What Am I میں کیا ہوں ۔ ۔ ۔ ۔ ۔

ميرا مقصد انسانی فرائض کے بارے میں اپنےعلم اور تجربہ کو نئی نسل تک پہنچانا ہے ۔ رَبِّ اشْرَحْ لِی صَدْرِی وَيَسِّرْ لِی أَمْرِی وَاحْلُلْ عُقْدة مِنْ لِسَانِی يَفْقَھُوا قَوْلِی



تختۂ کار

محفوظہ برائے June, 2006

لاثانی

مصنف : افتخار اجمل بھوپال :: بتاریخ 12 Jun 2006

اپنی زوجہ کے تعارف میں کہا اِک شخص نے

دِل سے ان کا معترف ہوں میں زبانی ہی نہیں

چائے بھی اچھی  بناتی ہیں  میری  بیگم  مگر

مُنہ  بنانے  میں  تو   ان  کا  کوئی  ثانی  نہیں

 

انور مسعود

 * 

میرا انگريزی کا بلاگ مندرجہ ذیل یو آر ایل پر کلِک کر کے يا اِسے اپنے براؤزر ميں لکھ کر پڑھيئے ۔

  Hypocrisy Thy Name – -  http://iabhopal.wordpress.com – -   یہ منافقت نہیں ہے کیا

زمرہ : مزاح | تبصرہ کرنے میں پہل کیجیے »

عشق و محبت

مصنف : افتخار اجمل بھوپال :: بتاریخ 09 Jun 2006

لیلٰی و قیس [مجنوں] ۔ شیریں و فرہاد ۔ ہیر و  رانجا ۔ سوہنی و مہیں وال ۔ سسّی و پُنُوں ۔ سہتی و مُراد وغیرہ کے عِشقیہ افسانے کون نہیں جانتا ۔ لیلٰی کو حاصل نہ کر سکنے کے نتیجہ میں شہزادہ قیس پاگل [مجنوں] ہو گیا اور جنگلوں میں بھٹکتا  رہا ۔ شیریں کی قُربت کیلئے فرہاد پتھر کے پہاڑوں میں نہر کھودتا رہا ۔ ہیر کو حاصل کرنے کیلئے تخت ہزارہ کے شہزادے نے رانجا کا روپ دھار کر ہیر کے باپ کا کمّی [غلام] بننا قبول کیا ۔ سوہنی کے عشق میں ایک زمیندار سب کچھ چھوڑ کر سوہنی کے باپ کا مہیں وال [بھنسیں چرانے والا] بنا ۔ سسّی کو پانے کیلئے شہزادہ پُنّوں صحراؤں کی گردش میں گم ہو گیا ۔ بلوچستان کے نواب کا بیٹا مُراد جھنگ سے گذرتے ہوئے سہتی کے عشق میں گرفتار ہوا ۔ سہتی کے خاندان کے بلوچوں میں لڑکی بیاہنے سے انکار کے باوجود جھنگ میں ہی الغوزہ بجاتا رہا ۔  

اُردو کاایک  مصدر ہے " تسلیم کرنا " یعنی مان لینا ۔ اِ سکا اِسم فاعل ہے " مُسلِم" چنانچہ مُسلم وہ ہوتا ہے جو تسلیم کرے یا مانے ۔ اب فرض کیجئے کہ ایک شخص کو بُخار ہے اور وہ تسلیم کرتا ہے یا مانتا ہے کہ بُخار پَیناڈول کھانے سے بخار اُتر جائے گا تو ضروری بات ہے کہ وہ پَیناڈول کھا لے گا ۔ اور اگر نہیں کھائے گا تو اِس کا مطلب ہو گا کہ وہ کہہ تو رہا ہے کہ مانتا ہوں کہ پيناڈول سے بخار اُتر جائے گا لیکن حقیقتا میں مانتا نہیں ہے ۔  

مُسلِم کے لُغوی معنی تو اُوپر لکھ دیئے مگر اِصطلاحی طور پر مُسلِم یا مُسلمان اُس شخص کو کہا جاتا ہے جو اللہ سُبْحَانُہُ وَ تَعَالٰی کی اطاعت قبول کرتا ہے یعنی اللہ کا ہر حُکم مانتا یا کم از کم ماننے کا دعویدار ہوتا ہے ۔ ايک مُسلم يا مُسلمان اللہ کا حُکم تب ہی ماننے کے قابل ہو گا جب اُسے معلوم ہو گا کہ اللہ کا حُکم کیا ہے ۔ اللہ کے حُکم کو جاننے کے لئے اُسے قرآن الحکیم کو پڑھ کر اسکے معنی سمجھنا پڑیں گے ۔  

قرآن شریف میں سب سے پہلی شرط اللہ کو یکتا معبود ماننے کی ہے ۔ مندرجہ بالایعنی محبوب یا معشوق وقتی اور محدود فائدہ والے لوگ ہیں ۔ معبود وہ ہوتا ہے جِسے دل اور عقل دونوں اپنا محبوب مانيں چنانچہ  معبود کا درجہ محبوب یا معشوق سے بہت بُلند ہوتا ہے مگر معبود کے لئے مُسلم یا مُسلمان ہونے کا دعویٰ کرنے والے کيا کرتے ہيں کبھی سوچا ہم نے ؟           

چلئے ليلٰی مجنوں شيريں فرہاد کے تو پُرانے قصّے ہیں ۔ آجکل لوگوں کا عام طور پر رویّہ یہ ہوتا ہے کہ جس کسی سے کسی وقتی فائدہ کی اُمید ہو اُس کی خدمت کے بہانے ڈھونڈے جاتے ہیں اور اُسے خوش رکھنے کی حتی الوسع کوشش کی جاتی ہے اور اس کوشش میں جو سب کو فائدہ پہنچانے والا ہے اور بے حساب فائدہ پہنچاتا ہے اُس کو بھول جاتے ہیں پھر کہتے ہیں کہ ہم مُسلمان ہیں ۔   

آج کے مُسلمان کا حال يہ ہے کہ تجارت ۔ لين دين ۔ انصاف ۔ رشتہ داروں سے سلوک ۔ محلہ داروں سے سلوک ۔ غريبوں يا مِسکينوں سے سلوک سب ميں اللہ اور رسول کے بتائے ہوئے اصولوں کی بجائے صرف اپنی خودغرضی ياد رکھتا ہے ۔ يہ بھی خيال نہيں کرتا کہ اگر کوئی دوسرا اس کے ساتھ ايسا کرے تو وہ کيا محسوس کرے گا ۔ يہ کوتاہ انديشی ہے جسے ہوشياری سمجھ ليا گيا ہے ۔

اللہ ہمیں قرآن الحکیم کو پڑھنے ۔ سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین ۔

*

میرا انگريزی کا بلاگ مندرجہ ذیل یو آر ایل پر کلِک کر کے يا اِسے اپنے براؤزر ميں لکھ کر پڑھيئے ۔

   Hypocrisy Thy Name - -  http://iabhopal.wordpress.com  - – یہ منافقت نہیں ہے کیا

زمرہ : دین | تبصرہ کرنے میں پہل کیجیے »

ميرے بچپن کی شاعری

مصنف : افتخار اجمل بھوپال :: بتاریخ 06 Jun 2006

ميں جب سکول ميں پڑھتا تھا اُن دنوں ہماری رہائش جھنگی محلہ  راولپنڈی ميں تھی ۔ ميری  والدہ [اللہ اُنہيں جنّت ميں اعلٰی مقام دے] ميرے چھوٹے بھائی بہنوں کو لوری دے کر سُلاتی تھی ۔ کبھی لوری عربی ميں ہوتی کبھی اُردو اور کبھی پنجابی میں ۔ پنجابی ميں لوری يہ تھی

اللہ وی تُوں ۔ بيلی وی تُوں

حاذق وی تُوں ۔ رازق وی تُوں

دِتا ای تے پالیں ويں تُوں

اللہ ای اللہ ۔  اللہ ای  اللہ

اللہ ای اللہ ۔  اللہ ای  اللہ

اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے انسان کو ايک ايسا ہر فن مولا کمپيوٹر بنايا ہے کہ جو چاہے محنت اور ہمت کے ذريعے بنا سکتا ہے يا حاصل کر سکتا ہے ۔جب ميں نويں جماعت ميں تھا ميں نے اس لوری کی طرز پر يہ شعر بنائے ۔  

ميں سو جاواں ۔ جگاويں تُوں

ميں ڈھے جاواں ۔ اُٹھاويں تُوں

ميں کھُب جاواں ۔اُبھاريں تُوں

ميں وگاڑ ديواں ۔ سنواريں تُوں

 اللہ ای اللہ ۔  اللہ ای اللہ

اللہ وی تُوں  ۔  مولا وی تُوں 

حاذق وی تُوں ۔ رازق وی تُوں

اللہ ای اللہ ۔  اللہ ای اللہ

اُپر  وی تُوں ۔ تھَلے وی توں

سجّے وی تُوں ۔ کھبّے وی تُوں

اَگے وی تُوں ۔ پِچھے وی تُوں

جِدھر ويکھاں ۔ تُوں ای تُوں

اللہ ای اللہ ۔  اللہ ای اللہ

* 

میرا انگريزی کا بلاگ مندرجہ ذیل یو آر ایل پر کلِک کر کے يا اِسے اپنے براؤزر ميں لکھ کر پڑھيئے ۔

  Hypocrisy Thy Name - -  http://iabhopal.wordpress.com/  - – یہ منافقت نہیں ہے کیا

زمرہ : آپ بيتی | تبصرہ کرنے میں پہل کیجیے »

لائِينَکس کہاں ہو ؟

مصنف : افتخار اجمل بھوپال :: بتاریخ 03 Jun 2006

پونے تين سال ہوئے وہ دروازے سے باہر نکلا ۔ وہ عام طور پر سير کرنے جاتا اور اِردگِرد پھر کر واپس آ جاتا ۔ اُس روز وہ گيا کہ واپس نہ آيا ۔ دير ہوئی تو پريشانی بڑھی ۔ گھر کے اِردگِرد سب سے پوچھا مگر کچھ پتہ نہ چلا ۔ ناجانے کون ظالم اُسے اغواء کر کے لے کيا ۔کُل 3 سال کا تھا ليکن اللہ نے اُسے بہت ذہانت عطا کی تھی ۔ اُس کی حرکات ديکھ کر کوئی بھی سُبحان اللہ کہے بغير نہ رہتا ۔ Table Tennis کی بال سے فُٹبال وہ اتنی اچھی کھيلتا کہ عقل دنگ رہ جاتی ۔ خاص طور سے اُس کا Deep Freezer کے نيچے ايک طرف سے بال کو kick لگا کر تيزی سے دوسری طرف جا کر روکنا اور واپس لا کر پھر Deep Freezer کے نيچے kick لگانا ۔

جب اُسے شرارت سوجھتی تو کوئی ہمارے استعمال کی چيز چھُپا ديتا ۔ ايک دن ميں باہر سے آيا اور آ کر بوٹ جرابيں اُتاريں کچھ دير بعد مجھے پھر باہر جانا پڑ گيا ۔ ميں جرابيں پہننے لگا تو جراب کا ايک پاؤں غائب ۔ ميں نے کہا “ميری ايک جراب کہاں گئی”۔ ميری بيٹی بولی “يہ لائينکس کا کام ہو گا ” ميں نے لائينکس کو آواز دی مگر وہ نہ آيا ۔ ميں اپنے سونے کے کمرہ ميں گيا اور دوسرا جوڑا جرابوں کا لے کر واپس آيا تو کيا ديکھا کہ ميری دونوں جرابيں ميرے بوٹوں کے پاس پڑی ہيں ۔ ميری بيگم کہنے لگيں “ابھی لائينکس بہت تيز بھاگتا ہوا آيا تھا اور يہاں skid مار کر تيزی سے واپس بھاگ گيا ہے ۔ يعنی ميری جراب اُس نے چھُپائی ہوئی تھی اور واپس رکھ کر بھاگ گيا ۔

رات کو عام طور پر اپنے بستر پر سوتا ۔اگر سردی زيادہ ہو تو ميرے ساتھ سوتا ۔ شائد اُسے اپنے بستر پر سردی لگتی تھی ۔ سرديوں ميں ہم لاؤنج ميں گيس ہيٹر جلا کر بيٹتے تھے ۔ ايک دن شام ہو گئی اور ہم نے ہيٹر نہ جلايا ۔ میں لاؤنج ميں آيا تو مجھے اشاروں سے سمجھايا کہ ہيٹر جلاؤ ۔

ميرا کہا بہت مانتا تھا ۔ ميں بُلاؤں تو جہاں بھی ہو بھاگ کر آ جاتا ۔ کبھی کبھی ميں اپنے ساتھ کار ميں لے جاتا ۔ کبھی ميں نہ ليجاتا تو وہ ناراض ہو جاتا ۔ جب ميں واپس آتا تو ميرے سامنے آتا مگر منہ دوسری طرف کر کے بيٹھ جاتا يعنی کہ “ميں ناراض ہوں”۔ پھر اُسے منانا پڑتا ۔

اُسے گھر کے ہر فرد سے پيار تھا مگر ميرے ساتھ بہت پيار تھا ۔ ايک دن ميں بعد دوپہر کہيں گيا اور رات گئے واپس لوٹا ۔ گھر پہنچنے پر بيگم نے بتايا کہ ” لائينکس نے کھانا نہيں کھايا اور سہ پہر سے آپ کی انتظار ميں کھڑکی کے سامنے بيٹھا تھا ۔ میں نے ديکھا تو لائينکس کھانے کی ميز کے ساتھ ميری کُرسی پر بيٹھا ميری طرف ديکھ رہا ہے يعنی کہ ” آؤ کھانا کھاؤ”۔ ايک دفعہ ميں بيمار ہو گيا اور کمبل اوڑھے ليٹا تھا ۔ نمعلوم وہ کب آ کر ميرے پلنگ کے قريب قالين پر بيٹھ کر متواتر ميری طرف ديکھے جا رہا تھا ۔ ميں نے اُس کی طرف غور سے ديکھا تو اُس کی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے ۔ ميں نے اُسے اُٹھا کر پيار کيا تو اُس کی آنکھيں متحرک ہوئيں اور چمکنے لگيں ۔ يہ خوشی کا اِظہار تھا ۔

جب لائينکس مياؤں مياؤں کر رہا ہوتا اور ميں اُسے کہتا “چُپ کر جاؤ ” يا ميں اپنے ہونٹوں پر اُنگلی رکھتا تو وہ فوراً خاموش ہو جاتا ۔ جب ميرا بيٹا دفتر سے آتا تو لائينکس سيڑھيوں کے نيچے چھُپ جاتا ۔ جب بيٹا اُوپر اپنے کمرہ ميں جانے کيلئے سيڑھياں چڑھتا تو لائينکس اس کی ٹانگ پکڑ ليتا ۔ يہ لائينکس کاروزانہ کا معمول تھا ۔

لائينکس عام بِلّيوں سے تو بہت مُختلف تھا ہی اپنی نسل ميں بھی مُنفرد تھا ۔ وہ سيامِيز نَسَل سے تھا اور اُس کے آباؤ اجداد صديوں سے تہذِيب يافتہ گھرانوں ميں پَلتے آ رہے تھے ۔ ميں نے اُس کی تربيّت پر بہت سمجھداری سے محنت کی مگر سب سے بڑھ کر حقيقت يہ ہے کہ اُسے اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے بہت سمجھ دے رکھی تھی اُس کے ڈاکٹر صاحب کہتے “ميں نے بہت سياميز بِلّياں ديکھی ہيں مگر ايسی سمجھدار اور سُلجھی ہوئی بِلّی آج تک نہيں ديکھی”۔ اُس کے اغواء ہونے پر ڈاکٹر صاحب بھی کئی دن تک اُس کی تلاش ميں سرگرداں رہے ۔

Free Image Hosting at ImageShack.us
لائِينَکس تم کہاں ہو ؟ ميں تمہيں بہت ياد کرتا ہوں ۔

زمرہ : آپ بيتی | تبصرہ کرنے میں پہل کیجیے »