کام سے گیا ۔ انہوں نے نئی کار خریدی تھی ۔ کہنے لگے ” آؤ اجمل تمہیں بھی سواری کرائیں” ۔ انہوں نے ایک دوست کو بھی ساتھ لیا اور چل پڑے ۔ ایک میدان میں جا کر انہوں نے کار چلانے کی مشق شروع کر دی کیونکہ نئی نئی ڈرائیونگ سیکھی تھی ۔ سارا وقت انکے دوست انہیں بتاتے رہے کہ ایسے کرو اور اب ایسے کرو ۔ کافی دیر مشق کی ۔ اس کے بعد میرے میزبان نے اپنے دوست سے کہا “میں تھک گیا ہوں ۔ اب تم چلاؤ اور ہمیں گھر لے چلو”۔ دوست نے پریشان ہو کر کہا “میں ؟ مجھے تو ڈرائیونگ نہیں آتی”۔

ایک صاحب نے مجھے اپنا کچھ کام کرنے کو کہا جس کا انہیں بالکل علم نہ تھا جب میں نے کام کرنے کی حامی بھر لی تو شروع ہو گئے ہدایات جاری کرنے کہ اس طرح کرنا اور اس طرح نہ کرنا اور اس طرح کرلینا وغیرہ ۔ جب ان کی تقریر ختم ہوئی تو میں نے کہا “جناب آپ تو یہ کام بہت اچھی طرح سے کر سکتے ہیں۔ مجھے آپ کی ہدایات شائد صحیح طرح سے سمجھ نہیں آئیں اسلئے آپ خود ہی کر لیجئے”

مسجد اقصٰی اور قبة الصخراء

اِسے جہالت کہا جائے ہَڈدھرمی کہا جائے یا معاندانہ پروپیگینڈا ؟ میں پچھلے پانچ چھ سال سے دیکھ رہا ہوں کہ ہمارے ملکی اخباروں میں جب بھی قبلۂِ اوّل یعنی مسجدالاقصٰی کی خبر کے ساتھ تصویر چھاپی جاتی ہے تو وہ مسجد الاقصٰی کی نہیں ہوتی بلکہ قبة الصخراء کی ہوتی ہے ۔

میں نے ماضی میں دی نیوز اور ڈان جن میں مسجدالاقصٰی کے حوالے سے قبة الصخراء کی تصویر چھپی تھی کے مدیروں کو خطوط لکھے اور ساتھ دونوں مساجد کی تصاویر بھیجیں کہ وہ تصحیح کریں لیں نہ تو تصحیح کی گئی نہ مستقبل میں اس پر کوئی عمل ہوا اور نہ ہی میرے خطوط مدیر کی ڈاک میں شامل کئے گئے ۔ کچھ عرصہ بعد پھر اخبار میں جب مسجد الاقصٰی کا ذکر آیا تو ساتھ تصویر قبة الصخراء کی چھپی ۔

میں نے اپنے ملک میں کئی گھروں میں قبة الصخراء کی تصویر یا ماڈل رکھا ہوا دیکھا جسے وہ مسجدالاقصٰی بتاتے تھے ۔ یہی نہیں میں نے قبة الصخراء کے پلاسٹک ماڈل سعودی عرب میں معمولی قیمت پر عام بِکتے دیکھے ہیں جو کہ ہند و پاکستان کے زائرین قبلہ اول یعنی مسجدالاقصٰی سمجھ کر خرید لاتے ہیں

یہ ہے مسجد الاقصٰی کی تصویر


اور یہ ہے قبة الصخراء کی تصویر

نیچے داہنی جانب قبة الصخراء ہے اور بائیں جانب مسجد الاقصٰی ہے
Al-Aqsa-6 Cropped1

یہاں کلک کر کے قبۃ الصخراء کی تاریخ پڑھیئے